Tag: Corona virus

  • سندھ حکومت کا شام 5 بجے اشیائے ضروریہ کی دکانیں بند کرانے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا شام 5 بجے اشیائے ضروریہ کی دکانیں بند کرانے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر شام 5 بجے اشیائے ضروریہ کی دکانیں بند کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے کل سے اشیائے ضروریہ کی دکانیں شام 5 بجے بند کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ دکانیں 8 بجے کے بجائے شام 5 بجے بند ہوجائیں گی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اشیائے خوردونوش کی دکانیں 12 گھنٹے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا اور دکانداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ مقررہ 12 گھنٹوں یعنی صبح 8 سے رات 8 تک کاروبار کریں۔

    مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن مزید سخت، کراچی میں سناٹے کے ڈیرے

    خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج لاک ڈاؤن کا چوتھا روز ہے، حکومتی احکامات کی ہدایات کی روشنی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کی مختلف شاہراؤں پر ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سڑک پر چلنے والے شہریوں کو روک کر اُن سے گھروں سے نکلنے کی وجوہات پوچھی جارہی ہیں۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے سبب سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز نماز جمعہ کے اجتماعات پر 5 اپریل تک پابندی عائد کردی گئی تھی، جس کے بعد سندھ میں جمعہ کی نماز میں صرف مسجد کا عملہ شریک ہوا۔

  • کرونا وائرس : ذخیرہ اندوز اپنے لیے ہلاکت نہ خریدیں، ڈاکٹر طاہر القادری

    کرونا وائرس : ذخیرہ اندوز اپنے لیے ہلاکت نہ خریدیں، ڈاکٹر طاہر القادری

    لاہور : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پوری انسانیت مشکل میں ہے، ذخیرہ اندوز اپنے لیے ہلاکت نہ خریدیں، مخیر حضرات دل کھول کر مستحقین کی مدد کریں۔

    یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے کرونا وائرس کی عالمی وبا سے نجات کیلئے دعا کی ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کورونا کی عالمگیر وبا کی اصل وجہ اللہ پاک کی ناراضی ہے، ایسے میں احتیاط بھی کی جائے اور اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی صدق دل سے معافی بھی مانگی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا ایک پہلو طبی دوسرا باطنی اور روحانی ہے، اس وقت پوری انسانیت بڑی مشکل اور آزمائش میں ہے، ان حالات میں ذخیرہ اندوز اپنے لیے ہلاکت نہ خریدیں،اشیائے خوردونوش کا ذخیرہ نہ کرنے والوں کو اللہ اجر دے گا۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ صاحب حیثیت حضرات اپنے مال سے دل کھول کر مستحقین کی مدد کریں، نوجوان فرصت کے لمحات میں ترجمے کے ساتھ قرآن کریم پڑھیں، نماز،استغفار اور گناہوں سے توبہ اللہ کو پسند ہے۔

  • کورونا وائرس : بھارت میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، دو افراد قتل

    کورونا وائرس : بھارت میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، دو افراد قتل

    مہاراشٹر : لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے باہر نکلنے سے باز نہ آنے پر بھائی نے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا، دوسرے واقعے میں پولیس نے بدترین تشدد کرکے دودھ خریدنے کیلئے جانے والے شہری کو جان سے مار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس سے بچنے کیلئے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے باعث دوافراد جان سے چلے گئے، پہلے واقعے میں بھارتی ریاست مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے باہر رہنے پر بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کو تشدد کرکے مارڈالا۔

    ممبئی کے علاقے کاندولی میں 28سالہ راجیش لکشمی ٹھاکر نے اپنے بھائی درگیش کو باہر جانے سے منع کیا جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہوگئی اور راجیش نے تیز دھار آلے سے حملہ کرکے اسے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    دوسرے واقعے میں مغربی بنگاک کے علاقے ہاوڑہ میں گھر سے دودھ لینے کیلئے جانے والے23سالہ لال سوامی کو پولیس اہلکاروں نے روک کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج اس نے دم توڑ دیا، لال سوامی کے اہل خانہ نے پولیس کے تشدد کو اس کے قتل کی وجہ قرار دیا ہے۔

