Tag: Coronavirus

  • تہران: شہر کے میئر کرونا وائرس کا شکار، جامعات اور سینما بند

    تہران: شہر کے میئر کرونا وائرس کا شکار، جامعات اور سینما بند

    بیجنگ / تہران: ایران میں کرونا وائرس سے 5 افراد کی ہلاکت کے بعد دارالحکومت تہران میں جامعات اور سینما بند کردیے گئے، شہر کے ضلعی میئر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ چین میں جان لیوا وائرس سے مزید 96 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے ایران میں 5 افراد کی ہلاکت کے بعد دارالحکومت تہران سمیت کئی شہروں میں جامعات اور سینما ایک ہفتے کے لیے بند کردیے گئے۔

    ایران میں اب تک 18 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں تہران کے 13 ضلعوں کے میئر مجتبیٰ رحمٰن زادہ بھی شامل ہیں۔

    دوسری جانب چین میں کرونا وائرس سے مزید 96 افراد موت کے گھاٹ اتر گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2 ہزار 458 ہوگئیں۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز کرونا وائرس کے مزید 648 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

    حکام کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہزار ہوگئی ہے۔ وائرس سے متاثرہ 10 ہزار 968 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

    چین کے بعد جنوبی کوریا کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جنوبی کوریا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 556 سے تجاوز کر گئی جبکہ 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    اٹلی میں جان لیوا وائرس سے 2 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہوگئی۔ وائرس کے مزید پھیلاؤ کے خدشے کے تحت اٹلی کے شمالی علاقوں میں اسکول بند کردیے گئے ہیں۔

  • کرونا وائرس: پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد

    کرونا وائرس: پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد

    کوئٹہ: کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے تحت بلوچستان حکومت نے پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد کردی، تافتان میں موجود 100 کے قریب زائرین کو واپس کوئٹہ بلا لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے تحت پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد کردی۔ مذکورہ پابندی ایران میں کرونا وائرس سے 5 افراد کی ہلاکتوں کے بعد لگائی گئی ہے۔

    تافتان میں موجود 100 کے قریب زائرین کو واپس کوئٹہ بلا لیا گیا ہے اور محکمہ داخلہ بلوچستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ زائرین کو تا حکم ثانی اجازت نامے جاری نہیں ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحد پر خصوصی چیک پوسٹیں بھی قائم کرنے کی ہدایت جاری کردی گی، زائرین کو نہ روکنے پر متعلقہ ڈی سی، اے سی اور ایس پی ذمے دار ہوں گے۔

    فی الوقت تافتان میں ایران سے آنے والوں کی اسکریننگ بھی کی جارہی ہے جس کے لیے ضروری طبی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں محکمہ داخلہ بلوچستان نے سفارش کی ہے کہ پاک ایران سرحد پر آمد و رفت محدود کی جائے۔

    اجلاس میں پاک ایران زائرین آپریشن فوری طور پر روکنے کی سفارش کی گئی جبکہ کہا گیا کہ پاک ایران سرحد پر زائرین کے لیے اسکریننگ کیمپس لگائے جائیں۔ حکام نے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی اور چاغی میں خصوصی چیک پوسٹس کے قیام کی سفارش کی ہے۔

    گزشتہ روز ایران سے منسلک بلوچستان کے اضلاع میں ایمرجنسی بھی نافذ کی جاچکی ہے جبکہ تافتان بارڈر پر اضافی عملہ بھی تعینات کردیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم بھی تافتان بارڈر پر پہنچ چکی ہے۔

  • ایران میں کروناوائرس  سے 5افراد کی موت کی تصدیق، عالمی ادارہ صحت کا اظہارتشویش

    ایران میں کروناوائرس سے 5افراد کی موت کی تصدیق، عالمی ادارہ صحت کا اظہارتشویش

    تہران : ایران نے کروناوائرس سے5افرادکی موت کی تصدیق کردی ہے، عالمی ادارہ صحت کاایران میں کوروناوائرس پراظہارتشویش کیا ہے جبکہ عراق اورافغانستان نےایرانی باشندوں کی آمد ورفت محدودکردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکام نے کروناوائرس سے 5 افراد کی موت کی تصدیق کردی اور بتایا وائرس سےایران میں متاثرین کی تعداد 28ہوگئی، کروناوائرس سےاموات قم اوراطراف کے علاقوں میں ہوئیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے ایران میں کرونا وائرس پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ عراق اورافغانستان نےایرانی باشندوں کی آمد ورفت محدودکردی ہیں۔

