Tag: coronavirus patient

  • عید کے موقع پر کرونا وائرس کا مریض فرار ہو کر گھر پہنچ گیا

    عید کے موقع پر کرونا وائرس کا مریض فرار ہو کر گھر پہنچ گیا

    قاہرہ: مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض عید کے موقع پر قرنطینہ سے فرار ہو کر گھر والوں سے ملنے کے لیے پہنچ گیا، اہل علاقہ نے پولیس کی اطلاع کردی جس کے بعد مریض کو دوبارہ اسپتال پہنچایا گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض اپنے گھر والوں کے ساتھ عید منانے کے لیے اسپتال سے فرار ہوگیا، مصری پولیس نے 35 سالہ مفرور مریض کو گرفتار کر کے دوبارہ اسپتال پہنچا دیا۔

    مذکورہ شہری کے رشتہ دار اور احباب کرونا وائرس کے مریض کے گھر پہنچنے کے بعد حیران رہ گئے، مریض کا تعلق ملک کے شمالی صوبے البحیرہ کے شہر الدلنجات سے ہے۔

    کرونا وائرس کے مذکورہ مریض کے فرار کی خبر نے پورے شہر میں خوف و ہراس پھیلا دیا، الدلنجات شہر کے میئر کامل غطاس کا کہنا ہے کہ مریض کو خصوصی ایمبولینس کے ذریعے دوبارہ اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ مریض بہت کم وقت کے لیے گھر میں رہا کیونکہ علاقے کے تمام لوگ خوفزدہ ہوگئے تھے، متعدد افراد نے مذکورہ مریض کو اسپتال سے فرار ہو کر گھر آتے دیکھ کر پولیس کو اطلاع کردی تھی۔

    شہر کی میڈیکل ٹیموں نے ان تمام لوگوں کا کرونا ٹیسٹ لینا شروع کردیا ہے جن سے مذکورہ مریض چند لمحے کے لیے ملا تھا۔

    مصر میں اس سے قبل بھی کرونا وائرس کے مریضوں کے قرنطینہ سے فرار ہونے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، اس سے قبل بھی ایک مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر اپنے چچا کے جنازے میں پہنچ گیا تھا۔

    مریض نے نماز جنازہ کے موقع پر کئی لوگوں سے مصافحہ بھی کیا اور کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے اسے گلے لگا کر دلاسہ دیا، بعد ازاں پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے فرار ہونے والے مریض کو گرفتار کر کے دوبارہ قرنطینہ میں داخل کروا دیا گیا۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے اسمارٹ کڑا

    سعودی عرب: کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے اسمارٹ کڑا

    ریاض: سعودی عرب میں گھر میں قرنطینہ کرنے والے افراد کے لیے اسمارٹ کڑا متعارف کروایا جارہا ہے، ایک موبائل ایپ سے منسلک اس کڑے میں متعدد خصوصیات ہوں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور آگہی کے پیش نظر اسمارٹ کڑے کا سسٹم متعارف کروایا جائے گا۔

    سعودی عرب میں ہاؤس آئسولیشن کا طریقہ کار بھی اپنایا جارہا ہے اور اس کے لیے متاثرہ افراد یا کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو اسمارٹ کڑے دیے جائیں گے۔

    سعودی حکام توکلنا موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اسمارٹ کڑے ہاؤس آئسولیشن کے لیے متعارف کروائیں گے۔

    مذکورہ ایپ کی انتظامیہ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا ہے کہ ہاؤس آئسولیشن میں رکھے جانے والوں کو روزانہ اپنے محلے میں چہل قدمی کے لیے ایک گھنٹے کا اجازت نامہ جاری ہوگا۔

    ایپ کے ذریعے متاثرہ افراد کو جسمانی ورزش کی ترغیب دی جائے گی اور ایسے لوگوں کو جنہیں یہ شبہ ہو کہ وہ کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں، کے لیے اپنا ٹیسٹ از خود کرنے کا طریقہ کار بھی موجود ہوگا۔

    یہ ایپ سعودی وزارت صحت اور مصنوعی ذہانت کے سعودی ادارے سدایا نے مشترکہ تعاون کے ذریعے تیار کی ہے، ایپ متعدد فیچرز سے مزین ہے اور اس کی بدولت کرفیو کے دوران پاس کے اجرا میں بھی سہولت ہوگی۔

  • کراچی میں کورونا کے ایک اور مریض کا انتقال،سندھ میں مجموعی تعداد7ہوگئی

    کراچی میں کورونا کے ایک اور مریض کا انتقال،سندھ میں مجموعی تعداد7ہوگئی

    کراچی: شہر قائد میں کورونا وائرس سے ایک اور شہری انتقال کرگیا،جس کے بعد سندھ میں کوروناوائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد7ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کراچی میں کرونا وائرس میں مبتلا شہری کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا 70 سالہ شہری کو گزشتہ روز اسپتال لایاگیا تھا۔

    عذراپیچوہو کا کہنا تھا کہ مریض مختلف بیماریاں لاحق تھیں ،کوروناوائرس لوکل ٹرانسمٹ ہوا، مریض کے انتقال کے بعد رپورٹ سےکوروناوائرس کی تصدیق ہوئی۔

    وزیر صحت نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ میں کوروناوائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد7ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی ہے جب کہ 42 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 اور حیدرآباد میں 14 نئے کیسز کے بعد تعداد 57 ہوگئی ہے۔

    وزیر صحت نے بتایا کہ حیدرآباد میں کرونا متاثرین کو مکمل انتظامات کے ساتھ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، جنھیں رپورٹ منفی آنے تک زیر علاج رکھا جائے گا، اب تک سندھ میں 41 کرونا متاثرہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    گذشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے باعث 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 25 تک پہنچ گئیں۔