Tag: Coronavirus

  • کرونا کے چھٹے مریض کی ٹریول ہسٹری سامنے آ گئی

    کرونا کے چھٹے مریض کی ٹریول ہسٹری سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں مہلک وائرس COVID 19 کے چھٹے مریض کی سفری تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول تفصیلات کے مطابق کرونا کے مریض کا تعلق کراچی ایسٹ گلشن سے ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ مریض نے 12 سے 24 فروری تک ایران کا سفر کیا تھا، متاثرہ شخص کی عمر 69 سال ہے، اور وہ ایران سے سی فوڈ مصنوعات کی درآمد کرتا ہے۔

    ذرایع نے مزید بتایا ہے کہ کرونا کے مریض نے تہران، چابہار میں 13 روز قیام کیا، مریض 25 فروری کو تہران سے بذریعہ جہاز کراچی واپس پہنچا، مریض میں کرونا کی علامات 3 مارچ کو ظاہر ہوئیں، جب کہ 4 مارچ کو بخار، سر درد کی شکایات نمایاں ہوئیں، 5 مارچ کو مریض نے معائنہ کرایا جس پر آغا خان اسپتال نے انھیں داخل کرلیا، اسی دن مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    کراچی میں کروناوائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    خیال رہے کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد سندھ میں مہلک وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے، گزشتہ رات سندھ حکومت نے متاثرہ شخص سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کے ٹیسٹ کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی ٹویٹ کے ذریعے چھٹے کیس کی تصدیق کی تھی، ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے نئے مریض کی حالت قابو میں ہے۔

    پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 6 ہو چکی ہے۔ 3 کا تعلق کراچی، 2 کا اسلام آباد اور 1 کا گلگت اور ایک کا فیصل آباد سے ہے۔ سرکاری ذرایع کا کہنا ہے کہ اب تک 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد مسافروں کی اسکریننگ ہو چکی ہے، پاک ایران سرحد پر زائرین کی سخت اسکریننگ جاری ہے، ایران سے سندھ پہنچنے والے 1277 افراد کلیئر قرار دے دیے گئے ہیں، جب کہ 823 کو قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔

  • وہ اشیاء جن سے کرونا وائرس انسانوں میں  منتقل ہوسکتا ہے؟

    وہ اشیاء جن سے کرونا وائرس انسانوں میں منتقل ہوسکتا ہے؟

    نیویارک : عالمی ادارے صحت نے خبردار کیا ہے کہ  کرنسی نوٹوں سے بھی  کرونا  وائرس  انسانوں میں منتقل ہوسکتا ہےجبکہ دروازے کے ہینڈل، دفتر کے کچن، اے ٹی ایم مشین ، زینے کی ریلنگ ، ٹیلیفون اور طیارے کی نشستیں کرونا وائرس کی منتقلی کا خطرہ بڑھا سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس انسانوں کے علاوہ چیزوں سے بھی منتقل ہوسکتا ہے، عالمی ادارے صحت نے خبردار کردیاکرنسی نوٹ وائرس پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں ، کرنسی نوٹ پر جراثیم اور وائرس زیادہ جمع ہوتے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کرنسی نوٹوں کو استعمال کرنے کے بعد ہاتھوں دھوئیں ، جس حد تک ممکن ہو کیش لیس پیمنٹ آپشنز کا انتخاب کریں ۔

    ادارے نے تجویز دی کہ کرونا وائرس کئی روز تک کاغذی کرنسی نوٹ کی سطح پر باقی رہ سکتا ہے، اس لئے مالی معاملات کے لیے مختلف طریقوں کا استعمال کیا جائے۔

    ترجمان کے مطابق برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ کرنسی نوٹ،دروازے کے ہینڈل،دفتر کے کچن،اے ٹی ایم مشین،زینے کی ریلنگ،ٹیلیفون اورطیارے کی نشستیں کرونا وائرس کی منتقلی کا خطرہ بڑھا سکتی ہیں جبکہ بے جان اشیا سے کرونا وائرس کی منتقلی کا امکان بہت کم ہے لیکن احتیاط ضروری ہے۔

