Tag: Corona virus

  • کرونا وائرس، رونالڈو اور میسی نے لاکھوں یوروز عطیہ کردئیے

    کرونا وائرس، رونالڈو اور میسی نے لاکھوں یوروز عطیہ کردئیے

    بارسلونا: کرونا وائرس کے خلاف کرکٹرز کے بعد فٹبالرز بھی میدان میں آگئے ، معروف فٹبالرز کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی نے لاکھوں یوروز عطیہ کردئیے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے بارسلونا کے دو اسپتالوں کو 10 لاکھ یوروز عطیہ کردئیے۔

    پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے بھی ملک کے تین اسپتالوں کے لیے مشترکہ طور پر 10 لاکھ یوروز عطیہ کیے ہیں۔

    لسبون اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رونالڈو کی جانب سے عطیہ کی گئی رقم سے اسپتال کے لیے 10 بستر، وینٹی لیٹرز، دل کی مانیٹرنگ مشین اور سرنجز خریدی گئی ہیں جس کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔

    مزید پڑھیں: راولپنڈی، سہیل تنویر کا ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کرنے کا اعلان

    دوسری جانب سینٹو اسپتال کونسل کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم رونالڈو کی جانب سے کارخیر میں حصہ ڈالنے پر ان کے شکر گزار ہیں، رونالڈو کی امداد ملک کی موجودہ صورتحال میں کافی مددگار ہے۔

    واضح رہے کہ پرتگال میں اب تک 2 ہزار 300 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 30 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ارجنٹائن میں کرونا وائرس کے 300 مریض زیرعلاج ہیں اور 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار 359 ہوگئی ہے، وائرس کے باعث اموات 19 ہزار 753 سے تجاوز کرگئی ہیں، دنیا میں کرونا کے صحت یاب مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار 32 ہوگئی ہے۔

  • پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد 1022 ہوگئی، ڈاکٹر ظفر مرزا

    پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد 1022 ہوگئی، ڈاکٹر ظفر مرزا

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1022 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1022 ہوگئی ہے، مجموعی طور پر اب تک 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 8 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

    ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں کرونا کے 64 فیصد مرد اور 26 فیصد خواتین ہیں، ملک میں اس وقت 5 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، زیادہ تر مریضوں کی عمریں 25 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں سب رہنما متفق تھے کہ ملک کو کرونا سے پاک کرنا ہے، رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ سیاسی اختلافات الگ رکھ کر سب ساتھ چلیں گے اور کرونا کی وبا سے ہم نے مل کر لڑنا ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک اور موت ، تعداد 8 ہوگئی

    ظفر مرزا نے کہا کہ دوحہ سے گزشتہ رات ایک فلائٹ آئی اور 148 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے، بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ سب کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کل وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے، اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کا ریویو کیا جائے گا۔

    معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ آج ہمیں 5 لاکھ این 95 ماسک چین کی جانب سے موصول ہوئے ہیں، 27 مارچ کو پرسنل پروٹیکشن سمیت دیگر سامان پاکستان لایا جائے گا، تقریباً 12 ٹن طبی سامان پاکستان پہنچ جائے گا۔

    ظفر مرزا نے کہا کہ روزانہ کہتا ہوں اس بیماری کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں صرف بنیادی ضرورت کے لیے باہر نکلیں، احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کریں گے تو ملک میں بیماری کو روکنا مشکل ہوگا۔

  • راولپنڈی، سہیل تنویر کا ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کرنے کا اعلان

    راولپنڈی، سہیل تنویر کا ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کرنے کا اعلان

    راولپنڈی: کرونا وائرس کے پیش نظر فاسٹ بولر سہیل تنویر نے ضرورت مندوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کے سبب ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیے جانے کے بعد مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ایسے میں مخیر حضرات کی جانب سے ضرورت مند لوگوں کی مدد کی جارہی ہے۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر اور پی ایس ایل فائیو میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے سہیل تنویر بھی ضرورت مندوں کی مدد کے لیے میدان میں آگئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سہیل تنویر نے کہا کہ ’ہم راولپنڈی میں ضرورت مند لوگوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کررہے ہیں۔‘

    انہوں نے لکھا کہ اگر آپ راولپنڈی کے آس پاس کے علاقوں میں کسی ضرورت مند کو جانتے ہیں یا کوئی اس کار خیر میں حصہ ڈالنا چاہتا ہے تو ہمیں 03335514374 پر میسجز یا کال کریں۔

    سہیل تنویر نے مزید کہا کہ ضرورت مند افراد کو گھر کی دہلیز پر راشن فراہم کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار22 تک جاپہنچی ہے جبکہ کرونا وائرس سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

