Tag: Coronavirus

  • بھارت: 3 افراد قرنطینیہ سے بھاگ کر دوست کے گھر جا چھپے

    بھارت: 3 افراد قرنطینیہ سے بھاگ کر دوست کے گھر جا چھپے

    نئی دہلی: بھارتی شہر ممبئی میں 3 افراد قرنطینیہ سے بھاگ کر دوست کے گھر جا چھپے، پولیس نے سراغ لگا کر تینوں کو پکڑ لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تینوں افراد کا تعلق بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ سے تھا اور یہ ممبئی میں حکومت کے قائم کیے ہوئے قرنطینیہ میں دن گزار رہے تھے۔

    پولیس کے مطابق تینوں افراد 20 مارچ کی صبح دبئی سے ممبئی پہنچے تھے، ان میں سے 2 دبئی میں بطور الیکٹریشن کام کرتے تھے جبکہ تیسرا ان سے ملنے اور کچھ روز قیام کے لیے دبئی گیا تھا تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب تینوں بھارت لوٹ آئے۔

    ایئرپورٹ پر تینوں کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تاہم حکام نے انہیں الگ الگ ہوٹل میں قیام کرنے کے لیے منتقل کردیا جو ان دنوں قرنطینیہ میں تبدیل کردیے گئے ہیں۔

    حکام انہیں جھاڑکھنڈ ان کے گھر واپس بھیجنے کے لیے بھی انتظامات کر رہے تھے تاہم اس سے قبل ہی تینوں ہوٹل سے فرار ہو کر قریبی علاقے میں ایک دوست کے گھر جا چھپے۔

    پولیس کے مطابق پڑوسیوں نے ان کے ہاتھ پر لگی قرنطینیہ کی مہریں دیکھ لیں اور پولیس کو اطلاع کردی جس کے بعد پولیس نے وہاں پہنچ کر اپنی حراست میں لے کر انہیں دوبارہ قرنطینیہ منتقل کردیا۔

    پولیس کے مطابق ان تینوں افراد نے دیگر لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں جس پر انہیں قانونی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    ڈاکٹرز نے مذکورہ افراد کو مزید کچھ روز قرنطینیہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے، پولیس کے مطابق ان کے دوبارہ فرار کے خدشے کے تحت ان کی نگرانی کے لیے مسلح گارڈز بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔

  • عالمی وبا کے کنٹرول کے لیے سعودی حکومت کا بڑا اعلان

    عالمی وبا کے کنٹرول کے لیے سعودی حکومت کا بڑا اعلان

    جدہ: کرونا وائرس کے عالمی وبا کو کنٹرول کرنے کے سلسلے میں سعودی حکومت نے جی 20 اجلاس کل 26 مارچ کو بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جی ٹوینٹی ممالک کا اجلاس کل بلایا جا رہا ہے، جس کی صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کریں گے۔

    سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کرونا سے پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا ہے، ہم وائرس کی روک تھام کے لیے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سعودی عرب دیگر ارکان سے مل کر بحران کے حل کے لیے کوششیں کرے گا۔

    سعودی حکومت کا یہ بھی کہنا تھا کہ جی 20 ارکان کرونا کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جی 20 ارکان کو عالمی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    سعودی عرب جی 20 کی سربراہی سنبھالنے والا عرب دنیا کا پہلا ملک

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی کہا تھا کہ کرونا وائرس نے دنیا کے بڑے معاشی فورم کو غیر معمولی موقع فراہم کیا ہے کہ وہ اس مرض سے لوگوں کو لاحق بڑے خطرات کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

    انھوں نے جی 20 ممالک کو ایک خط میں عالمی وبا کے سلسلے میں ہنگامی اجلاس بلانے کے فیصلے پر خیر مقدم کیا، جس نے پوری دنیا میں صحت، تعلیم اور معیشتوں کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ انھوں نے لکھا کہ انسانی بحران کے وقت میں جنگ کے وقت میں کی جانے والی منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے، اس سے دنیا بھر کے لوگوں بالخصوص سب سے زیادہ کمزور لوگوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار ہوگا۔