  • کورونا کیخلاف لڑنے والے 2 ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تصدیق

    کورونا کیخلاف لڑنے والے 2 ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تصدیق

    لاہور : کوروناوائرس کیخلاف لڑنےوالے2ڈاکٹرزمیں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ، دونوں ڈاکٹرز کی حالت خطرے سے باہر ہیں ، انھیں اسپتال کے آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر محمد عثمان نے کوروناوائرس کیخلاف لڑنےوالے2ڈاکٹرزمیں کورونا وائرس کی تصدیق کردی ، دونوں ڈاکٹرزڈی جی خان قرنطینہ سینٹر میں فرائض انجام دےرہےہیں۔

    ترجمان پرائمری ہیلتھ کیئر کے مطابق ڈی جی خان قرنطینہ میں کام کرنے والے ڈاکٹر اسامہ اور آئسولیشن وارڈ میں کام کرنے والی ڈاکٹر صباء میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، دونوں ڈاکٹر کی حالت خطرے سے باہر ہیں اور طبیعت زیادہ خراب نہیں۔

    محمد عثمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کو اسپتال کے آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں فرنٹ لائن پر جہاد کرنے والے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل ورکر قوم کا فخر ہیں۔

    خیال رہے ملک بھر میں کورونا کےکیسزکی تعداد 1200 سے تجاوز کر گئی جبکہ کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد نو ہوگئی اور 23 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 408 تک جا پہنچی جبکہ سندھ میں 429، بلوچستان میں 131 ، خیبر پختونخوا میں147،اسلام آبادمیں 27 کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے اور گلگت بلتستان 91،آزادکشمیر میں کوروناکیسزکی تعداد 2ہے۔

  • بھارت : کورونا کے مشتبہ مریضوں کو مشورہ دینے والا دکاندار قتل

    بھارت : کورونا کے مشتبہ مریضوں کو مشورہ دینے والا دکاندار قتل

    نئی دہلی : کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو گھر پر رہنے کا مشورہ دینے والا دکاندار اپنی جان سے گیا، چار افراد نے مار مار کر اسے قتل کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کے ضلع کوپلامو میں چار مزدور مختلف علاقوں سے اپنے گاؤں ادے پور پہنچے تھے، جس کو ابتدائی معائنے کے بعد14روز تک قرنطینہ (آئسولیشن) میں رہنے کا کہا گیا تھا لیکن وہ گھر میں رہنے کے بجائے علاقے میں گھومتے رہے۔

    اس دوران علاقے کے ایک دکاندار 45سالہ کاشی ساؤ نے انہیں گھومنے کے بجائے گھر میں رہنے کا مشورہ دیا جو انہیں ناگوار گزرا اور تلخ کلامی کے بعد بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

    چاروں افراد نے دکاندار کاشی ساؤ اس کے بیٹے اور بھتیجوں کو بری طرح مارپیٹ کر شدید زخمی کردیا جنہیں بعد ازاں  اسپتال منتقل کردیا ۔

    جہاں کاشی ساؤ نے دوران علاج دم توڑ دیا، مقتول کے بھتیجے اور بیٹے کی مدعیت میں پولیس نے 13افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 24 مارچ کو ملک بھر میں 21 دن کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا، نریندر مودی کا کہنا تھا کہ آئندہ21 دن کوئی گھر سے باہر نہ نکلے،اگر21 دن خیال نہ رکھا تو 21 سال پیچھے چلے جائیں گے۔

  • کرونا لاک ڈاؤن، احمد شہزاد غریبوں کی مدد کے لیے تیار

    کرونا لاک ڈاؤن، احمد شہزاد غریبوں کی مدد کے لیے تیار

    لاہور: کرونا وائرس کے پیش نظر کیے جانے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر ہونے والے غریبوں کی مدد کے لیے کرکٹر احمد شہزاد میدان میں آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کے سبب ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیے جانے کے بعد مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ایسے میں مخیر حضرات کی جانب سے ضرورت مند لوگوں کی مدد کی جارہی ہے۔

    قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز اور پی ایس ایل فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے احمد شہزاد بھی ضرورت مندوں کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ ’میں نے سب کے لیے ڈی ایم (ڈائریکٹ میسج) آپشن کھول دیا ہے، براہ کرم اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی شخص کو راشن کی ضرورت ہے تو مجھ سے رابطہ کریں۔

    احمد شہزاد نے کہا کہ میں ضرورت مندوں تک پہنچنے کی پوری کوشش کروں گا، میں انفرادی طور پر کام کررہا ہوں اور ضرورت مندوں کی مدد کی پوری کوشش ہوگی۔

    مزید پڑھیں: راولپنڈی، سہیل تنویر کا ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فاسٹ بولر سہیل تنویر نے بھی ضرورت مندوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے سربراہ شاہد خان آفریدی نے بھی اپنے فلاحی ادارے کے توسط سے غریبوں میں راشن تقسیم کیا۔

    آئی سی سی پینل میں شامل بین الاقوامی شہرتِ یافتہ پاکستانی ایمپائر علیم ڈار نے سماجی رابطے کے اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ اگر کسی غریب کو غذائی اجناس کی ضرورت ہے تو وہ رابطہ کرسکتا ہے۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 ہزار 128 ہوگئی، ظفر مرزا

    پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 ہزار 128 ہوگئی، ظفر مرزا

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 ہزار 128 ہوگئی، کرونا کے ایکٹیو مریضوں کی تعداد 102 ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 128 ہوگئی ہے، ملک میں 21 کرونا کے مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مختلف اسپتالوں میں 575 کرونا مریض زیر علاج ہیں جو بہتر صورتحال میں ہیں، عوام غیرضروری طور پر اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں، اگر ضروری طور پر باہر جاتے ہیں تو مصافحہ نہ کریں، ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں اور سینیٹائزر کا استعمال کریں۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم ایک دو دن میں بڑے اعلانات کرنےجارے ہیں، اسدعمر

    ظفر مرزا نے کہا کہ 5 اپریل تک فرنٹ لائن پر موجود طبی عملے کے لیے سامان موجود ہوگا جس کے بعد طبی عملے کے لیے میڈیکل سامان کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل سلطان کو کرونا وائرس سے متعلق فوکل پرسن بنایا گیا ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان کو صحت کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے تاکہ رہنمائی لے سکیں، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ٹریننگ کا پروگرام بھی شروع کررہے ہیں، ایک ماہ میں پہلا ہدف 5 ہزار طبی عملے کو ٹریننگ فراہم کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ روزانہ کہتا ہوں اس بیماری کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں صرف بنیادی ضرورت کے لیے باہر نکلیں، احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کریں گے تو ملک میں بیماری کو روکنا مشکل ہوگا۔

  • کرونا وائرس، سندھ حکومت نے مستحق افراد کے لیے امدادی رقم جاری کردی

    کرونا وائرس، سندھ حکومت نے مستحق افراد کے لیے امدادی رقم جاری کردی

    کراچی: کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت کی جانب سے مستحق افراد کے لیے امدادی رقم جاری کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے مستحق افراد کی مدد کے لیے 58 کروڑ روپے کی رقم جاری کردی گئی، محکمہ خزانہ سندھ نے سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو ہنگامی مراسلہ ارسال کردیا۔

    صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ راشن کے لیے ہر ضلع کو پہلے مرحلے میں 2 کروڑ روپے دئیے جائیں گے، طریقہ کار بنالیا ہے ہر مستحق کے گھر تک راشن پہنچے گا۔

    ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات پر ایک لاکھ مستحقین زکوٰۃ میں 58 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ فنڈ سے رقم رجسٹرڈ مستحقین کو فی کس 6 ہزار روپے جاری کی گئی ہے، محکمہ زکوٰۃ سندھ نے گزارہ الاؤنس کی رقم مستحقین کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کردی۔

    مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ بھر کے ایک لاکھ مستحقین زکوٰۃ متعلقہ بینک سے رقم نکلوا سکتے ہیں، حکومت لاک ڈاؤن سے متاثر شہریوں کی مددد کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شہری حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں، سندھ حکومت عوام کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

    واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 123 ہوگئی ہے، وائرس سے 8 افراد جاں بحق اور 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • باکسرعامر خان نے زیر تعمیر عمارت عارضی اسپتال کیلئے دینے کی پیشکش کردی

    باکسرعامر خان نے زیر تعمیر عمارت عارضی اسپتال کیلئے دینے کی پیشکش کردی

    مانچسٹر: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے زیر تعمیر عمارت عارضی اسپتال کے لیے دینے کی پیشکش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے این ایچ ایس اسپتال کو زیر تعمیر 4 منزلہ عمارت عارضی اسپتال کے لیے دینے کی پیشکش کردی۔

    باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ احساس ہے اسپتال میں اس وقت بیڈ ملنا مشکل ہے، این ایچ ایس زیر تعمیر عمارت کو مریضوں کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمارت بولٹن میں تعمیر کے آخری مراحل میں ہے، واضح رہے کہ 4 منزلہ عمارت میں عامر خان شادی ہال اور شاپنگ مال بنارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: برطانیہ: گھروں میں کروناوائرس ٹیسٹ کی سہولت

    دوسری جانب لندن میں فوج کی مدد سے عارضی اسپتال بنانے کا کام شروع کردیا گیا ہے، عارضی اسپتال میں 4 ہزار مریضوں کی گنجائش ہوگی، اسپتال میں ابتدائی طور پر 500 وینٹی لیٹر لگائے جائیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق عارضی اسپتال لندن کے ایکسیل سینٹر میں قائم کیا جارہا ہے، عارضی اسپتال میں صرف کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، این ایچ ایس کے لیے 4 لاکھ سے زائد رضاکاروں نے خدمات پیش کردیں۔

    بورس جانسن کا کہنا تھا کہ ہماری بنیادی پالیسی ہے کہ گھر پر رہیں، ٹیسٹنگ کے لیے بڑا نیٹ ورک تیاری کے قریب ہے۔

  • پی سی بی کا کرونا کے خلاف جنگ میں کردار ادا کرنے کا اعلان

    پی سی بی کا کرونا کے خلاف جنگ میں کردار ادا کرنے کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ تمام کھلاڑی اور ملازمین کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں مالی امداد کے ذریعے حکومتی ایمرجنسی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے عطیہ کریں گے، پی سی بی کے سینئر منیجر کے عہدے تک کے ملازمین اپنی ماہوار تنخواہ میں سے ایک روز جبکہ جنرل منیجر اور اس سے بڑے عہدے پر موجود ملازمین 2 روز کی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کریں گے۔

    پی سی بی تمام عطیات اکٹھا کرکے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ فنڈ میں دے گا۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہماری صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے علاوہ ہیلتھ ورکرز کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کی صحت اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں، دعا ہے کہ معاشرہ جلد معمول کے مطابق چل سکے، کرونا وائرس کے سبب حکومت کا ساتھ دینے کے لیے ہم نے یہ چھوٹی سی کاوش کی ہے۔

    احسان مانی نے کہا کہ یقین ہے کہ ہمارے معاشرے کے مخیر حضرات کی طرح پی سی بی کے کئی ملازمین اور کرکٹرز اپنے طور پر حکومتی فنڈ اور دیگر خیراتی اداروں میں عطیات دے رہے ہوں گے اور یہ تمام افراد یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔

    احسان مانی نے کہا کہ ایک قوم کی کامیابی کا اندازہ مشکل حالات میں اس کے اتحاد سے لگایا جاتا ہے اور اس مشکل وقت میں ہم سب کو ایک ہوکر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