Tag: Corona virus

  • سندھ میں مکمل کرفیو یا لاک ڈاؤن کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، سعید غنی

    سندھ میں مکمل کرفیو یا لاک ڈاؤن کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، سعید غنی

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ میں مکمل کرفیو یا لاک ڈاؤن کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں مکمل کرفیو یا لاک ڈاؤن کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے 3 چھٹیوں میں عوام سے گھروں تک محدود رہنے کی اپیل کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بغیر مکمل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، ہم نے بھی لوگوں سے یہی کہا ہے کہ گھروں میں رہیں، وزیر اعظم عمران خان نے بھی یہی کہا ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری کرونا وائرس کی وبا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، اگر معاملے کی حساسیت کو نہ سمجھا گیا تو لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے جس سے عوام کو زیادہ مسائل پیش آسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: خدارا گھروں میں رہیں، وزیراعلیٰ سندھ کی عوام سے اپیل

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سعید غنی کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے اقدامات نہ کیے تو چیزیں ہاتھ سے نکل جائیں گی، ہم نے صوبے کے تعلیمی ادارے بند کیے تو لوگوں نے تفریح مقامات کا رخ کرلیا، میرےبس میں ہو تو شہریوں کوزبردستی گھروں میں بندکردوں۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث 3 اموات ہوچکی ہیں، ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 449 ہوگئی ہے، کرونا کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد 245 سندھ سے ہے۔

  • کرونا سے بچاؤ مہم، سندھ پولیس کو سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم

    کرونا سے بچاؤ مہم، سندھ پولیس کو سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پولیس کو سختی سے احکامات پر عملدرآمد کرانے کا حکم جاری کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر سندھ حکومت کی جانب سے پولیس کو سختی سے احکامات پر عملدرآمد کرانے کا حکم جاری کیا گیا ہے، عوام کو گھروں کے باہر تفریح سے روکا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ضرورت کے بغیر گھومنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، سندھ پولیس سب سے پہلے کراچی سے آپریشن کا آغاز کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق پولیس شہر میں ناکے لگائے گی، سفر کرنے والے شہریوں کو وجہ بتانی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں آج سے پانچ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد

    واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب کہا گیا تھا کہ سندھ میں گاڑیوں کے اندر، سڑکوں، شاہراہوں یا دیگر مقامات پر چار یا پانچ سے زائد افراد جمع نہ ہوں بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی، پابندی کا اطلاع آج بروز جمعہ سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ کراچی میں کرونا وائرس سے پہلا مریض انتقال کرگیا، وزیر صحت نے 77 سال کے مریض کی کرونا سے موت کی تصدیق کی تھی۔

    صوبائی وزیر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ مریض کی حالت کینسر اور ذیابیطس کی وجہ سے پہلے سے خراب تھی، مریض کی کوئی سفری تفصیلات نہیں ہیں، کرونا وائرس میں مبتلا 77 سال کا مریض نجی اسپتال میں زیر علاج تھا۔

  • کرونا سے بچاؤ، پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ٹریننگ پلان جاری کردیا

    کرونا سے بچاؤ، پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ٹریننگ پلان جاری کردیا

    لاہور: کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے کھلاڑیوں کو ٹریننگ پلان جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر پی سی بی کوچز نے صوبائی اور سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کو ٹریننگ پلان فراہم کردیا، کھلاڑیوں کو تین ہفتے کا ٹریننگ پلان بھجوایا گیا ہے۔

    پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ کھلاڑی فزیکل ٹریننگ پر خصوصی توجہ دیں، کھلاڑیوں کو رننگ اور اسٹریچنگ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    پی سی بی کے مطابق کھلاڑی تین ہفتے کے لیے جم ٹریننگ کم کریں، تین ہفتے کے بعد صورتحال دیکھ کر کھلاڑیوں کو مستقبل کا پلان فراہم کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی

    پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر فزیکل ٹریننگ اور ایکسرسائز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہوا ہے، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بیشتر ممالک نے شہروں میں لاک ڈاؤن کردیا ہے اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی معطل کردی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے کرونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز، فائنل میچ اور پاکستان کپ ملتوی کردیا گیا تھا۔