  • کراچی میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز کہاں ہوئے؟

    کراچی میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز کہاں ہوئے؟

    کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد میں 143 میں سے 122 کرونا کیسز کی میپنگ کر لی، سب سے زیادہ کیسز صدر ٹاؤن میں سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے کراچی میں کرونا وائرس کے کیسز کے سلسلے میں میپنگ کر کے کہا ہے کہ سب سے زیادہ 47 کیس صدر ٹاؤن میں رپورٹ ہوئے جب کہ گلشن اقبال میں 37، ناظم آباد میں 12 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    کراچی کے علاقوں گلبرگ اور جمشید ٹاؤن میں کرونا کے 9،9 کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ ملیر میں 8، لیاقت آباد میں 5، نارتھ کراچی اور گڈاپ ٹاؤن میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے، لیاری میں 2 اور اورنگی ٹاؤن میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔

    محکمہ صحت کی جانب سے کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تفصیل بھی جاری کی گئی، ذرایع کے مطابق کراچی میں زیادہ تر نوجوانوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی، 64 متاثرہ مریضوں کی عمر 20 سے 40 کے درمیان ہے، 1 سے 10 سال تک کے 5 بچے بھی وائرس میں مبتلا ہیں، جب کہ 40 سے 50 سال کے 15 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، 50 سے 60 سال تک کے 17 لوگ متاثر ہوئے ہیں، جب کہ بہت کم تعداد بزرگ افراد کی ہے، کُل 8 بزرگ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جن کی عمریں 70 سے 80 برس ہے۔

    کرونا وائرس، پاکستان نے متاثرہ افراد اور ملاقاتیوں کی موبائل ٹریکنگ شروع کردی

    خیال رہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کرونا کی روک تھام کے حوالے سے مخصوص موبائل صارفین کی ٹریکنگ بھی شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ایسے تمام شہریوں کو پیغامات ارسال کرنا شروع کر دیا گیا ہے جو حال ہی میں کرونا سے متاثرہ ممالک سے وطن واپس پہنچے۔ اُن شہریوں کو بھی پیغامات بھیجے جا رہے ہیں جنھوں نے متاثرہ افراد سے رابطہ کیا۔

    شہریوں کو بھیجے جانے والے ایس ایم ایس میں ان سے درخواست کی جا رہی ہے کہ بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشواری اور جسم میں درد جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری قریب ترین صحت مرکز یا ایمرجنسی سروسز (1166) سے رابطہ کریں۔

  • ماہرہ خان کا اپنے مداحوں کے لیے پیغام

    ماہرہ خان کا اپنے مداحوں کے لیے پیغام

    کراچی: معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ وہ ان افراد کا خیال رکھیں جو اس لاک ڈاؤن میں مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں اور ایسے افراد کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اگر آپ اس قابل ہیں کہ ایک ماہ اپنے کام کے بغیر (یا تنخواہ حاصل کیے بغیر) گزارہ کرسکتے ہیں یا آپ کے پاس طاقت یا سہولیات ہیں تو یہ جنگ کسی اور سے زیادہ آپ کی ہے۔

    ماہرہ نے کہا کہ ہمیں ان افراد کا خیال رکھنا ہے جو ہماری پوزیشن پر نہیں ہیں۔ ہمیں ایسے لوگوں کو شعور دینا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایسے افراد کو تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں دے دیں اور ان کی زندگی آسان بنائیں۔

    ماہرہ خان کا اشارہ گھروں میں کام کرنے والے ملازمین، ڈرائیورز، اور روزانہ اجرت کمانے والے ان افراد کی طرف ہے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

    ایسے افراد کی مدد کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیکج کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ ملک بھر میں فلاحی اداروں و مخیر حضرات کی بڑی تعداد غریب گھروں میں راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچا رہی ہے۔

