Tag: Corona virus

  • پاکستان میں کرونا وائرس کے 94 مستند کیسز ہوچکے ہیں، ظفر مرزا

    پاکستان میں کرونا وائرس کے 94 مستند کیسز ہوچکے ہیں، ظفر مرزا

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے 94 مستند کیسز ہوچکے ہیں، وزارت قومی صحت سے جاری کردہ اعدادوشمار مستند تصور ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس 147 ملکوں تک پھیل چکا ہے، پاکستان میں آج تک کرونا وائرس کے 94 مستند کیسز ہوچکے ہیں، جو زائرین واپس لوٹے انہیں کچھ عرصہ تفتان میں رکھا گیا پھر صوبے میں بھیجا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے زائرین کو سکھر میں رکھا اور ٹیسٹ کیے، سندھ حکومت نے جو ٹیسٹ کیے ان کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، پریشانی نہیں ہونی چاہئے، معاملات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

    ظفر مرزا نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں جو بھی فیصلے ہوئے تھے ان پر عملدرآمد جاری ہے، وزیراعظم عمران خان صورتحال کو خود بھی مانیٹر کررہے ہیں، وزیراعطم کی زیر صدارت اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا، حکومت کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

    معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ کرونا ٹیسٹنگ کٹس سے متعلق ہمیں بہت مدد ملی ہے، پاکستان میں 14 لیبارٹریز ایسی ہیں جہاں ٹیسٹنگ کٹس دی جارہی ہیں، حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ٹیسٹنگ کٹس مفت فراہم کی جارہی ہیں۔

    ظفر مرزا نے کہا کہ شک دور کرنے کے لیے لوگوں کو ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہے، زکام، کھانسی اور سانس میں دشواری پر ٹیسٹ کرائے جاسکتے ہیں، شک دور کرنے کے لیے لوگوں کو ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بیرون ملک سے واپس آنے والوں میں بھی علامات ہوتی ہیں، وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے متاثرہ لوگ دیگر لوگوں سے الگ رہیں، ٹریول ہسٹری، علامات کی صورت میں مستند ڈاکٹر سے ٹیسٹ کرائیں۔

    ظفر مرزا نے کہا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ کچھ پرائیویٹ لیبارٹریز بھی ٹیسٹ کررہی ہیں، کچھ لیبارٹریز کے پاس ٹیسٹنگ کٹس ہیں لیکن کچھ کے پاس نہیں ہیں، جن کے پاس ٹیسٹنگ کٹس نہیں وہ بھی ٹیسٹ کرکے پیسے لے رہی ہیں، جن لیبارٹریزکے پاس ٹیسٹنگ کٹس ہیں ان کی تفصیلات جلد جاری کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے 78 ہزار افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں، یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کو پوری قوم نے مل کر حل کرنا ہے، مل کر کام نہیں کریں گے تو اس بیماری کا پھیلاؤ نہیں روک سکتے۔

  • کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا بڑا حکم

    کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا بڑا حکم

    کراچی: کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے سندھ بھر کی جیلوں میں چیف سیکریٹری کو فوری طور پر ریپڈ رسپانس یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے چیف سیکریٹری کو فوری طور پر ریپڈ رسپانس یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جیلوں میں فوری اسکریننگ کرائی جائے۔

    چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ ہر جیل میں کم از کم 4 ٹمپریچر گن فوری پہنچائی جائیں اور جیلوں کے عملے بھی اسکریننگ کرائی جائے۔

    چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے جیل ڈاکٹرز کو لمحہ بہ لمحہ قیدیوں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیدی جہاں بھی ہوں اسکریننگ یقینی بنائی جائے۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں کرونا وائرس کے 41 نئے کیسز رپورٹ ، مریضوں کی تعداد 94 ہوگئی

    انہوں نے کہا کہ سیکریٹری صحت، ہوم سیکریٹری کرونا سے متعلق انتظامات مکمل کریں۔

    واضح رہے کہ سندھ میں ایک دن میں کرونا وائرس کے مزید 41 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 جبکہ ملک بھر میں 94 ہوگئی ہے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کے کراچی میں 25 اورحیدرآباد میں ایک کیس ہے، جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی ہے، کروناوائرس کے 76 میں سے 2مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 74افراد کوآئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔

  • کورونا وائرس : سندھ میں بس اسٹینڈز و اسٹاپس پر سینیٹائزر نصب کرنے کی ہدایت

    کورونا وائرس : سندھ میں بس اسٹینڈز و اسٹاپس پر سینیٹائزر نصب کرنے کی ہدایت

    کراچی : وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو کورونا وائرس کے خطرے سے بچانے کیلئے بس اسٹینڈ و اسٹاپ پر سینیٹائزر نصب کئے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت ٹرانسپورٹ سندھ نے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے لیے کورونا ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ سندھ بھر کے بس اسٹینڈز اور بس اسٹاپوں پر سینیٹائزر نصب کئے جائیں، بسوں اور کوچز کے مسافروں کو صاف پانی، صابن اور ماسک فراہم کئے جائیں.

