Tag: Corona virus

  • کورونا وائرس : بحرین میں اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر

    کورونا وائرس : بحرین میں اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر

    مناما : بحرینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ جانے پر حفاظتی اقدامات کے تحت اسکول کھولنے کا فیصلہ دو ہفتوں کیلئے مؤخر کردیا گیا ہے۔

    بحرینی خبر رساں ادارے کے مطابق بحرینی وزارت تعلیم و تربیت نے بحرینی وزارت صحت کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکول اب دو ہفتے بعد کھولے جائیں گے۔

    ترجمان وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بڑھنے کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ سرکاری اسکولوں کے تمام اساتذہ کا کورونا ٹیسٹ لے کر ہی تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ جو وزیراعظم کے نائب اول بھی ہیں نے سرکاری اسکول کھولنے کے پروگرام پر نظر ثانی کا حکم دیا تھا۔

    اس کے علاوہ بحرین میں قومی طبی ٹیم نے بھی یہی سفارش کی تھی کہ فی الوقت اسکول نہ کھولے جائیں کیونکہ نئے کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

    بحرینی خبررساں ادارے کے مطابق اسکولوں میں انتظامی، تعلیمی اور تکنیکی عملے کی ڈیوٹی بیس ستمبر سے شروع ہوگی۔
    ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ وزارت تعلیم کا عملہ نئی ہدایات آنے تک سابقہ پوزیشن پر تعینات رہے گا۔ جہاں تک نجی اسکولوں کا تعلق ہے تو ان کی بحالی کے فیصلے میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا ہے۔

  • کرونا وائرس : بھارتی خاتون وزیر کا ایسا دعویٰ جسے سن کر ہنسی نہ رک پائے

    کرونا وائرس : بھارتی خاتون وزیر کا ایسا دعویٰ جسے سن کر ہنسی نہ رک پائے

    نئی دہلی : کورونا وائرس کے متعلق گاہے بگاہے ایسے مضحکہ خیز بیانات سننے کو ملتے رہتے ہیں کہ آدمی سر پیٹ کر رہ جائے۔ ایک ایسا ہی بیان بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی خاتون وزیر امرتی دیوی نے دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق امرتی دیوی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتا کیونکہ میں گوبر اور مٹی میں پیدا ہوئی تھی، جہاں کٹاڑوں (جراثیوں) کی بھرمار ہوتی ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں امرتی دیوی نے اپنی ٹھوڑی کے نیچے لٹکتے فیس ماسک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ زبردستی پہنایا گیا ہے۔ میں گوبر اور مٹی میں پیدا ہوئی ہوں اور اتنے جراثیم دیکھے ہیں کہ ان کے سامنے کورونا تو کوئی چیز ہی نہیں ہے

    امرتی دیوی کے اس بیان پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، رپورٹ کے مطابق بھارت میں کسی وزیر کی طرف سے ایسا بیان پہلی بار سامنے نہیں آیا۔

    اس سے قبل بھی ایک اور وزیر ارجن رام میگھوال نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کا علاج پاپڑ کھا کر بھی کیا جا سکتا ہے۔ حالانکہ وہ بعد میں خود بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : پاپڑ سے کرونا کا ‘علاج’ کرنے والا بھارتی وزیر خود کرونا کا شکار

    ارجن رام میگھوال نے ’بھابھی جی‘ نامی پاپڑ کے متعلق یہ بات کہی تھی اور اس برانڈ کے پاپڑوں کی مفت میں تشہیر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کورونا وائرس کا علاج ہیں، یہ پاپڑ کھانے سے جسم میں اینٹی باڈیز پیدا ہوتی ہیں جو کورونا وائرس کو ختم کر دیتی ہیں۔

  • سعودی عرب : کرونا وائرس کے حوالے سے اچھی خبر آگئی

    سعودی عرب : کرونا وائرس کے حوالے سے اچھی خبر آگئی

    ریاض : سعودی عرب نئے کورونا وائرس سے محفوظ ترین ملکوں میں تیرہویں نمبر پر آگیا ہے، سعودی ذرائع ابلاغ نے فوربز میگزین کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب کورونا وائرس سے محفوظ ملکوں میں 17 ہویں نمبر پر تھا۔

    اب اس حوالے سے مملکت نے چار درجے بہتری حاصل کی ہے، سعودی عرب امریکہ اور بیشتر یورپی ممالک کے مقابلے میں کورونا سے زیادہ محفوظ ملک بن گیا ہے، اس وقت کورونا سے محفوظ ترین ملکوں میں جرمنی سرفہرست ہے۔