    اس سے قبل ایرانی وزارت صحت کے حکام نے کہا تھا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ایرانی شہر قم میں ایک اسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے اور قم میں کرونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے اور جامعات بند کردی گئی ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں ، وائرس سے فوت ہونے والے مریض عمر رسیدہ تھے جبکہ کرونا وائرس کے سبب کویت نے ایران کے لیے تمام پروازیں معطل کر دیں ہیں۔

    مزید پڑھیں : ایران میں کرونا وائرس سے4 افراد ہلاک ، تعلیمی ادارے بند

    خیال رہے سعودی عرب نے کرونا وائرس کے باعث شہریوں اور مقیم ایرانی باشندوں کے ایران جانے پر بابندی لگادی ہے، تاکہ مملکت کو کرونا کی وبا سے محفوظ رکھا جا سکے۔

    واضح رہے چین میں مزید 109 افرادکرونا وائرس سے ہلاک ہوگئے، جس کے بعد کرونا وائرس سے اموات کی تعداد2360 ہوگئی جبکہ 76000 افراد وائرس سے متاثر ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت کاکہناہےکرونا وائرس پرقابو پانے کےامکانات کم ہوتےجارہےہیں، اٹلی میں وائرس سےپہلی ہلاکت سامنے آگئی جبکہ جنوبی کوریا میں وائرس سے متاثرین کی تعدادتین سوچھیالیس ہوگئی۔

    اٹھائیس ممالک میں اب تک ایک ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ لبنان اور اسرائیل میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

  • ایران میں کرونا وائرس سے4  افراد ہلاک ،  تعلیمی ادارے بند

    ایران میں کرونا وائرس سے4 افراد ہلاک ، تعلیمی ادارے بند

    تہران : ایران میں کرونا وائرس سے4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ متاثرین کی تعداد 18 ہوگئی، وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ایران کے شہر قُم کے ایک اسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے جبکہ شہر کے تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جبکہ متاثرین کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے ، ایران میں کرونا وائرس سے چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متاثرین کی تعداد اٹھارہ ہوگئی ہے۔

    تمام کیسوں کا تعلق ایران کے شہر قُم سے ہے ، جہاں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ایک اسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے اور قم میں کرونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے اور جامعات بند کردی گئی ہیں۔

    ایرانی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں ، وائرس سے فوت ہونے والے مریض عمر رسیدہ تھے جبکہ کرونا وائرس کے سبب کویت نے ایران کے لیے تمام پروازیں معطل کر دیں ہیں۔

    دوسری جانب چین میں مزید 109 افرادکرونا وائرس سے ہلاک ہوگئے، جس کے بعد کرونا وائرس سے اموات کی تعداد2360 ہوگئی  جبکہ 76000 افراد وائرس سے متاثر ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت کاکہناہےکرونا وائرس پرقابو پانے کےامکانات کم ہوتےجارہےہیں، اٹلی میں وائرس سےپہلی ہلاکت سامنے آگئی جبکہ جنوبی کوریا میں وائرس سے متاثرین کی تعدادتین سوچھیالیس ہوگئی۔

    اٹھائیس ممالک میں اب تک ایک ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ لبنان اور اسرائیل میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

  • کرونا وائرس: ماں نے بیٹی کی پڑھائی کے لیے ٹینٹ تعمیر کرلیا

    کرونا وائرس: ماں نے بیٹی کی پڑھائی کے لیے ٹینٹ تعمیر کرلیا

    بیجنگ: چین میں جان لیوا کرونا وائرس نے جہاں ایک طرف تو پورے ملک کو خوف کی لپیٹ میں لے رکھا ہے، وہیں لوگوں نے معمولات زندگی سے جڑے رہنے کے لیے نئے نئے طریقے ڈھونڈ لیے ہیں۔

    چین کے سب سے متاثرہ شہر ووہان سے ملحقہ ایک نواحی قصبے میں ایک ماں نے اپنی بیٹی کی پڑھائی کے لیے بانس اور پلاسٹک سے عارضی ٹینٹ تعمیر کرلیا۔

