Tag: Coronavirus

  • کابل: پاکستانی سفارتخانے کے کلرک میں کرونا وائرس کی علامات

    کابل: پاکستانی سفارتخانے کے کلرک میں کرونا وائرس کی علامات

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات کلرک میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں، مذکورہ ملازم کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات کلرک میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ انکشاف کے بعد کابل میں پاکستانی سفارتخانے کا ویزا سیکشن بند کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ ملازم کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ افغانستان میں کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی سہولت موجود نہیں، ویزا سیکشن کو ڈس انفیکٹ کرنے کے بعد کھول دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ افغانستان میں اب تک 8 کرونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے ایک ہرات، اور بقیہ 7 سمنگان صوبے میں موجود ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان میں بھی اب تک کرونا وائرس کے 19 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے بڑی تعداد سندھ، کراچی میں موجود ہے۔ پاکستان اور افغانستان میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کے بیشتر مریض ایران یا شام سے واپس آئے ہیں۔

    دونوں ممالک سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار 217 ہوگئی ہے جبکہ 4 ہزار 299 اموات ہوچکی ہیں۔

    جان لیوا وائرس سے اب تک 66 ہزار 623 افراد علاج کے بعد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

  • کرونا وائرس کا خوف، جنوبی کوریا نے کرنسی نوٹ جلا دیے

    کرونا وائرس کا خوف، جنوبی کوریا نے کرنسی نوٹ جلا دیے

    سیئول: جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے انوکھا قدم اٹھایا گیا ہے، کرنسی نوٹوں کو بھی قرنطینہ میں رکھ دیا گیا جب کہ بہت سارے نوٹ جلا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت تمام بینک کرنسی نوٹوں کو 2 ہفتے کے لیے قرنطینہ میں رکھ رہے ہیں تاکہ اس پر کرونا وائرس کے تمام اثرات ختم ہو جائیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے خدشے کا اظہار کیا تھا کہ وائرس کرنسی نوٹوں کے ذریعے بھی لوگوں میں منتقل ہو سکتا ہے، جس کے بعد جنوبی کوریا میں گندے اور پھٹے ہوئے نوٹ جمع کیے جانے لگے ہیں، جب کہ بڑی تعداد میں نوٹوں کو جلایا بھی گیا۔

    کرونا وائرس کے خوف سے جنوبی کوریا میں کرنسی نوٹ بھی قرنطینہ میں ڈال دیے گئے

    برطانیہ کی خاتون ہیلتھ منسٹر بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئیں

    بینک آف کوریا کے مطابق کرنسی نوٹوں کو زیادہ درجہ حرارت میں صاف کر کے جاری کیے جائیں گے، جس کے لیے نوٹوں کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

    خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 242 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کرونا وائرس کے ٹوٹل کیس 7,755 ہو گئے ہیں، جب کہ ایک نئی موت کے ساتھ مجموعی اموات 61 ہو چکی ہیں۔

    دوسری طرف یہ نیا اور مہلک وائرس COVID 19 بہت تیزی سے دنیا میں پھیلتا جا رہا ہے، اب تک 120 ممالک اور علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، اور متاثرہ افراد کی تعداد 119,389 ہو چکی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 4,300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف 66,584 افراد اس موذی وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  • حکومت کا کرونا وائرس کی تشخیصی صلاحیت بڑھانے کیلئے بڑا فیصلہ

    حکومت کا کرونا وائرس کی تشخیصی صلاحیت بڑھانے کیلئے بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے کرونا وائرس ٹیسٹنگ کٹس کی درآمد کا فیصلہ کرلیا ہے ، جس کے بعد قومی ادارہ صحت کو30 کرونا ٹیسٹنگ  کٹس موصول ہوگئی ہے ، ایک ٹیسٹنگ کٹ سے کرونا کے 50 تشخیصی ٹیسٹ ممکن ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے کرونا وائرس کی تشخیصی صلاحیت بڑھانے کے لیے کرونا ٹیسٹنگ کٹس درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ادارہ صحت کو30 کرونا ٹیسٹنگ کٹس موصول ہوگئی ہے، پاکستان کو کرونا ٹیسٹنگ کٹس ڈبلیوایچ او ایمرو نے فراہم کی۔