  • کرونا وائرس، ٹیکس میں کمی اور سبسڈیز میں اضافہ کیا جائے گا، حفیظ شیخ

    کرونا وائرس، ٹیکس میں کمی اور سبسڈیز میں اضافہ کیا جائے گا، حفیظ شیخ

    اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر ٹیکس میں کمی اور کئی سبسڈیز میں اضافہ کیا جائے گا، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی سے کام کریں گے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری معاشی صورتحال میں استحکام آرہا تھا، کرونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت کو نقصان پہنچا، اب تک پوری دنیا کو ساڑھے 300 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے، معاشی لحاظ سے پاکستان کو بھی کرونا سے نقصان پہنچا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معاشی نقصان سے نمٹنے کے لیے ہم نے 3 سطح پر اسٹریٹیجی بنائی ہے، پہلی اسٹریٹیجی ہے کہ طبی آلات فوری طور پر عالمی سطح پر حاصل کریں، طبی آلات میں وینٹی لیٹر اور دیگر آلات شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: عوام احتیاط کریں گے تو کرونا وائرس سے نمٹ سکتے ہیں، وزیراعظم

    مشیر خزانہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے ایسا پیکیج دیں جس سے معیشت کو زیادہ نقصان نہ ہو، ایسا پیکیج لائیں گے جس میں ٹیکسز میں کمی اور سبسڈیز میں اضافہ شامل ہوگا۔

    حفیظ شیخ نے کہا کہ یہ ایسا موقع ہے کہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت مل کر کام کرنا ہوگا، ہوسکتا ہے ہماری برآمدات کم ہو، عالمی سطح پر تیل کی قیمت بھی گرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے طے کیا ہے کہ کرونا اخراجات خسارے میں شامل نہیں کیے جائیں گے، اضافی سپورٹ کی ضرورت ہوئی تو آئی ایم ایف کے پاس جاسکتے ہیں، لوگوں کو کم مشکلات ہوں اس کا بھرپور خیال رکھا جارہا ہے۔

  • کرونا کے خطرے کے پیش نظر مزید 24 ٹرینوں کو روک دیا گیا، شیخ رشید

    کرونا کے خطرے کے پیش نظر مزید 24 ٹرینوں کو روک دیا گیا، شیخ رشید

    راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کرونا کے خطرے کے پیش نظر مزید 24 ٹرینوں کو روک دیا گیا ہے، اب تک مجموعی طور پر 34 ٹرینوں کو روکا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں 134 میں سے 100 ٹرینیں چل رہی ہیں، 10 سے 15 فریٹ ٹرینیں چل رہی ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے یومیہ مسافروں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے، 2 لاکھ سے کم ہوکر ایک لاکھ 65 ہزار مسافر یومیہ سفر کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرائے کی مد میں حاصل 8 کروڑ روپے مسافروں کو واپس کردئیے ہیں، مسافر اپنا ٹکٹ دوسری ٹرین میں بھی استعمال کرکے سفر کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ریلوے کا شہروں کے اندر اور باہر مختلف اسٹیشنز پر اضافی اسٹاپ دینے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے کرونا وائرس کے پیش نظر مرحلہ وار 34 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 134 ٹرینیں روزانہ چلتی ہیں، 22 مارچ سے 12 ٹرینیں بند کی جارہی ہیں، ضرورت پڑنے پر مزید 20 ٹرینیں بھی بند کرسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم جو کماتے ہیں وہی ریلوے پر خرچ کرتے ہیں، اگر پوری سروس بند کی تو ہمارے پاس پنشن اور ملازمین کی تنخواہ کے پیسے نہیں ہیں، ہم 134 ٹرینوں میں سے 34 بند کرنے جارہے ہیں اس سے ملازمین کی تنخواہیں نہیں رکیں گی۔

  • عوام احتیاط کریں گے تو کرونا وائرس سے نمٹ سکتے ہیں، وزیراعظم

    عوام احتیاط کریں گے تو کرونا وائرس سے نمٹ سکتے ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام احتیاط کریں گے تو کرونا وائرس سے نمٹ سکتے ہیں، احتیاط کے بغیر کرونا وائرس سے نمٹنے میں مشکلات ہوسکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین میں کرونا وائرس پھیلا تو پاکستانی طلبا کی واپسی کے لیے دباؤ آیا، چین نے بھی ہمیں کہا کہ پاکستانی طلبا کو نہ لے جائیں جس پر عمل کیا، چین کو مبارک باد دیتا ہوں کہ انہوں نے وائرس پر کنٹرول کرلیا، پاکستان میں ایک بھی کیس چین سے نہیں آیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ایران میں کرونا وائرس بڑھا تو ان کی نمٹنے کی صلاحیت ختم ہوگئی، عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں ایران پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں، کرونا وائرس ایک عالمی وبا ہے ایسے میں ایران پر پابندیاں ختم ہونی چاہئیں، ایران کرونا وائرس سے نمٹنے کی کوششیں کررہا ہے.

