Tag: Corona virus

  • کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وزارت ہوا بازی کا مسافروں سے متعلق اہم فیصلہ

    کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وزارت ہوا بازی کا مسافروں سے متعلق اہم فیصلہ

    کراچی : کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقدامات کرتے ہوئے وزارت ہوا بازی نے فیصلہ کیا ہے کہ مسافروں کے طیارے سے نکلنے کی اجازت ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم سے مشروط کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے پیش نظر وزارت ہوا بازی نے مسافروں کے طیارے سے نکلنے کی اجازت ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم سے مشروط کردی ہے۔

    اس حوالے سے تمام ایئرلائنز کو واضح طور پر ایک بار پھر ہدایات جاری کردی گئی ہیں، وزارت ہوابازی نے ہدایت کی ہے کہ دوران پرواز ہی مسافروں سے فارم مکمل کروائیں، نامکمل فارم پر پرواز میں تاخیر کی ذمہ داری متعلقہ ائیرلائن پر ہوگی۔

    مزید پڑھیں : کرونا وائرس ، پی آئی اے کے کپتانوں اورفضائی میزبانوں کیلئے احتیاطی تدابیر جاری

    اس کے علاوہ کرونا وائرس کسے بچاؤ کیلئے پی آئی اے انتظامیہ نے کپتانوں اور فضائی میزبانوں کیلئے احتیاطی تدابیر جاری کردی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک اپنے ہوٹلز کے علاوہ دیگر مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

    پی آئی اے کے چیف پائلٹ اسٹینڈرڈ انسپیکشن کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک جانے والی پروازوں کے کپتان اور فضائی عملہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور بیرون ملک اپنے ہوٹلز کے علاوہ دیگر مقامات پر جانے سے گریز کریں جبکہ کپتان اور عملہ ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کرے۔

  • سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 2نئے کیس رپورٹ، مریضوں کی تعداد18ہوگئی

    سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 2نئے کیس رپورٹ، مریضوں کی تعداد18ہوگئی

    کراچی : سندھ میں کروناوائرس کے مزید 2 نئے کیس سامنے آگئے ، جس کے بعد سندھ بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد15 جبکہ پاکستان میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد18  تک جا پہنچی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کروناوائرس کے مزید 2 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، ایک کیس حیدرآباد میں رپورٹ ہوا جبکہ دوسرے نئے کیس کا تعلق کراچی سے ہے۔

    محکمہ صحت سندھ نے بتایا حیدرآباد میں متاثرہ شخص شام اور دوحہ کاسفرکر چکا ہے، کراچی میں متاثرہ مریض نےدبئی کا سفر کیا تھا، دونوں مریضوں کے رابطےمیں آنیوالوں کی معلومات لے رہے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق دو نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد سندھ بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد15ہو گئی جبکہ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد اٹھارہ تک جا پہنچی ہے۔

    معاون خصوصی صحت ڈاکٹرظفرمرزا نے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ متاثرہ افراد کرونا میں مبتلا مریضوں سے رابطے میں تھے، مزید لوگوں کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

    خیال رہے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی بھی شکار ہوگئے ہیں ، وہ دو روز پہلے ایران سے آئےتھے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی میں کروناوائرس کی تصدیق

    یاد رہے گزشتہ روز بھی کراچی میں کرونا کے 8 نئے کیسز سامنے آئے تھے ، جن میں 5 مریضوں نے شام براستہ دوحہ سفر کیا اور 3 مریضوں نے لندن براستہ دبئی سفر کیا تھا۔

    وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہوتا ہے، بیرون ملک سے آنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، آج رپورٹ ہونے والے افراد ایران سے نہیں آئے، متاثرہ افراد لندن اور دبئی سے آئے ہیں۔

    دوسری جانب کرونا پر محکمہ ریلیف و آباد کاری خیبرپختونخوا نے بھی گائیڈ لائنز جاری کردی ہے اور ملک میں اندرون اوربیرونی آمدورفت کےلئے چیک پوائنٹس کاطریقہ وضع کردیا۔