    اس حوالے سے ٹرانسپورٹ کے صوبائی وزیر اویس شاہ نے کہا کہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بسوں اور کوچز میں سفر کرنے نہ دیا جائے، سفر کے دوران کوچز اور بسوں کو غیر معیاری ہوٹلوں پر نہ روکا جائے۔

    بس اسٹاپ اور ہوٹلوں کے باہر آگاہی پوسٹرز آویزاں کئے جائیں، ایک ٹرپ کے بعد گاڑیوں میں صفائی اور اسپرے کیا جائے، ٹرانسپورٹ افسران تمام ہدایات پر سختی سے عمل کرائیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں سینیٹائزر مہنگے داموں فروخت کرنے والا دکاندار گرفتار

     واضح رہے کہ گزشتہ روز کلفٹن پولیس نے کارروائی کرکےدفعہ 144کی خلاف ورزی پر دکاندار کو گرفتار کرلیا، اس حوالے سے پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ دکاندار اصل قیمت سے زائد پر سینیٹائزر (ہاتھ صاف کرنے والا محلول) فروخت کر رہا تھا۔

    پولیس کے مطابق 160 روپے میں ملنے  والا سینیٹائزر500 میں فروخت کیا جارہا تھا۔ ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کی جارہی ہے۔

  • چیف جسٹس گلزار احمد کی کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے  ہدایات جاری

    چیف جسٹس گلزار احمد کی کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہدایات جاری

    اسلام آباد :چیف جسٹس گلزاراحمد نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہدایات جاری کردیں، جس کے تحت سپریم کورٹ ملازمین کو بائیو میٹرک حاضری لگانے سے روک دیا گیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزاراحمد نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے رجسٹرارسپریم کورٹ کو ہدایات جاری کردیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آنے والے سائلین کی سکریننگ کی جائے گی ، سائلین کے جسم کا درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ ملازمین کو بائیو میٹرک حاضری لگانے سے روک دیا گیا اور سپریم کورٹ میں ہاتھ صاف کرنے کیلئے سینی ٹائزر لگا دیئے گئے جبکہ سپریم کورٹ ملازمین میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کا ہدایات نامہ تقسیم کیاجائے گا۔

    مزید پڑھیں : کرونا وائرس ، حاضری کے لیے بائیومیٹرک نظام میں تبدیلی کا فیصلہ

    یاد رہے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ سمیت تمام عدالتوں میں حاضری کے لیے بائیومیٹرک نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا اور تمام ملازمین کوبائیومیٹرک نظام میں چہروں سے شناخت کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بائیومیٹرک نظام میں تبدیلی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا تھا، نوٹی فکیشن کا اطلاق پورے صوبے کی عدالتوں پر ہوگا۔

    اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ کے بعد ماتحت عدالتوں میں بھی بائیو میٹرک حاضری لگانے سے اسٹاف کو روک دیا گیا تھا اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد رجسٹرار کی جانب سے بائیو میٹرک حاضری نہ لگانے کا مراسلہ بھی جاری کیا گیا تھا۔

    جس میں کہا گیا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر تمام ڈسٹرکٹس کورٹ میں عدالتی عملہ پرانی پریکٹس کے مطابق رجسٹر پر حاضری لگائے گا ، رجسٹر پر حاضری عارضی طور پر لگائی جائیں گی۔

  • کورونا وائرس : سعودی وزیر صحت نے پیغام جاری کردیا

    کورونا وائرس : سعودی وزیر صحت نے پیغام جاری کردیا

    ریاض : سعودی وزیر صحت نے مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے چار باتیں اختیار کریں، اس سے بچاؤ کیلیے سب کا تعاون ضروری ہے۔

    یہ بات ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہی، سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ جان لیوا کورونا وائرس پوری دنیا میں بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہم بھی اس دنیا کا حصہ ہیں، ہماری قیادت اور ہماری حکومت نے آپ کی سلامتی کے لیے کئی حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔

    وزیر صحت نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے بڑا چیلنج ہے جس میں کامیابی کیلئے ہم سب کا تعاون ضروری ہے، چار باتیں ہیں جن پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے۔

