Tag: Coronavirus

  • گھر میں پڑھنے والے بچے کا ماں کے خلاف شکایتوں کا انبار

    گھر میں پڑھنے والے بچے کا ماں کے خلاف شکایتوں کا انبار

    لندن: لاک ڈاؤن کے دوران ایک برطانوی ماں اپنے بیٹے کو پڑھاتے ہوئے اس کے تاثرات جان کر سخت پریشان ہوگئیں۔

    کرونا وائرس کے پیش نظر برطانیہ میں تمام اسکول بند کردیے گئے ہیں جبکہ دفاتر کے ملازمین کو بھی گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کردی گئی جس کے بعد مائیں گھر سے دفتری امور انجام دینے اور بچوں کو سنبھالنے میں سخت مشکل کا شکار ہیں۔

    ایسی ہی ایک ماں نے اپنے بیٹے کو گھر میں پڑھانا شروع کیا تو بیٹا ان کی مصروفیات دیکھ کر پریشان ہوگیا۔

    8 سالہ بچے نے اپنی ڈائری میں لکھا کہ میری والدہ پریشانی اور تذبذب کا شکار ہوگئی ہیں، ہم نے کچھ وقت کا وقفہ لیا ہے تاکہ ہم پرسکون ہوسکیں۔ یہ جو کچھ بھی ہے ٹھیک نہیں ہے۔

    والدہ نے ڈائری کے اس صفحے کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جسے ہزاروں افراد نے پسند اور شیئر کیا۔ کئی والدین نے کہا کہ ان کی صورتحال بھی آج کل کچھ ایسی ہی ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں اب تک 5 ہزار 837 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 335 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    برطانیہ سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 66 ہزار 948 ہوگئی ہے جب کہ کرونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 1 لاکھ 1 ہزار 65 ہے۔

  • اٹلی میں کرونا وائرس سے اموات میں کمی ہونا شروع

    اٹلی میں کرونا وائرس سے اموات میں کمی ہونا شروع

    روم: کرونا وائرس سے چین کے بعد سب سے متاثر ملک اٹلی میں بالآخر اموات میں کمی آنا شروع ہوگئی، اٹلی میں اب تک وائرس سے ہونے والی اموات چین سے بھی زیادہ ہیں۔

    اٹلی کے سول پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے مطابق سوموار کے روز اٹلی میں کرونا وائرس سے 600 اموات ہوئیں، اس سے ایک روز قبل 651 اور اس سے قبل 793 اموات ہوئی تھیں۔

    اٹلی میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد بھی 3 ہزار 780 رہی جبکہ ایک روز قبل یہ تعداد 3 ہزار 957 تھی۔

    ایک روز میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 480 تھی جس کے بعد اٹلی میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 7 ہزار 432 ہوگئی۔

    اٹلی میں اب کرونا وائرس کا شکار افراد کی تعداد 50 ہزار 418 ہے، جس میں سے 20 ہزار 692 افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جبکہ 3 ہزار 204 افراد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہیں۔

    وائرس کا شکار بقیہ افراد گھروں میں آئسولیٹ ہیں۔

    اٹلی کے ہائیر ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ سلویا براسفرو کا کہنا ہے کہ اس وائرس کی شدت اور کمی کو جانچنے کے حوالے سے رواں ہفتہ بہت اہم ہے۔

    سب سے زیادہ کیسز لمبارڈی کے علاقے میں ہیں جہاں کرونا وائرس کا سب سے پہلا کیس ریکارڈ کیا گیا تھا، براسفرو کا کہنا ہے کہ اٹلی کے جنوبی حصے میں اس وائرس کا اتنا پھیلاؤ نہیں ہے تاہم شمالی حصے سے بہت لوگوں نے وہاں سفر کیا ہے۔

    اٹلی کے 20 علاقوں میں اب تک کرونا وائرس سے کم از کم ایک موت واقع ہوچکی ہے۔

  • سوڈان میں کرفیو، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، قبرص میں لاک ڈاؤن

    سوڈان میں کرفیو، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، قبرص میں لاک ڈاؤن

    خرطوم: کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں سوڈان میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سوڈان نے ملک بھر میں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک کا جزوی کرفیو نافذ کر دیا ہے، یہ فیصلہ نیشنل سیکورٹی اینڈ ڈیفنس کونسل نے کیا، پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