  • کرونا وائرس ، برطانیہ میں مقیم غیر ملکیوں کیلئے بڑی خوشخبری

    کرونا وائرس ، برطانیہ میں مقیم غیر ملکیوں کیلئے بڑی خوشخبری

    لندن : برطانوی وزارت داخلہ نے غیر ملکیوں کیلئے ویزوں میں توسیع کا اعلان کر دیا اور کہا صورتحال بہترنہ ہوئی تو ویزوں میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے، غیرملکی ویزوں میں31مئی تک توسیع کراسکتےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے دوران برطانیہ میں مقیم غیر ملکوں کیلئے اچھی خبر آگئی ، برطانوی وزارت داخلہ نے غیرملکیوں کیلئے ویزوں میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

    ہوم آفس نے فیصلہ کیا ہے کہ جن افراد کے ویزے ختم ہو رہے ہیں یا جنہیں ہوم آفس نے ملک چھوڑنے کا حکم دے رکھا ہے، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہوم آفس سےرابطہ کرکےویزوں میں31مئی تک توسیع کراسکتےہیں۔

    بر طانوی وزیر داخلہ پریٹی پاٹیل کا کہنا تھا کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو ویزوں میں مزید توسیع بھی کی جائے گی، اس وبا کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو تلاش کرنے کیلئے ہوم آفس چھاپے بھی نہیں مارے گا تاہم صورتحال بہترہونے پر غیرغیرقانونی طورپرمقیم افراد کو جانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک ویزوں سے زیادہ لوگوں کی صحت اور زندگیاں اہم ہیں، ویزوں کے اجراء کے سلسلے میں ہوم آفس کے اندر ایک کووڈ 19 امیگریشن ٹیم بنا دی گئی ہے۔

    خیال رہے برطانیہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 8077 ہو گئی ہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1427 نئے کیسز سامنے آئے ، برطانیہ میں ایک روز میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں اب تک یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

    وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 422 ہو گئی ہے ، این ایچ ایس 90 ہزار سے سے زائد افراد کے ٹیسٹ کر چکا ہے ، اسپتالوں میں مدد میں کے لیے فوج کو طلب کر لیا گیا ہے، تمام روٹین چیک اپ اپائنٹمنٹ کینسل کر دی گئیں اور لوگوں کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

  • سعودی وزرا کی گھروں سے کام کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    سعودی وزرا کی گھروں سے کام کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    ریاض: کرونا وائرس کے بعد کرفیو اور لاک ڈاؤن لگنے اور نقل و حرکت کو محدود کرنے کی وجہ سے سعودی وزرا نے بھی گھروں سے کام کرنا شروع کردیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں وزرا کرونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاری کردہ سرکاری ہدایات پر خود بھی عمل کر رہے ہیں اور گھروں سے کام کر رہے ہیں۔

    وزرا نے شہریوں کو مثال پیش کرنے کے لیے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصاویر جاری کی ہیں جس میں وہ آن لائن کام کرتے نظر آرہے ہیں۔

    وزیر افرادی قوت انجینیئر احمد الراجحی، وزیر مواصلات عبداللہ السواحہ اور وزیر تجارت ماجد القصبی کی جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی وزارتوں کی کارکردگی کا آن لائن جائزہ لے رہے ہیں۔

    وزارت تعلیم نے سرکاری ویب سائٹ پر وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ مختلف صوبوں میں تعلیمی اداروں کے سربراہوں سے آن لائن بات چیت کر رہے ہیں۔

    وزرا، اعلیٰ عہدیداروں اور بعض بڑے سرمایہ کاروں نے بھی آن لائن ڈیوٹی کی تصاویر جاری کر کے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ آن لائن کام کرنے والوں کے ساتھ وہ خود بھی شامل ہیں اور وہ ان کے شانہ بشانہ آن لائن کام کر رہے ہیں۔