    پنجاب میں بھی کوروناسے بچاؤ کے لئے اقدامات کئے گئے اور وزیراعلیٰ پنجاب کےمطابق ضروری سامان اور آلات کےلیےلئے دو ارب تین کروڑ اسی لاکھ روپے مختص کردیے ہیں۔

  • پی آئی اے کا قطر کے بعد اب اٹلی کیلئے بھی  فضائی آپریشن منسوخ

    پی آئی اے کا قطر کے بعد اب اٹلی کیلئے بھی فضائی آپریشن منسوخ

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے قطر کے بعد اب اٹلی کیلئے بھی اپنا فضائی آپریشن منسوخ کردیا ہے، کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پروازیں 31مارچ تک منسوخ رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے اٹلی کے شہر میلان کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر منسوخ کردیا، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی اٹلی کیلئے تمام پروازیں 31 مارچ تک منسوخ رہیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد سے میلان کے لیے پروازیں آپریٹ کی جاتی ہیں، پی آئی اے کا پیرس اور یورپ کیلئے فضائی آپریشن جاری ہے، انتظامیہ کی جانب سے میلان کیلئے بک ریزرویشن 31مارچ تک منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    پی آئی اے نے قطر کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا

    اس سے قبل پی آئی اے نے قطر کیلئے اپنا فضائی آپریشن 31 مارچ تک معطل کردیا تھا ، قطر نے بھی پاکستان سمیت چودہ ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کی ہے، قطری حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کروناوائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی کوشش ہے۔

  • سعودی عرب میں کرونا کے مریض صحت یاب ہونے لگے

    سعودی عرب میں کرونا کے مریض صحت یاب ہونے لگے

    ریاض : سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی صحت تسلی بخش ہے، اسپتالوں میں داخل مریض تیزی سے صحت یابی کی جانب گامزن ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کرونا مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں نئے کرونا وائرس کے مریضوں کی صحت تسلی بخش ہے لہٰذا خدشے کی کوئی بات نہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترجمان وزارصحت نے بتایا ہے کہ مملکت میں کرونا وائرس کے 15 مریضوں میں سے 14قطیف اور دمام کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ان سب کو دیگر مریضوں سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ کرونا وائرس کا ایک مریض امریکی شہری ہے، یہ فلپائن اور اٹلی سے ہوتے ہوئے سعودی عرب پہنچا تھا، اسکا علاج ریاض کے ایک اسپتال میں کیاجارہا ہے، اس کو تمام مریضوں سے الگ تھلگ کرکے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا ہے۔

    العبد العالی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے متاثرین سے ملنے جلنے والوں کی مجموعی تعداد 468 ہے۔ ان سب کی فہرست تیار کرلی گئی تھی، ان کا معائنہ بھی کیا جاچکا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو قرنطینہ میں محصور شہریوں کی تعداد 1153ہے۔ یہ سب صحت مند ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی کورونا وائرس کا مریض نہیں، انہیں احتیاطی تدبیر کے طور پر گھریلو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

  • کراچی میں کرونا وائرس کے 8 نئے کیسز سامنے آگئے

    کراچی میں کرونا وائرس کے 8 نئے کیسز سامنے آگئے

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس کے 8 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کرونا کے 8 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی اور پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کرونا وائرس کے 5 مریضوں نے شام براستہ دوحہ سفر کیا، کرونا وائرس کے 3 مریضوں نے لندن براستہ دبئی سفر کیا۔

    وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہوتا ہے، بیرون ملک سے آنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، آج رپورٹ ہونے والے افراد ایران سے نہیں آئے، متاثرہ افراد لندن اور دبئی سے آئے ہیں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کی اسکیننگ ہوتی ہے، ان تمام انتظامات کے باوجود ہم مکمل طور پر مطمئن نہیں ہیں، دبئی سے آنے والی فلائٹس کو ایران یا چین کی فلائٹ کی طرح چیک نہیں کیا جاتا۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی ایک مریض کو تھوڑا سا ایشو ہوا تو اسے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، آج رپورٹ ہونے والے افراد 5 یا 6 مارچ کی فلائٹ سے پہنچے تھے، مریض لندن سے براستہ دبئی سے آئے ہیں، عوام پریشان نہ ہوں یہ وائرس خطرناک نہیں ہے۔ ہم نے اس ایشو کو بہت زیادہ سنجیدگی سے لیا ہے۔