    دوسری جانب ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کرنسی نوٹ وبائی متعدی امراض کی منتقلی کے پھیلاؤ کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، جس میں انفلوئنزا شامل ہے، ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ ایسے میں "اینٹی بائیوٹکس” کے استعمال سے مکمل اجتناب برتنا چاہیے کیوں کہ یہ وائرل متعدد مرض کا مقابلہ کرنے میں فائدہ مند نہیں۔

    ماہرین کے مطابق کرونا سے حفاظت کا اچھا طریقہ یہ ہے کہ کرنسی نوٹوں کو چُھونے کے بعد ہاتھوں کو دھو لیا جائے۔

  • کرونا وائرس: سعودی ایئرپورٹس اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے

    کرونا وائرس: سعودی ایئرپورٹس اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر فضائی سفر میں سخت احتیاط کی جانے لگی، ایئرپورٹس کے تمام حصوں اور جہازوں پر جراثیم کش اسپرے کیے جا رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے مسافروں کی سلامتی اور فضائی سفر کو وبائی بیماریوں سے پاک رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر مزید سخت کردی ہیں۔

    محکمہ شہری ہوا بازی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے انسداد کے لیے سفر سے پہلے، سفر کے دوران اور سفر کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

    محکمے کے مطابق سفر سے پہلے تمام مسافروں کا طبی معائنہ ہوتا ہے، پرواز کے دوران کام کرنے والے عملے کو دستانے اور ماسک پہنے رکھنے کی سختی سے تاکید کر دی گئی ہے۔

    محکمے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران کسی مریض پر شبہ ہوجائے تو اسے کس طرح باقی مسافروں سے دور رکھا جائے اور اس کی استعمال کی جانے والی جگہ کو کس طرح وائرس سے پاک کیا جائے اس کی مکمل تربیت عملے کو دی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق جہاز میں سوار ہونے سے پہلے تمام مسافروں کا اسکین کیا جاتا ہے تاکہ یقین ہوجائے کہ کسی میں کرونا کا شبہ نہیں ہے، جہازوں کے علاوہ ایئرپورٹ کے تمام حصوں کو بھی جراثیم کش مواد سے صاف کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سفر کے بعد منزل مقصود تک پہنچنے پر جب تمام مسافر جہاز سے اتر جاتے ہیں تو جہاز کے اندرونی حصے کو بھی اچھی طرح سے صاف کیا جاتا ہے اور اس میں جراثیم کش مواد کا سپرے کیا جاتا ہے۔

  • کرونا وائرس: جدہ میں ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول ملتوی

    کرونا وائرس: جدہ میں ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول ملتوی

    ریاض: سعودی عرب میں ہونے والا ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کرونا وائرس کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا، نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے مدنظر فیسٹول ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیسٹول 12 سے 21 مارچ تک جدہ شہر میں ہونے والا تھا۔

    ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیسٹیول رواں سال ہی کسی تاریخ میں منعقد کیا جائے گا، جب بھی حالات بہتر ہوں گے فیسٹول کے انعقاد کا اعلان کردیا جائے گا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ التوا کا فیصلہ مشکل تھا، ہمیں اس کا دکھ ہے تاہم کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ اگر یہ رکاوٹ حائل نہ ہوتی تو فیسٹول ضرور ہوتا۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی عرب کی 6 مختصر فلمیں نیٹ فلکس پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، مذکورہ فلمیں بین الاقوامی ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں۔

    مذکورہ فلمیں رواں ماہ کے آخر تک نیٹ فلکس پر 190 ممالک میں دیکھی جاسکیں گی۔

  • سعودی عرب میں صحت انشورنس رکھنے والوں کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب میں صحت انشورنس رکھنے والوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب میں صحت انشورنس رکھنے والوں کے لیے خوشخبری، کرونا وائرس کا علاج بھی انشورنس میں شامل کر دیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کوآپریٹو ہیلتھ انشورنس کونسل کا کہنا ہے کہ نئے کرونا وائرس اور اس جیسے دیگر تمام امراض کا علاج میڈیکل انشورنس اسکیم میں شامل ہے۔