  • کرونا وائرس سے 197 ممالک میں ہلاکتوں کی تعداد 18907 ہو گئی

    کرونا وائرس سے 197 ممالک میں ہلاکتوں کی تعداد 18907 ہو گئی

    کراچی: نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 19 سے متاثرہ ممالک اور علاقوں کی تعداد 197 ہو گئی ہے، جب کہ اب تک 18907 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے کے بعد کووِڈ نائنٹین کی ہلاکت خیزی کو تاحال نہیں روکا جا سکا ہے، اموات کی تعداد تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، اب تک وائرس سے 422,945 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں انیس ہزار کے قریب لوگ جان کی بازی ہار گئے، جب کہ 1 لاکھ 9 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے۔

    بالخصوص یورپی ملک اٹلی میں کرونا وائرس نے تباہی مچا دی ہے، اب تک 6820 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 69176 افراد وائرس سے متاثر ہیں، امریکا میں 44 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 54867 ہو گئی اور 782 افراد ہلاک ہوئے۔ اسپین میں بھی گزشتہ دنوں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا اور مرنے والوں کی تعداد 2991 ہو گئی ہے، چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3,281 ہے۔

    نیویارک امریکا میں کرونا وائرس کا مرکز بن گیا

    ایران میں وائرس سے 1934، فرانس میں 1100، برطانیہ میں 422، نیدرلینڈز میں 276، جرمنی میں 159، بیلجیئم میں 122، جنوبی کوریا میں 120، انڈونیشیا میں 55، برازیل میں 46، ترکی میں 44، جاپان میں 43، بھارت میں 12، سعودی عرب میں اور افغانستان میں ایک ایک شخص ہلاک ہو چکا ہے۔

    ادھر امریکی شہر نیویارک مہلک اور نئے کرونا وائرس کا مرکز بن گیا ہے، اب تک شہر میں 210 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 25 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔ دوسری طرف امریکا میں ایک روز میں 160 افراد ہلاک ہوئے، عالمی ادارہ صحت نے وارننگ جاری کی ہے کہ امریکا کرونا وائرس کا نیا مرکز بن سکتا ہے۔ امریکا میں صحت یاب افراد کی شرح بھی کم ہے، اب تک صرف 378 مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں۔

  • نیویارک امریکا میں کرونا وائرس کا مرکز بن گیا

    نیویارک امریکا میں کرونا وائرس کا مرکز بن گیا

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک مہلک اور نئے کرونا وائرس کا مرکز بن گیا ہے، اب تک شہر میں 210 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی بڑھتی جا رہی ہے، نیویارک میں کرونا سے 210 افراد ہلاک جب کہ 25 ہزار کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

    دوسری طرف امریکا میں ایک روز میں 160 افراد ہلاک ہوئے، عالمی ادارہ صحت نے وارننگ جاری کی ہے کہ امریکا کرونا وائرس کا نیا مرکز بن سکتا ہے۔ امریکا میں مجموعی اموات کی تعداد 782 تک پہنچ گئی، جب کہ 54,867 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ صحت یاب افراد کی شرح کم ہے، اب تک صرف 378 مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں۔

    نیویارک میں اموات کی تعداد بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر مین ہٹن کے ایک اسپتال کے باہر عارضی مردہ خانہ تعمیر کر لیا گیا ہے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ دیگر اسپتالوں کے باہر بھی ٹینٹس پر مشتمل عارضی سرد خانے تعمیر کیے جائیں گے۔ نیویارک کے میئر کا کہنا تھا کہ شہر میں اموات بلٹ ٹرین کی رفتار سے بڑھی ہیں۔

    ادھر برازیل کے صدر نے میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کرونا وائرس کے سلسلے میں ہسٹریا پھیلا رہا ہے۔ نیوزی لینڈ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، آسٹریلیا نے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی ہے، شارجہ میں ایئرکنڈیشنڈ بس شیلٹر بند کر دیے گئے۔

