Tag: Coronavirus

  • کورونا وائرس ، برطانیہ میں روزانہ10ہزار افراد کی ٹیسٹنگ کا عمل شروع

    کورونا وائرس ، برطانیہ میں روزانہ10ہزار افراد کی ٹیسٹنگ کا عمل شروع

    مانچسٹر : برطانیہ میں روزانہ10ہزارافراد کی ٹیسٹنگ کاعمل شروع ہوگیا،ٹیسٹنگ کے دوران طبی عملےکوترجیح دی جارہی ہے ، چیف میڈیکل آفیسر کا کہنا ہےکہ حالات سدھر نے میں 6ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں روزانہ10ہزارافراد کی کورونا ٹیسٹنگ کاعمل شروع کردیا گیا ہے ، اس دوران طبی عملےکوترجیح دی جارہی ہے۔

    وزیر ہاؤسنگ رابرٹ جینرک کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن مزید سخت کر سکتے ہیں جبکہ وزیرِداخلہ پریٹی پاٹیل نے کہا ہے کہ آئسولیشن کے دوران گھریلو تشدد کو برداشت نہیں کریں۔

    خیال رہے برطانیہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 209 افراد کرونا سے ہلاک ہوئے ، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1228 اوروائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 19,522 ہو گئی جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2433 نئے کیسز سامنے آئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن کی مدت جون تک بڑھ سکتی ہے، یہ کہنا مشکل ہے کہ وائرس کا اثر کتنے عرصے تک ہے، لاک ڈاؤن کی مدت کا انحصار عوام کے تعاون اور رویے سے جڑا ہے۔

    طبعی ماہر پروفیسر نیل فرگوسن نے مزید کہا کہ برطانیہ میں بہت جلد مکمل لاک ڈاؤن کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ، وائرس کےپھیلاؤ کو روکنے کے لیے لوگوں کو ایک دوسرے سے دور رکھنا ضروری ہے۔

    واضح رہے دنیا کے 199 ممالک کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہیں،  دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 7 لاکھ 22 ہزار ہوگئی جبکہ  وائرس سے 33ہزار993 اموات ہوچکی ہے۔

    اٹلی میں اموات کاسلسلہ جاری ہے  ،10 ہزار 779لقمہ اجل بن گئے جبکہ اسپین میں اموات6ہزار803 ہوگئیں اور 80 ہزارسےزیادہ متاثر ہیں۔

  • اقامہ رکھنے والے افراد کے لیے ضروری ہدایت

    اقامہ رکھنے والے افراد کے لیے ضروری ہدایت

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اقامہ رکھنے والے وہ افراد جو فضائی راستے بند ہونے کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں آسکے، ان کے ویزوں کی مدت میں توسیع کردی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ جو افراد کرونا وائرس کے سبب فضائی راستے بند ہونے کی وجہ سے سعودی عرب نہیں آسکے انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ وہ افراد جو چھٹی پر پاکستان گئے ہوئے ہیں اور وقت مقررہ پر سعودی عرب نہیں آسکے، ان کے خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری ویزوں) کی مدت میں توسیع کر دی جائے گی۔

    سعودی اداروں کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ جوں ہی حالات نارمل ہوں گے اور سفری پابندیاں ختم ہوں گی، تو ویزوں کی توسیع خود کار طریقے سے کی جائے گی۔

    تاہم اس بارے میں کیا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا اس کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 12 سو 99 سامنے آچکے ہیں جبکہ 8 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • برطانیہ میں پاکستانی کونسلر کا کرونا چیریٹی کے لیے دل چسپ قدم

    برطانیہ میں پاکستانی کونسلر کا کرونا چیریٹی کے لیے دل چسپ قدم

    لندن: برطانیہ میں ایک پاکستانی کونسلر نے کرونا وائرس کے سلسلے میں چیریٹی کے لیے ایک نہایت دل چسپ قدم اٹھایا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لندن کے علاقے ویسٹ تھورک کے پاکستانی نژاد کونسلر قیصر عباس نے کرونا وائرس کے سلسلے میں لوگوں کو چندہ دینے کی ترغیب کی خاطر انوکھا طریقہ ڈھونڈا۔

    کونسلر قیصر عباس نے سوشل میڈیا پر برطانویوں سے اپیل کی کہ اگر 50 افراد کرونا وائرس کے سلسلے میں اپنی مرضی کے کسی بھی رفاعی ادارے کو عطیات دیں تو میں سر منڈوا دوں گا۔

    اس اعلان کا نتیجہ پاکستانی نژاد کونسلر کی توقع سے بھی بڑھ کر نکلا، چند ہی گھنٹوں کے اندر 100 سے بھی زیادہ افراد نے چیریٹی کا اعلان کر دیا اور 3 ہزار سے زیادہ پاؤنڈز اپنی مرضی کے رفاعی اداروں کو دے دیے۔