    ذرائع کے مطابق قومی ادارہ صحت کو 10ہزار کرونا ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل ہے، رواں ماہ ادارہ صحت کو100 کرونا ٹیسٹنگ کٹس موصول ہوں گی، ایک ٹیسٹنگ کٹ سے کرونا کے 50 تشخیصی ٹیسٹ ممکن ہیں، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں کرونا ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت نے گلگت بلتستان کیلئے کرونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، گلگت میں کرونا ٹیسٹ کی سہولت رواں ماہ فراہم کی جائےگی، گلگت سے کرونا ٹیسٹ کیلئے نمونے این آئی ایچ بھجوائے جاتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 19 تک پہنچ گئی، ڈاکٹر مرزا کی تصدیق

    گذشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام پروگرام پاورپلے میں میزبان ارشد شریف کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 19 تک پہنچ گئی او اس میں‌ اضافے کا امکان ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 25 مشتبہ کیسز ہیں، کراچی میں کرونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، پاکستان میں وائرس ایران، لندن، عراق اور دبئی سے آنے والے مسافروں کی وجہ سے پہنچا۔

    اکٹر ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 24 گھنٹوں میں دگنی ہوگئی البتہ ہمارے لیے صورت حال حیران کن نہیں ہے کیونکہ وائرس دنیا کے 106 ممالک میں پھیل چکا ہے۔

  • کرونا: سی اے اے کے 6 کنٹرولر مشتبہ قرار، پی آئی اے ملازمین کا بائیومیٹرک حاضری سے انکار

    کرونا: سی اے اے کے 6 کنٹرولر مشتبہ قرار، پی آئی اے ملازمین کا بائیومیٹرک حاضری سے انکار

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 6 ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو کرونا وائرس کے سلسلے میں مشتبہ قرار دے دیا گیا، دوسری طرف پی آئی اے ملازمین نے بائیو میٹرک حاضری سے انکار کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان سی اے اے نے تصدیق کر دی ہے کہ چھ ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے، ایک ایئر ٹریفک کنٹرولر کے قریبی عزیز کرونا وائرس سے متاثر تھے، ملازم کے ماموں کی ٹریول ہسٹری بھی ایران سے بتائی جاتی ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرولر کی والدہ اپنے بھائی کے ہمراہ ایران گئی تھیں، اے ٹی سی اہل کار اپنی والدہ سے ملنے کے بعد ڈیوٹی پر گیا تھا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احتیاطی تدابیر کے طور پر رابطے میں آنے والے شفٹ میں موجود تمام اے ٹی سیز کو قرنطینہ میں بھیج دیا۔

    جناح ایئرپورٹ کراچی پر مشتبہ مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے کی تیاری

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس او پی کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طو ر پر پوری شفٹ کو ڈیوٹی پر 14 دن تک ڈیوٹی سے مستشنیٰ رکھا جائے گا۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے نے ریڈار کنٹرول اے سی سی ایریا کو خالی کرا لیا ہے، اور ریڈار کنٹرول سمیت دیگر دفاتر میں خصوصی اسپرے کیا جا رہا ہے۔ ایئر پورٹ کے مختلف ایریاز، کارگو، ایپرن اور رن وے ایریا میں بھی اسپرے شروع کر دیا گیا ہے، تمام دفاتروں میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال بھی کیا جانے لگا ہے۔

    ادھر کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پی آئی اے ملازمین نے بائیو میٹرک حاضری سے انکار کر دیا ہے، پیپلز یونٹی آف پی آئی اے نے اس سلسلے میں انتظامیہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں پھیل رہا ہے، ایئرلائن ملازمیں خطرے میں ہیں، کرونا وائرس متعدی بیماری ہے، بائیو میٹرک سے وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ ملازمین کو کم از کم ایک ماہ بائیو میٹرک حاضری سے استثنیٰ دے، ملازمین میں بائیو میٹرک حاضری سے خوف بڑھ رہا ہے، مشین کی وجہ سے وائرس ایک سے دوسرے شخص کو منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔

