Tag: Coronavirus

  • مشترکہ حکمت عملی، آل پارٹیز وڈیو لنک کانفرنس آج ہوگی

    مشترکہ حکمت عملی، آل پارٹیز وڈیو لنک کانفرنس آج ہوگی

    لاہور: آج لاہور میں کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے سلسلے میں پیپلز پارٹی پنجاب کے زیر اہتمام اے پی سی منعقد ہو گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب کی آل پارٹیز وڈیو لنک کانفرنس آج دوپہر 2 بجے قمر زمان کائرہ کی زیر صدارت ہوگی، اے پی سی میں حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔

    کرونا سے نمٹنے اور بے روزگار محنت کشوں کا مسئلہ کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل ہے، پنجاب میں کرونا لاک ڈاؤن کی کامیابی کے لیے تجاویز بھی مرتب کی جائیں گی، آٹے اور دیگر اشیا کی قلت اور مہنگائی بھی کانفرنس میں زیر بحث آئیں گے۔

    کرونا وائرس: سندھ میں کیسز کی تعداد 627، پنجاب میں 658 ہو گئی

    قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا سے جنگ صرف باہمی اشتراک اور اتفاق رائے سے ممکن ہے، پنجاب کی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی کوشش کی جائے گی، قوم کو تقسیم کرنے کی بجائے باہمی اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے، حکومت کو ریلیف کے لیے تجاویز دی جائیں گی اور کرونا سے لڑنے کی مہم میں حکومتی غلطیوں کی نشان دہی کی جائے گی، اے پی سی میں پنجاب کی تمام سیاسی جماعتیں شریک ہوں گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما حسن مرتضیٰ نے اس سلسلے میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کو فون کرتے ہوئے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی جسے انھوں نے قبول کر لیا تھا، حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ نے مشاورت سے مشترکہ حکمت عملی بنائے جانے پر اتفاق کیا۔ انھوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی اور ن لیگ بھی دعوت قبول کر چکے ہیں، حکمران جماعت تحریک انصاف کو بھی اے پی سی کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

    ادھر آج اپوزیشن رہنما شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کمیٹی اجلاس بلا کر واضح کیا جائے کہ لاک ڈاؤن ہوگا یا نہیں؟

  • سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات رکھنے والا قرنطینہ

    سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات رکھنے والا قرنطینہ

    ریاض: سعودی عرب کے شہر حائل میں قائم قرنطینہ میں فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں، قرنطینہ میں موجود افراد کو مہمانوں جیسا درجہ دیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر حائل میں قائم قرنطینہ میں صحت عامہ کے انچارج مشاری الجمیل نے کہا ہے کہ ہمارے یہاں قرنطینہ کا نظام بڑا معیاری ہے، ممکنہ طور پر متاثرہ شخص کے قرنطینہ میں داخلے سے لے کر فارغ کیے جانے تک کی کارروائی مقررہ ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔

    مشاری الجمیل کا کہنا ہے کہ قرنطینہ فائیو سٹار ہوٹل سے کم نہیں، اگر کسی شخص پر شبہ ہوتا ہے کہ وبا زدہ علاقے سے آنے کے باعث ممکن ہے کہ وہ کرونا میں مبتلا ہو تو اسے یہاں لایا جاتا ہے اور اس کا فوری طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق اگر انفلوائنزا کی علامتیں نظر آتی ہیں تو اسے ہسپتال میں ٹھہرا دیا جاتا ہے، انفلوئنزا سے علاج کے بعد کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے شبے میں اسے قرنطینہ میں منتقل کردیا جاتا ہے۔

