Tag: Coronavirus

  • کرونا وائرس، ٹرمپ کا امریکی شہریوں کو امدادی رقوم دینے کا اعلان

    کرونا وائرس، ٹرمپ کا امریکی شہریوں کو امدادی رقوم دینے کا اعلان

    واشنگٹن: کرونا وائرس کے پیش نظر امریکی صدر ٹرمپ نے شہریوں کو امدادی رقوم دینے کا اعلان کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر کاروبار بند ہونے سے متاثر امریکیوں کو امدادی چیک دئیے جائیں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا بھر میں کاروبار بند ہونے سے بڑی تعداد میں بیروزگاری ہے، اس وقت ہمیں نظر نہ آنے والے دشمن سے لڑائی کا سامنا ہے، ہم یہ لڑائی بہت جلد جیت جائیں گے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لیے آسان قرضوں کا بندوبست بھی کررہے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ امریکیوں کو جلد از جلد امدادی رقوم بھیجی جائیں، سیکریٹری خزانہ اسٹیون منچن کا کہنا ہے کہ متاثر امریکیوں کو براہ راست امدادی چیک بھجوائے جائیں گے، امدادی چیک آئندہ 2 ہفتے تک بھجوانا شروع کردیں گے۔

    مزید پڑھیں: کروناوائرس: چین اور امریکا ایک بار پھر آمنے سامنے

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس میں یومیہ بریفنگ کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری کردی گئی ہیں، غیرضروری صحافیوں کا وائٹ ہاؤس میں داخلہ ممنوع ہوگا۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صحافیوں کو داخلے سے پہلے دروازے پر بخار چیک کرانا ہوگا، وائٹ ہاؤس کی ریسپونڈنٹ ایسوسی ایشن آنے والے صحافیوں کا انتخاب کرے گی۔

    واضح رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے شہروں کو لاک ڈاؤن کرنے کا حکم جاری کیا اورہر قسم کے عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی۔

    حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں، تفریحی مقامات کو بھی بند کردیا گیا جبکہ طب کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ دیگر کو بھی گھروں پر ہی محصور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • کرونا وائرس، مشینری کی خریداری کے لیے 5 ارب روپے کا قرض مختص

    کرونا وائرس، مشینری کی خریداری کے لیے 5 ارب روپے کا قرض مختص

    کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے سبب وینٹی لیٹر، مشینری کی خریداری کے لیے 5 ارب روپے کا قرض مختص کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ مانیٹری پالیسی کے ساتھ کرونا سے بچاؤ کے لیے سہولت کا بھی اعلان کیا گیا ہے، مریضوں کی تعداد بڑھنے پر قرض کی حد 5 ارب سے بڑھائی جاسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بینک فی اسپتال تین فیصد شرح پر 20 کروڑ روپے تک قرض دیں گے، شرح سود کا اعلان مہنگائی کی شرح اور معاشی نمو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    رضا باقر نے کہا کہ معاشی اعدادوشمار مستحکم ہیں، سب کو مانیٹری پالیسی کا انتظار تھا، تمام سینٹرل بینک اپنے اعدادوشمار کے حساب ہی فیصلے کرتے ہیں، امریکا کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو ملانا درست نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک کا شرح سود میں کمی کا اعلان

    گورنراسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ کرونا سے پہلے پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہورہی تھی، مالی سال 2020 میں پاکستان کا ہدف جی ڈی پی 3.5 فیصد تھا، لیکن اب پاکستان کا جی ڈی پی نمو 3 فیصد رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا، کرونا کے سبب اگر برآمدات کم ہوئیں تو درآمدات بھی کم ہوں گی۔

    واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں کمی کردی ہے، شرح سود 75 بیسس پوائنٹس کمی کے بعد 13.25 فیصد سے کم ہوکر 12.50 پر آگئی ہے۔

  • حکومت تنہا وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتی، سب کو متحد ہونا ہوگا، نور الحق قادری

    حکومت تنہا وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتی، سب کو متحد ہونا ہوگا، نور الحق قادری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت تنہا کرونا وائرس کا مقابلہ نہیں کرسکتی سب کو متحد ہونا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق القادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا عین توکل کا حصہ ہے، دینی مدارس کی چھٹیاں اور امتحانات موخر کیے ہیں، وزیراعظم کو کچھ تجاویز صوبائی حکومتوں نے دی ہیں۔