  • کرونا وائرس ، حاضری کے لیے بائیومیٹرک نظام میں تبدیلی کا فیصلہ

    کرونا وائرس ، حاضری کے لیے بائیومیٹرک نظام میں تبدیلی کا فیصلہ

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے حاضری کے لیے بائیومیٹرک نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ملازمین کو بائیومیٹرک نظام میں چہروں سے شناخت کرنےکی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ سمیت تمام عدالتوں میں حاضری کے لیے بائیومیٹرک نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا اور تمام ملازمین کوبائیومیٹرک نظام میں چہروں سے شناخت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے  بائیومیٹرک نظام میں تبدیلی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا،  نوٹی فکیشن کا اطلاق پورے صوبے کی عدالتوں پر ہوگا۔

    دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے بعد ماتحت عدالتوں میں بھی بائیو میٹرک حاضری لگانے سے اسٹاف کو روک دیا گیا ہے اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد رجسٹرار کی جانب سے بائیو میٹرک حاضری نہ لگانے کا مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر تمام ڈسٹرکٹس کورٹ میں عدالتی عملہ پرانی پریکٹس کے مطابق رجسٹر پر حاضری لگائے گا ، رجسٹر پر حاضری عارضی طور پر لگائی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں :  وفاقی دارالحکومت کے شہری دفاتر میں بائیومیٹرک حاضری پرپابندی عائد 

    یاد رہےوفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے کرونا وائرس سےمتعلق ہدایت نامہ جاری کیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا شہری ادارے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کریں۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا تھا  کرونا وائرس وائرل انفیکشن ہے، جو متاثرہ شخص سےدوسرےکومنتقل ہو سکتاہے، غیرضروری باہر نکلنے،بھیڑ میں جانےسےگریز کیا جائے۔

    ہدایت نامے میں کہا گیا تھا وفاقی دارالحکومت کے شہری دفاتر میں بائیومیٹرک حاضری پرپابندی عائد ہے، دروازوں کی چٹنی، ہینڈل، پن پر کرونا وائرس موجود ہوسکتاہے، کمپیوٹر کے ماؤس، کی بورڈ پر کرونا وائرس موجود ہو سکتا ہے، کمپیوٹر آپریٹر گلوز دوران ڈیوٹی گلوز کا استعمال کریں۔

  • وزیراعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ  کے بہنوئی میں کروناوائرس کی تصدیق

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی میں کروناوائرس کی تصدیق

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کےبہنوئی میں کروناوائرس کی تصدیق ہوگئی ، وائرس کی تشخیص کے بعد انھیں آئسولیشن وارڈمنتقل کردیاگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی میں کروناوائرس کی تصدیق، مرادعلی شاہ کے بہنوئی  2 روز پہلے ایران سے آئے تھے، وائرس کی تشخیص کےبعد آئسولیشن وارڈمنتقل کردیاگیا ہے۔

    خیال رہے پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد اٹھارہ ہوگئی ہے ، محکمہ صحت سندھ کےمطابق ایک کیس کراچی میں رپورٹ ہوا، مریض نےدبئی کا سفر کیا تھا جبکہ دوسرا مریض حیدرآباد سے ہے۔

    معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ متاثرہ افراد کورونامیں مبتلامریض سےرابطےمیں تھے، مزیدافراد کے ٹیسٹ ہورہے ہیں جبکہ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیاگیا ہے۔

    وائرس پھیلنے کے خدشہ پر پاک افغان سرحدنویں روز بھی بندہے، جس سےپاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اورنیٹو سپلائی معطل ہے جبکہ چمن بارڈر سولہ مارچ تک بند کر دیاگیا۔

    دوسری جانب کرونا پرمحکمہ ریلیف وآبادکاری خیبرپختونخوا نےبھی گائیڈ لائنزجاری کردی ہے اور ملک میں اندرون اوربیرونی آمدورفت کےلئے چیک پوائنٹس کاطریقہ بنادیا ہے۔

    پنجاب میں بھی کوروناسےبچاؤ کےلئےاقدامات کئے گئے۔۔وزیراعلیٰ پنجاب کےمطابق ضروری سامان کےلیے لئے 238 ملین مختص کردیئےگئے ہیں۔

