Tag: Coronavirus

  • کرونا وائرس: دنیا کا دوسرا بڑا شاپنگ مال بند

    کرونا وائرس: دنیا کا دوسرا بڑا شاپنگ مال بند

    دبئی: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر دنیا کے دوسرے بڑے شاپنگ مال دبئی مال کی تفریحی سہولیات کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

    دبئی مال کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ کہ ہمارے لیے ہمارے مہمانوں اور عملے کی صحت سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔

    ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور متحدہ عرب امارات حکام کی ہدایات کے تحت دبئی مال، دبئی اوپرا اور دبئی مرینا مال 31 مارچ تک بند رہیں گے۔

    دبئی اوپرا نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 31 مارچ تک کے تمام پروگرامز منسوخ کردیے گئے ہیں اور جن لوگوں نے ٹکٹس خرید رکھے تھے، ان کو ان کی رقم واپس کردی جائے گی۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ آن لائن ٹکٹ خریدنے والوں کی رقم آٹو میٹکلی ان کے اکاؤنٹ میں واپس آجائے گی البتہ اس عمل میں کچھ روز لگیں گے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے حفاظتی اقدامات کے تحت متحدہ عرب امارات کے تعلیمی اداروں کو پہلے ہی 4 ہفتوں کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 98 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

  • دنیا سناٹے کی طرف بڑھنے لگی، کرونا وائرس سے 6521 افراد ہلاک

    دنیا سناٹے کی طرف بڑھنے لگی، کرونا وائرس سے 6521 افراد ہلاک

    کراچی: نہایت مہلک اور نئے وائرس کرونا نے 157 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے، وائرس کے خوف سے ہر سو سناٹا پھیل گیا، بازار ویران ہو گئے، وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6,521 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں COVID 19 کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 169,925 ہو گئی ہے، بعض ممالک میں وائرس کی ہلاکت خیزی نے دنیا کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے، دنیا ایک سناٹے کی طرف بڑھنے لگی ہے، بڑے بڑے اسپورٹس ایونٹس منسوخ ہو چکے ہیں، کھیل کے میدان خالی ہو گئے، نیو یارک اور لاس اینجلس میں اسکولز، ریسٹورنٹس اور پبلک مقامات بند کر دیے گئے، ہالینڈ میں بھی ہائی الرٹ ہے، اسکولوں میں چھٹیاں دی گئیں، تفریحی مقامات سیل کر دیے گئے، نیوزی لینڈ میں بھی عوامی اجتماعات پر پابندی لگ گئی، جرمنی نے تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ سرحدیں بند کر دیں۔

    چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک وائرس نے دنیا بھر میں پونے 2 لاکھ افراد کو متاثر کر دیا ہے۔ چین کے بعد اٹلی، ایران، اسپین اور فرانس میں وائرس نہایت ہلاکت خیز ثابت ہوا، چین میں ہلاکتیں 3,213 تک پہنچ گئیں، اٹلی میں 1809 وائرس کے ہاتھوں زندگی ہار چکے ہیں، ایران میں 724 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اسپین میں 294 مریضوں نے دم توڑا، جب کہ فرانس میں 127 متاثرین ہلاک ہو چکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں ہلاکتیں 75، امریکا 69، برطانیہ 35، جاپان 25، نیدرلینڈز 20، جرمنی 13، سوئٹزرلینڈ 14، فلپائن 12 اور عراق میں 10 ہلاکتیں واقع ہوئیں۔

    کرونا کا خوف، چھینکنے پر دوران پرواز مسافروں میں جھگڑا

    اس وقت سب سے زیادہ نئے کیسز امریکا میں سامنے آ رہے ہیں، 102 نئے کیسز کے ساتھ امریکا میں متاثرہ افراد کی تعداد 3782 ہو گئی ہے۔ چین میں 16 نئے کیسز کے بعد تعداد 80,860 ہو گئی ہے، اٹلی میں کیسز کی تعداد 24747 ہے، ایران میں 13938، جنوبی کوریا میں 74 نئے کیسز کے بعد تعداد 8236 ہو چکی۔ اسپین 7988، جرمنی 5813، فرانس 5423، سوئٹزر لینڈ 2217، برطانیہ 1391، ناروے 1256، نیڈرلینڈ 1135، سویڈن 1040، بیلجیم 886، ڈنمارک 864، آسٹریا 860، جاپان 840، ملائیشیا 428، قطر 401، کینیڈا 341، آسٹریلیا 337، یونان 331، چیکیا 293، اسرائیل 250، پرتگال 245، فن لینڈ 244، سنگاپور 226، سلووینیا 219، بحرین 214، برازیل 203، آئس لینڈ 180، مصر 126، عراق 124، سعودی عرب 118، انڈونیشیا 117، بھارت 115، جب کہ پاکستان میں 102 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 77,776 ہو چکی ہے۔ تاہم دوسری طرف فرانس میں ایک ہی دن میں 31 افراد کی موت واقع ہوئی، جوایک ریکارڈ تعداد ہے۔