    کونسل کے مطابق اس کے تحت طبی معائنہ، علاج کی تجویز، ادویات اور ایسی تمام مشینی خدمات فراہم کی جائیں گی جن سے انشورنس اسکیم کو خارج نہ کیا گیا ہو۔

    کو آپریٹو ہیلتھ انشورنس کے ترجمان یاسر المعارک نے بتایا کہ کرونا وائرس میڈیکل انشورنس اسکیم میں شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جس طرح تنفس کے نظام پر حملہ آور کسی بھی قسم کے وائرس کا علاج میڈیکل انشورنس کے تحت کیا جاتا ہے کرونا وائرس اور اس جیسے ہر وائرس سے متاثر افراد کا علاج میڈیکل انشورنس کے تحت کیا جائے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ انشورنس کونسل صحت خدمات فراہم کرنے والے تمام اداروں سے رابطے میں ہے، اس امر کی کوشش کی جا رہی ہے کہ میڈیکل انشورنس کروانے والوں کو مناسب ہیلتھ انشورنس سروس مہیا ہو اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہ ہو۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انشورنس کروانے والوں کو صحت کی بہترین خدمات بلا تاخیر فراہم کی جائیں۔

  • کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3286 ہو گئی

    کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3286 ہو گئی

    بیجنگ: نئے اور مہلک وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 3,286 ہو گئی ہے، اب تک دنیا کے 84 ممالک تک کرونا وائرس پھیل چکا ہے، جب کہ اس کا تیزی سے پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کا سلسلہ روکا نہیں جا سکا، نہ ہی اس کے پھیلاؤ کے آگے بندھ باندھا جا سکا ہے، دنیا بھر میں اس وائرس سے 95 ہزار 488 افراد متاثر ہو چکے ہیں، دوسری طرف صحت یابی کا عمل بھی جاری ہے اور اب تک 53689 افراد مہلک وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں، عالمی سطح پر صحت یابی کے عمل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

    چین میں، جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا، ہلاکتوں اور نئے مریضوں میں بتدریج کمی آتی جا رہی ہے، اب تک چین میں 3,013 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں جب کہ 80,430 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے، صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 52,208 تک پہنچ گئی ہے تاہم اب بھی 5,952 چینی شہریوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ورکرز تہران میں ایک زیر زمین ریل گاڑی کو کرونا وائرس سے پاک کرنے کے لیے اسپرے کر رہے ہیں

    چین کے باہر بھی یہ وائرس نہ صرف تیزی سے پھیل رہا ہے بلکہ اس سے اموات کی تعداد میں بھی دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے، یورپی ملک اٹلی میں ہلاکتیں 107 تک پہنچ گئی ہیں جب کہ مجموعی متاثرین کی تعداد 3,089 ہو گئی ہے، ایران میں بھی وائرس کے وار جاری ہیں اور اب تک 92 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 2,922 افراد وائرس سے متاثرہ ہیں۔ امریکا میں بھی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 11 ہو گئی ہے جب کہ 160 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ برطانیہ میں وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد 87 ہو گئی ہے۔

    عراق کے شہر نجف کی ایک مسجد میں کرونا وائرس کے خلاف اسپرے کیا جا رہا ہے، دو دن قبل ایک 70 سالہ امام وائرس سے جاں بحق ہوئے تھے

    سعودی عرب میں کرونا وائرس کا دوسرا کیس رپورٹ ہو گیا ہے۔ جنوبی کوریا میں ہلاکتیں 35، جاپان میں 6، فرانس میں 4، اسپین، آسٹریلیا اور ہانگ کانگ میں 2،2 ہلاکتیں ہوئیں۔ تقریباً 22 ممالک میں اب تک صرف ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، 5 ممالک میں دو دو کیسز رپورٹ ہوئے، 7 ممالک میں تین تین کیسز، ایک ملک میں 4 جب کہ صرف پاکستان میں 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 5 ایسے ممالک ہیں جہاں 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ایک ماں اور اس کا بیٹا بیجنگ کے ایک شاپنگ مال میں حفاظتی لباس پہن کر کھیل رہے ہیں

