Tag: Corruption

  • راولپنڈی میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی مبینہ کرپشن کا بھانڈا پھوڑ گیا

    راولپنڈی میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی مبینہ کرپشن کا بھانڈا پھوڑ گیا

    فیصل آباد(24 اگست 2025) :جنرل اسپتال سمن آباد کے مالی معاملات میں 10 کروڑ 84 لاکھ کی بے ضابطگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شہباز احمد کی مبینہ کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا، رپورٹ میں 4کروڑ 9 لاکھ 16 ہزار روپے کی غیر قانونی ادائیگی یونیورسل ہیلتھ انشورنس، ہیلتھ کونسل فنڈز سے کی گئی۔

    آڈٹ رپورٹ کے مطابق  3 کروڑ 33 لاکھ 13 ہزار روپے کی ادویات قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خریدی گئیں، ادویات کی خریداری میں مارکیٹ ریٹس، کنٹریکٹ شرائط اور سرکاری ضوابط کو  مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا، 93 لاکھ 31 ہزار روپے کی مزید مہنگی ادویات خریدی گئیں جو مارکیٹ نرخ سے زائد قیمتوں پر حاصل کی گئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 41 لاکھ 44 ہزار روپے کے ٹھیکے بغیر پرفارمنس سیکیورٹی اور اسٹامپ ڈیوٹی کے جاری کیے گئے، اسپتال کی آمدنی میں سے 25 لاکھ 78 ہزار روپے کی رقم ضلعی محکمہ صحت کے سرکاری اکاؤنٹ میں جمع نہیں کروائی گئی، دیگر انکشافات میں 25 لاکھ 90 ہزار روپے کی تنخواہیں اُن آسامیوں پر دی گئیں جو باقاعدہ طور پر ختم کی جا چکی تھیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 20 لاکھ 41 ہزار روپے کی مختلف خریداری کی گئی جو غیر ضروری اور مہنگی تھی،  18 لاکھ 76 ہزار روپے کی اضافی ادائیگی ایک ایسے سپلائر کو کی گئی جس نے زیادہ نرخ وصول کیے۔

    آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر شہباز احمد کو سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ تعینات کر دیا گیا، سمن آباد اسپتال کا چارج بھی ابھی ان کے پاس ہی ہے۔

  • ’’2 ہزار ارب کی کرپشن، بیوروکریٹس، سیاست دانوں، ٹھیکیداروں کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں‘‘

    ’’2 ہزار ارب کی کرپشن، بیوروکریٹس، سیاست دانوں، ٹھیکیداروں کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں‘‘

    اسلام آباد : وطن عزیز میں گزشتہ دو سے تین سال کے دوران 2 ہزار ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے، بدعنوانی میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    اس بات کا انکشاف پروگرام خبر کے میزبان محمد مالک نے اپنی رپورٹ میں کیا انہوں نے بتایا کہ جون جولائی میں ایک بڑی شخصیت نے میٹنگ کی جس میں 2 ہزار ارب روپے کرپشن کا بتایا گیا۔

    مذکورہ بڑی شخصیت نے ہدایت دی کہ ان لوگوں کی فہرستیں بنائیں جن لوگوں نے بہت زیادہ کرپشن کی ہو۔

    رپورٹ کے مطابق ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بیورو کریٹس، سیاستدانوں اور ٹھیکیداروں کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں۔

    اس سلسلے میں فیٹف سیل متحرک ہوگیا ہے اور ایجنسیوں کو ٹاسک بھی دے دیا گیا ہے، اس کے علاوہ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کچھ بیورو کریٹس ایس آئی ایف سی کی ساکھ کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    محمد مالک نے مزید بتایا کہ اب بڑے فیصلے کرلیے گئے ہیں، سب سے پہلی ترجیح 500 ارب روپے کی ریکوری ہوگی۔

