Tag: Corona virus

  • کورونا وائرس کب اور کیوں پھیلتا ہے، اس سے کیسے بچا جائے؟

    کورونا وائرس کب اور کیوں پھیلتا ہے، اس سے کیسے بچا جائے؟

    جان لیوا کرونا وائرس چین کے صوبے ہیوبے کے ووہان شہر سے پھیلتا ہوا دنیا بھر کے ممالک تک جاپہنچا ہے، جب سے ہی اس کے بارے میں جاننے کے لیے سائنسدان مسلسل کوششیں کررہے ہیں۔

    ایسے افراد جو نئے نوول کورونا وائرس کے انفیکشن کا شکار ہوتے ہیں، ان کی جانب سے کووڈ 19 کا شکار ہونے کے بعد اولین 7 دن میں اسے دیگر صحت مند افراد میں منتقل کرنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ دنیا میں اب تک کورونا وائرس سے دو لاکھ سے زیادہ افراد متاثر جبکہ 11ہزار سے زائد ہلاک ہوئے ہیں۔

    اگرچہ اب بھی اس وائرس کے بارے میں بہت کچھ معلوم نہیں ہوسکا مگر تحقیق سے یہ معلوم ہوچکا ہے کہ یہ نیا کورونا وائرس بہت تیزی سے پیش رفت کرتا ہے۔ اس وقت کرونا وائرس کے انسانوں پر حملے جاری ہیں جس سے دنیا بھر میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    کرونا وائرس 1960ء میں پہلی بار متعارف ہوا۔ اب تک 13 اقسام دریافت ہوچکی ہیں جن میں سے 7 اقسام ایسی ہیں جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوسکتی ہیں۔ کرونا وائرس دودھ دینے والے جانوروں اور پرندوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔

    یہ انفلوائزا کی ایک قسم ہے جو ناک کے ذریعے پھیپھڑوں میں منتقل ہوتا ہے جس سے وائرس سے متاثر ہونے والے فرد کو سانس لینے میں تکلیف اور دشواری ہوتی ہے۔

    بنڈسوئیر انسٹیٹیوٹ آف مائیکرو بائیولوجی، Klinikum München-Schwabing، CharitéUniversitätsmedizin Berlin اور یونیورسٹی ہاسپٹل ایل ایم یو میونخ کی یہ تحقیق ابھی کسی جریدے میں شائع نہیں ہوئی، یعنی دیگر سائنسدانوں نے اب تک اس کے معیار اور مستند ہونے کا تجزیہ نہیں کیا۔

    تحقیق کے نتائج سے ممکنہ عندیہ ملتا ہے کہ آخر کیوں یہ وائرس بہت آسانی سے پھیل رہا ہے، کیونکہ بیشتر افراد اس وقت اسے پھیلا رہے ہوتے ہیں، جب اس کی علامات معمولی اور نزلہ زکام جیسی ہوتی ہیں۔

    تاہم محققین نے اس کو آن لائن شائع کیا ہے جس میں دیکھا گیا ہے کہ یہ وائرس مختلف مراحل میں کس طرح اور کن ذرائع سے پھیلتا ہے۔

    محققین نے کووڈ 19 کے شکار 9 افراد کے متعدد نمونوں کا تجزیہ کیا جن کا علاج میونخ کے ایک ہسپتال میں ہورہا تھا اور ان سب میں اس کی شدت معتدل تھی۔ یہ سب مریض جوان یا درمیانی عمر کے تھے اور کسی اور مرض کے شکار نہیں تھے۔

    محققین نے ان کے تھوک ، خون، پیشاب، بلغم اور فضلے کے نمونے انفیکشن کے مختلف مراحل میں اکٹھے کیے اور پھر ان کا تجزیہ کیا۔ مریضوں کے حلق سے لیے گئے نمونوں سے انکشاف ہوا کہ یہ وائرس جب کسی فرد کے جسم میں داخل ہوتا ہے تو پہلے ہفتے میں سب سے زیادہ متعدی ہوتا ہے، جبکہ خون اور پیشاب کے نمونوں میں وائرس کے کسی قسم کے آثار دریافت نہیں ہوئے تاہم فضلے میں وائرل این اے موجود تھا۔

    ایسے افراد جو نئے نوول کورونا وائرس کے انفیکشن کا شکار ہوتے ہیں، ان کی جانب سے کووڈ 19 کا شکار ہونے کے بعد اولین7دن میں اسے دیگر صحت مند افراد میں منتقل کرنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