    صحت عامہ کے انچارج کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں زیر علاج ہر فرد کو الگ کمرہ دیا جاتا ہے جس سے اسے نکلنے کی اجازت نہیں ہوتی، اگر کوئی بچہ کرونا وائرس سے متاثر ہو تو اس کے ہمراہ اس کی ماں اور باپ کو الگ کمرے میں رکھا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرین کے ساتھ قرنطینہ میں سلوک وزارت صحت کے مہمانوں کے طور پر کیا جاتا ہے، مریضوں کی تمام فرمائشیں پوری کی جاتی ہیں اور انہیں فائیو اسٹار جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

    انچارج نے بتایا کہ اسپیلشسٹ فوڈ کمپنی انہیں ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا فراہم کرتی ہے، وزارت صحت کمپنی کو باقاعدہ ٹھیکہ دیے ہوئے ہے، تمام کھانے حفظان صحت کے عین مطابق ہوتے ہیں۔ قرنطینہ میں اعلیٰ درجے کا لانڈری بھی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قرنطینہ میں تمام مریضوں کو جملہ صحت خدمات 24 گھنٹے مہیا ہوتی ہیں، بعض مریضوں نے اے ٹی ایم سروس فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، اس سلسلے میں ایک بینک سے رابطہ بھی کرلیا گیا ہے۔

  • کرونا وائرس: سندھ میں کیسز کی تعداد 627، پنجاب میں 658 ہو گئی

    کرونا وائرس: سندھ میں کیسز کی تعداد 627، پنجاب میں 658 ہو گئی

    کراچی: سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 627، جب کہ پنجاب میں 658 ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی ہے، وائرس سے 7 مریض انتقال کر چکے ہیں جب کہ 42 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہو گئی ہے، حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد تعداد 57 ہوگئی ہے، جامشورو میں 2 اور جیکب آباد میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ حیدرآباد میں کرونا متاثرین کو مکمل انتظامات کے ساتھ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، جنھیں رپورٹ منفی آنے تک زیر علاج رکھا جائے گا، اب تک سندھ میں 41 کرونا متاثرہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    پاکستان: کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1865 ہو گئی، 25 جاں بحق

    دوسری طرف محکمہ صحت پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 658 ہے، وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہو چکی ہے، صوبے میں کرونا وائرس کے 8 مریض صحت یاب ہوئے، تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں رکھے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی خان میں 207 زائرین، ملتان سے 89 زائرین زیر علاج ہیں، رائیونڈ کوارنٹین میں 27، فیصل آباد کوارنٹین میں 5 کرونا مریض ہیں۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 25 تک پہنچ گئیں۔

  • پی آئی اے کے سابق پائلٹ نے نیپال میں ملک کا نام روشن کر دیا

    پی آئی اے کے سابق پائلٹ نے نیپال میں ملک کا نام روشن کر دیا

    کراچی: کرونا وائرس کی وبا کے دوران ایک پاکستانی پائلٹ کا کارنامہ بھی سامنے آ گیا ہے، قومی ایئرلائن کے ایک سابق پائلٹ نے نیپال میں پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کے ٹیگ لائن باکمال لوگ لاجواب سروس کے بعد اب باکمال لوگ لاجواب کارنامہ بھی سامنے آ گیا ہے، کرونا وائرس کی وبا کے دوران شان دار خدمات انجام دینے پر پاکستانی پائلٹ جاوید چوہدری کو نیپال حکومت کی جانب سے باقاعدہ خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    پی آئی اے کے سابق پائلٹ جاوید چوہدری کو چین کے شہر گوانگزو سے نیپال کے شہر کھمنڈو تک امدادی پرواز چلانے پر نیپال کے قومی ٹی وی پر حکومت کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    پی آئی اے کے سابق پائلٹ جاوید چوہدری طیارے کے کاک پٹ میں

    اٹلی میں پاکستانی کمیونٹی نے ملک کا نام روشن کر دیا

    پائلٹ جاوید چوہدری نیپال ایئر کی پرواز پر کرونا وائرس سے بچاؤ کا طبی سامان لے کر پہنچے تھے، نیپالی ٹی وی نے کہا کہ پی آئی اے کے سابق کپتان نے کرونا وائرس کے خوف میں بھی بہادری کی مثال قائم کی ہے۔