    کرونا وائرس، عوام کو گھروں پر رہنے کی ترغیب دینے کا انوکھا انداز

    برطانوی کونسلر قیصر عباس نے سوشل میڈیا پر کہا کہ انھوں نے حسب وعدہ سر منڈوا دیا ہے، کونسلر نے منڈے ہوئے سر کے ساتھ ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی، اور کہا کہ صرف 18 گھنٹوں میں 3087 پاؤنڈز جمع ہو گئے ہیں۔ قیصر عباس کی اپیل پر صرف ایک خاتون نے 1500 پاؤنڈز عطیہ کیے، جس پر انھوں نے خصوصی شکریہ ادا کیا۔

    اس سے قبل ٹویٹر پر کونسلر نے لکھا تھا کہ اگر آپ مجھے گنجا دیکھنا چاہتے ہیں تو کمنٹس میں ‘یس’ لکھ دیں، لیکن آپ کے ‘یس’ کا مطلب ہوگا کہ آپ کسی بھی خیراتی ادارے کو عطیہ کرنے جا رہے ہیں۔

  • 1 لاکھ سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ہے، ٹرمپ نے امریکیوں کو خبردار کر دیا

    1 لاکھ سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ہے، ٹرمپ نے امریکیوں کو خبردار کر دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ہم وطنوں کو خبردار کیا ہے کہ امریکا میں کرونا وائرس سے ایک لاکھ سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے کرونا وائرس پر پریس بریفنگ میں خبردار کیا کہ ملک میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ تک محدود رہی تو یہی کامیابی ہوگی، 2 ہفتوں تک اموات کی شرح میں اضافے کا امکان ہے۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 2 ہفتوں تک ہر شخص حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کرے۔ امریکی صدر نے اسپتالوں پر وینٹی لیٹرز ذخیرہ کرنے کا بھی الزام لگا دیا۔

    انھوں نے امید ظاہر کی کہ یکم جون تک ملک بحالی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا، تاہم فتح سے پہلے فتح کے اعلان سے بدتر کوئی اور چیز نہیں ہوگی۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات 33 ہزار 976 ہو گئیں

    امریکی صدر ایسٹر میں ملک کو کھولنے کے اپنے اعلان سے بھی پیچھے ہٹ گئے، اس سے قبل انھوں نے نیویارک کو قرنطینہ کرنے کی تجویز سے متعلق بھی اعلان کر دیا تھا تاہم بعد میں میئر کی جانب سے تنقید پر اس تجویز سے پیچھے ہٹ گئے۔

    دوسری طرف امریکا میں وفاقی ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک میں سماجی دوری اختیار کرنے پر ایک ماہ کی توسیع کی گئی ہے، ہدایت نامے میں سفارش کی گئی ہے کہ لوگ ایک دوسرے سے دور رہیں، ڈونلڈ ڈٹرمپ نے کہا کہ امریکی 30 اپریل تک سماجی دوری اختیار کریں۔

    امریکیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ 10 سے زائد افراد کے اجتماع سے بھی گریز کیا جائے، امریکیوں کو ریسٹورنٹس اور دیگر عوامی مقامات سے بھی دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہدایت نامے کے مطابق بیمار اشخاص گھر ہی میں رہیں، بوڑھے افراد دوسرے لوگوں سے دور رہیں۔

  • سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا

    سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا

    کراچی: حکومت سندھ نے کرونا وائرس کی صورت حال میں مستحق خاندانوں کو رقوم فراہم کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہمی کے طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، سندھ حکومت نے مستحق خاندانوں کے لیے موبائل رجسٹریشن سسٹم لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس طریقہ کار کے تحت ضرورت مند خاندان کے ایک فرد کو موبائل رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے رجسٹر کیا جائے گا، شناختی کارڈ کے ذریعے خاندان کو رجسٹر کر کے رقم دی جائے گی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رقوم کی ادائیگی کے لیے نجی موبائل کمپنی کی کیش ایپ استعمال کی جائے گی۔

    لاک ڈاؤن: حکومت سندھ نے راشن کی تقسیم کیلئے 58 کروڑ روپے جاری کردیے

    اس سلسلے میں نادرا، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے سے خاندانوں کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، اگر کسی شخص کے اکاؤنٹ میں 10 ہزار سے زائد رقم ہوئی تو وہ مستحق نہیں قرار پائے گا۔ حج، عمرہ کے علاوہ بیرون ملک سفر کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی۔

    ادھر آج اے آر وائی نیوز کے مارننگ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہر غریب تک راشن پہنچانا ایک مشکل کام ہے، میں کرونا وائرس کی تشخیص کے باعث کام نہیں کر پا رہا، میرے ساتھ جو لوگ کام کر رہے تھے وہ بھی قرنطینہ میں چلے گئے، ہم کوشش کر رہے ہیں پہلے ضرورت مند افراد کا ڈیٹا حاصل کر لیں۔

