Tag: Corona virus

  • کورونا وائرس : آٹے کی قلت کا خدشہ، گندم کی قیمت ایک بار پھر بڑھا دی گئی

    کورونا وائرس : آٹے کی قلت کا خدشہ، گندم کی قیمت ایک بار پھر بڑھا دی گئی

    کراچی : کورونا وائرس کے پیش نظر شہریوں نے آٹا خرید کر ذخیرہ کرنا شروع کردیا، جس کے باعث شہر میں آٹے کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا، نئی گندم کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گندم مہنگی ہونے کے باعث شہر میں آٹے کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، کورونا وائرس کے خوف کی وجہ شہریوں نے آٹا خرید کر اسٹور کرنا شروع کردیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی گندم کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد گندم کی قیمت 38روپے سے بڑھ کر43روپے فی کلو گرام ہو گئی ہے۔

    پچھلے سال کی گندم کی قیمت میں10روپے فی کلو گرم کا اضافہ کیا گیا تھا، پچھلے سال کی گندم کی قیمت 43سے بڑھ کر 53روپے فی کلو ہوگئی تھی، ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ سے کراچی کے چکی مالکان کو گندم فروخت نہیں کی جارہی۔

    مزید پڑھیں : کرونا سے بچاؤ ، عوامی ریلیف کے لیے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    واضح رہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سندھ حکومت نے خشک راشن خریدنے اور تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر راشن بیگز کی خریداری کی تیاری شروع کردی گئی ہے، پہلے مرحلے میں 60ہزار راشن بیگ خریدے جائیں گے، فیصلے کےتحت راشن بیگز پی ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کیےجائیں گے۔

  • کورونا وائرس : سعودی عرب میں انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم

    کورونا وائرس : سعودی عرب میں انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم

    ریاض : سعودی حکومت کی جانب سے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مفت ہینڈ سینیٹائزر تقسیم کیے جارہے ہیں، ریاض میونسپلٹی کی جانب سے25مقامات پر سینیٹائزر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض میونسپلٹی کی جانب سے شہر کے 25 مختلف مقامات میں شہریوں اور یہاں مقیم غیر ملکیوں میں سینیٹائرز کی مفت تقسیم کیے گئے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق میونسپلٹی نے کہا ہے کہ گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبد العزیز کی ہدایت پر شہر بھر میں سینیٹائرز کی مفت تقسیم جاری رہے گی۔

    میونسپلٹی حکام نے کہا ہے کہ میونسپلٹی کی لیبارٹری میں ہینڈ سینیٹائزر کی وافر مقدار تیار کرلی گئی ہے ، ہینڈ سینیٹائزرکی مفت تقسیم کا سلسلہ شہر بھر میں جاری رہے گا، ہماری کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اسے پہنچایا جائے۔

    مزید پڑھیں : ماسک کیسے تیار کیے جاتے ہیں؟ سعودی حکام نے ویڈیو جاری کردی

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث ملک میں بھر میں سینیٹائرز اور ماسک کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

  • کورونا وائرس : خاتون ایک مہینے بعد اپنے گھر پہنچی تو کیا ہوا ؟ ویڈیو وائرل

    کورونا وائرس : خاتون ایک مہینے بعد اپنے گھر پہنچی تو کیا ہوا ؟ ویڈیو وائرل

    بیجنگ : کورونا وائرس کے مریضوں کی خدمت پر مامور خاتون سماجی کارکن ایک ماہ بعد گھر اپنے پہنچی تو رقت انگیز مناظردیکھنے میں آئے، بچے کو روتا دیکھ کر وہاں موجود لوگوں کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ ،

    دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اس وقت بیشتر ممالک میں کرونا وائرس نے لاکھوں افراد متاثر کیا ہوا ہے جس کے سبب اسپتالوں میں تمام عملہ اپنے کاموں میں دن رات متحرک ہے۔

    تعلیمی اداروں اور شاپنگ مالز کو محدود وقت کیلئے بند کردیا گیا ہے، کچھ دفاتر ایسے ہیں کہ جہاں ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    محکمہ صحت نے بھی ہوم کوارنٹائن کو کی ہدایات جاری کی ہیں لیکن پوری دنیا میں مچی اس افراتفری میں ایک محکمہ صحت ہی ایسا ہے جو پوری مستعدی کے ساتھ کام کررہا ہے۔

    محکمہ صحت کے ملازمین مقررہ وقت سے زیادہ ڈیوٹی کررہے ہیں، ایسے حالات میں لوگ کئی کئی دنوں تک اسپتال میں ہی رہ رہے ہیں کیونکہ انہیں گھر جانے کا وقت نہیں مل پارہا ہے۔