    نور الحق قادری نے کہا کہ کرونا سے متاثرہ شخص لوگوں میں گھلنے ملنے سے گریز کریں، علما سے گزارش ہے کہ جمعے کے خطبات کو مختصر کیا جائے، درباروں، زیارت گاہوں میں تقاریب کو موخر کیا جائے، شادی بیاہ کی تقریبات موخر یا کم لوگوں کا مجمع کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: بلوچستان کے قرنطینہ میں موجود افراد کا کورونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

    وزیر مذہبی امور نے کہا کہ مصافحہ سے مخصوص حالات کے باعث اجتناب کیا جائے، اسلام و علیکم زبان سے کہنا سنت ہے اس پر اکتفا کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین سے متعلق مختلف افواہیں ہیں، حرمین شریفین کی رونقیں جلد لوٹ آئیں گی، سعودی حکام سے رابطے میں ہیں۔

    نور الحق قادری نے کہا کہ ہم علما کے ساتھ رابطے میں ہیں اور انہیں اعتماد میں لیا ہے، ذمہ داری دی گئی ہے معاشرے کے طبقات کو اعتماد میں لیں، جید علما نے وزیراعظم کو کچھ تجاویز بھی دی ہیں۔

    واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 212 ہوگئی ہے، ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 172 ہوگئی ہے۔

  • لندن، کرونا وائرس میں مبتلا پاکستانی نژاد برطانوی شہری جاں بحق

    لندن، کرونا وائرس میں مبتلا پاکستانی نژاد برطانوی شہری جاں بحق

    لندن: برطانیہ میں کرونا وائرس میں مبتلا پاکستانی نژاد برطانوی شہری جاں بحق ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن میں کرونا وائرس میں مبتلا پاکستانی نژاد برطانوی شہری جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کا تعلق لندن کے علاقے بارکنگ سے تھا۔

    جاں بحق شخص کے خاندان کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے، کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے شخص کی عمر 60 سال تھی اور اس کا تعلق گوجر خان سے تھا۔

    واضح رہے کہ 11 مارچ کو اٹلی میں مقیم کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا پاکستانی شہری دوران علاج انتقال کرگیا تھا۔

    برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ 30 دن تک شہری کو بیرون ملک سفر سے اجتناب کریں۔

    مزید پڑھیں: شہری گھروں سے بلا ضرورت باہر نہ نکلیں، برطانوی وزیراعظم

    برطانیہ میں اب تک کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1500 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ وائرس 55 افراد کی جانیں لے چکا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ سماجی تقریبات سے دور رہا جائے، غیرضروری سفر نہ کیا جائے، شہری بارز، کلبز، تھیٹر جانے سے گریز کریں۔

    خیال رہے کہ برطانوی حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے تحت برطانوی شہریوں کو 30 ممالک کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    پاکستان برطانیہ کی حالیہ ٹریول ایڈوائزری میں شامل نہیں اور برطانوی شہری پاکستان کا سفر کر سکتے ہیں۔ کرونا وائرس کے پیش نظر برٹش ایئر ویز اپنی 75 فیصد پروازیں پہلے ہی بند کرچکا ہے۔

  • طلبا ’ناقص طبی سہولیات والے ممالک جیسے امریکا‘ سے واپس آجائیں: ناروے کی اپیل

    طلبا ’ناقص طبی سہولیات والے ممالک جیسے امریکا‘ سے واپس آجائیں: ناروے کی اپیل

    اوسلو: ناروے کی ایک یونیورسٹی نے اپنے طلبا سے کہا ہے کہ وہ ’ناقص طبی سہولیات والے ممالک جیسے امریکا‘ سے واپس اپنے گھروں کو لوٹ آئیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ناروے کی عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹی نارویجیئن یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی نے ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انتظامیہ نے اپنے طلبا سے ناروے واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔

    اپنے پیغام میں یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری اپنے طلبا کے لیے تجویز ہے کہ اگر وہ ناروے سے باہر ہیں تو اپنے گھروں کو لوٹ آئیں۔

    یونیورسٹی نے کہا ہے کہ یہ تجویز ان افراد کے لیے خاص طور پر ہے جو ناقص طبی سہولیات رکھنے والے ممالک میں موجود ہیں، جیسے کہ امریکا۔

    خیال رہے کہ ناروے نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر پیر سے اپنے تمام ایئرپورٹس اور بندرگاہ غیر ملکی افراد کے لیے بند کردیے ہیں، صرف ناروے کے شہریوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے اور انہیں 14 دن قرنطینیہ میں رکھا جارہا ہے۔