    فوربز میگزین نے اپنی رپورٹ عالمی معیار کی بنیاد پر تیار کی ہے۔ قرنطینہ کے نظام کی کارکردگی، کورونا وائرس اور اس کے مریضوں کی نگرانی، کورونا ٹیسٹ، صحت انتظامات اور سرکاری کارکردگی کو بنیاد بنایا گیا ہے۔

    سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز  میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ روزانہ 800 سے کم نئے مریض سامنے آرہے ہیں جبکہ اب تک دو لاکھ 98ہزار مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 781 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر3 لاکھ 22ہزار237 ہو گئی ہے، جبکہ کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد چار ہزار 137ہے۔

  • کورونا وائرس : بھارت وبا سے متاثرہ دنیا کا دوسرا ملک بن گیا

    کورونا وائرس : بھارت وبا سے متاثرہ دنیا کا دوسرا ملک بن گیا

    نئی دہلی : ہندوستان میں کورونا وائرس کی صورت حال تشویش ناک ہوتی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں91 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد بھارت نے برازیل کو پیچھے چھوڑ دیا اور دنیا کا دوسرا متاثرہ ملک بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 91ہزار 732 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے ساتھ ہی بھارت میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 42 لاکھ چار ہزار 784ہوگئی ہے۔

    ان اعداد و شامر کے بعد بھارت نے کوویڈ 19کے حوالے سے برازیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور اب اس کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے، برازیل میں متاثرین کی تعداد 41 لاکھ 37 ہزار 606 ہے۔ بھارت اب صرف امریکا سے پیچھے ہے جہاں متاثرین کی تعداد 64 لاکھ سے زائد ہے۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں گزشتہ تقریباً ایک ماہ کے دوران کورونا سے متاثر ہونے والوں کی یومیہ تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے، جس سے یہ کہنا مشکل نہ ہوگا کہ بھارت،امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

    حالانکہ پچھلے ایک ماہ سے متاثرین کی تعداد میں بڑی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے لیکن پچھلے بارہ دنوں کے دوران اس میں غیرمعمولی تیزی آگئی ہے اور ہر روز 75 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    امریکا اور برازیل میں ہر روز نئے کیسز کی تعداد اس سے بہت کم ہے۔ امریکا میں یومیہ نئے کیسز کی تعداد 40 تا 50 ہزار ہے جبکہ برازیل میں سنیچر کے روز 51 ہزارنئے کیسز سامنے آئے لیکن بعض دنوں میں یہ تعداد 20 ہزار سے بھی کم رہی۔ ایسے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے چند دنوں میں بھارت، امریکا کو بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

    نئے کیسز میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اموات کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اب روزانہ ایک ہزار سے زائد اموات ہورہی ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا سے ایک ہزار 16 نئی اموات کے ساتھ بھارت میں کورنا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 71 ہزار 701 ہوگئی ہے، اموات کے لحاظ سے بھارت، امریکا اوربرازیل کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔

  • کورونا وائرس کے مرد و عورت پر الگ الگ اثرات، جانئے کیوں؟

    کورونا وائرس کے مرد و عورت پر الگ الگ اثرات، جانئے کیوں؟

    نیو یارک : کورونا وائرس لوگوں کی صحت پر ہی نہیں بلکہ کئی اعتبار سے ہر شخص میں مختلف اثرات مرتب کرتا ہے، لیکن مردوں اور عورتوں پر اس کے اثرات یکسر مختلف ہیں۔

    لیکن یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک وائرس جو بلا تفریق ہر شخص کو متاثر کر رہا ہے، مردوں اور خواتین پر اتنے مختلف طریقوں سے اثر انداز ہو۔

    امریکا کے ییل نیو ہیون اسپتال کے محقیقین کی ریسرچ کے مطابق مردوں کے اس وبا میں مبتلا ہونے کے نتیجے میں حالت زیادہ نازک ہو جانے کے خدشات ہیں، خصوصاَ معمر افراد اسی عمر کی خواتین کے مقابلے میں کو زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں لیکن ماہرین اس کی قطعی وجہ بتانے سے قاصر ہیں۔

    ساٹھ فیصد ہلاکتوں کی وجہ قوت مدافعت کا کمزور ہونا بتایا جا تا ہے، جسمانی قوت مدافعت سے متعلق ماہر کا کہنا ہے کہ مرد اور خواتین میں قوت مدافعت کا یہی فرق مردوں میں یہ وبا فروغ پانے کا باعث ہے۔