    ادھر جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ میں بھی جمعرات سے 21 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے، نیوزی لینڈ نے اولمپک گیمز ملتوی کرنے کی بھی حمایت کر دی ہے۔ قبرص نے بھی 13 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

    دوسری طرف امریکا کی 16 ریاستوں نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کا حکم جاری کر دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز مصر میں فوجی جنرل خالد شلتوت کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ اس وقت دنیا بھر کے اکثر متاثرہ ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جا چکا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا کے مختلف خطوں میں ہونے والی جنگیں بند کرنے کی بھی اپیل کر دی ہے، سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ دنیا میں بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کی جائے، یہی وہ چیز ہے جس کی انسانیت کو پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، دنیا کو مشترکہ دشمن کرونا وائرس کا سامنا ہے، جو بے رحمی سے سب پر حملہ آور ہے۔

  • عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی

    عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی

    کراچی: معروف پاکستانی اداکاروں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی، دونوں نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے دعاؤں کے لیے اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے واپس آنے والے معروف پاکستانی اداکاروں عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ ان دونوں کے ٹیسٹ کی رپورٹ آج رات موصول ہوگئی ہے۔

    عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کے کوویڈ 19 کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی ہے، خدا کا شکر ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں عدنان صدیقی نے لکھا کہ ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے کے باجود ہم مزید 10 روز آئسولیشن میں رہیں گے اور اس کے بعد اپنے گھر جائیں گے۔ انہوں نے مداحوں سے اپنے لیے کی جانے والی دعاؤں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    ہمایوں سعید نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سے کلیئر ہوجانے کے باجود ہم احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہیں گے۔

    خیال رہے کہ دونوں اداکار چند روز قبل امریکا سے واپس آئے تھے جس کے بعد گھر جانے کے بجائے دونوں نے خود کو قرنطینیہ کر لیا تھا۔

    ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے کرونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہ ہونے کے باوجود احتیاطاً ٹیسٹ بھی کروا لیا تھا جس کی رپورٹ آج منفی آگئی۔

  • دنیا بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کرے: اقوام متحدہ

    دنیا بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کرے: اقوام متحدہ

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دنیا سے جنگ بندی کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ دنیا میں بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کی جائے۔

    انتونیو گوتریس نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ دنیا میں جہاں کہیں جنگیں ہو رہی ہیں ان کو ختم کیا جائے، یہی وہ چیز ہے جس کی انسانیت کو پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، دنیا کو مشترکہ دشمن کرونا وائرس کا سامنا ہے، جو بے رحمی سے سب پر حملہ آور ہے۔

    کرونا وائرس سے اموات 16558 ہو گئیں

    خیال رہے کہ نئے اور مہلک وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں اموات 16558 ہو گئی ہیں، جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار 653 ہو گئی۔ فلو سے مشابہ نئے کرونا وائرس نے دنیا کے 195 ممالک اور علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، اموات کی تعداد ساڑھے سولہ ہزار بھی بڑھ گئیں، جب کہ متاثرین کی تعداد چار لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں، دوسری طرف 102,429 افراد مہلک وائرس سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔

    اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 6077 ہو گئی، جب کہ 63927 افراد متاثر ہوئے، ان میں صرف ساڑھے سات ہزار مریض صحت یاب ہوئے۔ چین میں اموات 3,277 تک پہنچ گئیں، امریکا میں کرونا وائرس سے مزید 29 افراد ہلاک ہونے کے بعد تعداد 582 ہو گئی جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 46145 تک پہنچ گئی۔