    یہ علاقہ کرونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کی زد میں ہے اور یہاں پر انٹرنیٹ کی رفتار بھی خاصی سست ہوگئی ہے۔ چند روز قبل ماں نے موبائل ہاتھ میں لے کر قصبے کا چکر لگایا تو دیکھا کہ قصبے کے داخلی حصے پر انٹرنیٹ کی رفتار صحیح ہے۔

    چونکہ پڑھائی کے دوران انٹرنیٹ سے معلومات کے حصول کی ضرورت پڑتی ہے لہٰذا ماں نے وہیں بیٹھ کر اپنی 7 سالہ بیٹی کو پڑھانے کا فیصلہ کرلیا اور اس مقصد کے لیے بانس اور پلاسٹک سے ایک عارضی ٹینٹ تعمیر کرلیا۔

    دونوں ماں بیٹی روزانہ ماسک پہن کر اس ٹینٹ کے اندر بیٹھ کر پڑھائی کرتے ہیں۔ ماں بیٹی کی ٹینٹ میں بیٹھ کر پڑھنے کی ویڈیو چینی میڈیا نے بھی نشر کی ہے۔

    خیال رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2 ہزار 236 ہوگئی ہے، وائرس سے روز 100 سے زائد افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں چین میں 889 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 75 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

  • کرونا وائرس: اموات کی تعداد 2236 ہو گئی، 207 قیدیوں میں بھی وائرس کی تصدیق

    کرونا وائرس: اموات کی تعداد 2236 ہو گئی، 207 قیدیوں میں بھی وائرس کی تصدیق

    بیجنگ: چین میں مہلک ترین کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2236 ہو گئی، چینی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی آ رہی ہے تاہم متاثرہ افراد کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہیں روکا جا سکا۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کرونا وائرس سے روز سو سے زائد افراد ہلاک ہو رہے ہیں، چین کے مشرقی علاقے کی جیل میں بھی 207 قیدیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چین میں 889 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، اور مجموعی کیسز کی تعداد 75 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

    ادھر جنوبی کوریا میں بھی 156 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ یہ چین کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے 39 افراد وہ ہیں جن کا تعلق شنچیانجی چرچ سے ہے، معلوم ہوا ہے کہ 61 سالہ ایک خاتون نے گزشتہ دو اتواروں کو چرچ کی سروس میں شرکت کی تھی، وائرس ممکنہ طور پر ان ہی خاتون سے پھیلا۔

    کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر ہلاک

    جاپان میں 94 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جب کہ ٹوکیو کے قریب لنگر انداز بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز پر 600 سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی۔

    چین میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی مدد سے کرونا وائرس کے علاج کے لیے 2 ادویہ کی آزمایشی جانچ شروع کر دی گئی ہے، ان ادویہ کے نتائج 3 ہفتوں میں سامنے آئیں گے، ان ادویہ میں ایک تجرباتی اینٹی وائرل دوا remdesivir ہے جسے ابھی تک لائسنس بھی نہیں دیا گیا، یہ دوا کانگو میں ایبولا وائرس کے خلاف آزمائی گئی تھی لیکن زیادہ مؤثر ثابت نہیں ہوئی تھی لیکن جب یہی دوا کرونا وائرس سے متاثرہ واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے پہلے امریکی مریض کو دی گئی تو وہ صحت یاب ہو گیا۔

    دوسری دوا 2 ایچ آئی وی ادویہ ritonavir اور lopinavir کا مرکب ہے جس کی آزمایش کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بھی دوا کارگر ہوئی تو کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں تیزی سے کمی آنے لگے گی۔ فی الوقت وائرس کے شکار افراد میں 5 فی صد کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ 2.3 فی صد اموات کی شرح ہے۔

  • کرونا وائرس: ہلاک ڈاکٹر کی اہلیہ شوہر کو آخری بار بھی نہ دیکھ سکیں، دلدوز ویڈیو

