Tag: Corona virus

  • چارلی چپلن اب پشاور میں : دیکھیے دلچسپ ویڈیو

    چارلی چپلن اب پشاور میں : دیکھیے دلچسپ ویڈیو

    پشاور : ماضی کی خاموش فلموں کے معروف اداکار چارلی چپلن کو پسند کرنے والے دنیا کے تقریباً ہر ملک میں ملیں گے، اُن کی اداکاری کا یہ خاصہ تھا کہ وہ بغیر کچھ کہے اپنے انداز سے ہی لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیا کرتے تھے۔

    دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ان کے چاہنے والوں کی تعداد کم نہیں، ایک ایسے ہی نوجوان کو ہم آپ سے ملواتے ہیں جس نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے پھیلی خوفزدہ صورتحال میں لوگوں کو خوش کرنے کیلئے چارلی چپلن کا روپ دھار لیا، جسے دیکھ کر لوگ بے ساختہ ہنس پڑتے ہیں۔

    پشاور کی سڑکوں پر سفر کرتے ہوئے آپ کی ملاقات اچانک چارلی چپلن سے ہوسکتی ہے، آپ یقیناً حیرت زدہ رہ جائیں کہ چارلی چپلن اور وہ بھی پشاور میں؟ لیکن پھر یہ نوجوان چارلی چپلن آپ کو اپنے مزاحیہ انداز میں مطلع کرے گا کہ وہ اصلی چارلی چپلن نہیں بلکہ پشاور کا عثمان خان ہے۔

    پشاور کے علاقے گلبہار سے تعلق رکھنے والے پشاوری چارلی چپلن کا کہنا تھا کہ میں بچپن سے ہی مشہور چارلی چپلن کی ویڈیوز شوق سے دیکھتا تھا، حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد جب آئسلولیشن میں تھا تو تب خیال آیا کہ کیوں نہ میں بھی لوگوں میں خوشیاں بانٹنیں کا ذریعہ بنوں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان خان نے بتایا کہ پھر میں نے خود کو چارلی چپلن کے روپ میں ڈھال دیا، یقینی طور پر تو میں چارلی چپلن جیسا تو نہیں بن سکتا لیکن محدود وسائل میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو تفریح مہیا کرنا چاہتا ہوں۔

  • کوویڈ 19 : دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد دس کروڑ سے زائد ہوگئی

    کوویڈ 19 : دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد دس کروڑ سے زائد ہوگئی

    نیو یارک : پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والی جان لیوا وبا  کورونا وائرس اب تک 100ملین سے زائد افراد پر حملہ آور ہوچکی ہے اور اس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    ایک سال قبل2019 میں منظر عام پر آنے والے کورونا وائرس سے عالمی سطح پر متاثر ہونے والوں کی تصدیق شدہ تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔ یہ وائرس آج بھی دنیا کے کئی خطوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔

    کورونا وائرس کےاعداد وشمار مرتب کرنے والی امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس وبا کے آغاز سے اب تک پوری دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 10 کروڑ 270 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کوویڈ19پوری دنیا میں 21 لاکھ 57 ہزار سے زائد انسانوں کی جان لے چکا ہے۔ اس وائرس سے پانچ سب سے زیادہ متاثرہ ممالک بالترتیب امریکا، بھارت، برازیل، روس اور برطانیہ ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں کورونا وائرس کی نئی تبدیل شدہ شکل میں برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں سامنے آئی تھی۔

    محققین کے مطابق یہ تبدیل شدہ شکل زیادہ تیز رفتاری سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس خوف کے سبب جرمنی، فرانس، ہالینڈ اور برطانیہ میں لاک ڈاؤن سخت کر دیا گیا ہے اور حفاظتی اقدامات میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

  • ریسٹورنٹ مالکان کیلئے اہم خبر، بڑی پابندی ہٹالی گئی

    ریسٹورنٹ مالکان کیلئے اہم خبر، بڑی پابندی ہٹالی گئی

    اسلام آباد : عالمی وبا کورونا وائرس کی تناہ کاریوں کے پیش نظر رات دس بجے تک ہوٹلوں کے باہر بیٹھ کر کھانا کھانے پر لگائی جانے والی پابندی ختم کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں رات10 بجے تک ہوٹلوں کی بندش اور باہر کھانا کھانے کی پابندی اٹھالی گئی ہے۔

    این سی او سی کی طرف سے آج جاری ہونے والے ایک نوٹیفیکشن میں کورونا وائرس کے حوالے سے لاگو دیگر ایس او پیز میں28 فروری تک توسیع کر دی گئی ہے۔

