Tag: Coronavirus

  • کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار کا ہندسہ بھی پار کر گئی

    کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار کا ہندسہ بھی پار کر گئی

    کراچی: نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار کا ہندسہ بھی پار کر گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی تیزی کے ساتھ جاری ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں اب تک ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 31,771 ہو چکی ہے، جب کہ وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد نہایت تیزی سے بڑھ کر 678,910 ہو گئی ہے۔

    وائرس کا پھیلاؤ بھی بدستور جاری ہے، اور اب تک 199 ممالک اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، تاہم وائرس کی نوعیت ایسی ہے کہ اکثر کیسز میں یہ معمولی طبیعت کی خرابی کا باعث بنتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب تک 146,319 افراد اس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

    دوسری طرف کئی ممالک میں یہ وائرس حیران کن طور پر بہت زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوا، جن میں سے اٹلی سرفہرست ہے، جہاں وائرس سے 10,023 افراد جانیں کھو چکے ہیں، جب کہ مریضوں کی تعداد 92 ہزار 472 ہے۔ دوسرے نمبر پر اسپین ہے جہاں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں ایک دم اضافہ ہوا، اور تعداد 6,528 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 78,797 ہو گئی ہے۔

    چین میں ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تعداد کے آگے روک لگا دی گئی ہے، اور اب تک ہلاک افراد کی مجموعی تعداد 3,300 ہے۔ ایران میں بھی کرونا وائرس بہت ہلاکت خیز ثابت ہوا، اب تک 2,640 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں، فرانس میں 2,314 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سپر پاور امریکا کو بھی وائرس نے بری طرح گھیر لیا ہے، ہلاکتوں میں تیزی سے اضافے کے ساتھ ساتھ امریکا کیسز کی تعداد میں پہلے نمبر پر آ چکا ہے، جہاں ہلاک افراد کی تعداد 2,229 اور متاثرین کی تعداد 123,776 ہو چکی ہے۔

    برطانیہ میں بھی صورت حال خراب ہے، وائرس سے 1,019 افراد ہلاک جب کہ 17,089 متاثرہ ہیں۔ نیدرلینڈز میں 639، جرمنی 455، بیلجیم 431، سویٹزرلینڈ 264 اموات ہو چکی ہیں۔ جنوبی کوریا، ترکی، پرتگال، برازیل، سویڈن اور انڈونیشیا میں ہلاکتوں کی تعداد 100 کا ہندسہ پار کر چکی ہے۔

  • کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مریض جان کی بازی ہار گئے

    کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مریض جان کی بازی ہار گئے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مزید مریض جان کی بازی ہار گئے، کراچی میں اب تک کرونا وائرس سے 3 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ کراچی میں کرونا وائرس سے مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، دونوں مریضوں کا انتقال گزشتہ رات ہوا۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ایک مریض کی عمر 70 سال اور دوسرے کی 83 سال تھی۔ ایک مریض جناح اسپتال اور دوسرا ڈاؤ اوجھا کیمپس میں زیر علاج تھا۔

    عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ حالیہ اموات کے بعد کراچی میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

    صوبائی وزیر اویس شاہ کا قرنطینہ سینٹر کا دورہ

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی وزیر اویس شاہ نے سکھر کے قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سکھر قرنطینہ سینٹر سے 700 سے زائد افراد گھروں کو روانہ ہوچکے ہیں۔

    اویس شاہ کا کہنا تھا کہ سکھر قرنطینہ میں ڈاکٹرز نے بھی خدمت انسانی کی مثال قائم کی، اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے منتخب کیا۔ کرونا سے بچاؤ اور متاثرہ افراد کے علاج کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور سیکیورٹی اداروں کا حصہ ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکومتی احکامات پر عمل کریں۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی ہے۔

    کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ سندھ میں 481، خیبر پختونخواہ میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 2 مریض ہیں۔

    کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے 11 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، کرونا وائرس کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 28 ہے۔

  • پاکستانی ڈریس ڈیزائنر نے کرونا سے بچاؤ کا لباس تیار کر لیا

    پاکستانی ڈریس ڈیزائنر نے کرونا سے بچاؤ کا لباس تیار کر لیا

    کراچی: کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جہاں دنیا بھر میں مختلف سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہاں ایک پاکستانی ڈریس ڈیزائنر نے بھی مخصوص لباس تیار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشہور ڈریس ڈیزائنر عاصم جوفا نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے مخصوص لباس تیار کر لیا، ڈیزائنر کا اس لباس کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ لباس ڈاکٹرز کی حفاظت کے پیش نظر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ تیار کردہ لباس ڈاکٹرز کی حفاظت کے لیے بہترین ہے، ہماری ٹیم نے اس کی تیاری پر بڑی محنت کی، ہم نے ایک مشن کے تحت یہ لباس تیار کیا ہے تاکہ ہماری حفاظت کے لیے جو ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ فرنٹ لائن پر لڑ رہا ہے، انھیں تحفظ فراہم ہو۔