    نادرا شاختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ سے متعلق معلومات

  • طلبا کی اسکالر شپ کیلئے مختص فنڈ میں کروڑوں کے گھپلے کا انکشاف

    طلبا کی اسکالر شپ کیلئے مختص فنڈ میں کروڑوں کے گھپلے کا انکشاف

    اسلام آباد: ضرورت مند ہونہار طلبا کی اسکالر شپ کیلئے مختص فنڈ میں کروڑوں کے گھپلے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ میں 2 کروڑ 27 لاکھ کی کرپشن پکڑی گئی، ایف آئی اے نے سابق ملازمین سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) ترجمان کے مطابق ضرورت مند ہونہار طلبا کی اسکالر شپ کیلئے مختص فنڈ میں کروڑوں کے گھپلے میں ملوث سابق ملازمین سمیت 6 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان میں کمپنی کے سابق چیف فنانشل افسر اور چیف انٹرنل آڈیٹر شامل ہیں اس کے علاوہ سابقہ ایڈمن منیجر اور کمپنی سیکرٹری بھی غبن کرنے والوں میں شامل ہیں۔

    مقدمے کے متن کے مطابق مقدمے میں نیشنل بینک اسلام آباد ہوٹل برانچ کے 2 افسران کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ملزمان گھوسٹ ملازمین کے نام پر سفری و دیگر اخراجات وصول کرتے رہے ہیں، ملزمان نے بینک عملے کی ملی بھگت سے 318 جعلی چیکس کیش کرائے ہیں۔

  • بلوچستان پولیس نے کرپشن کے ریکارڈ قائم دیئے

    بلوچستان پولیس نے کرپشن کے ریکارڈ قائم دیئے

    کوئٹہ: محکمہ پولیس بلوچستان کے مختلف اداروں میں کروڑ وں کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق محکمہ پولیس بلوچستان میں 95 کروڑ روپے کی مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف آڈیٹر جنرل کی آڈٹ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈٹ رپورٹ میں مجموعی طور پر42کروڑ روپےکی بے قاعدگیوں، گھپلوں کی نشاندہی کی گئی جبکہ بغیر اوپن ٹینڈر پولیس میں 24کروڑ 19 لاکھ روپے کے اخراجات کئے گئے۔

    محکمہ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کی مد میں 35کروڑ روپے کی وصولی نہیں کی گئی جبکہ ٹیکسز، ڈیوٹیز کی مد میں کٹوتی نہ کر کے 17 کروڑ 28 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

  • چینی وزیر دفاع ڈونگ جُن کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع

    چینی وزیر دفاع ڈونگ جُن کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع

    بیجنگ: بدعنوانی کے الزام میں زیر تفتیش چینی وزیر دفاع ڈونگ جُن کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

    اے ایف پی کے مطابق وزیر دفاع ڈونگ جُن کے خلاف کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اگر ان رپورٹس کی تصدیق ہو جاتی ہے تو وہ صرف ایک سال کے دوران فوج میں بڑے کریک ڈاؤن کا شکار ہونے والے تیسرے وزیر دفاع بن جائیں گے۔

    وزیر دفاع کے خلاف تحقیقات چینی فوج میں بدعنوانی کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا حصہ ہے، وہ مسلسل تیسرے شخص ہیں جنھیں اس عہدے پر تفتیش کا سامنا ہے۔

    ڈونگ جُن سابق بحری کمانڈر ہیں، انھیں گزشتہ سال دسمبر میں لی شنگ فو کی جگہ وزیر دفاع بنایا گیا تھا، اس دوران چین نے جاسوسی سمیت مختلف الزامات میں قید 3 امریکی شہریوں کو رہا کیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے چینی ہم منصب سے گفتگو میں امریکی شہریوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا تھا۔

    واضح رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے ایک دہائی قبل اقتدار میں آنے کے بعد سے سرکاری بدعنوانی کے خلاف بھرپور مہم چلائی ہے، پچھلے برس اس مہم نے مسلح افواج پر توجہ مرکوز کی ہے، 2023 کے موسم گرما کے بعد سے تقریباً 20 فوجی اور دفاعی صنعت کے اہلکاروں کو ہٹایا گیا ہے۔

    کرپشن کی تحقیقات کا ہدف بننے والی شخصیات میں نمایاں ڈونگ جُن سے پہلے کے وزرائے دفاع تھے، جن کے بارے میں سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ وی فینگے اور لی شانگفو دونوں کو حکمراں کمیونسٹ پارٹی سے نکال دیا گیا ہے اور ان کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن میں بدعنوانی پر کھیلوں کی عالمی تنظیم نے خط لکھ دیا

    پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن میں بدعنوانی پر کھیلوں کی عالمی تنظیم نے خط لکھ دیا

    کراچی: پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن میں بدعنوانی پر کھیلوں کی ایک عالمی تنظیم نے پاکستانی حکومت اور عوام کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کھیلوں کی کسی عالمی تنظیم کی جانب سے حکومت پاکستان، عوام اور میڈیا کے نام کھلا خط لکھا گیا ہے، یہ خط ایشین باڈی بلڈنگ فیڈریشن اور ورلڈ باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک اسپورٹس فیڈریشن کے صدر داتوک پال چوا نے لکھا ہے۔

    خط میں پاکستان میں باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے اندر بدعنوانی کے اہم مسئلے کی جانب توجہ دلائی گئی ہے، داتوک پال چوا نے لکھا کہ شیخ فاروق اقبال کی قیادت میں ’پی بی بی ایف‘ کی کارکردگی زوال پذیر ہوئی، انھیں کرپشن کے باعث فارغ کیا گیا، انھوں نے ذاتی فائدے کے لیے سرکاری گرانٹ کا غلط استعمال کیا۔

    خط میں لکھا گیا کہ شیخ فاروق اقبال کے بعد سہیل انور نے پی بی بی ایف کے جنرل سیکریٹری کا عہدہ سنبھالا، انھوں نے فیڈریشن کو بحال کرنے کے لیے ان تھک محنت کی اور تمغا جیتنے والے کھلاڑی تیار کیے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ شیخ فاروق اقبال کو سرکاری گرانٹ مل رہی ہے اور حکومت سہیل انور کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی۔

    داتوک پال چوا نے لکھا ’’میرے علم کے مطابق شیخ فاروق اقبال نے اپنے سیاسی روابط کا استعمال کرتے ہوئے سہیل انور کو ملنے والی گرانٹ روکوا دی ہے، پاکستانی حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ شیخ فاروق اقبال کی کرپشن کی تحقیقات کرے اور سہیل انور کی حمایت کرے، انھوں نے پاکستان میں باڈی بلڈنگ کو بے لوث فروغ دیا ہے۔‘‘

    خط میں لکھا گیا کہ حکومت پاکستان کا تعاون باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے اگست اور نومبر میں ہونے والی ایشین انٹرنیشنل چیمپئن شپ سمیت آئندہ بین الاقوامی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے انتہائی اہم ہے، ایک پاکستانی کھلاڑی شاہنواز خان نے سہیل انور کی سربراہی میں مسٹر ساؤتھ ایشیا کا باوقار ٹائٹل جیتا ہے۔

  • سعودی حکام کا کرپشن پر بڑا قدم

    سعودی حکام کا کرپشن پر بڑا قدم

    ریاض: سعودی حکام نے کرپشن پر بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کئی سرکاری افسران سمیت متعدد غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا۔

    کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن (نزاھۃ) کے ترجمان کے مطابق بد عنوانی کے الزامات میں 23 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، ترجمان نزاھۃ نے کرپشن کے 13 کیسز کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔

    عاجل ویب کے مطابق غیر قانونی طریقے سے پلاٹس کی رجسٹری کے سرکاری کاغذات جاری کرنے پر ایک وثیقہ نویس کو گرفتار کیا گیا ہے، اور اس کے سگے بھائی کو بھی 65 ملین ریال میں پلاٹ فروخت کرنے پر حراست میں لیا گیا۔

    نزاھۃٖ کے مطابق ایک ملین ایک لاکھ 85 ہزار ریال سے زیادہ کی بدعنوانی کے الزام میں وزارت دفاع کے ایک ریٹائرڈ افسر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، بلدیاتی کونسل سے ٹھیکہ لینے والے ادارے سے منسلک 2 مقیم غیر ملکیوں کو بھی تقریباً ایک لاکھ ریال کی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    کرپشن کے کیسز میں ایک کاروباری ادارے سے منسلک سعودی شہری، وزارت صحت کے ماتحت میڈیکل سٹی کے مقامی ملازم، موھبہ پروگرام کے ایک ادارے کے سربراہ، ایک کمشنری کی میونسپلٹی کےعہدے دار کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ بدعنوانی میں وزارت تعلیم، وزارت داخلہ، وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

    کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن (نزاھۃ) نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری خزانے میں خورد برد کرنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • محکمہ لیبر کے ماتحت ادارے سیسی میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن

    محکمہ لیبر کے ماتحت ادارے سیسی میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن

    کراچی: محکمہ لیبر کے ماتحت ادارے سیسی (SESSI) میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن پر چیف سیکریٹری سندھ نے اوپن انکوائری کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن میں مبینہ کرپشن کی کھلی انکوائری کی جائے گی، سندھ کے چیف سیکریٹری نے اس کی منظوری دے دی، اس کیس میں محمد خان ابڑو سمیت 13 افراد کے خلاف انکوائری ہوگی۔

    انکوائری کرنے والے افسر کو با اثر افسران نے رپورٹ کرا دیا ہے، رپورٹ کے مطابق جعلی آڈٹ رپورٹس کے ذریعے سیسی کو 13 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا، ادویات اور مشینری کی مد میں ہیرا پھیری کی گئی۔

    اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر کورنگی زاہد بٹ، سابق ڈائریکٹر سعادت میمن، میڈیکل افسر شاہ محمد کے خلاف تحقیقات ہوں گی، سیسی حکام نے مزدوروں کے کارڈ پر مبینہ طور پر رشوت وصول کی۔

  • پنجاب یونیورسٹی میں 6 ارب کرپشن اسکینڈل، اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر درج

    پنجاب یونیورسٹی میں 6 ارب کرپشن اسکینڈل، اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر درج

    لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں 6 ارب کی کرپشن کے اسکینڈل میں اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گئی، اینٹی کرپشن نے 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی ٹاؤن 3 ہاؤسنگ اسکیم میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے کیس میں اینٹی کرپشن نے 9 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے 2 کو گرفتار کر لیا ہے، ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ ٹاؤن تھری میں کرپشن کے واضح شواہد پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    یونیورسٹی انتظامیہ اور سینڈیکیٹ کی اجازت کے بغیر ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی گئی تھی، ہاؤسنگ کالونی کے لیے محکمہ ایل ڈی اے و دیگر اداروں سے این او سی نہیں لیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کمالیہ یونیورسٹی کے قائمقام وی سی ڈاکٹر ساجد رشید، پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر اظہر نعیم، پنجاب یونیورسٹی شعبہ تاریخ کے چیئرمین ڈاکٹر محبوب حسین، ڈاکٹر فخرالحق نوری، سابق ایڈیشنل کنٹرولر محمد جمیل، وقار نعیم، اور فرنٹ مین میاں جاوید نامزد کیے گئے ہیں۔

    محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ ٹاؤن تھری کے آغاز کے بعد ملزمان اساتذہ کے اثاثہ جات میں اضافہ ہوا، ملزمان نے سینڈیکیٹ اور ایل ڈی اے کی منظوری کے بغیر اسکیم شروع کی، اور ڈاکٹر اظہر نعیم نے بغیر شفاف طریقہ اپنائے بھائی کی کمپنی کو اربوں کا ٹھیکہ دیا۔

  • میونسپل کارپوریشن اسلام آباد: صفائی کے ٹھیکے میں 20 کروڑ روپے کی کرپشن کا انکشاف

    میونسپل کارپوریشن اسلام آباد: صفائی کے ٹھیکے میں 20 کروڑ روپے کی کرپشن کا انکشاف

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی میونسپل کارپوریشن میں، صفائی کے ٹھیکے میں 20 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف ہوا جس کے بعد ایف آئی نے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کے سینی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ میں صفائی کے ٹھیکے میں 20 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 7 افسران اور ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ٹھیکے کے ایوارڈ سے قبل سب کمیٹیوں کو تمام مشینری اور رجسٹریشن کی تصدیق کا کام سونپا گیا، سب کمیٹی کی رپورٹس منفی ہونے کے باوجود متعلقہ ٹھیکہ ایوارڈ کیا گیا۔

    ایف اے آئی کے مطابق سب کمیٹی کی رپورٹس کو ریکارڈ سے غائب کردیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کئی افسران نامزد کر دیے گئے ہیں، مقدمے کی مزید تحقیقات کے لیے کسی بھی افسر کو بلایا جا سکتا ہے۔