    کرونا وائرس: ہلاک ڈاکٹر کی اہلیہ شوہر کو آخری بار بھی نہ دیکھ سکیں، دلدوز ویڈیو

    بیجنگ: چین کے شہر ووہان میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے اسپتال کے سربراہ کی اہلیہ کی دلدوز ویڈیو نے لوگوں کی آنکھیں نم کردیں، اہلیہ اپنے شوہر کا مردہ جسم لے جانے والی گاڑی کے پیچھے دیوانہ وار بھاگتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے لوگوں کو غمزدہ کردیا ہے۔ ووہان میں اس وقت کرونا وائرس کے مریضوں کے مرکزی اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر لیو ژمنگ بھی اس جان لیوا وائرس کا شکار ہوگئے۔

    ڈاکٹر لیو کی موت 2 دن قبل ہوئی اور ان کا جسم اسپتال سے ہی آخری رسومات کے لیے جایا گیا، اس موقع پر ان کی اہلیہ اور دیگر رشتے دار اسپتال کے باہر جمع ہوگئے۔

    جب اسپتال کی گاڑی ڈاکٹر لیو کا مردہ جسم لے کر باہر نکلی تو ڈاکٹر کی اہلیہ کائی لیپنگ روتی ہوئی گاڑی کے پیچھے بھاگتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں تاکہ وہ آخری بار اپنے شوہر کو دیکھ سکیں۔

    تاہم وائرس کی شدت کے سبب کسی کو بھی، وائرس کا شکار مردہ افراد کے بھی قریب جانے کی اجازت نہیں چنانچہ کائی لیپنگ اپنے شوہر کو دیکھنے میں ناکام رہتی ہیں۔

    کائی لیپنگ جو خود بھی اسی اسپتال کی ہیڈ نرس ہیں گزشتہ ایک ماہ سے اپنے شوہر سے نہیں مل سکیں۔ ڈاکٹر لیو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے مریضوں کی خدمت میں اس قدر مشغول رہے کہ انہیں خود میں ظاہر ہونے والی کرونا کی علامات کا اندازہ نہ ہوسکا اور جب ان میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تو بہت دیر ہوچکی تھی۔

    وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد وہ گزشتہ ایک ماہ سے قرنطینیہ میں تھے، اس دوران ان کی اہلیہ نے کئی بار کوشش کی وہ قرنطینیہ یونٹ میں جا کر اپنے شوہر کا خیال رکھ سکیں تاہم ڈاکٹر لی نے سختی سے انہیں اپنے قریب آنے سے منع کردیا کہ کہیں وہ خود بھی وائرس کا شکار نہ ہوجائیں۔

    شوہر کی موت کے باوجود کائی لیپنگ اس جان لیوا مرض سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس غم سے نبرد آزما ہونے کے بعد وہ واپس اسپتال جا کر اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

  • کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر ہلاک

    کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر ہلاک

    ٹوکیو: جاپانی ٹی وی نے سرکاری ذرایع سے خبر دی ہے کہ مہلک کرونا وائرس سے متاثرہ کروز شپ ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر دم توڑ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے شکار بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز، جسے وبا کی وجہ سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے، کے دو مسافر ہلاک ہو گئے ہیں، گزشتہ روز اس جہاز کو جاپان کے شہر یوکوہاما میں ڈیکوکو پیئر پر لنگر انداز کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق نئے وائرس کا شکار ہو کر مرنے والے مسافروں میں ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں جن کی عمریں 80 کے قریب تھیں۔

    کروز شپ میں پھنسے مسافروں کا جزوی انخلا

    خیال رہے کہ ڈائمنڈ پرنسز 3 فروری سے ٹوکیو کے قریب یوکوہاما میں لنگر انداز ہے۔ ابتدائی طور پر قرنطینے (الگ تھلگ) میں رکھے گئے اس جہاز پر 3700 مسافر سوار تھے، تب سے 600 سے زائد مریضوں میں وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے، اس شپ سے مسافر رواں ہفتے ہی اترنا شروع ہوئے ہیں۔

    ڈائمنڈ پرنسز پر انڈونیشیا کے 74 شہری بھی سوار ہیں، حکومت چاہتی ہے کہ اپنے شہریوں کو جہاز سے نکالے، تاہم یہ فیصلہ ہونا ہے کہ ان شہریوں کو طیارے کے ذریعے یا بحری جہاز کے ذریعے واپس لایا جائے، جہاز کے عملے میں شامل انڈونیشیوں میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