  • آج شام تک دیگر صوبوں کے لوگ سندھ سے نکل جائیں گے: شیخ رشید

    آج شام تک دیگر صوبوں کے لوگ سندھ سے نکل جائیں گے: شیخ رشید

    کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کو لاک ڈاؤن میں شامل نہ کرنا زیادتی ہے، آج شام تک 40 ٹرینوں کے ذریعے بیش تر لوگ سندھ سے نکل جائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ لوگ سندھ سے پنجاب اور اپ کنٹری جا رہے ہیں، مزدوروں کو اگر گھروں تک نہیں پہنچایا تو بہت برا حال ہوگا، لاکھوں مزدور لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر جانا چاہتے ہیں، آج شام تک سندھ سے لوگوں کو گھروں کے لیے ٹرینوں پر روانہ کر دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ 142 ٹرینیں ہیں، 40 بند کر دی ہیں، باقی کا فیصلہ آج کریں گے، بورڈ میں فیصلہ ہوگا پھر وزیر اعظم کے پاس جاؤں گا، خود سے فیصلہ نہیں کر سکتے وفاق سے منظوری لینی ہوتی ہے، ہم نے زیادہ رش والی ٹرینیں بند کردی ہیں، وسائل کا مسئلہ ہے، ہم بکنگ کے ایک ارب روپے کیسے واپس کرتے، ریٹائرڈ افراد کو ملا کر تین لاکھ ملازمین کو تنخواہ اور پنشن دینی ہے۔

    ٹرینوں سے مسافروں کی آمد و رفت روکنے کا فیصلہ

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سب ٹرینیں بند کرنے سے متعلق وزیر اعظم سے منظوری لینا پڑے گی، تاہم لاک ڈاؤن میں ریلوے کو شامل نہ کرنا زیادتی ہے، ہم نےرش والی ٹرینیں بند کر دی ہیں لیکن لوگ ہر ٹرین پر سوار ہیں، اگر ہمیں پیشگی تمام ٹکٹ واپس کرنے پڑے تو نہیں کر سکتے۔

    خیال رہے کہ سندھ حکومت نے انٹرا بس سروس کی بندش کے بعد گزشتہ روز ٹرینوں سے مسافروں کی آمد و رفت روکنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس پر 26 واں اجلاس ہوا جس میں کسی بھی ریلوے اسٹیشن سےمسافروں کو جانے نہ دینےکا اہم فیصلہ ہوا۔

  • کرونا وائرس سے اموات 16558 ہو گئیں

    کرونا وائرس سے اموات 16558 ہو گئیں

    کراچی: نئے اور مہلک وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں اموات 16558 ہو گئی ہیں، جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار 653 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فلو سے مشابہ نئے کرونا وائرس نے دنیا کے 195 ممالک اور علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، اموات کی تعداد ساڑھے سولہ ہزار بھی بڑھ گئیں، جب کہ متاثرین کی تعداد چار لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں، دوسری طرف 102,429 افراد مہلک وائرس سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔

    اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 6077 ہو گئی، جب کہ 63927 افراد متاثر ہوئے، ان میں صرف ساڑھے سات ہزار مریض صحت یاب ہوئے۔ چین میں اموات 3,277 تک پہنچ گئیں، امریکا میں کرونا وائرس سے مزید 29 افراد ہلاک ہونے کے بعد تعداد 582 ہو گئی جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 46145 تک پہنچ گئی۔

    اسپین میں وائرس سے 2311 افراد ہلاک جب کہ 35136 افراد متاثر ہیں، برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 335 ہو گئی، جب کہ 6650 متاثر ہیں، ہالینڈ میں کرونا سے 213 افراد ہلاک اور 4749 متاثر ہیں، سعودی عرب میں 562 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

    جنوبی کوریا میں وائرس سے ہلاکتیں بڑھ کر 120 ہو گئی ہیں، متاثرہ افراد کی تعداد 9,037 ہے۔ جرمنی میں 123 ہلاک جب کہ 29,056 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    بھارت میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 491 ہو گئی ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق 30 ریاستوں اور علاقوں میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے، جس کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، کرونا وائرس کے باعث بھارت اور نیپال کی سرحد بند کر دی گئی ہے، نئی دہلی میں لاک ڈاؤن کے باعث شاہین باغ کا دھرنا ختم کر دیا گیا، شاہین باغ میں بھارت کے متنازع قانون شہریت کے خلاف احتجاج کیا جا رہا تھا۔