  • کرونا وائرس: معاشی نقصانات سے نمٹنے کے لیے 50 ارب ریال مختص

    کرونا وائرس: معاشی نقصانات سے نمٹنے کے لیے 50 ارب ریال مختص

    ریاض: سعودی عرب نے کرونا وائرس سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نمٹنے کے لیے 50 ارب ریال مختص کردیے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے کرونا وائرس کے منفی اثرات سے نجی اداروں کو بچانے کے لیے 50 ارب ریال (13.3 ارب ڈالر) مختص کیے ہیں۔

    اس رقم کے ذریعے معیشت پر مالیاتی اور اقتصادی نقصانات میں تخفیف ہوگی، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کو سہارا دیا جائے گا۔

    سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک پروگرام تیار کیا ہے، اس پر تقریباً 50 ارب ریال خرچ ہوں گے۔ اس کے تحت متعدد اقدامات کر کے نجی اداروں کی شرح نمو بہتر بنائی جائے گی۔

    ساما کا کہنا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کی مدد کے لیے تین نکاتی پروگرام تیار کیا گیا ہے۔ پروگرام کا مقصد ان اداروں کو کرونا وائرس کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے سہارا دینا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے باعث سے یہ ادارے دباؤ میں آرہے ہیں، امدادی پروگرام کی بدولت ان کا یہ دباؤ کم ہوگا۔

    اس پروگرام کے تحت ایک فیصلہ یہ بھی کیا گیا ہے کہ نجی اداروں کو قرضوں کی ادائیگی ملتوی کردی گئی، 30 ارب ریال اس مد میں بینکوں اور فنڈنگ کمپنیوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔

    چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کو 13.2 ارب ریال کے قرضوں کا پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے، بینکوں اور فنڈنگ کمپنیوں کو 6 ارب ریال دیے جائیں گے تاکہ وہ چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کو قرضوں کی ضمانتوں کے پروگرام پر آنے والی لاگت نکال سکیں۔

    اس سلسلے میں بینکوں اور فنڈنگ کمپنیو ں کے ساتھ رابطے کیے جارہے ہیں۔

    دوسری جانب امارات میں بھی قومی معیشت کو سہارا دینے اور صارفین و کمپنیوں کو نقصانات سے بچانے کے لیے 100 ارب درہم (27.2 ارب ڈالر) کی منظوری دی گئی ہے۔

  • کرونا وائرس کا مقابلہ کیسے کریں؟  علی ظفر نے گانا ریلیز کردیا، ویڈیو دیکھیں

    کرونا وائرس کا مقابلہ کیسے کریں؟ علی ظفر نے گانا ریلیز کردیا، ویڈیو دیکھیں

    کراچی: معروف پاکستانی گلوکار و میوزک کمپوزر اور اداکار علی ظفر نے کرونا وائرس سے محفوظ رہنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کے حوالے سے گانا ریلیز کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر علی ظفر نے کرونا وائرس کے خطرے اور احتیاطی تدابیر سے متعلق گانے کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ گٹار بجا کر خود ہی گن گنا رہے تھے۔

    علی ظفر نے پاکستانی فلم انڈسٹری کے شہر آفاق گانے ’کو کو کورینا‘ کی دھن پر ہی کرونا گانے کو ترتیب دیا اور پاکستانیوں کو  بتایا کہ وہ کس طرح سے کرونا سے لڑ سکتے ہیں۔

