Tag: Coronavirus Patients

  • مصر : کورونا مریضوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، 7جل کر ہلاک

    مصر : کورونا مریضوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، 7جل کر ہلاک

    قاہرہ : مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ میں گزشتہ روز ایک اسپتال میں لگنے والی آگ میں کورونا وائرس کے7 مریض ہلاک ہوگئے، آتشزدگی سے سات مریضوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    اس حوالے سے سیکیورٹی اور طبی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ فائر فائٹرز کی فوری کارروائی کے سبب آگ کو اسپتال کے دیگر شعبہ جات تک پھیلنے سے روک دیا گیا، اس موقع پر متاثرہ مریضوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنے کے لئے ایمبولینس میں روانہ کیا گیا۔

    غیر ملکی خٰبر رساں ادارے کے مطابق ہلاکتوں کی بڑی وجہ مریضوں کا جلنا اور دم گھٹنا بتائی جارہی ہے جبکہ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں اسپتال کا عملہ بھی شامل ہے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    مصر کے سرکاری اخبار ‘الاحرام’ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کو قرار دیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اسی طرح کا آگ لگنے کا ایک اور واقعہ رواں سال ماہ جون میں اسکندریہ شہر کے نجی ہسپتال کے کورونا وائرس وارڈ میں بھی پیش آیا تھا، جس سے7مریض ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

    قبل ازیں مئی میں قاہرہ کے کورونا وائرس آئیسولیشن سینٹر میں بھی آگ لگی تھی، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ خیال رہے کہ مصر میں ایک بار پھر وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس سے حکومت ایک بار پھر کورونا مریضوں کو قرنطینہ کرنے اور ان کے علاج کے لیے مختص اسپتال دوبارہ کھولنے پر مجبور ہوگئی ہے۔

  • کرونا وائرس: 80 فیصد مریضوں میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں

    کرونا وائرس: 80 فیصد مریضوں میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کا کاری وار جاری ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اکثر افراد میں اس سے پیدا ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔

    اس حوالے سے سب سے پہلے جنوری میں چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن وزیر ما شیاﺅوی نے بتایا تھا کہ اس وائرس کے شکار 80 فیصد افراد میں ایک سے 14 دن تک کوئی علامات سامنے نہ آنے کا امکان ہوتا ہے اور اس دوران یہ کسی دوسرے فرد میں منتقل ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وجہ سے وائرس کو پھیلنے سے روکنا مشکل ہو رہا ہے جبکہ اس کے ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہونے کی صلاحیت مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

    بعد ازاں امریکا کے محکمہ صحت سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رابرٹ ریڈ فیلڈ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ بڑی تعداد میں اس کا شکار افراد میں اس بیماری کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں، اور 25 فیصد کیسز میں ایسا ہو سکتا ہے۔

    اس کے بعد آئس لینڈ میں محققین نے بتایا تھا کہ کرونا وائرس کے 50 فیصد سے زائد کیسز ایسے تھے جن میں علامات نظر نہیں آئیں اور کیسز کی تصدیق ملک میں بڑے پیمانے پر ہونے والی ٹیسٹنگ کے دوران ہوئیں۔

    اس کے بعد ایک اور رپورٹ میں امریکی ادارے سی ڈی سی نے کہا تھا کہ سنگاپور کے محققین نے متعدد ایسے کیسز کی نشاندہی کی ہے جس میں وائرس بغیر علامات ظاہر کیے ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہوا۔

    اب مزید 2 حالیہ تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ کووڈ 19 کے اکثر مریضوں میں علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

    ڈاکٹر ریڈ فیلڈ کے مطابق ایسے بغیر علامات والے مریض وائرس کو پھیلانے میں اہم ترین کردار ادا کر رہے ہیں اور ممکنہ طور پر علامات ظاہر ہونے سے 48 گھنٹے پہلے ان سے وائرس صحت مند افراد میں منتقل ہوسکتا ہے۔

    ان کے بقول اس سے سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ امریکا بھر میں یہ وائرس بہت زیادہ تیزی سے کیوں پھیل رہا ہے کیونکہ علامات سے پاک مریض اس میں اہم ترین کردار ادا کر رہے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال میں فیس ماسک کے استعمال کی اہمیت از حد بڑھ جاتی ہے۔

    ماہرین کی تجویز ہے کہ باہر نکلتے ہوئے ماسک کا استعمال ضرور کیا جائے تاکہ نہ صرف ایسے ممکنہ مریضوں سے حفاظت کی جاسکے جن میں اس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، بلکہ اگر وہ خود بھی اس کا شکار ہوچکے ہیں تو لاعلمی میں اسے دوسروں تک نہ پہنچائیں۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، 570 کیسز کی تصدیق

    پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، 570 کیسز کی تصدیق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، اب تک صوبے میں 570 مریض سامنے آچکے ہیں جنہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 570 ہوگئی ہے۔

    ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کرونا وائرس سے پنجاب میں 5 اموات ہوئیں، اب تک 5 مریض صحتیاب ہو کر ڈسچارج ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 79 زائرین، لاہور میں 119 افراد اور رائیونڈ قرنطینہ میں 23 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اسی طرح گجرات میں 52، گوجرانوالہ میں 11، جہلم میں 21، راولپنڈی میں 19، ڈیرہ غازی خان میں 5، ملتان میں 3، فیصل آباد میں 9، منڈی بہاؤ الدین میں 4، وہاڑی، سرگودھا، ننکانہ صاحب، بہاولنگر اور میانوالی میں بھی 2، 2 مریضوں میں تصدیق ہوئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق خوشاب، اٹک، نارووال، رحیم یار خان میں 1، 1 مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ترجمان پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ تمام تصدیق شدہ مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