  • جیمز بانڈ کی ہیروئن نے  کورونا  وائرس کو شکست دے دی

    جیمز بانڈ کی ہیروئن نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

    کیو: جیمز بانڈ کی فلم سیریز ‘کوانٹم آف سولس’ کی ہیروئن خوبرو اداکارہ اولگا کریلنکو نے کورونا وائرس کو مات دے دی، اداکارہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو انھوں نے خود کو آئیسولیٹ کرلیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق دو ہزار آٹھ مں ڈینئل کریگ کے ساتھ ’’کونٹم آف سولس‘‘ میں بانڈ گرل کا کردار ادا کرنے والی اولگا کریلنکو نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے، یہ اعلان انھوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    Happy Mother’s Day! #mothersday P.S. I have completely recovered 🙏 To recapitulate: For one week I felt pretty bad and was mostly in bed, sleeping, with high fever and strong headache. The second week, the fever was gone but some light cough appeared and I felt very tired. By the end of the second week I felt totally fine. Cough is almost gone although I still cough in the mornings but then it completely goes away for the day! I’m fine! And now I’m just enjoying this time to reflect on many things and spend my time with my son. 🙏 Я думаю я полностью выздоровела. Коротко о течении болезни: В первую неделю мне было очень плохо и я почти все время лежала с высокой температурой и много спала. Я спала 12 часов за ночь и потом ещё часа 3-4 днём!!! Подняться было тяжело. Усталость сумасшедшая. Головная боль дикая. Во вторую неделю температура полностью ушла и появился легкий кашель. Усталость осталась. Теперь практически никаких симптомов нет. Только немного кашель есть по утрам, но потом он полностью уходит на весь день. Теперь я наслаждаюсь отдыхом и провожу время с сыном. Держитесь!!! 💪 #coronavirus #коронавирус

    A post shared by Olga Kurylenko (@olgakurylenkoofficial) on


    اولگا نے مہلک ترین وائرس کوویڈ 19 میں مبتلا ہونے سے متعلق اعلان انسٹاگرام پر کیا تھا اور کہا تھا کہ کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد میں نے خود کو گھر میں (قرنطینہ) محصور کرلیا ہے’۔

    اولگا نے بتایا تھا کہ ‘میں گزشتہ ایک ہفتے سے بیمار تھی اور مجھ میں وائرس کی علامات بخار اور تھکن بھی ظاہر ہورہی تھی جس کے باعث میں نے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا جو مثبت آیا’۔

    خیال رہے کہ 40 سالہ اداکارہ اولگا کوریلینکو 2008 میں ریلیز ہونے والے جیمز بانڈ فلم کی سیریز کوانٹم سولس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہیں اس کے علاوہ انہوں نے میجک سٹی اور کئی ترکش ڈراموں اور فلموں میں بھی کام کیا ہے۔

    واضح رہے چین سے شروع ہونے والی وبا نے ساری دنیا کو اپنی گرفت میں لےلیا ہے، ہلاکت خیز وائرس دنیا بھر میں ہزاروں لوگوں کی جان لے چکا ہے، جہاں وائرس نے عام شہریوں اور سیاست دانوں کو متاثر کیا وہیں وائرس نے ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔

  • کورونا وائرس ، سعودی بادشاہ شاہ سلمان نے کرفیو کا اعلان کردیا

    کورونا وائرس ، سعودی بادشاہ شاہ سلمان نے کرفیو کا اعلان کردیا

    ریاض : سعودی فرمانرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے 21دن کے لئے رات کا کرفیو نافذ کردیا، کرفیو شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت اور سلامتی کی خاطر 21 دن کے لئے رات میں کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کردیا۔

    رات کے کرفیو کے لئے شاہی فرمان جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ’کرفیو روزانہ شام سات سے صبح چھ بجے تک 21 دن جاری رہے گا‘ جبکہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو کرفیو اوقات کے دوران اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی اہلکار، فوجی، میڈیا سیکٹر کے ملازمین ، صحت اور خدمات کے اہم شعبوں کے ملازمین کرفیو سے مستثنی ہوں گے۔

    سعودی بادشاہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کرفیو کے نفاذ کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے گی جبکہ تمام سول اور فوجی حکام کو اس سلسلے میں وزارت داخلہ سے مکمل تعاون کا حکم دیا۔

    خیال رہے وزارت صحت نے بتایا تھا کہ اتوار کو کورونا کے 119 نئے مریض سامنے آئے ہیں ، جس کے بعد سعودی عرب میں کل تعداد بڑھ کر 511 ہوگئی ہے۔