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، دیگر ممالک کے تجربات دیکھ لیں انہوں نے بھی آئسولیشن کا راستہ اپنایا ہے، ایک دوسرے سے فاصلے کو اپنا کر ہی دنیا میں وائرس پر کںٹرول کیا جارہا ہے، کئی ممالک میں لاک ڈاؤن ہے، لوگوں کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے ہنگامی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، بیرون ممالک سے ضروری سامان منگوایا جارہا ہے، دوسرا خطرہ خوف ہے یعنی عوام میں خوف سے بہت نقصان ہوگا، خوف سے نمٹنے کے لیے میڈیا نے اہم کردار ادا کرنا ہے، بریکنگ نیوز کے بجائے عوام کو صرف حقائق بتائے جائیں، پیمرا اس حوالے سے چینلز کو کوڈ آف کنڈکٹ دے گا، چینل مالکان کو درخواست کروں گا خوف کی فضا پیدا نہ کی جائے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ افرا تفری کا ماحول بنا تو پھر بہت نقصان ہوگا، خدا نخواستہ ایسی صورتحال نہیں کہ لوگ ذخیرہ اندوزی شروع کردیں، ہم نے افواہوں کو ختم کرنا ہے مل کر کرونا وائرس سے نمٹنا ہے، چین میں بھی قوم نے مل کر کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 2 مختلف اسٹریٹیجی سامنے آرہی ہیں، ایک اسٹریٹیجی کہ کراچی میں ایک قسم کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، جس طرح کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن کا سوچا گیا ہے ہم اس سے پیچھے ہیں، ہم نے کرکٹ میچز بند کردئیے، اسکول بند ہیں، شاپنگ مالز بند کردئیے، جہاں لوگ زیادہ جمع ہوتے تھے ان جگہوں کو ہم نے بند کردیا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن کریں گے تو ڈیلی ویجز سے لوگوں کو نقصان ہوگا، ہمارے پاس مکمل لاک ڈاؤن کے لیے وسائل بھی نہیں ہیں، کوشش کریں گے کرونا کے معاشی اثرات سے بھی نمٹیں، مالی امدادی پیکیج کا اعلان منگل کو کریں گے۔

  • کرونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ہمیں لاک ڈاؤن پر جانا چاہئے، علی ظفر

    کرونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ہمیں لاک ڈاؤن پر جانا چاہئے، علی ظفر

    کراچی: معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ہمیں لاک ڈاؤن پر جانا چاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستانی حکومت کی جانب سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، عوام کو بھی ابھی سے احتیاط کرنی چاہئے ورنہ صورتحال خطرناک ہوگی۔

    علی ظفر نے کہا کہ حکومت کو عوام کے لیے اسٹریٹیجی بنانی چاہئے، کچھ دن پہلے کرونا وائرس سے متعلق ایک گانا بنایا ہے کو کرونا، ہلکے انداز میں لوگوں کو آگاہی دینے کے لیے اپنے طور پر حصہ ڈالا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کو لوگ سنجیدہ نہیں لے رہے جس پر حیران و پریشان ہوں، کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، میری رائے ہے کہ کل سے نہیں آج سے ہی لاک ڈاؤن کردینا چاہئے۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس کا مقابلہ کیسے کریں؟ علی ظفر نے گانا ریلیز کردیا، ویڈیو دیکھیں

    گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ ملک میں 10 دن کے لیے لاک ڈاؤن کرنا چاہئے، اٹلی میں بھی سنجیدگی نہیں دکھائی گئی تھی جس کا نقصان دیکھ لیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل علی ظفر نے کرونا وائرس کے خطرے اور احتیاطی تدابیر سے متعلق گانے کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ گٹار بجا کر گنگنا رہے تھے۔

    علی ظفر نے گانے کے آخر میں پیغام دیا تھا کہ اپنا خیال رکھیں اور حفاظت کریں، اس گانے کو شیئر بھی کریں۔

  • کورونا وائرس : دنیا کی سب سے بڑی کمپنی کا ملازمتیں فراہم کرنے کااعلان

    کورونا وائرس : دنیا کی سب سے بڑی کمپنی کا ملازمتیں فراہم کرنے کااعلان

    واشنگٹن : دنیا میں سب سے زیادہ نوکریاں دینے والی کمپنی والمارٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو ملازمتیں فراہم کرےگی، اس کے علاوہ مستقل ملازمین کو بونس بھی دیا جائے گا۔