    این سی او سی کے ہونے والے اجلاس میں ہر شہری کے ماسک پہننے کی سخت پابندی کو اسی طریقے سے برقرار رکھا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں مذکورہ پابندی تین نومبر2020 سے نافذالعمل ہے۔ اسی طرح سے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں آدھے اسٹاف کے گھر سے کام کرنے کے فیصلے کو بھی اس اجلاس میں بحال رکھا گیا ہے۔

    این سی او سی کے مطابق جن علاقوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن لگائے گئے ہیں وہ بھی اسی طرح برقرار رہیں گے۔

    اس کے علاوہ ہر طرح کی کمرشل مارکیٹوں کو رات دس بجے تک بند کرنے کے احکامات پر اسی طرح عمل درآمد ہوگا۔ اسی شق میں صرف ریستورانوں کے باہر بیٹھ کر دس بجے تک کھانا کھانے کی پابندی ختم کی گئی ہے۔این سی او سی نے اپنے فیصلے میں تفریحی پارکس کو شام چھ بجے بند کرنے کی پابندی کو بھی برقرار رکھا ہے۔

    اسی طرح شادی ہالز کے اندر تقریبات کرنے، بڑے پیمانے پر اجتماع کرنے اور ریستورانوں کے اندر بیٹھ کر کھانا کھانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

  • کورونا وائرس : بحرین میں31جنوری سے نئی پابندیوں کا اعلان

    کورونا وائرس : بحرین میں31جنوری سے نئی پابندیوں کا اعلان

    مناما : کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بحرین حکومت نے ایک بار پھر تعلیمی اداروں اور ہوٹلوں میں کھانے پینے پر پابندی عائد کردی۔

    بحرین میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے متعدد مریضوں کے انکشاف کے بعد ملک کے تمام اسکولوں میں حاضریوں کو معطل کردیا گیا ہے اور کلاسز آن لائن ہوں گی جبکہ ریستورانوں میں کھانا پیش کرنے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

    بحرینی نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ وبا کا جائزہ لینے والی کمیٹی نے نئے کورونا وائرس کے متعدد مریضوں کی تصدیق کی ہے لہٰذا یہ پابندی 31 جنوری سے تین ہفتوں کے لیے نافذ ہوگی۔

    اس حوالے سے وزارت صحت کے سیکریٹری ڈاکٹر ولید المانع نے میڈیا کو بتایا ہے کہ نئی صورت حال کے پیش نظر اور وبا کو قابو کرنے کے لیے چند اہم فیصلے کیے گیے ہیں جن کا مقصد شہریوں کی سلامتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حاضری کو معطل کرکے تعلیمی سرگرمیاں آن لائن جاری رکھی جائیں گی۔

    ان کے مطابق انتہائی ناگزیر حالات میں خصوصی نگرانی کے متقاضی طلبہ جنہیں کسی حد تک معذور سمجھا جاتا ہے، انہیں اس سے استثنٰی دیا جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا ہے کہ31 جنوری سے آئندہ تین ہفتوں تک تمام ریستوران، کافی شاپس اور کلبوں میں ٹیبل سروس معطل اور کھانا پیش کرنے پر پابندی ہو گی۔

    انہوں نے کہا ہے کہ وبا کے انسداد کے لیے کام کرنے والی ٹیم پوری طرح الرٹ ہے اور نئی صورت حال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

    نئے حفاظتی اقدامات سے خوف و ہراس پھیلانا مقصود نہیں بلکہ احتیاطی حفاظتی تدابیر ہیں جن کا مقصد لوگوں کی سلامتی ہے۔

    انہوں نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ماسک پہننے سمیت سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور بھیڑ والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

  • برطانیہ: کرونا سے اموات 1 لاکھ سے تجاوز

    برطانیہ: کرونا سے اموات 1 لاکھ سے تجاوز

    لندن: برطانیہ میں کرونا وائرس انفیکشن سے اموات ایک لاکھ سے تجاوز کرگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں نہایت مہلک ثابت ہونے والے نئے کرونا وائرس covid 19 سے اموات کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں، جس کے بعد برطانیہ دنیا کا پانچواں ملک بن گیا جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں برطانیہ میں 1631 افراد کرونا سے چل بسے، جب کہ مزید 20089 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کی گئی، جس کے بعد کرونا کے شکار افراد کی مجموعی تعداد 36 لاکھ 89 ہزار 700 سے بھی بڑھ گئی۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں 68 لاکھ سے زیادہ افراد کو کرونا ویکسین کی پہلی ڈوز دی جا چکی ہے، میڈیا رپورٹس کہتی ہیں کہ سخت لاک ڈاؤن اور ویکسی نیشن سے نئے مریضوں میں کمی آ رہی ہے، ویکسین کی 2 ڈوز حاصل کرنے والے افراد کی تعداد بھی 5 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کا نیا اسٹرین سامنے آنے کے بعد نہ صرف مثبت مریضوں کی تعداد میں ایک دم اضافہ ہوا بلکہ روزانہ اموات کی تعداد بھی بڑھ گئی، جس کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں ایک بار پھر سخت لاک ڈاؤن نافذ کرنا پڑا۔