    گانے کے بول

    میرے خیالوں پہ چھایا ہے اک وائرس متوالا سا

    اوپر سے شرمیلا سا، اندر شیطان کا سالا سا

    رہتا ہے وہ پاس کہیں

    سُن لو یہ بکواس میری

    کو ، کو کرونا، کو ، کو کرونا

    کو ، کو کرونا، ہاتھوں کو دھونا

    ہوسکتا ہے کل پھر تم کو وقت وہاں لے جائے

    تم گھبراؤ دیکھ کے اُس کو وہ تمھیں چمٹ جائے

    تم جلدی سے ڈاکٹر کے پاس جاکر

    پوچھنا کرونا تو نہیں

    میرے خیالوں پہ چھایا ہے اک وائرس متوالا سا

    ہاتھ ملانے کی جگہ تم دور سے ہیلو کرلو

    اس سے بچنا کیسے ہے تم غور سے وہ سب پڑھ لو

    بھیڑ میں جانا بند کردو، بس گھر میں پہرا کرلو

    ایک دوسرے کو سمجھاؤ، ساتھ میں اس سے لڑ لو

    تم زیادہ پھنے خاں، نہ بننا میری جان

    بھائی نے جو بولا سُن لو

    علی ظفر نے گانے کے آخر میں پیغام دیا کہ اپنا خیال رکھیں اور حفاظت کریں، اس گانے کو شیئر بھی کریں۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد پچاس تک پہنچ گئی ہے، سندھ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہوگئی جبکہ لاہور میں بھی پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

    View this post on Instagram

    #BhaeeHazirHai #CoronaVirusUpdates #CoronaVirusOutbreak #COVID2019

    A post shared by Ali Zafar (@ali_zafar) on

  • سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیس رپورٹ

    سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیس رپورٹ

    کراچی: محکمہ صحت نے کہا ہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 4 کیسز مزید رپورٹ ہو گئے ہیں، جس کے بعد سندھ میں کیسز کی تعداد 21 ہو گئی۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق کرونا وائرس میں مبتلا 3 افراد سعودی عرب سے آئے تھے، جب کہ ایک مسافر کی سفری ہسٹری نہیں ملی۔ مذکورہ تین افراد چند دن قبل سعودی عرب سے لوٹے تھے، کرونا کے شبہے میں تینوں کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، آج ان کے ٹیسٹ پوزیٹو آئے۔

    سعودی عرب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خوشخبری

    محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 21 ہو گئی ہے، جن میں سے 2 صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں جب کہ 19 افراد زیر علاج ہیں۔

    پاکستان میں مزید کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔ پمز اسپتال میں زیر علاج کرونا کی ایک مریضہ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، خاتون میں گزشتہ روز وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، وہ دو روز قبل برطانیہ سے پاکستان پہنچی تھیں، خاتون کو آئیسولیشن وارڈ میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

    مریضہ کے اہل خانہ اور نجی اسپتال کے عملے کے افراد کے سیمپلز بھی این آئی ایچ کو موصول ہو گئے ہیں، 13 افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، یہ دیکھنے کے لیے کہ انھیں بھی خاتون سے وائرس منتقل ہوا ہے یا نہیں۔

  • صرف 15 منٹ میں کرونا وائرس کی تشخیص ممکن

    صرف 15 منٹ میں کرونا وائرس کی تشخیص ممکن

    کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر کو خوفزدہ کر رکھا ہے وہیں اس سے بچاؤ اور اس کی شدت کم کرنے کا توڑ بھی تلاش کیا جارہا ہے، حال ہی میں کرونا وائرس کی جلد تشخیص کے لیے اسٹرپ تیار کرلی گئی۔

    جاپانی ماہرین نے ایسی اسٹرپ تیار کی ہے جو صرف 15 منٹ میں کرونا وائرس کو تشخیص کرسکتی ہے۔ جاپان کی نجی کمپنی نے یہ اسٹرپ چین کی ایک کمپنی سے تعاون سے تیار کی ہے اور امکان ہے کہ چین میں یہ پہلے ہی استعمال کی جارہی ہے۔

    اس اسٹرپ سے کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے مریض کے خون کے نمونے اور ایک کیمیائی محلول کی ضرورت ہوتی ہے جسے مکس کرنے کے بعد یہ اسٹرپ ایک سرخ لائن ظاہر کرتی ہے۔

    اس لائن سے کرونا وائرس کی تشخیص صرف 15 منٹ میں کی جاسکتی ہے۔ اس وقت کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے جدید ترین طریقہ 6 سے 8 گھنٹے کا وقت لیتا ہے۔

    اس سے قبل کرونا کی کم وقت میں تشخیص کے لیے ایک ماسک بھی تیار کیا جاچکا ہے۔ اس ماسک کے اندر تھری ڈی پرنٹڈ پٹیاں نصب کی گئی ہیں اور یہی پٹیاں وائرس کی تشخیص میں معاون ثابت ہوں گی۔

    یہ پٹیاں پہننے والے کی سانس کے ساتھ خارج ہونے والے چھینٹوں کو محفوظ کرتی ہیں اور بعد ازاں صرف اس ماسک کوٹیسٹ کر کے مذکورہ شخص میں کرونا وائرس کی درست تشخیص کی جاسکتی ہے۔