    کرونا کی علامات 2 سے 14دنوں کے درمیان سامنے آنے لگتی ہیں جن میں نزلہ، زکام، کھانسی ، سر درد اور تیز بخار شامل ہیں ۔اس سےنمونیہ اور پھیپھڑوں میں سوجن پیدا ہوتی ہے اور سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے۔

    کرونا وائرس سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ صابن سے بار بار ہاتھ اچھی طرح دھوتے رہیں، وضو کرتے رہنے سے یہ مرض آپ کے قریب بھی نہیں آئے گا۔ کھانا پکانے سے قبل اور بعد میں ہاتھوں کو اچھی طرح سے دھوئیں۔ کھانا مکمل طور پر پکائیں ک کچا رہ جانے کا گمان نہ ہو۔ پانی کو ابال کر زیادہ سے زیادہ پیئں۔ سردی اور زکام کے مریضوں سے دور رہیں۔

    پالتو جانوروں سے دور رہیں۔ کسی کی بھی آنکھ ، چہرے اور منہ کو مت چھوئیں۔ وائرس میں مبتلا افراد اینٹی بائیوٹک ادویات کے استعمال سے گریز کریں۔ وائرس میں مبتلا افراد کی استعمال شدہ چیزوں کو استعمال سے بچنا بے حد ضروری ہے۔ فلو وائرس میں مبتلا افراد رومال اور ماسک کا استعمال ضرور کریں۔

  • کرونا وائرس : اردن حکومت نے ملک میں کرفیو نافذ کردیا

    کرونا وائرس : اردن حکومت نے ملک میں کرفیو نافذ کردیا

    عمان : کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اردن حکومت نے پورے ملک میں کرفیو لگا دیا، حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو کا مقصد جان لیوا وائرس پر قابو پانا ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مشرقی وسطیٰ کے اہم ملک اردن میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اردنی حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو کا مقصد موذی کورونا وائرس کے پھیلاوَ کو روکنا ہے اور اس پر قابو پانا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اردنی وزیر اطلاعات امجد العضایلہ نے کہا ہے کہ جو بھی کرفیو کی خلاف ورزی کرے گا اسے ایک برس تک قید کی سزا دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وہی ممالک اپنے عوام کو نئے کورونا وائرس سے بچانے میں کامیاب رہے ہیں جہاں عوام گھروں میں رہے اور سڑکوں پر نہیں نکلے۔

    اردنی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کل بروز منگل اعلان کرکے بتایا جائے گا کہ عوام کب اور کتنی دیر کے لیے ضروری اشیا خریدنے کے لیے گھروں سے نکل سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کرفیو سے ایسے افراد مستثنیٰ ہوں گے جنہیں حکومت نے ان کے کام کی نوعیت کے باعث اجازت دے رکھی ہے۔

    اس سے قبل اردن نے تمام تعلیمی ادارے اور اسکولز تین ہفتے کے لیے بند کردیے تھے، اردن کے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر دو ہفتے کے لیے پابندی لگادی تھی۔

  • کرونا وائرس : سعودی وزیر صحت کا اہم پیغام

    کرونا وائرس : سعودی وزیر صحت کا اہم پیغام

    ریاض : سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا جاسکتا کہ کورونا وائرس کرونا وائرس سے بچاﺅ کیلیے کی جانے والی احتیاطی تدبیر کب ختم ہوں گی۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ اس بات کا تعین نہیں کیا جاسکتا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کیے گئے اقدامات اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کب ختم کیا جائے گا اور اس کی تاریخ کا تعین کرنا بہت مشکل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے جب ان کی ضرورت ختم ہوگی پہلی فرصت میں انہیں اٹھائے جانے کا اعلان کردیا جائے گا۔

    سعودی وزیر صحت نے بتایا کہ کورونا وائرس عالمی وبا ہے۔ اس کا خاتمہ کب ہوگا اس سلسلے میں توقعات سے کام نہیں لیا جاسکتا۔ ہمارا خیال ہے کہ یہ وائرس ان ممالک میں زیادہ پھیل رہا ہے جہاں اس سے بچاﺅ کی تدابیر نہیں کی گئیں۔

    انہوں نے مزید کہاکہ کورونا وائرس کی نگراں کمیٹی احتیاطی تدابیر کا انتہائی پابندی سے جائزہ لے رہی ہے، وہی طے کرے گی کہ احتیاطی تدابیر کب تک جاری رہیں گی اور کب انہیں اٹھایا جائے گا۔