    اس حوالے سے کرونا متاثرین کے علاج پر مامور خاتون سماجی کارکن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، چین کے علاقہ ہیبئی کی رہائشی ایک ایسی ہی خاتون ایک ماہ بعد جب گھر لوٹی ماں اوربچے کی ایسی حالت ہوگئی کہ دیکھنے والے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی بچہ اپنی ماں کو دیکھتا ہے تو بھاگتا ہوا جاکر اس سے لپٹ جاتا ہے اور پھوٹ پھوٹ کرنے رونے لگتا ہے۔ بچہ کو روتا دیکھ کر ماں بھی بچے کو گلے لگا کر رونے لگتی ہے۔

    بچے کی ماں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ چین کے ہیبئی علاقہ میں ایک اسپتال میں ہیلتھ ورکر کے طور پر کام کرتی ہے اور گزشتہ 29 دنوں سے کام زیادہ ہونے کی وجہ سے مسلسل اسپتال میں ہی تھی۔

    مزید پڑھیں: کرونا کے مریضوں کی خدمت پر مامور نرس کی درد ناک آپ بیتی

    اس دوران اس کو ایک مرتبہ بھی گھر جانے کا موقع نہیں ملا تھا۔ اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔ ایک صارف نے اس ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بچے تمہاری ماں اصل ہیرو ہیں۔

  • کورونا وائرس : قوانین کی خلاف ورزی پر 38 افراد گرفتار، مقدمہ درج

    کورونا وائرس : قوانین کی خلاف ورزی پر 38 افراد گرفتار، مقدمہ درج

    کراچی : کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر کراچی پولیس نے38 افراد کو گرفتار کرکے26مقدمات درج کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات اور گرفتاریاں کی ہیں، چند دنوں میں ہونے والی کارروائیوں کی تفصیلات کراچی پولیس نے جاری کردی ہیں۔

    اس حوالے سے کراچی کے مختلف تھانوں میں26مقدمات درج کرلئے گئے، کراچی پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ 26مقدمات درج کرکے38 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ مقدمات مہنگے داموں سینیٹائزر اور فیس ماسک فروخت پر کئے گئے، شادی ہالز  میں تقاریب اور اسکول کھولنے ، کورونا کے جعلی علاج،  سینٹائزر اور ماسک ذخیرہ اندوزی پر کئے گئے۔

    اس کے علاوہ پرندوں کی فروخت پر مقدمہ کرتے ہوئے پرندے ضبط کئے گئے، مختلف کارروائیوں میں70ہزار302ماسک ضبط کئے گئے، مختلف کارروائیوں میں83 ہینڈ سینٹائزر برآمد ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں سینیٹائزر مہنگے داموں فروخت کرنے والا دکاندار گرفتار

    یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد فیس ماسک فروخت کرنے والوں نے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا تھا، ماسک کی اضافی قیمت اور مارکیٹ میں عدم دستیابی کی وجہ سے شہری بہت زیادہ پریشانی کا شکار بھی تھے۔

     

  • بغداد : 80 افراد کورونا مریض کے گھر دعوت کھانے پہنچ گئے

    بغداد : 80 افراد کورونا مریض کے گھر دعوت کھانے پہنچ گئے

    بغداد : ایران سے وطن واپس آنے والے عراقی باشندے نے اپنے ساتھ80افراد کو بھی کرونا وائرس کی لپیٹ میں لے لیا، گھر پہ کھانے کی دعوت دے کر ان لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران سے واپس آنے والے ایک عراقی نے اپنے عزیز و اقارب کو اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا، ان لوگوں میں 80افراد شامل تھے۔

    عراقی ذرائع ابلاغ کے مطابق کھانے پرمدعو افراد یہ بات جان کر حیران رہ گئے کہ ان کا میزبان کورونا وائرس کا مریض ہے، جس کے بعد وہ سب خوفزدہ ہوگئے۔

    ان لوگوں نے اس بات پر افسوس اور غصہ کا بھی اظہار کیا کہ جب میزبان کو پتہ تھا کہ وہ وبا زدہ ملک ایران سے عراق پہنچا ہے اور خود بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہے تو اسے کسی کو بھی کھانے پر اپنے گھر نہیں بلانا چاہئے تھا۔

    لاعلمی میں پہنچ گئے پتہ نہیں اب ہمارا کیا ہوگا؟ اس حوالے سے عراقی محکمہ صحت کے ڈائریکٹر الکرخ جاسب لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے لیے یہ بڑا مسئلہ بن گیا ہے کہ کورونا کے مریض عراقی کے اہل خانہ کو کہاں اور کس طرح تلاش کیا جائے۔