    خیال رہے کہ دو دن قبل کرونا وائرس کے سب سے بدترین شکار ملک اٹلی کے شہر کارپی میں بھی پاکستانی کمیونٹی نے ملک کا نام روشن کر دیا تھا، پاکستانی کمیونٹی نے کارپی کے میئر کو کرونا وائرس سے بچاؤ فنڈ میں 10 ہزار 300 یورو عطیہ کیے، جس پر میئر کارپی نے پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا تھا۔

  • سعودی عرب میں خون عطیہ کرنے والوں کے لیے ہوم سروس شروع

    سعودی عرب میں خون عطیہ کرنے والوں کے لیے ہوم سروس شروع

    ریاض: سعودی عرب میں خون کا عطیہ دینے والوں کے لیے بلڈ بینک کی جانب سے ہوم سروس شروع کردی گئی، موبائل یونٹ خون کا عطیہ لینے کے لیے لوگوں کے گھروں پر پہنچنا شروع ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حائل میں وزارت صحت کے بلڈ بینک کی جانب سے خون کا عطیہ دینے والوں کو ہوم سروس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، بلڈ ڈونرز کو سینٹر آنے کی ضرورت نہیں صرف ایک کال یا واٹس ایپ میسج پر موبائل یونٹ ان کی رہائش پر پہنچ جائے گا۔

    وزارت صحت کے بلڈ بینک کی جانب سے خصوصی سروس کا انتظام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدام کے پیش نظر کیا جارہا ہے، ہوم سروس کے علاوہ اسپتالوں میں قائم بلڈ بینک اپنی جگہ حسب معمول کام کرتے رہیں گے۔

    ہوم سروس بلڈ بینک کے لیے وزارت صحت کی جانب سے موبائل عملہ مخصوص کیا گیا ہے جو ان افراد سے رابطہ کر کے انہیں یہ سہولت مہیا کرے گا جو خون کا عطیہ دینے کے خواہش مند ہوں۔

    گھر پر خون کا عطیہ وصول کرنے کے لیے بلڈ بینک کی جانب سے واٹس ایپ پر بھی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے، موبائل یونٹ صبح 11 سے شام 6 تک کام کریں گے۔

    لوگوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کی خاطر موبائل بلڈ بینک سروس کی جانب سے ’گھروں پر رہیں‘ کا سلوگن اختیار کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس پر عمل کریں۔

  • سندھ میں کرونا ٹیسٹنگ کی سہولت کہاں کہاں فراہم کی گئی ہے؟

    سندھ میں کرونا ٹیسٹنگ کی سہولت کہاں کہاں فراہم کی گئی ہے؟

    کراچی: حکومت سندھ نے ایک فہرست جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں 9 مختلف اسپتالوں میں کو وِڈ 19 کے لیے ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر کراچی میں 7 مقامات پر کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے، جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے حیدر آباد اور خیرپور میں ایک ایک مقام پر ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    کراچی میں جہاں COVID 19 کے ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہے ان اسپتالوں اور لیبارٹریز میں انڈس اسپتال، ڈاؤ یونی ورسٹی اسپتال اوجھا کیمپس، سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی)، سول اسپتال، ضیا الدین اسپتال، پی این ایس شفا اور چغتائی لیب شامل ہیں۔

    حیدرآباد میں لیاقت یونی ورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جب کہ خیرپور میں گمبٹ انسٹی ٹیویٹ آف میڈیکل سائنسز میں کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں ڈس انفیکشن کا عمل جاری، انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں

    خیال رہے کہ سندھ میں 61 نئے کیسز کے ساتھ کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی ہے، وزیر صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہو گئی، جب کہ حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد تعداد 57 ہوگئی ہے۔