    2 یورو کا یہ ماسک اس سے قبل ٹیوبر کلوسس (ٹی بی) بھی تشخیص کرنے کے کام آچکا ہے، ماہرین کے مطابق ماسک نے ٹی بی کے 90 فیصد کیسز کی درست تشخیص کی تھی۔

  • کرونا وائرس امریکی صدارتی انتخابات پر بھی اثر انداز ہونے لگا

    کرونا وائرس امریکی صدارتی انتخابات پر بھی اثر انداز ہونے لگا

    واشنگٹن: نہایت مہلک اور نیا وائرس کرونا امریکی صدارتی انتخابات پر بھی اثر انداز ہونے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات بھی کرونا وائرس سے متاثر ہونے لگے ہیں، ریاست لوزیانا میں 4 اپریل کو ڈیموکریٹ پرائمری انتخاب ملتوی کر دیے گئے ہیں، جب کہ باقی ملک میں انتخابی مہم بھی ملتوی کی جا چکی ہے۔

    ڈیموکریٹ پارٹی نے اس فیصلے سے متعلق وضاحت کی ہے کہ الیکشن ڈیوٹی پر مامور معمر کارکنوں کے تحفظ کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ دوسری طرف جوبائیڈن اور برنی سینڈرز کے درمیان آج ہونے والے مباحثے کا مقام بھی تبدیل کر دیا گیا ہے، ڈیموکریٹ مباحثہ فینکس میں ہونا تھا تاہم اب یہ واشنگٹن ڈی سی میں ہوگا۔ سابق امریکی نائب صدر جوبائیڈن کو اب تک پرائمری انتخابات میں برتری حاصل ہے۔

    کرونا وائرس نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، 5839 ہلاکتیں ریکارڈ

    ادھر برطانیہ میں کرونا وائرس کے پیش نظر لیبر پارٹی نے ہنگامی قوانین لاگو کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، اپوزیشن رہنما جیرمی کوربن کا کہنا تھا کہ گھروں کے کرائے اور اقساط ملتوی کی جائیں، سائنس دانوں کی ہدایات کو عوام تک پہنچایا جائے، اور آئسولیشن یا بیماری کی صورت میں پوری تنخواہ دی جائے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس امریکا میں بھی نہایت تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے، ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے، مزید دس ہلاکتوں کے بعد تعداد 60 ہو گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 3,041 ہو چکی ہے۔ برطانیہ میں بھی وائرس سے مزید 10 افراد ہلاک ہونے کے بعد اموات کی تعداد 21 ہو گئی ہے، اور 1140 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس کے شکار میاں بیوی کا انوکھا اقدام

    کرونا وائرس کے شکار میاں بیوی کا انوکھا اقدام

    انگلینڈ میں ایک جوڑے نے حکام کی جانب سے کرونا وائرس کا ٹیسٹ نہ کیے جانے کے بعد خود کو گھر میں قید کرلیا، جوڑے میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہورہی ہیں۔

    لیور پول کے رہائشی اس جوڑے کا کہنا ہے کہ ان کا ایک دوست چین سے واپس لوٹا تھا اور وہ اس سے ملنے گئے تھے۔

    43 سالہ گرے ویلز اور اس کی 37 سالہ اہلیہ لینی کا کہنا ہے کہ انہیں 10 دن قبل کرونا وائرس جیسی علامات ظاہر ہوئیں جن میں گلے کی سوزش اور سانس لینے میں تکلیف شامل تھی۔

    گرے کا کہنا ہے کہ اس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کر کے حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا، انہیں کہا گیا کہ 72 گھنٹوں کے اندر ان کے گھر پر ہی ان کے ٹیسٹ لے لیے جائیں گے لیکن 3 دن گزرنے کے باجود ابھی تک کوئی ان کے گھر پر نہیں آیا۔

    دونوں کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت انہوں نے خود کو گھر میں قید کرلیا ہے تاکہ وہ دوسروں میں وائرس پھیلانے کا سبب نہ بنیں۔

  • کرونا وائرس نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، 5839 ہلاکتیں ریکارڈ

    کرونا وائرس نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، 5839 ہلاکتیں ریکارڈ