    ان تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔عراقی محکمہ صحت کے عہدیدار نے ذرائع ابلاغ کی مدد سے اپیل کی کہ وہ تمام افراد جو کورونا کے مریض عراقی کے یہاں مدعو تھے وہ 14 دن تک اپنے گھروں میں بند رہیں۔ الگ تھلگ رہیں اور احتیاطی تدابیر کا اہتمام کریں۔

  • کرونا وائرس، ٹرمپ کا امریکی شہریوں کو امدادی رقوم دینے کا اعلان

    کرونا وائرس، ٹرمپ کا امریکی شہریوں کو امدادی رقوم دینے کا اعلان

    واشنگٹن: کرونا وائرس کے پیش نظر امریکی صدر ٹرمپ نے شہریوں کو امدادی رقوم دینے کا اعلان کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر کاروبار بند ہونے سے متاثر امریکیوں کو امدادی چیک دئیے جائیں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا بھر میں کاروبار بند ہونے سے بڑی تعداد میں بیروزگاری ہے، اس وقت ہمیں نظر نہ آنے والے دشمن سے لڑائی کا سامنا ہے، ہم یہ لڑائی بہت جلد جیت جائیں گے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لیے آسان قرضوں کا بندوبست بھی کررہے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ امریکیوں کو جلد از جلد امدادی رقوم بھیجی جائیں، سیکریٹری خزانہ اسٹیون منچن کا کہنا ہے کہ متاثر امریکیوں کو براہ راست امدادی چیک بھجوائے جائیں گے، امدادی چیک آئندہ 2 ہفتے تک بھجوانا شروع کردیں گے۔

    مزید پڑھیں: کروناوائرس: چین اور امریکا ایک بار پھر آمنے سامنے

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس میں یومیہ بریفنگ کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری کردی گئی ہیں، غیرضروری صحافیوں کا وائٹ ہاؤس میں داخلہ ممنوع ہوگا۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صحافیوں کو داخلے سے پہلے دروازے پر بخار چیک کرانا ہوگا، وائٹ ہاؤس کی ریسپونڈنٹ ایسوسی ایشن آنے والے صحافیوں کا انتخاب کرے گی۔

    واضح رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے شہروں کو لاک ڈاؤن کرنے کا حکم جاری کیا اورہر قسم کے عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی۔

    حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں، تفریحی مقامات کو بھی بند کردیا گیا جبکہ طب کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ دیگر کو بھی گھروں پر ہی محصور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ نے 3 ارب کا کرونا ریلیف فنڈ قائم کردیا، مرتضیٰ وہاب

    وزیراعلیٰ سندھ نے 3 ارب کا کرونا ریلیف فنڈ قائم کردیا، مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے3 ارب روپے کا کرونا ریلیف فنڈ قائم کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے 3 ارب روپے کا کرونا ریلیف فنڈ قائم کردیا ہے، کابینہ ارکان، پی پی ایم پی ایز ایک ماہ کی تنخواہ جمع کرائیں گے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کراچی سمیت صوبے بھر میں 15 دن کے لیے ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا 15 دن کیلئے ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پبلک پارکس اور سی ویو بھی کل سے بند رہیں گے جب کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں سرکاری دفاتر پرسوں سے بند ہوں گے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کریانہ اسٹور، سبزی اور مرغی کی مارکیٹیں کھلی رہیں گی، گروسری شاپس بھی 24 گھنٹےکھلی رہ سکتی ہیں۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں انٹر اسٹی بسوں کو پرسوں سے بند کردیا جائے گا، کرونا سے بچاؤ کیلئے لوگوں کو گھروں میں محدود رکھنا چاہتا ہوں۔

    یاد رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 212 ہوگئی ہے، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 172 ہوگئی ہے۔

  • حکومت تنہا وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتی، سب کو متحد ہونا ہوگا، نور الحق قادری

    حکومت تنہا وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتی، سب کو متحد ہونا ہوگا، نور الحق قادری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت تنہا کرونا وائرس کا مقابلہ نہیں کرسکتی سب کو متحد ہونا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق القادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا عین توکل کا حصہ ہے، دینی مدارس کی چھٹیاں اور امتحانات موخر کیے ہیں، وزیراعظم کو کچھ تجاویز صوبائی حکومتوں نے دی ہیں۔