    ناروے میں 24 گھنٹوں کے دوران 23 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس سے مجموعی تعداد 59 ہو گئی، اوسلو میں ایک اسپتال کے 280 ورکرز کو گھروں سے نکلنے اور کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ورکرز میں 70 ڈاکٹرز، 70 نرسیں بھی شامل ہیں، ان کے علاوہ بھی سیکڑوں افراد پر کرونا وائرس کے شُبہے میں گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

    یونیسکو کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث 13 سے زائد ممالک نے اسکول بند کر دیے ہیں، مختلف ممالک میں اسکول بند ہونے سے 29 کروڑ بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔

  • کرونا وائرس سے بچنے کے لیے حجاموں کی انوکھی حرکت، ویڈیو وائرل

    کرونا وائرس سے بچنے کے لیے حجاموں کی انوکھی حرکت، ویڈیو وائرل

    دنیا بھر میں جہاں کرونا وائرس نے سب کو دہشت میں مبتلا کر رکھا ہے اور نظام زندگی معطل ہے، وہیں لوگوں نے کاروبار زندگی چلانے کے لیے نئے نئے طریقے بھی ڈھونڈنے شروع کر دیے ہیں۔

    چین میں بھی ایسی ہی کچھ حجام اپنی انوکھی حرکت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہورہے ہیں، حجاموں نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے اپنے گاہکوں سے محفوظ فاصلہ رکھتے ہوئے بال کاٹنے کے اوزار ایک 4 فٹ طویل ڈنڈے پرلگا دیے ہیں جس کے مدد سے وہ گاہکوں کے قریب جائے بغیر ان کے بال کاٹ سکتے ہیں۔

    چین کے صوبے ہنان میں موجود ان حجاموں نے ماسک پہنا ہوا ہے، 4 فٹ طویل ڈنڈے کے ایک سرے پر انہوں نے برش، شیور اور ہیئر ڈرائر لگا دیے ہیں جس کے دوسرے سرے پر کھڑے ہو کر وہ کام کرتے ہیں۔

    دکان کے مالک وو جن لونگ کا کہنا ہے کہ اس طرح کام کرنے سے اس صفائی اور نفاست سے کام نہیں ہوتا جس طرح ہاتھ سے ہوتا ہے لیکن وہ ایسا بحالت مجبوری اپنی اور گاہکوں کی حفاظت کے لیے کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ چینی حکام نے وائرس سے بچنے کے لیے پرہجوم مقامات پر لوگوں کو آپس میں ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھنے کا ہدایت کی ہے۔

    جان لیوا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 3 ہزار 205 ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور 93 ہزار 500 افراد متاثر ہیں۔ چین میں اس وائرس کی شدت میں کمی آرہی ہے تاہم اب یہ وائرس دنیا کے دیگر ممالک میں پھیل رہا ہے۔

  • کرونا وائرس پھیلنے کا خطرہ،   ایران نے  54 ہزار قیدی رہا کردیئے

    کرونا وائرس پھیلنے کا خطرہ، ایران نے 54 ہزار قیدی رہا کردیئے

    تہران : ایران نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنی جیلوں سے 54 ہزار سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا ہے ، ایران میں اب تک 99 افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق چین کےبعد ایران میں کرونا وائرس نے زور پکڑلیا، جہاں اب تک 99 افراد جان سے گئے اور ڈھائی ہزار سے زائد متاثرہیں، ایران نے کرونا وائرس پھیلنے سے روکنے کیلئے چون ہزار صحت مند قیدیوں کو عبوری ضمانت پر رہا کر دیا۔

    ایرانی حکام کے مطابق قیدیوں کی رہائی عارضی ہے، رہائی سے قبل قیدیوں کے ٹیسٹ کیےگئے اور جن کے ٹیسٹ منفی تھے انہیں ضمانت پر رہا کیاگیا جبکہ پانچ سال سے زائد سزا پانے والے قیدیوں کو رہا نہیں کیا گیا ۔