    واضح رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2118 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 74576 ہو چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مہلک وائرس سے مزید 114 اموات ہوئی ہیں۔

  • زلفی بخاری کی چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات

    زلفی بخاری کی چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاونین خصوصی زلفی بخاری اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور بتایا کہ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاونین خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اور برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں بریفنگ دی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کی صورتحال بہت گھمبیر ہو چکی ہے، کرونا وائرس کی ساخت سے متعلق تاحال کچھ پتہ نہیں چل رہا۔ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبا کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وائرس کا کوئی حل نہیں ہے نہ ہی اس کا کوئی ماہر موجود ہے، بہت سے ممالک مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کسی کو اندازہ نہیں کہ جو وہ کر رہے ہیں وہ ٹھیک ہے یا نہیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وہاں رہنے والے پاکستانی طلبا محفوظ ہاتھوں میں ہیں، سفارت خانے سے 2 افراد کو ووہان جانے کی اجازت ہے۔ کئی ممالک کو اس حوالے سے کیے گئے اقدامات پر یقین نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقدامات کے نتائج کے حوالے سے ابھی تک کسی کو نہیں پتہ، 2 افراد کو اس شرط پر جانے کی اجازت دی گئی کہ وہ بغیر چیک نہیں آسکیں گے۔ ہم نے اپنے لوگ اس لیے بھیجے تاکہ وہاں وہ بچوں کا درد دیکھ سکیں، وہ وہاں ہی رہیں گے۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت اور کابینہ کو احساس ہے کہ ہم کوئی حکمت عملی آپ سے شیئر کریں، معاملہ اپنی اولاد کا ہو تو خواہش ہوگی کل کے بجائے آج ہی بچے واپس آجائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بھرپور اندازہ ہے کہ بچوں کے والدین بہت پریشان ہیں، والدین کے تحفظات اپنی جگہ لیکن حالات بھی دیکھیں۔

    اس سے قبل کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایمرجنسی کور گروپ کے اجلاس کے دوران ظفر مرزا نے بتایا تھا کہ اب تک قومی ادارہ صحت کو کرونا وائرس کے مشتبہ 89 نمونے موصول ہوئے ہیں، موصول ہونے والے تمام نمونے منفی ہیں، پاکستان میں اس وقت کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کو مربوط بنایا گیا ہے اور 4 لاکھ سے زائد باہر سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوچکی ہے۔

  • ہیتھرو ایئر پورٹ پر چین سے آنے والوں کے لیے ہوٹل بک

    ہیتھرو ایئر پورٹ پر چین سے آنے والوں کے لیے ہوٹل بک

    لندن: کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ہیتھرو ایئر پورٹ پر ایک ہوٹل بک کر لیا گیا ہے جس میں چین سے آنے والے مسافروں کو ٹھہرایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں ہیتھرو ایئر پورٹ پر چین سے آنے والوں کے لیے ایک ہوٹل بک کر لیا گیا ہے جہاں ٹیسٹ ہونے اور نتائج آنے تک مسافر قیام کریں گے۔

    مکمل تشخیص تک چین سے آنے والے مسافروں کو ہوٹل کے اندر ہی رکھا جائے گا، جب کہ وائرس کے شکار افراد کو این ایچ ایس کے حوالے کیا جائے گا۔

    جاپان کے شہر ٹوکیو کے قریب یوکوہاما پورٹ پر کرونا وائرس سے متاثرہ بحری جہاز میں پھنسے ہوئے برطانوی آخر کار وطن لوٹنے لگے ہیں، رپورٹس کے مطابق بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز پر پھنسے برطانویوں کے اس الزام کے بعد کہ فارن آفس نے انھیں بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، 70 برطانویوں کی واپسی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

    اس جہاز پر سے امریکی شہری نکالے جا چکے ہیں، جب کہ جہاز پر آن بورڈ 3 ہزار مسافروں میں سے 454 میں کرونا وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے، ان میں 99 کیسز کی گزشتہ روز تصدیق کی گئی تھی، جس کے بعد برطانوی شہریوں میں غصہ بڑھ گیا تھا اور وہ حکومت پر شدید تنقید کر رہے تھے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس سے چین میں اموات کی تعداد 1800 سے بڑھ چکی ہے، گزشتہ روز ہوبائی صوبے میں 93 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے۔