    گلگت بلتستان : کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والا پاکستانی ڈاکٹر چل بسا

    عاصم جوفا کا کہنا تھا میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس مشن میں ہم کتنے کامیاب ہوں گے تاہم اپنی ٹیم سے میری بات ہوئی، وہ بہت پرعزم ہے اس سلسلے میں، حکام سے درخواست ہے کہ ہمیں سیلف پروٹیکشن لباس تیار کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ ہم اسے آگے لے کر چل سکیں۔

    انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹرز کو لباس مفت دینا چاہتے ہیں، آج پہلا سیمپل تیار کر لیا، کامیاب رہا، کل دوسرا سیمپل تیار کیا جائے گا، لباس کی تیاری میں تمام حفاظتی اصولوں کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی مہلک وبا کے دنوں میں دنیا بھر میں ڈاکٹرز اور طبی عملہ نہایت جاں فشانی کے ساتھ انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں، پاکستان سمیت کئی ممالک میں ڈاکٹرز اور نرسز کو دوسروں کی جان بچاتے بچاتے اپنی جانیں بھی قربان کرنی پڑی ہیں۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، 570 کیسز کی تصدیق

    پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، 570 کیسز کی تصدیق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، اب تک صوبے میں 570 مریض سامنے آچکے ہیں جنہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 570 ہوگئی ہے۔

    ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کرونا وائرس سے پنجاب میں 5 اموات ہوئیں، اب تک 5 مریض صحتیاب ہو کر ڈسچارج ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 79 زائرین، لاہور میں 119 افراد اور رائیونڈ قرنطینہ میں 23 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اسی طرح گجرات میں 52، گوجرانوالہ میں 11، جہلم میں 21، راولپنڈی میں 19، ڈیرہ غازی خان میں 5، ملتان میں 3، فیصل آباد میں 9، منڈی بہاؤ الدین میں 4، وہاڑی، سرگودھا، ننکانہ صاحب، بہاولنگر اور میانوالی میں بھی 2، 2 مریضوں میں تصدیق ہوئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق خوشاب، اٹک، نارووال، رحیم یار خان میں 1، 1 مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ترجمان پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ تمام تصدیق شدہ مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، مریضوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

  • کرونا سے لڑنے والے ایک اور ڈاکٹر کی گھر والوں کے لیے قربانی

    کرونا سے لڑنے والے ایک اور ڈاکٹر کی گھر والوں کے لیے قربانی

    کیلی فورنیا: مہلک وبائی مرض کرونا سے لڑنے والے ایک امریکی ڈاکٹر نے گھر والوں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹینٹ میں رہایش اختیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک ڈاکٹر نے اپنے گیراج میں ٹینٹ لگا کر اس میں رہایش اختیار کر لی، کرونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر ٹمی چینگ نے یہ قدم اپنے بیوی بچوں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے اٹھایا۔

    کرونا کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے فرنٹ لائنز پر ڈیوٹی انجام دینے والے کیلی فورنیا کے ڈاکٹر ٹمی چینگ کا کہنا ہے کہ انھوں نے خود کو گھر والوں کے لیے آئسولیٹ کیا ہے، جب وہ اسپتال میں دن بھر سخت ڈیوٹی کر کے گھر آتے ہیں تو گھر کے افراد سے دور ٹینٹ میں سوتے ہیں۔

    ڈاکٹر ٹمی چینگ کا گھر کے گیراج میں بنایا ہوا ٹینٹ، تاکہ ان کے گھر والوں میں وائرس کی منتقلی کا امکان نہ رہے

    انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بنائے ہوئے آئسولیشن ٹینٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے رضاکارانہ طور پر خود کو بے گھر کیا ہے، کیوں کہ مریضوں کا علاج کرنے کے دوران مجھے وائرس لگ سکتا ہے، اگر میں ایسا نہ کروں تو بیوی بچے بھی وائرس کا شکار ہوجائیں گے۔