    خواتین میں قوت مدفعت مضبوط ہو نے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جاتی ہے کہ ان میں ٹی لمفوسائٹس کا موجود ہونا ہے جو وبا کی نشاندہی کرکے انہیں جڑ سے اکھاڑ دیتی ہیں۔

    بس ڈرائیوروں سے لے وزرائے اعظم تک ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ کوویڈ 19 کی لپیٹ میں آ کر شدید بیمار ہو رہے ہیں جس کے باعث لوگ یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ یہ وائرس انسانوں میں کوئی امتیاز نہیں کرتا، کورونا وائرس آخرکار ایک بےحس جنیاتی مادہ ہے اور یہ امتیاز کرنے کے قابل نہیں ہے۔

  • ملک بھر میں کرونا سے 18 اموات، 441 نئے کیسز رہورٹ

    ملک بھر میں کرونا سے 18 اموات، 441 نئے کیسز رہورٹ

    اسلام آباد : پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں کمی کا رجحان جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 18 مریض جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 18 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 318 ہوچکی ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 264 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار 590 ہوچکی ہے جبکہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 813 ہے جبکہ 2 لاکھ 81 ہزار 459 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 20 ہزار 480 کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں میں کورونا کے441نئے کیسز سامنے آئے جبکہ مجموعی طور پر کیے جانے والے ٹیسٹس کی تعداد 26 لاکھ 3 ہزار 129 ہوچکی ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے 735 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 1 ہزار 39 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 90مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

  • کورونا وائرس : سعودی بچی کی بات نے سب کے دل جیت لیے، وڈیو وائرل

    کورونا وائرس : سعودی بچی کی بات نے سب کے دل جیت لیے، وڈیو وائرل

    ریاض : سعودی عرب کے علاقے عرعر کی پانچ سالہ بچی کی وڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہے۔ وڈیو دیکھنے والوں کی تعداد اب تک لاکھوں میں پہنچ گئی ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی حدود ریجن کے شہرعرعر کی پانچ سالہ بچی مسک العنزی نے اپنی معصوم صورت اور پراعتماد لہجے میں گفتگو کرکے سب کے دل جیت لیے ہیں۔

    مسک نام کی بچی نے صبا العربیہ کے پروگرام میں شرکت کی، جس میں بچی نے اپنے دل کی بات زبان پر لاکر سب کے دل جیت لیے، مسک نے پروگرام میں بڑے معصومانہ انداز میں یہ جملہ کہا کہ کورونا وائرس ختم ہوگیا اور میں یہ بات اپنی خالہ کو غصہ دلانے کے لیے کہہ رہی ہوں۔

    مسک کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ کورونا وائرس جلد ختم ہوجائے گا۔ وڈیو میں بھی بچکانہ انداز میں رقص کرتے ہوئے دیکھی گئی، ناظرین نے اسنیپ چیٹ پر بھی اس کا اکاؤنٹ قائم کردیا- جس سے ناظرین میں اسے غیرمعمولی پذیرائی ملی۔

    پانچ سالہ بچی کی خواہش ہے کہ وہ بڑی ہوکر ڈاکٹر بنے تاکہ لوگوں کا علاج کرسکے، مسک العنزی عرب فنکار محمد عبدہ سے بھی ملاقات کرچکی ہے۔

    بچی نے کہا کہ ایک مرتبہ ملی ہوں تاہم وہ بھول چکے ہوں گے، میں اپنی واالدہ سے کہتی رہتی ہوں کہ میں مشہور ہوں گی-اب تو میں سچ مچ مشہور ہوگئی۔

    مسک کا کہنا ہے کہ انٹرویو کے بعد لوگ جہاں بھی مجھے دیکھتے ہیں میرے ساتھ تصویر بنانے کی خواہش کرتے ہیں۔

  • امریکہ : اینٹی کورونا ویکسین تیاری کے آخری مرحلے میں

    امریکہ : اینٹی کورونا ویکسین تیاری کے آخری مرحلے میں

    واشنگٹن : امریکہ میں اس وقت ایسٹرازینیکا، مارڈرنا اور فیزر نامی تین کمپنیوں کی جانب سے کورونا وائرس کے ویکیسن کے تیسرے مرحلے کا کلینکل ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

    امریکہ کی فوڈ اور ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے سربراہ اسٹیفن ہون نے کہا ہے کہ اگر تیسرے مرحلے کے کلینکل ٹرائل کے بہتر نتائج آئے تو امید ہے کہ اس کی تکیمل سے قبل ہی کورونا کے کسی ویکسین کو رجسٹرڈ کیا جاسکتا ہے۔