    پہلی چیز یہ ہے کہ مصافحہ کرنے سے مکمل طور پر اجتناب کریں، ہاتھوں کو جراثیم کش اور صابن سے اچھی طرح دھوئیں۔
    ہم کو معلوم ہونا چاہئے کہ وائرس کی منتقلی کا سب سے بڑا ذریعہ ہاتھ ہیں، چنانچہ ان کی صفائی کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے

    انہوں نے کہا کہ بھیڑ بھاڑ میں جانے سے بچیں، لوگ بڑی تعداد میں ایک جگہ جمع نہ ہوں کیونکہ اس طرح وائرس کی منتقلی آسانی سے ہوتی ہے۔

    اور آخری چیز یہ ہے کہ اگر آپ کرونا وائرس کی علامات محسوس کریں یا بیرون ملک سے آئے ہیں تو خود کو ایک کمرے تک محدود رکھیں،14 دن کے لیے کسی سے میل ملاپ نہ کریں۔ یہ آپ کی اور دوسرے لوگوں کی سلامتی کے لیے ضروری  ہے۔

    سعودی وزیر صحت نے شہریوں سے زور دے کر اپیل کی کہ یہ قومی فریضہ ہے جس میں سب کا تعاون مطلوب ہے، ہم سب اس فریضے کو ادا کرنے کے ذمہ دار ہیں، ہم سے براہ راست رابطہ کریں، ہم آپ کی خدمت کے لیے موجود ہیں۔

  • کرونا وائرس سے متعلق شہروں میں لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں، ظفر مرزا

    کرونا وائرس سے متعلق شہروں میں لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں، ظفر مرزا

    اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے شہروں میں کسی بھی سطح پر لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک53کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم ملک بھر کے شہروں میں کسی بھی سطح پر لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں ہے، پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں کورونا کٹس پہنچائی گئی ہیں۔

    ظفرمرزا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سارک اجلاس کا تعلق کورونا وائرس کے حوالے سے تھا، سارک اجلاس میں عوامی صحت پربات کی گئی ہے۔

    اجلاس میں کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کا لاک ڈاؤن ختم کریں، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بہت ہی خراب ہے، معاون خصوصی صحت کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بھی کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔

  • کورونا سے متاثرہ بھارتی خاتون بنگلور سے بھاگ کر آگرہ پہنچ گئی

    کورونا سے متاثرہ بھارتی خاتون بنگلور سے بھاگ کر آگرہ پہنچ گئی

    نئی دہلی : بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کی بیوی بنگلور سے بھاگ کر آگرہ جاپہنچی، دونوں میاں بیوی اٹلی سے اپنا ہنی مون مکمل کرکے واپس پہنچے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کی بیوی حکام سے بچ کر بھاگ نکلی اور بنگلور سے دہلی پہنچ کر بذریعہ جہاز اپنے سسرال آگرہ جا پہنچی۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ خاتون خود بھی کرونا وائرس سے متاثر ہے۔ نئی دہلی سے فرار ہونے والی یہ خاتون گوگل کمپنی کے ایک عہدیدارکی بیوی ہے جن میں7مارچ کو کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

    یہ نیا شادی شدہ جوڑا حال ہی میں یورپ میں کرونا وائرس سے متاثرہ یورپ کے سب سے بڑے ملک اٹلی میں اپنا ہنی مون مکمل کرکے واپس بھارت آیا تھا۔

    محکمہ صحت کی جانب سے خاتون سے ان کی سسرال جاکر رابطہ کیا گیا پہلے تو ان کے اہل خانہ نے ملاقات کیلئے تعاون نہیں کیا، بعد ازاں پولیس اور ضلعی مجسٹریٹ کی مداخلت پر خاتون سے بات چیت کی۔

    حکام کے مطابق اس گھر میں نو افراد رہائش پذیرہیں جنہیں اسکریننگ کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : بھارت میں کورونا وائرس کے پانچ مریض اسپتال سے فرار

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور کے مایا اسپتال سے کورونا وائرس کے کچھ مشتبہ مریضوں کو لایا گیا جہاں کے ٹیسٹ کرنے کے بعد انہیں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا۔

    میریضوں کو آئے ہوئے چند ہی روز ہوئے تھے کہ ان میں سے پانچ مریض موقع پا کر اسپتال سے نکل کر فرار ہوگئے، مریضوں کے فرار ہونے سے عوام میں سراسیمگی کا ماحول پایا جارہا ہے۔

  • کرونا وائرس : حکومتی احکامات کی خلاف ورزی، شادی ہال کا مالک گرفتار

    کرونا وائرس : حکومتی احکامات کی خلاف ورزی، شادی ہال کا مالک گرفتار

    کراچی : کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر نوابشاہ پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے شادی ہال کے مالک کو گرفتار کرلیا، شکارپور میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے خدشے کے باعث لگائی جانے والی پابندی کی خلاف ورزی پر انتظامیہ ایکشن میں آگئی۔