  • کروناوائرس: آرمی چیف جنرل باجوہ کا قوم کے نام پیغام

    کروناوائرس: آرمی چیف جنرل باجوہ کا قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرونا وائرس کے خلاف پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد کرنے کے احکامات جاری کردئیے، آرمی چیف نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے حکومت اور محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کرے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس نے دنیا بھر کی پاکستان میں بھی شہریوں کو اپنا شکار بنالیا ہے، جس کے روک تھام کےلیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کرونا وائرس کے خلاف پاک فوج کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک افواج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ انفرادی طور پر کرونا وائرس سے بچاؤ در حقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے۔

    آرمی چیف نے یہ احکامات وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد جاری کیے، ان کا کہنا تھا کہ ہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے، پہلے ذمہ دار شہری بننا ہے تاکہ اجتماعی سطح پر کوششیں کامیاب ہوسکیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کرے ایسا کرنے سے ہی قومی کوشش کامیاب ہوگی۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کوئی بھی خطرہ ذمہ دار، پُر عزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا جیسا چین نے کردکھایا، انفرادی نظم و ضبط، باہمی تعاون اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا اس میں ہی قومی کامیابی ہوگی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج قومی کوشش کا حصّہ ہوتے ہوئے ذمہ داری ادا کرے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ساڑھے 4 سو سے تجاوز کرچکی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • نامور کرکٹر کورونا وائرس کا شکار، اسپتال میں زیرعلاج

    نامور کرکٹر کورونا وائرس کا شکار، اسپتال میں زیرعلاج

    اسکاٹ لینڈ : کرکٹرز بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے لگے، اسکاٹ لینڈ کے سابق آف اسپنر ماجد حق بھی اس مہلک وائرس میں مبتلا ہوگئے، انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے سابق آف اسپنر ماجد حق نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور میں اسپتال میں زیر علاج ہوں۔

    اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پیسلے میں اسپتال کا عملہ بہت اچھا تھا اور میں ان سب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے میسیجز کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، انشااللہ میں مکمل صحتیاب ہو کر جلد گھر واپسی کروں گا۔

    ماجد حق نے آخری مرتبہ2015ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، مایہ ناز کرکٹر کو54ون ڈے اور 21 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں اسکاٹ لینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔

    انہیں اسکاٹ لینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 60وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل تھا لیکن2019 میں سفیان شریف نے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا تھا۔

    وآضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ میں اب تک 266 کرونا وائرس کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ انگلینڈ میں اب تک 3 ہزار 269 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

    کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد اسکاٹ لینڈ اور انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیاں غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہیں۔

  • کرونا وائرس : بے بی ڈول سنگر کانیکا کپور کے خلاف تین مقدمات درج

    کرونا وائرس : بے بی ڈول سنگر کانیکا کپور کے خلاف تین مقدمات درج

    لکھنو : کورونا وائرس کی شکار بھارتی گلوکارہ کانیکا کپور کیخلاف تین مقدمات درج کرلیے گئے، گلوکارہ کیخلاف وزیراعلیٰ لکھنو کی ہدایت پر مقدمہ درج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بے بی ڈول میں سونے دی اور چٹیاں کلائیاں جیسے گانوں سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی گلوکارہ کانیکا کپور کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد ایک اور نئی مشکل میں پھنس گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنو کے چیف میڈیکل آفیسر نے گلوکارہ کے خلاف تھانہ سروجنی نگر میں جمعے کی رات ایک ایف آئی آر درج کرائی ہے۔

    یہ مقدمہ ان کیخلاف وزیراعلیٰ لکھنو یوگی ادتیہ ناتھ کی ہدایت پر درج کیا گیا ہے جس میں کانیکا کپور پر غفلت برتنے، خطرناک بیماری چھپانے اور عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے سی ایم او نے بتایا کہ مذکورہ گلوکارہ کانیکا کپور گیارہ مارچ کو ممبئی سے لکھنو پہنچیں اور وہ اس سے ایک روز قبل ہی لندن سے بھارت پہنچی تھیں، اس کے بعد گلوکارہ نے لوگوں سے میل ملاقاتیں کیں اور لکھنو میں کئی تقریبات میں بھی شرکت کی حالانکہ انہیں معلوم تھا کہ لندن سے واپسی پر انہیں قرنطینہ میں رہنا تھا۔

    وسطی لکھنو کے ڈپٹی کمشنر پولیس نے کانیکا کپور کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گلوکارہ کے خلاف ان ہی الزامات کے تحت مزید دو ایف آئی آرز بھی درج کر لی گئی ہیں، ایک ایف آئی آر تھانہ حضرت گنج اور دوسری گومیت نگر کے تھانے میں درج کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس کی شکار بھارتی گلوکارہ نے 300 لوگوں کی زندگی خطرے میں‌ ڈال دی

