Tag: Corona’s economic effects

  • کورونا کے معاشی اثرات مستقبل میں کتنے خطرناک ہوں گے؟ اقوام متحدہ کی چشم کشا رپورٹ

    کورونا کے معاشی اثرات مستقبل میں کتنے خطرناک ہوں گے؟ اقوام متحدہ کی چشم کشا رپورٹ

    اقوام متحدہ نے کہا ہے کوویڈ 19 کا اثر ملازمتوں پر 2008 کے معاشی بحران سے چار گنا زیادہ برا اثر ہوا ہے اور آنے والے وقت میں مزید کروڑوں لوگ اپنی ملازمتوں سے محروم ہوسکتے ہیں۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کا ملازمتوں اور کام پر تباہ کن اثر ہوا ہے۔ پیر کو آئی ایل او کی انٹرنیشنل لیبر کانفرنس کا آغاز ہوا جو کہ پہلی مرتبہ آن لائن ہو رہی ہے۔

    آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گائے رائیڈر کا کہنا تھا کہ وبا کے دوران کام کرنے کا تجربہ بعض افراد کے لیے مشکلات، تھکاوٹ، تناؤ اور فرسٹریشن کا باعث رہا ہے لیکن دوسروں کے لیے یہ خوف، غربت اور زندہ رہنے کے حوالے سے تھا۔

    آئی ایل او کی سالانہ ورلڈ ایمپلائمنٹ اینڈ سوشل آوٹ لک رپورٹ کے مطابق وبا نے دنیا بھر میں 10 کروڑ کارکنان کو خط غربت سے نیچے دھکیل دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وبا کی وجہ سے کام کا دورانیہ کم ہوا ہے اور اچھی ملازمتوں تک رسائی بہت کم رہ گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عالمی بے روزگاری 2022 میں20 کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کرسکتی ہے جبکہ 2019 میں یہ تعداد 18 کروڑ سے زائد تھی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملازمتیں وبا سے پہلے کی سطح پر 2023 سے قبل آنے کی امید نہیں ہے۔ رائیڈر کا کہنا تھا کہ اگر ان تمام اثرات کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو یہ 2008 اور 2009 کے معاشی بحران سے چار گنا زیادہ شدید ہیں۔

    آئی ایل او کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جس طرح نظام صحت وبا سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار نہیں تھا اسی طرح ملازمتوں کا سیکٹر بھی بالکل اس بحران کے لیے تیار نہیں تھا۔

    ویکسین کی تقسیم میں بڑے پیمانے پر عدم مساوات اور غیر مساوی ڈیجیٹل رابطہ کاری سمیت مختلف مالی معاملات ملازمتوں کے حوالے سے مزید مسائل کو جنم دیں گے۔

    آئی ایل او کا قیام 1919 عمل میں آیا تھا جس کے ممبر ممالک کی تعداد اب 187 ہوگئی ہے۔ گزشتہ سال تنظیم کی سالانہ کانفرنس کورونا وبا کے باعث منعقد نہیں ہوئی تھی۔

  • کورونا کے معاشی اثرات، وزیر اعظم  نے کمزور معیشتوں کیلئے قرض کی مد میں چھوٹ کی تجویز دی

    کورونا کے معاشی اثرات، وزیر اعظم نے کمزور معیشتوں کیلئے قرض کی مد میں چھوٹ کی تجویز دی

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کیلئے کورونا کے معاشی مضمرات سے نمٹنا مشکل امر ہے ، وزیر اعظم نے کمزور  معیشتوں کیلئے قرض کی مد میں چھوٹ کی تجویز دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کنزرویٹو فرینڈز آف پاکستان کے ورچوئل اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی شہریوں کی موجودگی تعلقات کےاستحکام کا مظہر ہیں، کورونا نے دنیا بھر کی معیشت کو بری طرح متاثرکیا ، ترقی پذیر ممالک کیلئے کورونا کے معاشی مضمرات سے نمٹنا مشکل امر ہے ، وزیر اعظم نے کمزور معیشتوں کیلئے قرض کی مد میں چھوٹ کی تجویز دی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کورونا کے پھیلاؤ کو کافی حدکم کرنےمیں کامیاب ہوا، وبا کے خلاف پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں اور ڈاکٹرزنےخدمات انجام دیں ، وباکیخلاف لڑتے ہوئے جانوں کانذرانہ دینے والوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، پاکستان نےذمہ دارانہ معاشی پالیسیوں کو اپنایا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نےمقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا بھارت نے یکطرفہ اقدامات سے خطے کے امن کوخطرے سے دوچار کردیا، بھارت مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کے درپے ہے۔

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوفوری روکاجائے اور عالمی قراردادوں کی روشنی میں مسئلے کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے۔