    نوابشاہ پولیس نے شادی ہالز میں تقریبات کی بندش کی خلاف ورزی پر سکرنڈ روڈ پر قائم شادی ہال میں جاری ایک تقریب پر چھاپہ مارا، اس موقع پر مالک کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا۔

    شادی ہال چھاپے کے دوران تقریب میں شریک افراد میں بھگدڑ مچ گئی، پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران شادی ہال سیل کردیا۔
    اس کے علاوہ شکارپور میں تقریبات اور عوامی اجتماعات پر پابندی کے باوجود تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔

    اتوار کے روز بھی شہر کے مختلف شادی ہالز میں تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، کورونا وائرس کے سبب حکومت نے تقریبات اور عوامی اجتماعات پر پابندی لگائی ہے۔

    ضلع انتظامیہ حکومت کے واضح احکامات کے باوجود تقریبات سے لاعلم ہے، اس کے علاوہ شکارپور میں مختلف ہوٹلوں پر بھی معمول کے مطابق رش دیکھنے میں آرہا ہے۔

  • کرونا وائرس : عمان میں ہونے والی مبینہ ہلاکت سے متعلق وضاحت جاری

    کرونا وائرس : عمان میں ہونے والی مبینہ ہلاکت سے متعلق وضاحت جاری

    مسقط : عمان کے رائل اسپتال نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ کرونا وائرس (سی او وی آئی ڈی19)میں مبتلا شخص کی موت عمان میں واقع نہیں ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمان کے رائل اسپتال کی انتظامیہ  نے کرونا وائرس سے مبینہ ہلاکت کی وضاحت جاری کردی ہے، یہ بیان رائل ہاسپٹل میں (سی او وی آئی ڈی19) میں مبتلا شخص کی ہلاکت کے بارے میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہ کے ردعمل کے طور پر جاری کیا گیا تھا۔

    اسپتال کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رائل اسپتال یہ وضاحت کرتا ہے کہ متاثرہ شخص کی موت کی ویڈیو ریکارڈنگ  اور اسپتال کے بارے میں سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا جانے والا پیغام سراسر غلط ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مریض کا علاج جاری ہے اور اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے اور اب وہ کافی حد تک صحت یاب بھی ہوچکا ہے۔

    اسپتال سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے متعلق کسی افواہ پر یقین نہ کریں بلکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ معلومات اور اعداد وشمار پر انحصار کیا جائے۔

  • کرونا وائرس : سعودی عرب کا تمام بین الاقوامی پروازوں کیلئے بڑا فیصلہ

    کرونا وائرس : سعودی عرب کا تمام بین الاقوامی پروازوں کیلئے بڑا فیصلہ

    ریاض : سعودی حکومت نے مملکت کے تمام بڑے ائیرپورٹس بین الاقوامی پروازیں دو ہفتےکیلئے بند کرنے کا اعلان کردیا، یہ پابندی سعودی وقت کے مطابق آج صبح 11 بجے سے لاگو ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ بین الاقوامی فلائٹ آپریشن دو ہفتوں کے لیے معطل کردیا جائے۔

    اس بات کا اعلان باضابطہ طور پر بھی کردیا گیا ہے، ملک بھر کے تمام ائیرپورٹ سعودی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے کے بعد انٹرنیشنل فلائٹس کیلئے بند کردیئے گئے ہیں۔

    گا کا کے مطابق بیرون ملک سے آنے والی تمام پروازوں پر سعودی عرب آنے پر پابندی ہوگی، سعودی ایوی ایشن کے مطابق تمام ائیر پورٹ بین الاقوامی پروازوں کے لئے دو ہفتے کے لئے بند کئے گئے ہیں

    ائیرپورٹ کے بین الاقوامی پروازوں کیلئے بند ہونے سے متعلق باضابطہ نوٹم بھی جاری کردیا گیا ہے، نوٹم کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے اقاما ہولڈروں کو سعودی عرب آنے کیلئے 72 گھنٹے کی ڈیڈلائن دی گئی تھی، تاہم سعودی حکومت کے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ فلائٹ آپریشن کی معطلی کے باعث سعودی عرب نہ پہنچنے والے تمام

    سعودی اور غیر ملکی شہریوں کی غیر حاضری کو غیر معمولی سرکاری چھٹیوں میں شمار کیا جائے گا۔ سی اے اے اور پی آئی اے نے گاکا کو فلائٹ آپریشن کو 25 مارچ تک توسیع کی درخواست کی تھی جو مسترد ہو گئی۔