    نور الحق قادری نے کہا کہ کرونا سے متاثرہ شخص لوگوں میں گھلنے ملنے سے گریز کریں، علما سے گزارش ہے کہ جمعے کے خطبات کو مختصر کیا جائے، درباروں، زیارت گاہوں میں تقاریب کو موخر کیا جائے، شادی بیاہ کی تقریبات موخر یا کم لوگوں کا مجمع کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: بلوچستان کے قرنطینہ میں موجود افراد کا کورونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

    وزیر مذہبی امور نے کہا کہ مصافحہ سے مخصوص حالات کے باعث اجتناب کیا جائے، اسلام و علیکم زبان سے کہنا سنت ہے اس پر اکتفا کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین سے متعلق مختلف افواہیں ہیں، حرمین شریفین کی رونقیں جلد لوٹ آئیں گی، سعودی حکام سے رابطے میں ہیں۔

    نور الحق قادری نے کہا کہ ہم علما کے ساتھ رابطے میں ہیں اور انہیں اعتماد میں لیا ہے، ذمہ داری دی گئی ہے معاشرے کے طبقات کو اعتماد میں لیں، جید علما نے وزیراعظم کو کچھ تجاویز بھی دی ہیں۔

    واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 212 ہوگئی ہے، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 172 ہوگئی ہے۔

  • کورونا وائرس لاک ڈاؤن : خوراک کا بڑا ذخیرہ کس عرب ملک کے پاس ہے ؟؟

    کورونا وائرس لاک ڈاؤن : خوراک کا بڑا ذخیرہ کس عرب ملک کے پاس ہے ؟؟

    ریاض : سعودی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر کو درپیش مسائل کے باوجود مشرق وسطیٰ میں خوراک کا سب سے بڑا ذخیرہ سعودی عرب کے پاس موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمٰن الحسین نے کہا ہے کہ وزارت تجارت کے افسران غلہ جات کے اعلیٰ ادارے کے گوداموں کا دورہ کرکے اس بات کا اطمینان حاصل کررہے ہیں کہ ملک میں کھانے پینے کی چیزیں اور اشیائے صرف وافر مقدار میں موجود ہیں یا نہیں۔

    جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ سعودی عرب کے پاس خوراک کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے، وزارت تجارت کے افسران اس طرح کے تمام اداروں کے مسلسل دورے کررہے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق غلہ جات کے اعلیٰ ادارے کے پاس آٹے کی 4 لاکھ 50 ہزار بوریاں تقسیم کے لیے موجود ہیں، غلہ جات کا اعلیٰ ادارہ روزانہ 2 لاکھ 80 ہزار آٹے کی بوریاں گھریلو ضروریات کے لیے تیار کرا رہا ہے جبکہ 2 لاکھ ستر ہزار آٹے کی بوریاں یومیہ تجارتی بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

    وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمٰن الحسین کے مطابق دنیا کو درپیش مشکل حالات کے باوجود سعودی عرب خوشحالی اور کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں ذخیرہ رکھنے والا ملک تھا، ہے اور رہے گا، یاد رہے کہ سعودی عرب کے غلہ جات کا اعلیٰ ادارہ 3.3 ملین ٹن سے زیادہ گندم سے انواع و اقسام کی روٹیاں اور بیکری مصنوعات تیار کراتا ہے۔

  • کورونا وائرس : قطرمیں موجود تمام لوگوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جارہا ہے، محمد بن حماد الثانی

    کورونا وائرس : قطرمیں موجود تمام لوگوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جارہا ہے، محمد بن حماد الثانی

    قطر : وزیر صحت شیخ ڈاکٹر محمد بن حماد الثانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ہر شہری کا خیال رکھا جارہا ہے چاہے وہ ملکی ہوں یا غیرملکی، گھبرانے کی ضرورت نہیں، سب کا خیال رکھیں گے۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ ڈاکٹر محمد بن حماد الثانی کا کہنا تھا کہ صحت کے حوالے سے ملک ان حالات کے لئے ہر طرح سے تیار ہے اور عوام کو کسی خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں، میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کسی بھی حوالے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں اور ہر چیز ترتیب میں ہے، یہ ملک آپ میں سے ہر ایک کے لئے ہے۔

    قطری ذرائع ابلاغ کئے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک کے تمام لوگوں کا خیال کرتے ہیں چاہے وہ قطری ہوں یا غیر ملکی ہر شخص کو صحت کی نگہداشت کی خدمات یکساں طور پر مہیا کی جاتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ پہلے جن چار مریضوں کا علاج کیا گیا ان کا تعلق اردن ، فلپائن ، سوڈان اور ایران سے تھا جس سے صاف طاہر ہے کہ ہم تمام لوگوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ کورونا وائرس کے سلسلے میں حکومت نے بڑے پیمانے پر اہم اقدامات کیے ہیں۔