  • کرونا وائرس کے خلاف چین کی کامیابی، عارضی طور پر بنائے گئے اسپتال بند

    کرونا وائرس کے خلاف چین کی کامیابی، عارضی طور پر بنائے گئے اسپتال بند

    بیجنگ: چین کرونا وائرس کے ہولناک پھیلاؤ پر بالآخر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا، مریضوں کی تعداد میں کمی کے باعث وائرس کے لیے عارضی طور پر بنائے گئے اسپتال بند کردیے گئے، شنگھائی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی صحتیابی کی شرح 93 فیصد ہوگئی۔

    چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے جس کے بعد چین کے شہر ووہان میں بنائے گئے تمام عارضی اسپتال بند کر دیے گئے ہیں۔

    یہ اسپتال کرونا وائرس کی وبا سامنے آنے کے بعد ریکارڈ 10 دن کی مدت میں تعمیر کیے گئے تھے۔

    چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ شنگھائی میں کرونا وائرس کے مریضوں کی صحتیابی کی شرح 93 فیصد ہوگئی ہے۔ شنگھائی میں اب تک سامنے آنے والے کرونا کے 342 مریضوں میں سے 319 صحتیاب ہو کر اسپتال سے ڈسچارج ہوچکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے چین کے سب سے متاثرہ شہر ووہان میں بھی مریضوں کی تعداد اور اموات میں کمی آرہی ہے۔

    چینی حکام کے مطابق صوبہ ہوبی کے باہر مسلسل دوسرے روز کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، یاد رہے کہ کرونا وائرس کا آغاز چین کے وسطی صوبے ہوبی سے ہوا تھا اور اس کا شہر ووہان سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔

    مجموعی طور پر ووہان سمیت چین میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 80 ہزار 754 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 2 ماہ میں اس وائرس سے 3 ہزار 136 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے، مجموعی طور پر 59 ہزار 912 مریض ٹھیک ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 794 مریضوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔

    خیال رہے کہ چین سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 ہزار 27 ہوگئی ہے جبکہ چین کے علاوہ دیگر ممالک میں متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

    چین کے 80 ہزار افراد سمیت دنیا بھر میں اس وائرس سے 1 لاکھ 14 ہزار 458 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

  • کرونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات 4027 ہو گئیں

    کرونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات 4027 ہو گئیں

    بیجنگ: دنیا بھر میں نہایت مہلک اور نئے وائرس COVID 19 سے ہونے والی ہلاکتیں 4,027 ہو گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 ہزار 27 ہو گئی، جب کہ متاثرین کی تعداد بھی تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک 114,458 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ صحت یابی کا عمل بھی جاری ہے، 64,105 افراد مہلک وائرس سے نجات پا چکے ہیں۔

    اب تک کرونا وائرس دنیا کے 115 ممالک اور علاقوں کو لپیٹ میں لے چکا ہے، 5 ہزار سے زائد افراد کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے، کرونا وائرس سے اموات کی شرح 6 فی صد صحت یابی کی شرح 94 فی صد ہے۔ خیال رہے کہ ایک بین الاقوامی بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز بھی وائرس سے متاثر ہوا، جو تاحال یوکوہاما، جاپان میں لنگر انداز ہے۔

    جرمنی کے شہر برلن میں ایک لیمپ پوسٹ پر حفاظتی فیس ماسک کی فروخت کا اشتہار چسپاں ہے، گزشتہ روز جرمنی میں کرونا سے 2 اموات ہوئیں

    چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3136 ہو گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 80757 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ روز چینی صدر شی جن پنگ نے کرونا وائرس کے مرکز صوبہ ہوبائی کا پہلی بار دورہ کیا، اور وائرس کے سدباب کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا، چینی صوبے ہوبائی سے پھوٹنے والی اس مہلک وبا سے اب تک 115 ممالک متاثر ہو چکے ہیں۔

    اٹلی

    اٹلی میں ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اور اب تک 463 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جب کہ متاثرین کی تعداد 9,172 ہو گئی۔ یورپی ملک اٹلی میں بڑے پیمانے پر لاک ڈاؤن بھی کر دیا گیا ہے، تقریباً 6 کروڑ لوگ لاک ڈاؤن کر دیے گئے ہیں۔ اٹلی میں 3 اپریل تک تمام تعلیمی اداروں کو بند کیا جا چکا ہے، ہلاکتوں میں اٹلی دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، اطالوی وزیر اعظم نے 14 صوبوں ریڈ زون قرار دے دیا ہے۔