    نرس کی بڑی قربانی، بچوں کو شیشے کے پار دیکھنے پر مجبور

    ڈاکٹر ٹمی کا کہنا تھا کہ وہ ایک رات گاڑی میں گزارتے تھے، پھر 4 راتیں اسپتال کے کال روم میں، لیکن بے آرامی کا احساس ہوتا تھا۔ تب ایک دن ان کی بیوی نے آئیڈیا پیش کیا کہ گیراج میں ٹینٹ بنا کر اس میں رہوں، جس پر میں نے یہ بنالیا۔

    ایروِن میں یونی ورسٹی آف کیلی فورنیا میڈیکل سینٹر میں کام کرنے والے ڈاکٹر ٹمی چینگ پلمونری اور کریٹیکل کیئر اسپیشلسٹ ہیں، ٹینٹ میں اب دو میٹرس، تکیے اور ایک لیپ ٹاپ کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وبا کی وجہ سے ٹینٹ میں انھیں کئی مہینے گزارنے پڑ سکتے ہیں، کھانے پینے کا سامان گھر والے گیراج کے دروازے پر چھوڑ دیتے ہیں۔ انھوں نے عوام سے یہ بھی کہا کہ وہ انھیں اور دیگر طبی عملے کو اس طرح بے گھری کی حالت سے نکال سکتے ہیں اگر وہ اپنے گھروں تک خود کو محدود کر لیں۔

  • ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1526 ہوگئی

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1526 ہوگئی

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی ہے، ملک بھر میں 185 قرنطینہ سینٹرز میں 8 ہزار 66 مریض ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی، پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد 558 ہوگئی۔

    کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ سندھ میں 481، پختونخواہ میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 2 مریض ہیں۔

    کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے باعث اموات 13 ہو چکی ہیں جبکہ 11 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، کرونا وائرس کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 28 ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ 58 فیصد کیسز ایران اور 13 فیصد دیگر ممالک سے منتقل ہوئے۔ کرونا وائرس کے 58 فیصد کیسز مقامی سطح پر رپورٹ ہوئے، ملک بھر میں مشتبہ کیسز کی تعداد 13 ہزار 324 ہے۔

    کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 411 اسپتالوں میں آئسولیشن کی سہولت موجود ہے، 411 اسپتالوں میں قائم آئسولیشن بیڈز کی تعداد 5 ہزار 939 ہے۔ مختلف اسپتالوں میں کرونا کے 756 مریض زیر علاج ہیں۔

    کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے ملک بھر میں 185 قرنطینہ سینٹرز میں 8 ہزار 66 مریض ہیں۔

  • کرونا وائرس: پنجاب حکومت کا دیہاڑی دار افراد کے لیے ماہانہ 4 ہزار روپے کا اعلان

    کرونا وائرس: پنجاب حکومت کا دیہاڑی دار افراد کے لیے ماہانہ 4 ہزار روپے کا اعلان

    لاہور: پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ حلقوں کے لیے معاشی پیکج کا اعلان کردیا، 25 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج متعارف اور کرونا وائرس سے متاثرہ ڈیلی ویجرز کو ماہانہ 4 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے معاشی پیکج سے مزدور طبقے کو حقیقی ریلیف ملے گا، کرونا سے نمٹنے اور غریب طبقے کو ریلیف دینے کے لیے پیٹ کاٹ کر وسائل دیں گے، زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس نے دیہاڑی دار طبقے کو بری طرح متاثر کیا ہے، ہماری حکومت نے عام آدمی اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔ کرونا وائرس کے باعث مزدور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت قومی ذمہ داری اپنا فرض سمجھ کر ادا کرے گی۔

    دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے کرونا سے متاثرہ حلقوں کے لیے معاشی پیکج کا اعلان کردیا، بزدار حکومت نے 18 ارب کے ٹیکسز معاف کر دیے ہیں۔ بزدار حکومت معاشی صورتحال پر مناسب اقدامات کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 25 لاکھ خاندانوں کے لیے 10 ارب روپے کا پیکج متعارف کروایا گیا ہے، کرونا سے متاثرہ ڈیلی ویجرز کو ماہانہ 4 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز و دیگر اسٹاف کو تنخواہ کے برابر الاؤنس ملے گا، کرونا سے جاں بحق پروفیشنلز کے لیے شہدا پیکج کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ بزدار حکومت عوام کی تکالیف کے ازالے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

    وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عوام کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دے۔

  • ٹرمپ نیویارک کو قرنطینہ کرنے کے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے

    ٹرمپ نیویارک کو قرنطینہ کرنے کے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک شہر کو قرنطینہ کرنے کا خیال ترک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ نیویارک کو کوارنٹین کرنا ضروری نہیں ہوگا، شہر کے لیے زیادہ سخت ٹریول ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان تب سامنے آیا جب نیویارک کے گورنر نے کہا کہ شہر کو قرنطینہ کرنے کا خیال احمقانہ ہوگا، ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ شہر کو قرنطینہ کرنا ضروری نہیں ہوگا۔