    کراچی میں ضلع جنوبی کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں 56 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، ضلع کے اندر سول لائن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، 56 میں سے 30 مریضوں کی ٹریول ہسٹری ہے جب کہ 26 مقامی منتقلی کے کیسز ہیں۔ ضلع میں کرونا سے متاثرہ 6 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ گارڈن اور صدر میں 5، 5 کیس، آرام باغ میں ایک کیس رپورٹ ہوا، لیاری سے کرونا وائرس کے 3 مریض رپورٹ ہوئے، جب کہ ضلع غربی میں کرونا وائرس کے 7 مریض سامنے آئے۔

  • سعودی عرب : معمولی سی غلطی پر پورا خاندان کرونا وائرس میں مبتلا

    سعودی عرب : معمولی سی غلطی پر پورا خاندان کرونا وائرس میں مبتلا

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے خطرے اور سماجی فاصلے کے احکامات کے باوجود ایک خاندان نے فیملی گیدرنگ منعقد کی جس کے بعد خاندان کے 12 افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں جان لیوا کرونا وائرس کا شکار ہونے والے سعودی نوجوان کا کہنا ہے کہ معمولی غلطی اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں 12 افراد پر مشتمل خاندان کرونا وائرس میں مبتلا ہوگیا۔

    متاثرہ شخص نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ لوگوں کو چاہیئے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے دی گئی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس مہلک بیماری سے بچ سکیں۔

    اپنی پوسٹ میں نوجوان نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سماجی رابطے کو منقطع کرنے کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے تفریحی مقامات پر جانا چھوڑ دیا تاہم خاندان کے تمام افراد ایک جگہ جمع ہونا شروع ہوگئے، یہی ہماری بنیادی غلطی ثابت ہوئی جس کا خمیازہ کرونا کی شکل میں سامنے آیا،

    مذکورہ شخص کا کہنا ہے کہ اکثر سعودی خاندانوں میں ہفتے میں ایک یا متعدد دنوں میں پورا خاندان ایک جگہ جمع ہوتا ہے اور یہی عادت ہماری بھی تھی، ہم سب اپنے دادا کے گھر جمع ہوئے اور فیملی گیدرنگ کے بعد سب اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے کوئی یہ نہیں جانتا تھا کہ کس نے کس کو کرونا وائرس منتقل کر دیا ہے۔

    اس کے مطابق خانگی اجتماع کے چند دن بعد ہی والدہ کو سانس میں تکلیف اور شدید بخار ہو گیا، جب ان کا ٹیسٹ کروایا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں۔

    نوجوان کا کہنا تھا کہ یکے بعد دیگرے گھر کے 12 افراد پر اس وائرس نے حملہ کیا اور ہم سب کو قرنطینہ میں جانا پڑ گیا۔

    اس نے مزید کہا کہ میری سب لوگوں سے درخواست ہے کہ ان دنوں خصوصی احتیاط برتیں اور خانگی اجتماعات بھی روک دیں کیونکہ اس طرح آپ دوسروں کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں، خاص کر گھر کے بزرگوں کو جنہیں یہ وائرس بہت جلدی اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔

  • کرونا ریلیف ٹائیگر فورس، وزیر اعظم آج شام رجسٹریشن کا آغاز کریں گے

    کرونا ریلیف ٹائیگر فورس، وزیر اعظم آج شام رجسٹریشن کا آغاز کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم آفس میں کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن مکمل کر لیا گیا، وزیر اعظم آج شام نوجوانوں کی رجسٹریشن کا آغاز کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں ممکنہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کے سلسلے میں رجسٹریشن آج شروع ہوگی، اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ڈیٹا بیس سسٹم پر کام شروع کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم آفس میں کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن بھی مکمل کر لیا گیا، عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن پورٹل وزیر اعظم کی منظوری سے آج شام آن لائن دستیاب ہوگا، نوجوان سٹیزن پورٹل پر خود کو رجسٹر کر سکیں گے۔