    امریکی اخبار فنانشل ٹائمز کی گزشتہ روز شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق مسٹر ہان نے یہ بات ایک انٹرویو میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں اس وقت ایسٹرازینیکا، مارڈرنا اور فیزر نامی تین کمپنیوں کی جانب سے کورونا وائرس کے ویکیسن کے تیسرے مرحلے کا کلینکل ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

    مسٹر ہان نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ3 نومبر کے صدارتی انتخابات سے قبل کسی ویکسین کی منظوری دی جاسکتی ہے، اگر ویکسین کے تیسرے مرحلے کے کلینیکل ٹرائل سے پہلے ہمیں لگتا ہے کہ یہ محفوظ اور کارگر ہیں تو اسے منظوری دی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 61 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے اور اب تک 1,82,786 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • کورونا وائرس : بھارت دنیا کا وبا زدہ ملک بن گیا، سب سے زیادہ کیسز

    کورونا وائرس : بھارت دنیا کا وبا زدہ ملک بن گیا، سب سے زیادہ کیسز

    نئی دہلی : بھارت میں کورونا وبا کا قہر  شدت سےجاری ہے، گزشتہ روز تک 78 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 36لاکھ سے زیادہ ہوگئی جبکہ 875 کورونا مریضوں کی اموات سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 64,500 سے زیادہ ہوگئی۔

    بھارت ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 78,761 نئے کيسز سامنے آئے جو دنيا کے کسی بھی ملک ميں ايک دن ميں رپورٹ کيے جانے والے سب سے زيادہ کيسز ہيں۔ عالمی سطح پر متاثرين کی تعداد ڈھائی کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ايک دن ميں 78,761 نئے کيسز کے بعد بھارت ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی مجموعی تعداد پينتيس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر ميں اب تک تريسٹھ ہزار سے زائد افراد اس مہلک مرض کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہيں۔

    ملک میں کورونا وبا سے سب سےزیادہ متاثر مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے ریکارڈ 16,867 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر7,80,081 لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔

    امريکا کی جان ہاپکنز يونيورسٹی کے گزشتہ روز تک کے اعداد و شمار کے مطابق دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد اب پچيس ملين سے تجاوز کر گئی ہے۔

    ماثرين کی تعداد کے اعتبار سے امريکا 5.9 ملين کے ساتھ پہلے، برازيل 3.8 ملين کے ساتھ دوسرے اور بھارت ساڑھے تين ملين مریضوں کے ساتھ تيسرے نمبر پر ہے۔ يہ اعداد و شمار صرف تصديق شدہ کيسز کی بنياد پر مرتب کیے گئے ہيں۔ ماہرين کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرين کی حقيقی تعداد کہيں زيادہ ہو سکتی ہے۔

    دنيا بھر ميں اب تک تقريباً ساڑھے آٹھ لاکھ افراد اس مہلک مرض کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہيں۔ امريکا ميں اب تک 182,779 افراد، برازيل ميں 120,262 اور ميکسيکو ميں 63,819 افراد کورونا کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکے ہيں۔

  • کورونا وائرس : سعودی حکومت کا عوام کی سہولت کیلئے ایک اور اہم اعلان

    کورونا وائرس : سعودی حکومت کا عوام کی سہولت کیلئے ایک اور اہم اعلان

    ریاض : سعودی محکمہ ٹریفک نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور صحت و سلامتی کے لیے آن لائن اپائنمنٹ کی سہولت کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ اگر آپ محکمہ ٹریفک کے دفتر سے کوئی کام کرانا چاہتے ہوں تو اس کے لیے پہلے ابشر پر جاکر آن لائن دن اور وقت متعین کرالیں۔

    یہ سہولت سعودی عرب کے تمام علاقوں میں موجود سعودیوں اور غیرملکیوں کے لیے ہے، اگر کوئی شخص پہلے سے پیشدگی وقت لے گا تو اس کا کام آسانی سے ہوجائے گا۔

    محکمہ ٹریفک نے بتایا ہے کہ آن لائن اپائنمنٹ لینے کے لیے ابشر پر اپنے اکاؤنٹ پر جائیں، پیشگی ٹائم کے آپشن کا انتخاب کرکےمحکمہ ٹریفک کے آپشن کو کلک کریں۔

    اس کے بعد نئے وقت کی بکنگ پر جائیں اور مطلوبہ خدمت کے آپشن، وقت اور برانچ کا انتخاب کریں۔وقت کے انتخاب کے بعد اوکے کریں،ایسا کرنے پر اپائمنمٹ کی سلپ سامنے آجائے گی۔