  • کرونا وائرس ٹیسٹ کا انتظار کرتا امریکی فلائٹ اٹینڈنٹ جان کی بازی ہار گیا

    کرونا وائرس ٹیسٹ کا انتظار کرتا امریکی فلائٹ اٹینڈنٹ جان کی بازی ہار گیا

    امریکا میں ایک فلائٹ اٹینڈنٹ اپنے کرونا وائرس ٹیسٹ کا انتظار کرتے کرتے دنیا سے رخصت ہوگیا، تاحال اس کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی لیکن قریبی افراد کا کہنا ہے کہ اس میں کرونا وائرس کی علامات موجود تھیں۔

    امریکن ایئر لائن کے فلائٹ اٹینڈنٹ 60 سالہ پال فرشکرن نے چند روز قبل کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا۔

    پال کو کچھ روز قبل ہی کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد اس نے اپنا ٹیسٹ کروایا۔ تاہم ٹیسٹ کی رپورٹ آنے سے قبل ہی پال جان کی بازی ہار گیا، حکام نے تاحال اس کی موت کی حتمی وجہ جاری نہیں کی۔

    دنیا بھر میں اس وقت ایوی ایشن کے ملازمین کو بھی کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کہا جارہا ہے جن میں فلائٹ اٹینڈنٹس سرفہرست ہیں۔

    طیاروں پر اپنی ڈیوٹی کے دوران یہ افراد سماجی فاصلہ برقرار نہیں رکھ سکتے یوں یہ کرونا وائرس کے خطرے کا شدید شکار ہیں۔

    امریکا میں کام کرنے والے 1 لاکھ 19 ہزار فلائٹ اٹینڈنٹس بھی خوف کے عالمی میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکا میں اب تک کرونا وائرس سے 2 ہزار 229 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ 1 لاکھ 23 ہزار 776 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔

  • ایک وبا کے دوران پیدا ہونے والے 101 سالہ شخص نے دوسری وبا کو بھی شکست دے دی

    ایک وبا کے دوران پیدا ہونے والے 101 سالہ شخص نے دوسری وبا کو بھی شکست دے دی

    روم: کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے یورپی ملک اٹلی میں 101 سالہ مریض نے وائرس کو شکست دے دی، مذکورہ شخص 1918 کی جان لیوا وبا اسپینش فلو کے دوران پیدا ہوا تھا۔

    اٹلی کے رہائشی 101 سالہ مریض نے جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، جان لیوا کرونا وائرس کو شکست دے دی۔ مذکورہ مریض کی صحت یابی کو شہر کے ڈپٹی میئر نے مستقبل کے لیے امید قرار دیا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذکورہ مریض 1918 سے 1920 کے دوران پھیلنے والی اسپینش فلو کی وبا کے دوران پیدا ہوا تھا۔ مذکورہ وبا نے دنیا بھر میں 3 سے 5 کروڑ افراد کی جان لے لی تھی۔

    کرونا وائرس سے ہونے والی یہ پہلی حیرت انگیز صحت یابی نہیں ہے، اس سے قبل چین میں 100 سالہ، 103 سالہ، اور اٹلی میں 95 سالہ خاتون بھی کرونا وائرس کو شکست دے چکی ہیں۔

    اٹلی میں اب تک کرونا وائرس سے 10 ہزار 23 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ لاک ڈاؤن کا شکار پورے ملک میں وائرس کا شکار مریضوں کی تعداد 92 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی میں 2 مزید لیباریٹریز کے قیام کا فیصلہ

    وزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی میں 2 مزید لیباریٹریز کے قیام کا فیصلہ

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے کراچی میں 2 مزید لیباریٹریز کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انھیں سندھ کی صورت حال اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا۔

    گورنر سندھ نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے بھی رابطہ کر کے کرونا وائرس کے لیے ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے جلد قیام کے سلسلے میں بات چیت کی، جس پر چیئرمین نے انھیں ٹیسٹنگ لیباریٹریز کے جلد قیام کی یقین دہانی کرا دی۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم خود کرونا وائرس صورت حال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، مزید ٹیسٹنگ لیباریٹریز سے بروقت تشخیص اور روک تھام میں مدد ملے گی۔

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1526 ہوگئی

    اپنے ٹویٹ میں بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر 2 کرونا ٹیسٹنگ لیبز قائم کی جائیں گی، این ڈی ایم اے، ایس آئی یو ٹی اور جے پی ایم سی مل کر لیبز قائم کریں گی، انشاء اللہ یہ لیبز ایک ہفتے کے اندر کام کرنا شروع کر دیں گی، سندھ میں مزید لیبز بھی کھولی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی ہے، ملک بھر میں 185 قرنطینہ سینٹرز میں 8 ہزار 66 مریض ہیں۔