    واضح رہے کہ اب تک ملک میں کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 3 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    یاد رہے کہ ان مریضوں میں سے سب سے پہلے سامنے آنے والے کراچی کے یحییٰ جعفری نامی نوجوان کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا جبکہ باقی تمام متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔

  • کورونا وائرس، شاہ سلمان کا عالمی ادارہ صحت کے لیے ایک کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

    کورونا وائرس، شاہ سلمان کا عالمی ادارہ صحت کے لیے ایک کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عالمی ادارہ صحت کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایک کروڑ امریکی ڈالر امداد دینے کا اعلان کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دنیا بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مالی معاونت کی اپیل کی گئی تھی جس کے بعد شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فوری طور پر ایک کروڑ ڈالر امداد فراہم کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔

    ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان امدادی سینٹر برائے ہیومن ایڈ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کا کہنا ہے کہ شاہ سلمان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کی گئی امدادی اپیل کا فوری جواب دیتے ہوئے رقم فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود کے منصوبے پر فوری عملدرآمد کیا جاسکے۔

    ڈاکٹر الربیعہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف کرتے ہوئے اس امداد کو بہترین اقدام قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔

    دوسری جانب ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے امداد فراہم کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 660 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 3412 سے زائد ہوچکی ہے اور مجموعی طور پر 56 ہزار مریض اب تک صحت یاب ہوئے ہیں۔

  • سعودی حکومت کا تعلیم کے فروغ کیلئے بڑا اقدام

    سعودی حکومت کا تعلیم کے فروغ کیلئے بڑا اقدام

    ریاض : سعودی حکومت نے طلباء و طالبات کیلئے آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے تعلیمی اداروں میں مناسب متبادل مہیا کردیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، تکنیکی اور تربیتی اداروں میں آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے وزیر تعلیم نے ہدایت جاری کی ہے کہ تدریسی سرگرمیاں معطل کرنے کے دورانیے میں فاصلاتی تعلیم اور فرضی اسکولوں (وی اسکول) کو مؤثر کیا جائے تاکہ تعلیمی عمل مؤثر شکل میں معیاری طریقے سے جاری رہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت تعلیم نے آن لائن ایجوکیشن کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے تعلیمی اداروں کو مناسب متبادل مہیا کردیے ہیں۔

    سعودی وزارت تعلیم کی خصوصی کمیٹی نے کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے، نگرانی ضوابط کے مطابق کی جائے گی۔

    ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ آن لائن تعلیم کی کارروائی کے سلسلے میں یکجہتی پیدا کریں گے اور طلبہ و طالبات کے ذمہ داران کے استفسارات کے جواب دیں گے۔

  • کرونا وائرس :  سعودی عرب میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم

    کرونا وائرس : سعودی عرب میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم

    ریاض : سعودی حکومت نےکرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے تمام اسکولوں، کالجوں، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے محکمہ صحت کے حکام کی سفارش پر احتیاطی تدبیر کے طور پر تمام اسکولوں، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں اور تکنیکی اداروں کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اس فیصلے پر آج بروز پیر نو مارچ سے عمل درآمد کیا جائے گا، سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت تعلیم نے تدریسی عمل کی معطلی کے دوران آن لائن ایجوکیشن پروگرام میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ سرکاری و نجی سکولوں اور یونیورسٹیوں میں طلبہ و طالبات اور تدریسی و انتظامی عملے کی سلامتی اور صحت کے تحفظ کی خاطر کیا گیا ہے۔

    یہ پابندی سرکاری و نجی اسکولوں، تعلیمی اداروں، کالجوں، یونیورسٹیوں، سرکاری و نجی پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت جنرل کارپوریشن پر لاگو ہوگی۔