    تاہم گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 20 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اور تاحال برطانیہ میں 19 لاکھ فعال کیسز موجود ہیں۔

  • کویتی حکومت کا کمرشل پروازوں کی بحالی سے متعلق اہم فیصلہ

    کویتی حکومت کا کمرشل پروازوں کی بحالی سے متعلق اہم فیصلہ

    کویت سٹی : کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سدباب کے پیش نظر کویتی حکام نے ایئر پورٹ پر کمرشل پروازوں کی بحالی کا دوسرا مرحلہ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہلے مرحلے میں فضائی آپریشن صرف 18فیصد رہا، وزراء کونسل نے کمرشل پروازوں کی واپسی کے منصوبے کی بحالی کے دوسرے مرحلے کو اگلے نوٹس تک کیلئے ملتوی کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بہت سے ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کے سبب کویت میں آنے والوں کی سخت چیکنگ، جانچ پڑتال اور ان کی تعداد کو کم کرنا وزرت صحت کے اہم اقدامات میں شامل تھا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کمرشل پروازوں کی بحالی کے دوسرے مرحلے کا آغاز یکم فروری سے ہونا تھا تاہم اس آپریشن میں 60فیصد سے زیادہ ہوائی ٹریفک کا اضافہ کرنا شامل تھا تاکہ یومیہ 20ہزار مسافر سفر کرسکیں۔

    کورونا وائرس کی نئی لہر اور اور کمرشل آپریشن کی شرح میں پہلے مرحلے کی مقررہ حد تک پہنچنے میں ناکامی کے بعد یہ فیصلہ اگلے نوٹس تک موقوف کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں : کویت ایئرویز کا سعودی عرب کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ کویت نے کورونا وبا کے بحران پر 31 ملکوں کے لیے کمرشل پروازیں معطل کردی تھیں، کویت ایئرویز نے وبا کے دوران اعلان کیا تھا کہ تا ہدایت ثانی بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی۔

     

  • کورونا وائرس : جاپانی حکومت نے نئے قانون کی منظوری دے دی

    کورونا وائرس : جاپانی حکومت نے نئے قانون کی منظوری دے دی

    ٹوکیو : جاپان کی مرکزی کابینہ نے ملک میں کورونا وائرس کی وباء سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹنے میں مدد کے لیے کچھ قوانین کے مسودوں کی منظوری دی ہے۔

    اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ منظور ہونے والے قوانین میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے خصوصی قانون، متعدی امراض پر کنٹرول کے قانون اور قرنطینہ قانون پر نظرثانی کی تجاویز جمعے کے روز کابینہ کے اجلاس میں منظور کرلی گئیں۔

    نظرثانی کے مسودے میں وائرس سے نمٹنے کے اقدامات پر عمل سے انکار کرنے والے افراد اور اداروں پر جرمانہ شامل ہے۔

    منظور ہونے والے ترمیم شدہ مسودے کے تحت کورونا وائرس سے نمٹنے کے خصوصی قانون کے ذریعے گورنروں کو مرکزی حکومت کی جانب سے ہنگامی حالت کے نفاذ سے قبل بھی زیادہ اختیارات حاصل ہوں گے۔

    اس کے علاوہ مذکورہ گورنرز کاروباری اداروں کو ان کے اوقات کار تبدیل کرنے کا کہہ سکیں گے اور کہنا نہ ماننے کی صورت میں گورنر احکام پر عملدرآمد کا حکم جاری کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ انہیں موقع پر جائزہ لینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

    قانون میں کہا گیا ہے کہ احکامات نہ ماننے والے کاروباری اداروں پر ہنگامی حالت نافذ ہونے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ تقریباً 5 ہزار ڈالر جبکہ ہنگامی حالت کے بغیر کی صورت میں زیادہ سے زیادہ تقریباً 3 ہزار ڈالر تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔

    ذرائع کے مطابق گورنر کے دورے کے موقع پر جائزے کو مسترد کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ تقریباً 2 ہزار ڈالر تک جرمانہ کیا جاسکے گا۔

  • فلسطین نے بھی کورونا وائرس کے سدباب کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا

    فلسطین نے بھی کورونا وائرس کے سدباب کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا

    ماسکو : کورونا وائرس کے سد باب کیلئے تیار کی گئی روسی ویکسین سپونتک وی کو منظور کرنے کیلئے فلسطین پورے مشرق وسطیٰ میں بازی لے گیا۔

    روسی خرب رساں ادارے کے مطابق فلسطین مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے کورونا وائرس کی ویکسین کی سب سے پہلے منظوری دی۔