    واضح رہے کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کانیکا کپور قرنطینہ میں ہیں، گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کہنا تھا کہ میں اور میری فیملی مکمل طور قرنطینہ میں ہیں اور ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل کر رہے ہیں کہ آگے کیسے چلنا ہے۔

  • کورونا وائرس دنیا بھر سے 11 ہزار 402 افراد کی جان لے گیا

    کورونا وائرس دنیا بھر سے 11 ہزار 402 افراد کی جان لے گیا

    کراچی : دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث اموات 11 ہزار 402 ہوگئیں، جان لیوا جرثومے سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ67ہزار سے زائد ہے جبکہ 91ہزار952افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، کورونا وائرس سے عالمی سطح پر 11ہزار 402 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

    سب سے متاثر ہونے والا ملک اٹلی ہے جس نے چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا،اٹلی میں اس جان لیوا کورونا سے مرنے والوں کی تعداد4ہزار 32 ہوگئی جبکہ47 ہزار افراد اب بھی اسپتالوں میں داخل ہیں۔

    اس کے علاوہ اسپین میں کورونا وائرس سے1093اموات ہوئیں اور 21 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں، امریکا میں کورونا وائرس سے264افراد لقمہ اجل بن گئے، امریکہ کے اسپتالوں میں19 ہزار 640 مریض زیر علاج ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس میں450 افراد موت کا شکار ہوئے اور وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد12ہزارہوگئی ہے، سعودی عرب میں 344 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

    انڈونیشیا میں کورونا کے60 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں یہاں اموات کی تعداد 32 ہوگئی، ملائیشیا میں مہلک کورونا وائرس کے130 نئے کیس رپورٹ ہو چکے ہیں یہاں پر متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 30 تک جا پہنچی ہے۔

    بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد 258 ہوگئی جبکہ 5 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، اس کے علاوہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کا شکار ہوکر بیمار ہونے والے91ہزار952افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

    پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مریضوں کی تعداد 449 ہے۔ کرونا وائرس کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد 245 سندھ سے ہے، بلوچستان میں 81، پنجاب 78، کے پی میں 23 کرونا وائرس کے مریض زیرعلاج ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 9، گلگت بلتستان 12، ایک کرونا وائرس کے مریض کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے، ملک بھر میں 216مقامات پر 2942 افراد کے لیے آئسولیشن گنجائش موجود ہے۔

    ملک بھر میں 139 مقامات پر 23 ہزار 557 افراد کے لیے قرنطینہ سینٹر قائم ہیں، تفتان میں ایران سے آنے والے 600 زائرین کے لیے قرنطینہ سینٹر موجود ہے۔ اسی طرح چمن اور طورخم میں بھی مجموعی طور پر 600 افراد کے لیے قرنطینہ قائم کردئیے گئے ہیں۔

  • دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث اموات 11 ہزار 187 ہوگئیں

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث اموات 11 ہزار 187 ہوگئیں

    کراچی: دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث اموات 11 ہزار 187 ہوگئیں، کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار 936 ہوگئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث اموات 11 ہزار 187 ہوگئیں، پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مریضوں کی تعداد 449 ہے۔

    کرونا وائرس کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد 245 سندھ سے ہے، بلوچستان میں 81، پنجاب 78، کے پی میں 23 کرونا وائرس کے مریض زیرعلاج ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 9، گلگت بلتستان 12، ایک کرونا وائرس کے مریض کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے، ملک بھر میں 216 مقامات پر 2942 افراد کے لیے آئسولیشن گنجائش موجود ہے۔

    مزید پڑھیں: کروناوائرس: تمباکو نوشی کرنے والوں کے لیے بری خبر

    ملک بھر میں 139 مقامات پر 23 ہزار 557 افراد کے لیے قرنطینہ سینٹر قائم ہیں، تفتان میں ایران سے آنے والے 600 زائرین کے لیے قرنطینہ سینٹر موجود ہے۔

    اسی طرح چمن اور طورخم میں بھی مجموعی طور پر 600 افراد کے لیے قرنطینہ قائم کردئیے گئے ہیں۔

    کرونا وائرس کے پیش نظر عوام میں آگاہی کے لیے موبائل فون کے ذریعے پیغامات بھیجے جارہے ہیں، ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشنز، بس اڈوں پر پمفلٹ تقسیم کیے جارہے ہیں جبکہ 5 ہزار رضاکار طبی عملے کی تربیت کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