  • سعودی عرب: کرفیو کے دوران ایک سے دوسرے شہر جانے پر بھی پابندی

    سعودی عرب: کرفیو کے دوران ایک سے دوسرے شہر جانے پر بھی پابندی

    ریاض: سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کرفیو صرف شہروں کے اندر ہی نہیں باہر بھی نافذ ہے اور ایک شہر سے دوسرے شہر جانے پر بھی پابندی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل طلال الشہلوب کا کہنا ہے کہ کرفیو میں ایک شہر سے دوسرے شہر آنا جانا بھی منع ہے۔

    ان کے مطابق بعض افراد یہ سمجھ رہے ہیں کہ کرفیو کا دائرہ شہروں، قصبوں اور آبادیوں تک محدود ہے جبکہ ایک شہر سے دوسرے شہر آنے جانے پر کوئی پابندی نہیں، یہ سمجھنا غلط ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ کرفیو کے دوران ایک شہر سے دوسرے شہر انتہائی ضرورت کے تحت ہی سفر کیا جاسکتا ہے، چیک پوسٹ پر انتہائی ضرورت کا ثبوت طلب کیا جائے گا۔ شہری ایک شہر سے دوسرے شہر کے سفر کا پروگرام اس طرح بنائیں کہ کرفیو اوقات کی خلاف ورزی نہ ہو سکے۔

    وزارت داخلہ کے ترجمان نے وارننگ دی ہے کہ اگر کوئی شخص ایک شہر سے دوسرے شہر کرفیو کے دوران سفر کرتا ہوا پایا گیا تو اس پر خلاف ورزی کا جرمانہ لگایا جائے گا۔

    ان کے مطابق کرفیو کے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے شکوک و شبہات پھیلانے والوں پر بھی جرمانے ہوں گے، کسی بھی شہری یا مقیم غیر ملکی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    پریس کانفرنس کے دوران ترجمان نے بتایا کہ کرفیو شہروں میں اور شہروں کو جوڑنے والی شاہراہوں پر بھی نافذ ہے، مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی کرفیو کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں میں نہ آئیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کرفیو پر عمل درآمد کے سلسلے میں مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی بھر پور تعاون کر رہے ہیں، سیکیورٹی اداروں نے کرفیو کے دوران چند خلاف ورزیاں ریکارڈ کی تھیں جنہیں فوری طور پر وزارت داخلہ کی ہدایت پر نمٹا دیا گیا۔

  • سنگاپور میں مفت ہینڈ سینی ٹائزر تقسیم کرنے کا اعلان

    سنگاپور میں مفت ہینڈ سینی ٹائزر تقسیم کرنے کا اعلان

    کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سنگاپور میں ہر گھر کو مفت ہینڈ سینی ٹائزر دینے کا اعلان کردیا گیا۔

    سنگاپور کے ایک فلاحی ادارے نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ادارہ ہر گھر کو 500 ملی لیٹر ہینڈ سینی ٹائزر مفت فراہم کرے گا۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ ان کا فراہم کردہ سینی ٹائزر الکوحل فری ہوگا جو بچوں کے استعمال کے لیے بھی محفوظ ہوگا جبکہ کچن میں کام کرتے ہوئے کسی حادثے کا سبب نہیں بنے گا۔

    اس سلسلے میں ادارے نے اپنے متعین کردہ پوائنٹس کا اعلان کردیا ہے جہاں سے جا کر مفت سینی ٹائزر وصول کیا جاسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ سنگاپور میں اب تک 509 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2 افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔

    سنگاپور میں فی الحال تعلیمی ادارے بند کیے گئے ہیں اور ان کی بندش میں توسیع پر غور کیا جارہا ہے جبکہ وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ورنہ ملک کو لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا۔

    سنگاپور سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 66 ہزار 948 ہوگئی ہے جب کہ کرونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 1 ہزار 65 ہے۔