  • وینٹی لیٹر مشینیں کرونا سے کیسے لڑیں گی؟

    وینٹی لیٹر مشینیں کرونا سے کیسے لڑیں گی؟

    انسانی صحت اور علاج معالجے سے متعلق طبی آلات اور مختلف مشینوں میں وینٹی لیٹر کو گویا زندگی کی آخری امید کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

    کسی بیماری یا حادثے کے بعد اگر کوئی فرد وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا جائے تو اسے بہت سنجیدہ لیا جاتا ہے اور اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ مریض اب اس دنیا میں چند دن کا مہمان ہے۔ تاہم یہ خیال درست نہیں۔

    اس ضمن میں آپ کو مستند اور درست معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ایسی صورت میں ماہر معالج کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ اس مشین پر منتقل ہونے والا ہر مریض دراصل زندگی اور موت کی جنگ نہیں لڑ رہا ہوتا بلکہ یہ نظامِ تنفس کو بحال کرکے علاج میں مدد دیتی ہے۔

    کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں افراتفری اور خوف کی فضا ہے، وہیں ہم وینٹی لیٹر کا شور بھی سن رہے ہیں۔

    ہم آپ کو بتاتے ہیں یہ مشین کیا ہے اور کب کسی مریض کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا جاتا ہے۔

    ہم اسے مصنوعی تنفس فراہم کرنا کہتے ہیں۔ یعنی جب کوئی مریض اس قابل نہیں رہتا کہ قدرتی طریقے اور جسمانی نظام کی مدد سے سانس لے سکے تو اسے وینٹی لیٹر کی مدد سے آکسیجن فراہم کی جاتی ہے۔

    یہ مشین ہے کیا؟
    یہ مشین تین بنیادی حصوں پر مشتمل ہے۔ ان میں آکسیجن سلنڈر، کمپریسر اور کمپیوٹر شامل ہیں۔

    یہ مریض کے لیے کیسے مددگار ثابت ہوتی ہے؟
    وینٹی لیٹر پر منتقل کیے جانے والے کسی بھی مریض کی ناک یا اس کے منہ سے ایک نلکی گزار کر اس کے پھیپھڑوں تک پہنچائی جاتی ہے، جو کمپریسر کے ذریعے آکسیجن سلنڈر سے براہِ راست آکسیجن مریض کے پھیپھڑوں تک لے جاتی ہے۔

    دوسری طرف کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔ اس کے لیے بھی ایک نلکی کی مدد لی جاتی ہے جو پھیپھڑوں سے کاربن ڈائی آکسائیڈ نکال کر باہر لے آتی ہے۔

    وینٹی لیٹر مشین سے ہوا کی مدد سے حسبِ ضرورت آکسیجن مریض کے پھیپھڑوں تک براہِ راست بھیجی جاتی ہے۔

    عام طور پر مریض خود سانس خارج کرتا ہے، لیکن اگر تنفس کا عمل معطل ہو چکا ہو تو یہی مشین سانس خارج کرتے ہوئے پھیپھڑوں کے طرز پر کام کرتی ہے۔

    انسانی پھیپھڑوں کے اندر مخصوص دباؤ کو برقرار رکھنا ضروری ہے ورنہ یہ اہم ترین عضو پچک سکتے ہیں اور وینٹی لیٹر مشین اس دباؤ کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

    اس میں موجود ایک ٹیوب پھیپھڑوں میں جمع ہونے والا پانی باہر نکالنے میں مدد دیتی ہے۔

    کمپیوٹر کی مدد سے اس عمل کی نگرانی کی جاتی ہے اور آکسیجن کی فراہمی میں ضرورت کے مطابق کمی بیشی کی جاتی ہے۔

    یہ منہگی مشین ہے اور اس کے لیے جو پرزے اور مشینیں درکار ہوتی ہیں اس کی زیادہ تر سپلائی چین جیسے ملک سے ہوتی ہے جو کرونا وائرس سے سب سے پہلے متاثر ہوا تھا۔

    کرونا وائرس کے شکار افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے جس کے لیے بڑی تعداد میں وینٹی لیٹر مشین کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔

    وینٹی لیٹر، مصنوعی تنفس ہے جو صحت بحال کرنے میں مددگار ہے۔