    پاکستان: کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1865 ہو گئی، 25 جاں بحق

    عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر فورس قومی سطح پر سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر تشکیل دی جائے گی، رضا کاروں کی رجسٹریشن 10 اپریل تک جاری رہے گی، یہ فورس مکمل لاک ڈاؤن یا ہنگامی صورت میں کام کرے گی اور ان نوجوانوں کو گھروں تک راشن سپلائی کی تربیت دی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نوجوانوں کو ہنگامی حالات میں مدد کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، ہم وزیر اعظم کا نوجوانوان پر اعتماد درست ثابت کریں گے، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت نوجوان بھی اب فرنٹ لائن فورس بنیں گے، امید ہے نوجوان قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 25 تک پہنچ گئیں۔

  • پاکستان: کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1865 ہو گئی، 26 جاں بحق

    پاکستان: کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1865 ہو گئی، 26 جاں بحق

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1865 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 26 تک پہنچ گئیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کے ساتھ ساتھ اموات بھی بڑھتی جا رہی ہیں، پنجاب میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 652 اور سندھ میں 627 ہو گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے خیبر پختون خوا میں 221 اور بلوچستان میں 153 کرونا کے تصدیق شدہ مریض ہیں، گلگت بلتستان میں 148، اسلام آباد 58، آزاد کشمیر میں 6 مریض ہیں۔

    ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 240 کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ 8 مریضوں کی اموات ہوئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مشتبہ کیسز کی تعداد 15709 ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1264 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے۔

    کرونا سے جنگ: وزیراعظم کا ریلیف فنڈ کے قیام اور ٹائیگرفورس بنانے کا اعلان

    قومی ادارے کے مطابق پاکستان میں کرونا کے 49 فی صد کیسز ایران سے آئے، جب کہ 33 فی صد کیسز دیگر ممالک سے آئے، صرف 18 فی صد کیسز لوکل ٹرانسمٹ ہیں یعنی مقامی سطح پر منتقل ہوئے کیسز ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کے دوران ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کیا تھا، کرونا ریلیف ٹائیگر فورس فوج اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرے گی، جن علاقوں کو لاک ڈاؤن کیا جائے گا وہاں ٹائیگر فورس کے رضا کار راشن پہنچائیں گے۔

  • کرونا ٹیسٹنگ کی سہولت 9 اسپتالوں میں فراہم کردی گئی

    کرونا ٹیسٹنگ کی سہولت 9 اسپتالوں میں فراہم کردی گئی

    کراچی: ملک میں کروناوائرس کے پیش نظر انتظامات تیز کردیے گئے، کروناٹیسٹنگ کی سہولت9 اسپتالوں میں فراہم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نو اسپتالوں میں کروناٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ وہ اسپتال جو کروناوائرس ٹیسٹ کررہے ہیں ان میں انڈس اسپتال، ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور اوجھاکیمپس کے نام شامل ہیں۔

    جبکہ ایس آئی یوٹی، سندھ انسٹی ٹیویٹ آف یورولوجی اینڈٹرانسپلانٹیشن، سول اسپتال، ضیاالدین اسپتال، پی این ایس شفا اور چغتائی لیب کا بھی نام کرواناوائرس ٹیسٹ کرنے والے مراکز میں شامل ہے۔

    علاوہ ازیں ٹیسٹنگ کی سہولت لیاقت یونیورسٹی میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسز، ایل یوایم ایچ ایس حیدرآباد، گمبٹ انسٹی ٹیویٹ آف میڈیکل سائنسزخیرپور میں بھی میسر ہے۔

    ملک میں کرونا وائرس سے 21 افراد انتقال کرگئے، ڈاکٹر ظفر مرزا

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1625 ہوگئی اور وائرس سے 21 افراد انتقال کرگئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 99 کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 افراد کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں، لوکل ٹرانسمیشن کے کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، 783 کرونا کے مریض مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں، 783 میں سے 10 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