    دوسری جانب دنیا بھر میں‌ کرونا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 11 ہزار 187 تک پہنچ گئی، اٹلی میں کرونا وائرس سے ایک دن میں 627 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

    امریکا میں بھی کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 210 تک پہنچ گئی ہے، 48 گھنٹوں میں امریکا میں کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے، امریکا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار 250 ہوگئی ہے۔

  • کرونا وائرس، سعودی عرب میں 120 ارب ریال کا بجٹ مختص

    کرونا وائرس، سعودی عرب میں 120 ارب ریال کا بجٹ مختص

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پیش نظر 120 ارب ریال سے زائد کا بجٹ مختص کردیا گیا جس پر اتوار سے عملدرآمد ہوگا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ نجی اداروں خصوصاً چھوٹے اداروں اور اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی اقتصادی سرگرمیوں کی مدد کے لیے اسپیشل اسکیمیں تیار کی گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپیشل اسکیموں کا مجموعی بجٹ 70 ارب ریال سے زائد کا ہوگا، ان کے تحت نجی اداروں کو نقدی رقم فراہم کرنے کے لیے بعض سرکاری واجبات معاف کیے جائیں گے اور کئی کی ادائیگی ملتوی کردی جائے گی۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی عریبین مانیٹر اتھارٹی (ساما) نے بینکوں، مالیاتی اداروں، چھوٹے اور درمیانے اداروں کے لیے ان دنوں پچاس ارب ریال کی سبسڈی کا پروگرام منظور کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کورونا وائرس : شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم پیغام

    سعودی حکومت نے وزیر خزانہ کی زیر صدارت بااختیار کمیٹی تشکیل دی ہے، جو سہولتوں، ترغیبات اور قومی ترقیاتی فنڈ کی اسکیموں یا فنڈز اور بینکوں کے لیے فارمولے ترتیب دے گی۔

    رپورٹ کے مطابق یہ کمیٹی کرونا وائرس سے ہونے والے نقصانات کی روشنی میں غیرمعمولی اقتصادی صورتحال کا دباؤ کم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کے فیصلے کرے گی، اس کمیٹی میں وزیر اقتصادی و منصوبہ بندی، وزیر تجارت، وزیر صنعت و معدنیات، قومی ترقیاتی فنڈ کے ڈپٹی چیئرمین اور قومی ترقیاتی فنڈ کے گورنر ممبر ہوں گے۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی زد میں دنیا کے بیشتر ممالک آچکے ہیں، اس کا تقاضا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک جی 20 کے توسط سے مل کر موجودہ مرحلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات اور نقصانات کا دائرہ محدود کرنے کی کوشش کریں۔

  • سعودی عرب، مہنگے داموں ماسک فروخت کرنے والوں‌ کی شامت آگئی

    سعودی عرب، مہنگے داموں ماسک فروخت کرنے والوں‌ کی شامت آگئی

    ریاض: سعودی عرب میں مہنگے داموں ماسک فروخت کرنے والے غیرملکی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت تجارت کی چھاپہ مار ٹیموں نے میڈیکل ماسک کی آن لائن بلیک مارکیٹنگ کرنے والے غیرملکی گروہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک لاکھ 40 ہزار ماسک برآمد کرلیے۔

    سعودی وزارت تجارت کے مطابق ملزمان موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے طبی ماسک ذخیرہ کرنے کے بعد انہیں مہنگے داموں آن لائن فروخت کررہے تھے۔

    وزارت تجارت کی جانب سے متعدد بار انتباہ دیا جاچکا ہے کہ کسی قسم کی طبی اشیا مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے ذخیرہ نہ کی جائیں، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے بارے میں رپورٹ کرنے کے لیے ایپلی کیشن بھی لانچ کی ہے جس کا عنوان ’بلاغ تجاری‘ یعنی تجارتی خلاف ورزی کی رپورٹ رکھا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سنیی ٹائزر پینے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم

    وزارت نے تجارتی جعل سازی اور دیگر خلاف ورزیوں کے لیے ٹول فری نمبر 1900 بھی مخصوص کیا گیا ہے جس پر ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے بارے میں اطلاع دی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے میڈیکل ماسک اور جراثیم کش محلول کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے، ماسک اور سینیٹائرز کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر منافع خوروں نے مارکیٹ سے بڑی تعداد میں ماسک اور جراثیم کش محلول اسٹاک کرنا شروع کردیا۔

    وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیمیں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں، لوگوں کو چاہئے کہ وہ ایسے ذخیرہ اندوزوں کے بارے میں مطلع کریں۔