  • کورونا وائرس علامات ظاہر نہ ہونے کے باوجود منتقل ہوجاتا ہے

    کورونا وائرس علامات ظاہر نہ ہونے کے باوجود منتقل ہوجاتا ہے

    اس وقت دنيا بھر میں کورونا وائرس کے بارے میں معلومات کا سیلاب رواں ہے، کووڈ انیس کا سبب بننے والے اس مہلک وائرس کا خوف لوگوں میں بڑھتا جارہا ہے، اس کے سدباب کیلئے سائنسدان دن رات کوششوں میں مصروف ہیں۔

    سائنسدانوں نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس علامات ظاہر کیے بغیر بھی متاثرہ فرد سے دوسروں میں منتقل ہوسکتا ہے۔
    اور اس حقیقت کے نیتجے میں اس کے پھیلاﺅ کی روک تھام زیادہ بڑا چیلنج ثابت ہوگی۔

    ووہان کی 20 سالہ لڑکی نے خاندان کے پانچ افراد میں اس وائرس کو منتقل کیا جبکہ وہ خود جسمانی طور پر کبھی بیمار نہیں ہوئی تھی۔

    کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے یورپی ملک نے دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں آبادی کے زیادہ بڑے حصے کو ٹیسٹ کرنے کے بعد دریافت کیا کہ 50 فیصد مریضوں میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

    گزشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت اور چین کے مشترکہ مشن نے ایسے انفیکشنز کی شرح نہ ہونے کے برابر اور وائرس کے پھیلاؤ کا غیراہم ذریعہ قرار دیا تھا۔

    مختلف تحقیقی رپورٹس میں بھی عندیہ دیا گیا ہے کہ کورونا وائرس اس وقت بھی ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہوسکتا ہے، جب مریض میں اس کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہوتی۔

    جاپان میں ایک تحقیق کے دوران دریافت کیا گیا کہ حال ہی میں وائرس سے متاثر ہونے والا مریض دوسرے فرد میں اس انفیکشن کو5 دن کے اندر  ہی منتقل کرسکتا ہے جو کہ اس وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی مدت سے کم ہے۔

    اس کے علاوہ چین میں رپورٹ ہونے والے تمام کیسز کا تجزیہ کرتے ہوئے دریافت کیا گیا کہ1.2 فیصد افراد میں علامات ظاہر ہوئے بغیر کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

  • کرونا وائرس، 50 سال کی عمر کے افراد مساجد نہ آئیں، مفتی منیب الرحمان

    کرونا وائرس، 50 سال کی عمر کے افراد مساجد نہ آئیں، مفتی منیب الرحمان

    کراچی: رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے سبب 50 سال کی عمر کے افراد مساجد نہ آئیں، ایسے افراد کو ترک جماعت کا گناہ نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وبا میں پوری عالم انسانیت مبتلا ہے، اللہ پاک سے انفرادی اور اجتماعی طور پر رجوع کریں، نابالغ بچے مساجد نہ آئیں۔

    مفتی منیب الرحمان نے کہا باجماعت نماز اپنے گھر والوں اور ایک محرم خاتون کے ساتھ بھی ہوسکتی ہے، وائرس کے شبہ والے افراد مساجد نہ آئیں، ان افراد کو ترک جماعت کا گناہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ مساجد سے قالین ہٹا کر فرش صاف ستھرا رکھنے کا انتظام کریں، کرونا وائرس کے دوران گھر پر نماز ادا کی جاسکتی ہے، جو نوجوان تیمار داری کررہے ہیں وہ بھی گھر پر نماز ادا کرسکتے ہیں۔

    مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ یہ بہترین موقع ہے کہ اللہ سے توبہ کریں، جمعہ کے خطبے کو مختصر رکھا جائے، نماز کی ادائیگی کے ساتھ ہی گھر فوری جائیں۔

    مفتی تقی عثمانی

    دوسری جانب ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے گناہوں پر معافی مانگنے کی ضرورت ہے، بہت سے علمائے کرام سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، کرونا سے متعلق علما نے متفقہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔

    مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ احتیاط کرنے سے وبا کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے، حفاظت نہ کی گئی تو وبا سے زیادہ لوگ متاثر ہوسکتے ہیں۔

  • مزدوروں اور محنت کشوں کی مدد کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں، حفیظ شیخ

    مزدوروں اور محنت کشوں کی مدد کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں، حفیظ شیخ

    اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر مزدوروں اور محنت کشوں کی مدد کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے ہیں، 200 ارب روپے کی رقم وفاق دے گا، صوبے بھی حصہ ڈالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر برآمدات کے شعبے کے لیے 100 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ دیں گے، وزیراعظم نے مجموعی سوا کھرب روپے کا ریلیف پیکیج منظور کیا، زراعت اور ایس ایم ای کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کھاد کی قیمت کرکے دیگر سبسڈائز اشیا دیں گے، ایس ایم کے لیے سود اور اصل زر کی ادائیگی کے لیے وقت دیں گے، ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو مالی امداد دی جائیں گی، یوٹیلٹی اسٹورز سے دال، چاول، آٹا گھی، چینی سستا دینے کے لیے 50 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