    یونیورسٹی کے اس پیغام پر ٹویٹر پر ملا جلا ردعمل موصول ہورہا ہے، امریکیوں کی بڑی تعداد نے اس بیان پر ناروے پر تنقید کی۔

    ایک صارف نے کہا کہ ناروے اپنے شہریوں کو کہہ رہا ہے کہ اگر آپ تیسری دنیا کے کسی ملک میں موجود ہیں جیسے امریکا، تو واپس ناروے لوٹ آئیں۔

    ایک امریکی صارف نے لکھا کہ باقی دنیا کی طرح ناروے بھی ہم پر ہنس رہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 700 سے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 93 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

    ناروے میں اب تک کرونا وائرس کے 13 سو 66 کیس سامنے آئے ہیں اور 3 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

  • شہریوں کو راشن کیسے بھجوایا جائے؟ سندھ حکومت کا مختلف تجاویر پر غور

    شہریوں کو راشن کیسے بھجوایا جائے؟ سندھ حکومت کا مختلف تجاویر پر غور

    کراچی: سندھ میں کرونا وائرس کا شکار افراد کے گھروں پر راشن پہنچانے کے فیصلے کے پیش نظر سندھ حکومت نے حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے سر جوڑ لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت فوڈ سیکیورٹی پلان پر غور و فکر کر رہی ہے، شہریوں کو راشن بھجوانے کے لیے مختلف تجاویر پر غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ایک فلاحی ادارے سے رابطہ کر کے دریافت کیا ہے کہ وہ کیسے اور کتنے میں لوگوں کو کھانا فراہم کرتے ہیں۔ فلاحی ادارے کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ہم آپ کو پورا پلان ترتیب کر کے بھجوادیں گے۔

    سندھ حکومت اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ 15 روز کے لیے صنعتوں کی عارضی بندش کے بعد مزدوروں کو ایڈوانس تنخواہ کیسے دی جائے، اس سلسلے میں سندھ حکومت نے صنعت کاروں سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امکانی طور پر سندھ حکومت نے اس مد میں خرچ ہونے والی رقم کا اندازہ 6 ارب لگایا ہے، کرونا وائرس پر ٹاسک فورس کے جلد ہونے والے اجلاس میں بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سکھر میں آئیسولیشن سینٹر میں موجود تمام افراد کے گھروں میں راشن پہنچانے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ میں جانتا ہوں آپ کمانے والے لوگ آئیسولیشن میں ہیں، آپ کو گھر کی روٹی روزی کی فکر ہے، آپ یہ فکر چھوڑ کر اپنی صحت پر توجہ دیں۔

  • کرونا وائرس: چین کی صنعتی پیداوار میں ریکارڈ کمی

    کرونا وائرس: چین کی صنعتی پیداوار میں ریکارڈ کمی

    بیجنگ: کرونا وائرس نے چین سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، کرونا وائرس کے باعث چین کی صنعتی پیداوار میں 30 برسوں بعد ریکارڈ کمی دیکھی گئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کے باعث چین کی صنعتی پیداوار میں گزشتہ 30 برسوں میں پہلی بار 13.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔ رواں سال جنوری اور فروری میں چین کی برآمدات 17.2 فیصد کم ہوئی ہیں جبکہ امریکا کے ساتھ تجارت سکڑ کر 40 فیصد تک رہ گئی ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق 30 سال قبل جنوری 1990 میں چین کی صنعتی پیداوار میں 21.1 فیصد کمی آئی تھی۔

    کرونا وائرس کے عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات ماہرین کے اندازوں سے کہیں زیادہ ہیں۔ چین نے حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے ملازمین کو فیکٹریوں اور دفاتر میں آنے سے روک دیا تھا جس کے باعث صنعتی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ خریداروں کو بھی باہر نکلنے کے بجائے گھروں تک محدود رہنے کا کہا گیا تھا۔

    چین کے قومی ادارہ برائے اعداد و شمار کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

    دوسری جانب چین میں فیکٹریز اور صنعتیں بند کیے جانے کے بعد فضائی و ماحولیاتی آلودگی میں بھی واضح کمی دیکھی گئی، چین اس وقت دنیا میں کاربن اور دیگر زہریلی گیسوں کا اخراج کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔

    ماہرین کے مطابق چین میں کاروبار معطل ہونے سے دنیا بھر کی فضائی آلودگی میں کمی دیکھی گئی ہے۔

    دوسری جانب چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ملک میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 226 ہوچکی ہے۔ چین میں وائرس سے نمٹنے کے لیے بنائے تمام عارضی اسپتال بند کردیے گئے ہیں۔

  • کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایران کا بڑا فیصلہ

    کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایران کا بڑا فیصلہ

    تہران : ایران نے ملک میں تیزی سے پھیلتے ہوئے ہلاکت خیز کرونا وائرس کے پیش نظر 80 ہزارقیدیوں کوعارضی طور پر رہا کرنے کا فیصلہ کرلیا، رہائی پانے والوں میں سیاسی قیدی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں کرونا وائرس کے ہاتھوں اموات کی تعداد تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، کورونا وائرس سے ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 853 ہوگئی ہے، جس میں سے 129 افراد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاک ہوئے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے 85 ہزار قیدیوں کوعارضی طورپررہا کرنے کافیصلہ کرلیا ہے ، رہائی پانے والوں میں سیاسی قیدی بھی شامل ہیں، قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کرونا کا پھیلاؤروکنے کے لئے کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : ایران میں کورونا وائرس سے مذہبی رہنما انتقال کر گئے

    گذشتہ روز کروناوائرس سےایران میں سپریم لیڈر مقرر کرنے والی مجلس ماہرین کے رکن آیت اللہ ہاشم بطحای انتقال کر گئے تھے، 78 سالہ آیت اللہ ہاشم بطحای میں دو روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    آیت اللہ ہاشم بطحای ماہرین کی مجلس میں تہران کی نمائندگی کی جب کہ وہ رہنمائے اعلیٰ یعنی سپریم لیڈر کی تقرری کے لیے تشکیل کردہ 88 رکنی مضبوط مذہبی مجلس کے رکن بھی تھے۔

    یاد رہے عدلیہ کے سربراہ ابراہیم رئیسی نے بتایا تھا کہ اب تک قریباً 70 ہزار قیدیوں کو عارضی طور پر رہا کیا گیا ہے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ رہائی پانے والے افراد کو واپس جیل میں کب ڈالا جائے گا۔

  • کرونا وائرس : سعودی سرمایہ کار نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    کرونا وائرس : سعودی سرمایہ کار نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے باعث کاروبار بند ہونے سے معیشت کو شدید دھچکہ پہنچا ہے، ایسے میں ایک سعودی سرمایہ کار نے اپنی دکانوں کا کرایہ معاف کردیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس کے باعث شاپنگ مالز اور دکانیں بند کرنے سے کاروباری طبقے کو بھاری نقصان کا سامنا ہے مگر سعودی عرب میں کچھ افراد نے متاثرین کو ریلیف دیتے ہوئے دکانوں کے کرائے معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    حائل کے معروف سرمایہ کار سعود عبد العجلان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا ہے کہ کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی سلامتی کے لیے ہیں، ان تدابیر کے پیش نظر یہ بات فطری ہے کہ جن لوگوں کی دکانیں بند ہوئی ہیں انہیں خسارے کا سامنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے حائل میں میری چند دکانیں کرائے پر ہیں، خسارے کے پیش نظر میں ان دکانداروں کے کرائے معاف کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

    سعودی سرمایہ کار کے اس اعلان کو ٹویٹر پر بے حد سراہا گیا ہے، لوگوں نے دیگر مالکان کو بھی ان کی پیروی کرنے کی تلقین کی ہے۔

    دوسری طرف گورنر حائل شہزادہ عبد العزیز بن سعد بن عبد العزیز نے بھی سرمایہ کار کے اقدام کو سراہتے ہوئے ان کے نام شکریے کا مکتوب روانہ کیا ہے۔

  • کرونا وائرس کے باوجود شادیوں کے انعقاد پر معروف اداکارہ پریشان

    کرونا وائرس کے باوجود شادیوں کے انعقاد پر معروف اداکارہ پریشان

    لاہور: معروف اداکارہ منشا پاشا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود لوگوں کے اجتماع اور شادیوں کے انعقاد پر پریشان ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ منشا پاشا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ میں لاہور میں ہونے والی شادیوں کی ویڈیوز دیکھ رہی ہوں جن میں رقص کیا جارہا ہے اور شادی ہال لوگوں سے بھرے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یار اب اس طرح تو نہ کرو۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ سنیما، شادی ہالز اور پارکس بھی بند کردیے گئے ہیں۔

    اس کے باوجود اکثر مقامات پر پابندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور تقریبات کا انعقاد معمول کے مطابق کیا جارہا ہے، پولیس نے کچھ مقامات پر شادی ہالز پر چھاپے مار کر مالکان کو گرفتار بھی کیا ہے۔