    کورونا وائرس کی وجہ سے امریکہ میں آن لائن اور آف لائن سیل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر والمارٹ کمپنی نے 1.5لاکھ لوگوں کو ملازمتیں اعلان کیا ہے۔

    والمارٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کے مستقل ملازمین کو 300 ڈالر اور غیر مستقل ملازمین کو ڈیڑھ سو ڈالر بونس کی صورت میں دیئے جائیں گے۔

    گزشتہ روز امریکہ میں تاریخی ٹرینڈنگ فلور کو بند کرنا پڑا وہیں امریکی اسٹاک ایکسچینج این وائی ایس سی پر والمارٹ کا شیئراب تک کی سب سے اونچی سطح پر پہنچ گیا کیونکہ موجودہ صورتحال کے باعث کمپنی کی سیل میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس کا اثر اس کے شیئر پر بھی پڑا۔

    یاد رہے کہ والمارٹ دنیا میں ریٹیل سیکٹر کی سب سے بڑی کمپنی ہے جو عالمی سطح پر کاروبار کرتی ہے، مذکورہ کمپنی کو ملازمین کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی پرائیویٹ کمپنی کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

    اس کمپنی کا قیام دو جولائی1962کو امریکہ میں عمل میں آیا تھا۔ اس سے قبل امیزین نے بھی ایک لاکھ لوگوں کو ملازمتیں دینے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکا میں ہلاکت خیز کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ تین افراد اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں دو کی حالت تشویش ناک اور ایک کی بہتر ہے۔

  • کورونا وائرس : اداکارہ آمنہ شیخ کا والدین کیلئے اہم پیغام، ویڈیو وائرل

    کورونا وائرس : اداکارہ آمنہ شیخ کا والدین کیلئے اہم پیغام، ویڈیو وائرل

    کراچی : کورونا وائرس کے خدشہ کے پیش نظر معروف ماڈل اور اداکارہ آمنہ شیخ نے تمام لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ اپنے بچوں کو گھر میں ہی پڑھائیں اور اردو کی کہانیاں سنائیں۔

    یہ مشورہ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو کے ذریعے دیا جس میں وہ اپنی بیٹی کو ایک دلچسپ اور سبق آموز کہانی سنارہی ہیں۔

    آمنہ شیخ نے اردو کہانی عابد کی توبہ کے علاوہ اپنی بیٹی کو  میری رنگین دنیا کے نام سے ایک اور کہانی بھی سنائی جس کی ویڈیو انسٹاگرام کے ساتھ ساتھ یوٹیوب پر بھی شیئر کی۔

    واضح رہے کہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے دنیا بھر میں لوگ اہنے گھروں میں رہنے اور بلا ضرورت باہر نہ نکلنے کی ہدایت پر عمل کررہے ہیں اور اسی حوالے سے پاکستان کی شوبز شخصیات بھی ان دنوں گھر میں موجود اپنی سرگرمیاں اپنے مداحوں سے شیئر کر رہی ہیں۔

    کورونا وائرس کے پھیلنے خوف کے باعث بہت سے ممالک میں اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں تاکہ طلباو طالبات خصوصاً بچے اپنے گھروں تک ہی محدود رہیں۔

    تعلیمی ادارے بند ہونے کے بعد والدین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو گھر میں رہ کر بھی پڑھائی کی جانب راغب کریں۔

    اداکارہ آمنہ شیخ کے اس دلچسپ طریقے سے پڑھانے کی ویڈیو پر ان کے مداحوں کی جانب مثبت تبصرے کیے جارہے ہیں کہ گھر میں اس طرح سے بچوں کو پڑھانا بہت اچھا پیغام ہے۔

  • کورونا وائرس : شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم پیغام

    کورونا وائرس : شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم پیغام

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

    یہ بات انہوں نے سعودی عوام سے اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ میں آپ لوگوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم بھی پوری دنیا کی طرح مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور آنے والا مرحلہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے اور زیادہ مشکل ہوگا، عوام نے کورونا بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے سرکاری ادارے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور لاتے رہیں گے۔​

    خادم حرمین شریفین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب بھی پوری دنیا کی طرح کورونا وائرس پر قابو پانے کے سلسلے میں مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ آنے والے ہفتے اس حوالے سے زیادہ مشکل ثابت ہوں گے، تاہم یہ مرحلہ بھی جلد گزر جائے گا۔

    انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت اپنے عوام اور تارکین کی صحت و عافیت کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے گی، ملک میں ادویات، خوراک اور دیگر معاشی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    غیر ملکیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلے میں سرکاری اداروں کی ہدایات کی مکمل پابندی کریں۔