    فرانس

    فرانس میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، فرانس کے وزیر ثقافت فرینک ریسٹر میں بھی وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے، اب تک 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 1,412 ہے۔

    بحرین میں کرونا وائرس کے 8 مریض علاج کے بعد صحت یاب ہوگئے، حکام کا کہنا ہے کہ بحرین میں اب تک کرونا وائرس کے 22 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ مجموعی مریضوں کی تعداد 109 ہے۔ ایران میں بھی 237 افراد کرونا کے باعث جان سے جا چکے ہیں، مجموعی متاثرین کی تعداد 7,161 ہو گئی ہے۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مزید 5 کیس رپورٹ ہونے کے بعد تعداد 20 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز مکہ میں بھی ایک شخص میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

  • کرونا وائرس: اٹلی میں بدترین پھیلاؤ، پورا ملک لاک ڈاؤن کردیا گیا

    کرونا وائرس: اٹلی میں بدترین پھیلاؤ، پورا ملک لاک ڈاؤن کردیا گیا

    روم: کرونا وائرس کے بدترین پھیلاؤ کے سبب پورے اٹلی کو لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے اور ملک بھر میں سخت پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    اٹلی میں اب تک کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 463 ہوچکی ہے جبکہ 9 ہزار افراد اس جان لیوا وائرس سے متاثر ہیں۔ اٹلی یورپی ممالک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔

    اٹلی کے آرمی چیف بھی اس جان لیوا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں تاہم ان کی حالت بہتر ہے۔

    وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اٹلی میں تمام عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے، کھیلوں کے مقابلے بشمول فٹبال میچز منسوخ کردیے گئے ہیں اور تمام تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔

    حالیہ پابندی کے بعد لمبارڈی سمیت ملک کے شمال اور مشرق میں واقع 14 صوبوں کے رہائشیوں کو سفر کرنے سے قبل خصوصی اجازت نامے کی ضرورت ہوگی، اٹلی کے شہر میلان اور وینس بھی متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی یہ صورتحال 3 اپریل تک رہے گی، اس دوران پبلک ٹرانسپورٹ فعال رہے گی۔

    اطالوی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن کا اعلان ہوتے ہی لاکھوں افراد نے سپر اسٹورز پر یلغار کردی تاکہ اشیائے ضروریہ خرید کر ذخیرہ کی جاسکیں۔

    لاک ڈاؤن کے باعث اب 6 کروڑ افراد قرنطنیہ کی صورتحال میں آجائیں گے۔

    اٹلی کی اپنے شہریوں پر عائد کردہ یہ پابندیاں چین کے بعد کسی بھی ملک میں عائد کی جانے والے پابندیوں میں سخت ترین ہیں۔

  • کرونا وائرس: یورپی و ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی

    کرونا وائرس: یورپی و ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی

    بیجنگ / برلن / پیرس: کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں معاشی تنزلی جاری ہے، یورپی و ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی دیکھی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث معیشتوں کو نقصان پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، یورپی و ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی دیکھی جارہی ہے۔

    جرمن انڈیکس میں 729 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، فرانسیسی انڈیکس میں 364 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ برطانوی مارکیٹ فٹسی میں 460 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    دوسری جانب ایشیا کی بیشتر اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی کا رجحان ہے، جاپانی اسٹاک مارکیٹ 11 سو 17 پوائنٹس کی مندی پر بند ہوا۔ چینی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 4 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔

    ہانگ کانگ انڈیکس میں کاروبار کے اختتام پر 11 سو 6 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جبکہ جنوبی کوریا اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 4 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

    ادھر پاکستان اسٹاک مارکیٹ بھی آج کریش کر گئی اور 100 انڈیکس 21 سو سے زائد پوائنٹس تک گر گیا۔ پوائنٹس میں بدترین کمی کے بعد بینچ مارک انڈیکس 36 ہزار 113 پوائنٹس پر آگیا۔