    دوسری جانب الجزائر روسی ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا افریقی ملک ہے، اس حوالے سے روسی ڈٖائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ آر ڈی آئی سی جس نے اس ویکسین کی تیاری کیلئے مالی اعانت فراہم کی ہے نے بتایا ہے کہ فلسطین میں بغیر کسی اضافی طبی آزمائش کے ہنگامی استعمال کی اجازت کے تحت روسی ویکسین سپونتک پنجم کی رجسٹریشن کروائی ہے۔

    روسی ڈٖائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اس طریقہ کار کو اتوار کے روز الجزائر میں بھی استعمال کیا گیا ہے، اس کے علاوہ اسی طرح ارجنٹائن بولیویا اور سربیا مین بھی روسی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔

  • کورونا وائرس : عالمی ادارہ صحت کی دنیا کے امیر ممالک سے درد مندانہ اپیل

    کورونا وائرس : عالمی ادارہ صحت کی دنیا کے امیر ممالک سے درد مندانہ اپیل

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم گیبریسس نے کورونا ویکسین کی سودے بازی کی مخالفت کرتے ہوئے پوری دنیا میں اس کی یکساں تقسیم پر زور دیا۔

    ڈبلیو ایچ او نے کورونا ویکسین کی سپلائی کے سلسلے میں امیر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب اور پسماندہ ترین ملکوں تک کورونا کی ویکسین کو پہنچانے میں اس کی مدد کریں۔

    جنیوا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کے تقسیمِ ویکسین نظام ’کووَیکس‘ نے ویکسین کی دو کروڑ خوراکوں کا معاہدہ کیا ہے لیکن امیر ممالک دو طرفہ سودے کرکے ویکسین کی اضافی سپلائی کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں ان ممالک سے اپیل کرتا ہوں جن کو وافر مقدار میں ویکسین مہیا ہیں، وہ فوراً کووَیکس کو بھی ویکسین مہیا کروائیں۔ اب تک 42 ممالک نے ویکسینشن کا عمل شروع کردیا ہے جن میں 36 اعلیٰ آمدنی اور چھ متوسط آمدنی والے ممالک شامل ہیں۔

    ٹیڈروس گیبریسس نے مزید کہا کہ ویکسین ساز کمپنیاں اور امیر ممالک ویکسین کے سلسلے میں دو طرفہ سودے کرنا بند کریں اور زیادہ سے زیادہ ویکسین بنانے اور اس کی یکساں تقسیم پر زور دیں۔

    امیر ممالک نے شروعات میں ہی کئی ویکسین خریدی ہیں اس سے ممکنہ طور پر تمام ملکوں کے لیے ویکسین کی قیمت بڑھ جائے گی جس سے انتہائی غریب اور پسماندہ ممالک کو ویکسین نہیں مل پائے گی۔

  • کورونا وائرس کی نئی اقسام، جاپانی سائنسدانوں نے مشکل کا حل ڈھونڈ لیا

    کورونا وائرس کی نئی اقسام، جاپانی سائنسدانوں نے مشکل کا حل ڈھونڈ لیا

    ٹوکیو : کورونا وائرس میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق جاپانی سائنسدانوں نے اپنی تحقیق میں اس بات کا پتہ لگا لیا ہے کہ یہ کب اور کیسے اپنی ہیئت کو بدلتا ہے، اس کو جاننے کیلئے صرف چند گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں محققین نے برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں تیزی سے پھیلتی ہوئی کورونا وائرس کی متغیر اقسام کا فوری پتہ لگانے کی غرض سے ایک طریقہ تیار کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے محققین کا کہنا ہے کہ وائرس کے جینیاتی کوڈ کو پڑھنے کیلئے اس وقت خصوصی ترتیبی آلے کے استعمال کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس عمل میں12 گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگتا ہے۔

    قومی انسٹی ٹیوٹ برائے وبائی امراض کے سائنسدانوں نے پی سی آر ٹیسٹنگ ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ایک تیز تر طریقہ تیار کیا ہے جس سے وہ مذکورہ’’این501وائی‘‘کے تغیرات کی تصدیق کر سکیں گے۔

    جاپانی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس عمل میں صرف چند گھنٹے لگتے ہیں اور موجودہ پی سی آر ٹیسٹنگ آلہ استعمال کرکے نمونوں کی بڑی تعداد کی جانچ پڑتال ممکن ہوسکے گی۔

    مذکورہ انسٹی ٹیوٹ کے انفلوئنزا وائرس تحقیقی مرکز کے ڈائریکٹر ہاسے گاوا ہِیدیکی نے میڈیا کو بتایا کہ اس طریقے کو زیادہ درست بنانے کیلئے مزید کام کیا جائے گا تاکہ اسے نگرانی کے نظام کو تقویت دینے کیلئے اسے بہتر طور پر استعمال کیا جاسکے۔