    وزارت تعلیم نے عوام کو اطمینان دلایا ہے کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ وقتی اور احتیاطی تدابیر کے تحت کیا گیا ہے، اس حوالے سے کسی کو پریشان ہونے کجی ضرورت نہیں۔

    ترجمان نے ہدایت کی کہ تمام لوگ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں اور صحت کے حوالے سے ہدایات پر عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکے، تعلیم کی بحالی کے لیے متعلقہ کمیٹی نئی صورتحال کا جائزہ لیتی رہے گی۔

  • سعودی عرب میں دکانداروں اور ملازمین کیلئے نئی ہدایات جاری

    سعودی عرب میں دکانداروں اور ملازمین کیلئے نئی ہدایات جاری

    ریاض : سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بڑے پیمانے پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے سپر اسٹورز، دکانوں اور باربر شاپس مالکان کو ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں بلدیہ حکام نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مملکت کے مختلف شہروں میں قائم، سپر اسٹورز، دکانوں اور باربر شاپس کو ہدایات دی ہیں کہ وہ صارفین کے لیے جراثیم کش محلول (سینیٹائزر) کا لازمی اہتمام کریں۔

    سپر مارکیٹوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر جراثیم کش محلول کا خصوصی طور پربندوبست کیا جائے تاکہ آنے والے صارفین سٹور میں داخل ہونے سے قبل محلول سے ہاتھ صاف کریں۔

    بلدیہ کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلوں اور اشیا ئےخورد ونوش فروخت کرنے والی دکانوں میں کام کرنے والے کارکن باقاعدہ طبی ماسک اور دستانوں کا استعمال کریں۔

    اس حوالے سے بلدیہ حکام نے ہینڈ بلز بھی جاری کیے ہیں جن میں ہدایات دی گئی ہیں کہ باربر شاپس پر کام کرنے والے ملازمین طبی ماسک اور دستانوں کا ہر حالت میں استعمال کریں اور جراثیم دوسروں تک منتقلی سے بچاؤ کیلئے گاہکوں کو ڈسپوزایبل ایپرن لگائیں۔

    اس کے علاوہ اسی طرح کی ہدایات تندوروں اور بیکریوں میں کام کرنےو الے ملازمین کو بھی دی گئی ہیں اور پابند کیا گیا ہے کہ کام کے دوران طبی فیس ماسک ضرور پہنیں۔

  • کرونا وائرس کے عالمی حصص بازاروں پر بھی برے اثرات مرتب

    کرونا وائرس کے عالمی حصص بازاروں پر بھی برے اثرات مرتب

    اسلام آباد : کرونا وائرس نے صرف انسانوں کی جانوں کو ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کی معیشت کو بھی شدید متاثر کیا ہے، عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کا رجحان ہے جس کے باعث کھربوں ڈالر کا سرمایہ ڈوب گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے عالمی حصص بازاروں پر بھی برے اثرات مرتب ہوئے ہیں، صرف 9دن میں عالمی حصص بازاروں میں90کھرب ڈالر کا سرمایہ ڈوب گیا۔

    کاروباری ہفتے کے اختتام پر عالمی حصص بازاروں میں مندی کارجحان برقرار رہا، ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک ماہ میں ڈاؤ جونز انڈیکس میں3305پوائنٹس کی کمی اور نیسڈیک میں940پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔

    اس کے علاوہ ایک ماہ میں جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں3155پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور ہانگ کانگ انڈیکس میں1088پوائنٹس کمی سامنے آئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے واخح اثرات نہ ہونے باوجود گزشتہ ایک ماہ میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں2504پوائنٹس کمی واقع ہوئی۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کا سلسلہ تاحال رک نہ سکا، نہ ہی اسے پھیلنے سے روکا جاسکا ہے، دنیا بھر میں اس وائرس سے 95 ہزار 488 سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے امریکی صدارتی انتخابات متاثر ہونے کا خدشہ

    دوسری طرف صحت یابی کا عمل بھی جاری ہے اور اب تک 53689 سے زائد افراد مہلک وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں، عالمی سطح پر صحت یابی کے عمل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