    مشیر خزانہ کے مطابق 82 لاکھ ٹن گندم کسانوں سے خریدنے کے لیے 280 ارب روپے رکھے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں فوری طور پر 15 روپے فی لیٹر کم کریں گے، گیس اور بجلی کے بلوں میں تین ماہ کی اقساط کی سہولت دی جائے گی، کھانے پینے کی اشیا پر ٹیکسز ختم ہوں گے اور کچھ میں کمی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس، ٹیکس میں کمی اور سبسڈیز میں اضافہ کیا جائے گا، حفیظ شیخ

    حفیظ شیخ نے کہا کہ این ڈی ایم اے آلات اور ویکسین کی خریداری کے لیے 25 ارب روپے رکھے گئے ہیں، کرونا کے باعث اخراجات ہوں گے لیکن آئی ایم ایف کمٹمنٹ متاثر نہیں ہوگا، ہماری معیشت مستحکم ہورہی تھی، برآمدات میں اضافہ ہورہا تھا، ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 20 ارب ڈالر سے کم ہوکر 3 ارب ڈالر رہ گیا، جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا کی وبا کی وجہ سے اقتصادی سرگرمیاں بھی متاثر ہوں گی، لوگوں کی آمدن میں کمی ہوگی تو ٹیکسز کم ہوں گے، وفاق اور صوبے اس معاملے پرمل کر چل رہے ہیں۔

  • جامعہ الازہرمصر کا باجماعت نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی سے متعلق فتویٰ جاری

    جامعہ الازہرمصر کا باجماعت نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی سے متعلق فتویٰ جاری

    اسلام آباد: کرونا وائرس کے پیش نظر جامعہ الازہر مصر نے باجماعت نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی سے متعلق فتویٰ جاری کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جامعہ الازہر مصر نے باجماعت نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی سے متعلق فتویٰ جاری کیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جامعہ الازہر سے رہنمائی کی درخواست کی تھی۔

    جامعہ الازہر کے مطابق عوامی اجتماعات، باجماعت نماز کرونا کے پھیلاؤ کا باعث بنتے ہیں، سرکاری حکام کو باجماعت نمازیں، نماز جمعہ کی منسوخی کا اختیار ہے۔

    سپریم کونسل جامعہ الازہر کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں درپیش حالات کو مدنظر رکھا جائے، موذن ’صلوٰۃ فی بیوتکم‘ کے ساتھ ترمیم شدہ اذان دیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک اور موت ، تعداد 8 ہوگئی

    جامعہ الازہر کے مطابق اہلخانہ اپنے گھروں میں باجماعت نماز کا اہتمام کرسکتے ہیں، بحران میں طبی احتیاطی تدابیر پر ریاستی حکام کے احکامات کی پیروی کریں۔

    سپریم کونسل جامعہ الازہر کا کہنا ہے کہ ریاستی عہدیدار باجماعت نماز اور جمعہ کی نمازوں پر پابندی لگاسکتے ہیں، معمر افراد گھروں پر رہیں، باجماعت اور جمعہ کی نمازوں میں شرکت نہ کریں۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار تک جاپہنچی ہے جبکہ کرونا وائرس سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

  • کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو زرداری

    کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے وفاققیادت کرے اور اقدامات اٹھائے، عوام حکومتی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے گھروں میں رہیں۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پوری دنیامیں پھیلی ہوئی ہے، امیر ہو یا غریب وائرس فرق نہیں دیکھتا، وہ ممالک جن کا ہیلتھ کانظام ہم سے بہترین تھا وہ بھی اس سے متاثر ہوئے، ترقی یافتہ ممالک بھی کورونا وائرس کے بوجھ تلے دبےجارہے ہیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس مزید تیزی سے پھیلا تو بہت نقصان ہوگا، ہم چاہتے ہیں وفاق قیادت کرے اور ہنگامی اقدامات اٹھائے، وزیراعظم عمران خان اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں،تیاری کریں تاکہ ہم کورونا وائرس کامقابلہ کرسکیں، حکومت نے تیزی سےاقدامات نہ اٹھائے تو بہت نقصان ہوسکتا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے پاکستان کی صورتحال کو کلاسیفائیڈ قراردیا ہے، کراچی میں94مریض لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں، ان مریضوں کو دیکھ کر ہمیں اقدامات اٹھانا ہوں گے، ہمیں اسکریننگ اورٹیسٹنگ کے وسائل کو اور قرنطینہ کیلئے مزید جگہوں کا انتخاب کرکے بنانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ عوام حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور گھروں میں رہیں، عوام کو احتیاطی تدابیراختیارکرنا ہوں گی ایسےہی وبا سے لڑسکتے ہیں، اس وقت ہمیں اپنے غریب عوام کاخیال رکھنا ہے،۔

    اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے عوام کوریلیف دینےکیلئے بھی ضروری اقدامات کرنا ہوں گے، اس کیلئے بجلی اور گیس کے بل معاف کرنا ہوں گے، لوڈشیڈنگ بالکل ختم کرنا ہوگی تاکہ لوگوں کو مسائل نہ ہوں،

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں شرح سود صفر پر لانا ہوگی اور پٹرول مزید سستا کرنا ہوگا، ہمیں اپنےاسپتالوں اور ٹیسٹنگ کی استعداد کو بڑھاتے ہوئے طبی سہولتوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔ حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑیں گے، ضروری ہے کہ ہم سب مل کر کورونا سے متعلق اقدامات کریں۔

  • پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹروں اور طبی عملے کو سلیوٹ کرنے کی ہدایت

    پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹروں اور طبی عملے کو سلیوٹ کرنے کی ہدایت

    کراچی : کورونا وائرس کیخلاف جنگ لڑنے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکاروں کو ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کو سلیوٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کیخلاف جہاد کرنے اور اس کے سدباب کیلئے دن رات ایک کرنے والے مسیحاؤں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکاروں کو خصوصی  ہدایات جاری کی ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکاروں  سے کہاہے کہ شہر میں جہاں جہاں پولیس کے ناکے لگے ہیں اگر اس دوران وہاں ڈاکٹرز یا پیرا میڈیکل اسٹاف آتا ہے تو پولیس اہلکار و افسران انہیں دیکھ کر سلیوٹ کریں۔

    انہوں نے  مزیدکہا کہ کیونکہ یہ ڈاکٹرز  اور طبی عملہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کورونا وائرس کی وباء کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں اس لیے یہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

    اس حوالے سے افسران کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن کے قریب پولیس اہلکاروں نے ایک ڈاکٹر کو سلیوٹ کیا،فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار ڈاکٹر کو سلیوٹ کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس اس وقت پاکستان پر کسی عذاب کی طرح مسلط ہے اور ایسے میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز نرسیں اور دیگر طبی عملہ اپنی جانوں کی پرواہ کیے اس محاذ پر اس موذی وائرس کیخلاف جہاد کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات کو سراہا جارہا ہے۔

    چین میں کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد ملک بھر سے ہزاروں ڈاکٹر اور نرسیں ووہان سٹی میں مریضوں کے علاج کے لیے پہنچیں اور دن رات محنت کی۔ ان کی جان توڑ کوششوں اور حکومت کے سخت اقدامات کا نتیجہ یہ نکلا کہ اب ووہان شہر میں جہاں سے وبا کا آغاز ہوا تھا، ایک بھی نیا کرونا وائرس کا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

  • کورونا کا خوف : پائلٹ جہاز کے کاک پٹ کی کھڑکی سے نکل کر بھاگ گیا، ویڈیو وائرل

    کورونا کا خوف : پائلٹ جہاز کے کاک پٹ کی کھڑکی سے نکل کر بھاگ گیا، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی : کورونا وائرس کے خوف سے جہاز کے دونوں پائلٹ کھڑکی سے نکل کر بھاگ نکلے، جہاز کی لینڈنگ کے وقت ایک مسافر کو چھینک آگئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے نیو دہلی ایئر پورٹ پر ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، پونا ایئر پورٹ سے دہلی آنے والی ایئر ایشیا کی فلائٹ کی لینٖڈنگ کے موقع پر ایک مسافر کو اچانک چھینک آگئی، جس کے بعد جہاز میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    واقعہ کے بعد خوف میں مبتلا فلائٹ کے باقی کرو ممبرز نے جہاز کا پچھلا دروازہ کھولا اور پھر جہاز میں بیٹھے سبھی مسافروں کو ایک ایک کر کے باہر نکال دیا،

    عملے نے فوری طور پر اس شخص کو اگلے گیٹ سے باہر نکالا جبکہ عملے سے کہا گیا کہ وہ کاک پٹ میں ہی رہیں تاکہ  جہاز میں اسپرے کیاجائے اور کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔

    کاک پٹ میں موجود پائلٹ اتنا خوفزدہ ہوا کہ اس نے جہاز کی کھڑکی سے ہی چھلانگ لگا دی۔ بعد ازاں اس مسافر کا کرونا کا ٹیسٹ کیا گیا جس پر اس کی رپورٹ منفی آئی۔