    کراچی: نئے اور انتہائی مہلک وائرس COVID 19 کی نہایت سرعت کے ساتھ پھیلنے کی صلاحیت نے دنیا کی بڑی طاقتوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے، کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 5,839 تک پہنچ گئی ہے، دنیا کے کئی ممالک میں ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ووہان سے سامنے آنے والے کرونا وائرس سے دنیا بھر میں مزید 410 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جس کے بعد اموات کی تعداد پانچ ہزار آٹھ سو انتالیس ہو گئی ہے، جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد 156,846 تک پہنچ گئی، دوسری طرف وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں میں شفایابی کا گراف بھی بلند ہو رہا ہے، اور اب تک 75,937 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    چین میں وائرس پر کافی حد تک قابو پائے جانے کے بعد اس نے اچانک دنیا میں نہایت تیزی سے پھیلنا شروع کیا، اب تک 153 ممالک اور علاقوں کو کرونا وائرس لپیٹ میں لے چکا ہے، چین کے بعد وائرس نے یورپ میں بھی پنجے بری طرح گاڑ دیے ہیں اور اٹلی دوسرا ملک ہے جہاں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں، اب تک اٹلی میں 1,441 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، صرف ایک دن میں 175 ہلاکتیں ہوئیں، جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد 21,157 تک پہنچ گئی۔

    چین کا شہر ووہان جو کرونا وائرس کی وجہ سے بھوت شہر بن گیا تھا

    تیسرے نمبر پر یہ وائرس ایران میں ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے اور ایک دن میں مزید 97 افراد کی ہلاکت کے بعد تعداد 611 ہو گئی ہے، جب کہ 12729 افراد متاثرہ ہیں۔ اسپین میں بھی کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی بڑھنے لگی ہے اور مزید 62 افراد ہلاک ہونے کے بعد تعداد 196 ہو گئی، مجموعی متاثرین کی تعداد 6391 ہو چکی ہے۔ فرانس میں وائرس سے 91 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 4,469 افراد متاثر ہیں۔ جنوبی کوریا میں 8 افراد کی ہلاکت کے بعد تعداد 75 ہو گئی، جب کہ 8162 افراد وائرس سے متاثر ہیں۔

    ایران کے شہر شمالی تہران میں ایک مزار کو کرونا وائرس سے پاک کرنے کے لیے اسپرے کیا جا رہا ہے

    ادھر چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں واضح کمی آ گئی ہے، مزید 10 افراد ہلاک ہونے کےبعد تعداد 3199 ہو گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 80,849 ہے۔ جرمنی میں بھی وائرس سے مزید ایک شخص ہلاک ہوا اور تعداد 9 ہو گئی ہے، جب کہ 4599 متاثر ہیں۔ امریکا میں بھی نہایت تیزی سے وائرس نے پھیلنا شروع کر دیا ہے، ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے، مزید دس ہلاکتوں کے بعد تعداد 60 ہو گئی، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 3,041 ہو چکی ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں مزید 2 افراد کی ہلاکت کے بعد تعداد 13 ہو گئی جب کہ 1375 متاثر ہیں۔ برطانیہ میں بھی وائرس سے مزید 10 افراد ہلاک ہونے کے بعد اموات کی تعداد 21 ہو گئی ہے، اور 1140 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    امریکا اوراسپین کے ساتھ کئی ممالک میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی جا چکی ہے۔

  • کرونا وائرس: فرانس میں ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان

    کرونا وائرس: فرانس میں ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان

    پیرس: فرانس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت ریستوران اور دکانیں بند کرنے کا اعلان کردیا گیا، فرانس میں اسکول پہلے ہی بند کیے جاچکے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے وزیر اعظم ایڈورڈ فلپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے فرانس میں کیفے، ریستوران، سنیما، نائٹ کلبز اور دکانیں بند کی جارہی ہیں۔

    فرانس میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 500 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے اور 91 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگوں کی بڑی تعداد اب بھی گھروں سے باہر نکل رہی ہے لہٰذا مجبوراً یہ قدم اٹھانا پڑا، اس دوران فوڈ اسٹورز، فارمیسی اور پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ فعال رہے گی تاہم دفاتر کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے گھر سے کام کرنے کے سسٹم کو جلد سے جلد وضع کریں۔

    وزیر اعظم نے بتایا کہ اتوار کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے تاہم اس دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔

    فرانس میں پہلے ہی اسکول بند کیے جا چکے ہیں اور 70 سال سے زائد افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اب دیگر افراد کو بھی بلا ضرورت باہر نہ نکلنے اور گھروں میں رہنے کی تاکید کردی گئی ہے۔

    فرانس کا پڑوسی ملک اٹلی اس وقت یورپ کا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 14 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 5 ہزار 835 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 56 ہزار 533 ہوگئی ہے۔