    ایرانی حکومت نے فوج طلب کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    گذشتہ روز نائب وزیر صحت الیریزا رئیسی نے کہا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 835 نئے کیس سامنے آئے ہیں ، بیشتر نئے کیسوں کا تعلق دارالحکومت تہران ، قم اور غیلان صوبوں سے ہیں جبکہ کرونا وائرس سے متاثرہ 435 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3203 ہوگئی جبکہ 76 ممالک میں 93ہزار160افراد وائرس کا شکار ہیں اور 50 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • کرونا وائرس کا خطرہ ، جامعہ کراچی میں  آن لائن کلاسز کا آغاز

    کرونا وائرس کا خطرہ ، جامعہ کراچی میں آن لائن کلاسز کا آغاز

    کراچی : جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے طلبہ وطالبات تعطیلات کے دوران تدریس جاری رکھنے کا حل نکال لیا اور آن لائن کلاسز کا آغاز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے پیش نظر جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن نے تدریس جاری رکھنے کا حل نکال لیا اوشعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں آئن لان کلاسز کا آغاز کر دیا ہے۔

    سوشل میڈیا ٹول کے ذریعے جامعہ کراچی میں آئن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری ہے، پبلک ایڈمنسٹریشن کے طلبہ کو آن لائن تعلیم فراہم کرنے کے لئے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں ڈاکٹر مصطفی حیدر نے آن لائن گروپ بنا کر بی ایس کے طلبہ کو لکیچر دیتے ہیں۔

    اساتذہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیاٹول کو مثبت انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے، صبح کے اوقات میں نوبجے کلاس کا آن لائن کلاس شروع کی جاتی ہے جبکہ شام کے اوقات مذکورہ ٹیچر گھر سے آن لائن کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں۔

    آن لائن کلاسز کا مقصد شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے طلبہ کوسیلیبس کی برقت تکمیل میں معاونت فراہم کرنا ہے جبکہ دیگر شعبہ جات میں اس ہی طریقہ کار پر عمل کیا جارہا ہے۔

    خیال رہے سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے تعلیمی اداروں میں 13 مارچ تک تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔

    یاد رہے شہر قائد میں کروناوائرس سے متاثر 22سالہ نوجوان جامعہ کراچی کا طالبعلم نکلا تھا، جس کے بعد ساتھی طلبامیں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ، بیرون ملک سےکراچی پہنچنےکےبعدطالبعلم نےجامعہ کراچی میں کلاسیں لی تھی۔

  • یمن: کرونا وائرس کا مریض اسپتال سے فرار ہوگیا

    یمن: کرونا وائرس کا مریض اسپتال سے فرار ہوگیا

    صنعا: یمن میں جان لیوا کرونا وائرس کا مریض قرنطینیہ سے بھاگ گیا، وہ یمن میں اب تک سامنے آنے والا کرونا وائرس کا واحد مریض ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ مریض کرونا سے متاثر ملک سے واپس آیا تھا تاہم حکام اس ملک کا نام بتانے سے گریزاں ہیں، مذکورہ مریض یمن کے شہر المکلا کا رہائشی تھا اور 2 دن قبل اس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق مریض کو ابن سینا اسپتال کے قرنطینیہ میں رکھا گیا تھا، اس سے پہلے البرج اسپتال میں لیبارٹری ٹیسٹ سے تصدیق ہوگئی تھی کہ وہ کرونا کا شکار ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکام نے مریض کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد مریض کو قرنطینیہ میں رکھا گیا تھا تاہم طبی عملے نے اسے اگلے دن وہاں موجود نہیں پایا۔

    وزارت صحت کے حکام نے اس بات کی بھی تردید کی ہے کہ شہر میں کرونا کا کوئی دوسرا مریض ہے۔

    ان کے مطابق اب تک صرف ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے جسے قرنطینیہ منتقل کیا گیا تھا تاہم علاج شروع کرنے سے پہلے ہی وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