  • ایران نے پاکستانی زائرین کو تفتان گیٹ پر بے یار و مددگار چھوڑ دیا

    ایران نے پاکستانی زائرین کو تفتان گیٹ پر بے یار و مددگار چھوڑ دیا

    کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر چاغی نے کہا ہے کہ ایرانی حکام سے گزارش کی گئی تھی کہ زائرین کو تفتان میں لا کر نہ چھوڑا جائے، تاہم ایرانی حکام کی جانب سے پاکستانی زائرین کو مسلسل واپس بھیجا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے زائرین کی واپسی جاری ہونے کی تصدیق کر دی ہے، انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی زائرین روزانہ کی بنیاد پر آ رہے ہیں اور ان پر پابندی نہیں لگائی گئی، ایران حکومت سے درخواست کی گئی تھی کہ واپس آنے والوں کو 14 دن قرنطینہ میں رکھیں لیکن زائرن کو قرنطینہ میں رکھے بغیر واپس بھجوایا جا رہا ہے۔

    ڈی سی چاغی آغا شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہماری گزارش پر ایرانی حکام نے جواب دیا کہ ہم پاکستانیوں کو واپس بھیج رہے ہیں، زائرین کو تفتان گیٹ پر لا کر تنہا چھوڑ دیا جاتا ہے، ایرانی حکام سے اس بارے میں احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا، صورت حال سے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جمعرات کو بھی ایران سے آئے 100 زائرین کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا۔

    ادھر ترجمان بلوچستان حکومت نے بھی کہا کہ بہتر یہی ہوتا کہ ایران سے قرنطینہ کلیئرنس کے بعد زائرین کو واپس بھیجاجاتا، تاہم اس کے بغیر ہی ایرانی حکومت نے پاکستانیوں کو پاسپورٹ پر ایگزٹ اسٹیمپ لگا کر بارڈر بھیجنا شروع کر دیا۔ لیاقت شاہوانی نے کہا ایرانی بارڈر پر پاکستانیوں کے پاس کھانے پینے کی سہولت کا بھی فقدان تھا، بلوچستان حکومت کے پاس زائرین کو واپس آنے دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ صورت حال کا جائزہ لے کر ہی پاکستانی زائرین کو آنے کی اجازت دی گئی، واپس آنے والے پاکستانیوں کو دیگر صوبوں کے قرنطینہ سینٹر میں بھجوایا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ تفتان بارڈر سیل ہے، اس کے باوجود زائرین کی وطن واپسی جاری ہے، جس سے بارڈر سیل کے مقصد پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ خیال رہے کہ معاون خصوصی ظفر مرزا نے بتایا تھا پاکستان میں 78 فی صد کرونا مریض ایران سے آئے زائرین ہیں۔

  • آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے قریب

    آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے قریب

    دنیا بھر میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور حفاظت کی ویکسین اور اس کا علاج تیار کرنے پر کام جاری ہے، دنیا کی عظیم درسگاہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین بھی ویکسین بنانے کے قریب پہنچ گئے۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق کوویڈ 19 کی ویکسین کی آزمائش کے لیے رضا کاروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ رضا کاروں کی عمریں 18 سے 55 سال ہوں گی اور انہیں صحت مند ہونا ضروری ہے۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی 510 رضا کاروں کو اس ویکسین کے کلینکل ٹرائل کے لیے منتخب کرے گی۔

    یونیورسٹی نے ویکسین کی تیاری کا کام 20 جنوری کو شروع کیا تھا اور اس کی تیاری میں آکسفورڈ جینر انسٹی ٹیوٹ اور آکسفورڈ ویکسین گروپ کلینکل ٹیمز نے حصہ لیا ہے۔

    مذکورہ ویکسین کی برطانوی حکام کی جانب سے منظوری دی جاچکی ہے اور ویکسین کی تیاری حتمی مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین اس سے قبل سنہ 2014 میں افریقہ میں پھیلنے والے ہلاکت خیز ایبولا وائرس کی ویکسین بھی تیار کرچکے ہیں۔

    جینر انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ایڈریان ہل کا کہنا ہے کہ ان کی تیار کردہ ویکسین بچے، بوڑھے اور وہ افراد بھی استعمال کرسکیں گے جو پہلے سے کسی بیماری کا شکار ہوں گے جیسے ذیابیطس۔

    ان کے مطابق ویکسین قوت مدافعت کو مضبوط کرنے پر کام کرے گی۔

    یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ رضا کاروں کی رجسٹریشن مکمل ہونے تک ویکسین کی تیاری بھی مکمل ہوجائے گی جس کے بعد اس کا کلینکل ٹرائل شروع کردیا جائے گا۔