    امریکی صدر نے کہا کہ یہ فیصلہ وائٹ ہاؤس کرونا وائرس ٹاسک فورس کی تجویز پر کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ نیویارک پر قرنطینہ کی صورت حال نافذ کی جا سکتی ہے، نیو جرسی اور کنکٹی کٹ کے بعض حصوں کو بھی قرنطینہ کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ نیویارک میں 52 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں، پورے امریکا میں کووِڈ نائنٹین کے جتنے کیسز ہیں، ان میں سے آدھے کیسز کا تعلق نیویارک سے ہے۔ ٹرمپ نے اب سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کو نیویارک پر سخت ٹریول ایڈوائزری جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    ادھر دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرہ ممالک میں امریکا سرفہرست آ چکا ہے، امریکا میں ایک دن میں کرونا وائرس کے 12 ہزار 200 نئے مریض رپورٹ ہوئے، جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 123,750 ہو گئی ہے۔ دوسری طرف اموات کی تعداد بھی بڑھ کر 2,227 ہو چکی ہے۔

  • کروناوائرس نے برطانوی وزیراعظم کی کابینہ کو نشانے پر لے لیا

    کروناوائرس نے برطانوی وزیراعظم کی کابینہ کو نشانے پر لے لیا

    لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور وزیرصحت میٹ ہینکاک کے بعد ایک اور وزیر میں کروناوائرس کی علامات سامنے آئی ہیں تاہم ابھی تک ٹیسٹ نہیں کروایا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم کی پوری کابینہ کو اس وقت کروناوائرس سے متعلق شدید تشویش ہے۔ بورس جانسن کی کابینہ کے ایک اور وزیر اسکاٹش منسٹرالیسٹر جیک میں کروناکی علامات پائی گئیں۔

    نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ الیسٹرجیک کا ابھی کروناٹیسٹ نہیں کیا گیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے جبکہ اسی روز ہی وزیراعظم بھی مہلک وائرس کا شکار ہوئے۔

    کروناوائرس کی تشخیص کے بعد وزرا کو قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    برطانوی وزیراعظم کروناوائرس کا شکار کیسے ہوئے؟

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بورس جانسن کا کہنا تھا کہ میں نے معمولی کھانسی اور بخار کی شکایت پر ٹیسٹ کرایا تھا، ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اپنی حکومتی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا۔ واضح رہے کہ بورس نے گزشتہ ہفتے کروناوائرس کے مریضوں سے ملاقاتیں کی تھیں اور مصافحہ بھی کیا تھا۔

    برطانوی وزیراعظم کے بعد وزیر صحت بھی کورونا وائرس کا شکار

    خیال رہے برطانیہ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 11,658 ہوگئی جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 578 تک جا پہنچی ہے۔ ملک میں وبائی مرض کے مزید کیسز سامنے آنے کے خدشات ہیں۔

  • کرونا وائرس، اسکواش کے لیجنڈری کھلاڑی اعظم خان لندن میں انتقال کرگئے

    کرونا وائرس، اسکواش کے لیجنڈری کھلاڑی اعظم خان لندن میں انتقال کرگئے

    لندن: اسکواش کے لیجنڈی کھلاڑی اعظم خان کرونا وائرس کے باعث لندن میں انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث اسکواش کے لیجنڈری کھلاڑی اعظم خان 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، گزشتہ ہفتے اعظم خان کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

    اعظم خان اسکواش پلیئر ہاشم خان کے چھوٹے بھائی تھے، وہ 1959 سے 1962 تک مسلسل 4 بار برٹش اوپن اسکواش چیمپئن رہے۔

    اعظم خان کے بیٹے واصل خان کا کہنا ہے کہ اسپتال کے حکام نے ہفتہ کی سہ پہر والد کے انتقال کے بارے میں اہلخانہ کو آگاہ کیا۔

    مزید پڑھیں: لندن:‌ کرونا وائرس نے باپ بیٹی کی جان لے لی

    واصل خان کا کہنا ہے کہ ہم سب لندن میں آئسولیشن میں ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ والد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کریں۔

    واضح رہے کہ برطانوی محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس سے ایک ہی دن میں 260 افراد ہلاک ہوگئے، برطانیہ میں کرونا سے آج سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

    برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1019 ہوگئی ہے جبکہ کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 17089 تک جاپہنچی ہے۔