Tag: Corruption

  • 56 کمپنیوں میں کرپشن، چیف جسٹس شہباز شریف پر برس پڑے

    56 کمپنیوں میں کرپشن، چیف جسٹس شہباز شریف پر برس پڑے

    لاہور: 56 کمپنیوں میں مبینہ کرپشن سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار شہباز شریف برس پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے پچاس سے زائد کمپنیوں میں سرکاری افسران کی بھاری تنخواہوں پر بھرتی کے معاملے پر از خود نوٹس لیا۔ چیف جسٹس کے حکم پر شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ سرکاری افسران کو بھاری تنخواہوں پر کیسے بھرتی کیا گیا، شہباز شریف نے کہا کہ کمپنیوں میں ملک کو اربوں کی کرپشن سے بچایا اور تعیناتیاں میرٹ پر کی گئیں۔

    تاہم چیف جسٹس نے شہباز شریف کا جواب مسترد کرتے ہوئے کہا جن افسران کو لاکھوں کی مراعات دی گئیں، ان سے ایک ایک پائی واپس ہوگی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر آپ میرے جواب سے مطمئن نہیں تو پھر آپ فیصلہ کر دیں، میں نے ملک کی خدمت کی ہے، کتے نے نہیں کاٹا جو ملک کے اربوں روپے بچائے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکس ادا کرنے والوں کا پیسا ہے، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ مجھے کل بلا لیں، میں تفصیل لے کر آؤں گا۔

    قبل ازیں ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کمپنیوں میں براہ راست رول نہیں تھا، چیف جسٹس نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے رول کے بغیر تو یہاں مکھی بھی نہیں اڑتی۔

    چیف جسٹس کےحکم پرحمزہ شہباز کےخلاف مقدمہ درج، تشدد اورہراساں کی دفعات شامل


    چیف جسٹس نے کہا کہ معلوم کر کے بتایا جائے کہ مذکورہ کمپنیوں میں تعینات ان افسران کی کتنی پراپرٹی ہے تاکہ قوم کا پیسا واپس لوٹایا جاسکے۔  فیصلے پر اربن پلاننگ اینڈ منیجنگ کمپنی کے سربراہ نے عدالت میں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود کشی کرلیں گے۔

    ثاقب نثار نے دھمکی کے جواب میں کہا کہ عدالت اس دھمکی کے بعد بھی اپنا فیصلہ نہیں بدلے گی۔ عدالت نے نیب کو 6 کمپنیوں کے سی ای اوز کی جائیداد کا تخمینہ لگانے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ جس کمپنی کے سربراہ نے قوم کا پیسا نہیں لوٹایا اسے جیل ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مجھ پر ایک پیسےکی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا: وجیہہ الزمان

    مجھ پر ایک پیسےکی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا: وجیہہ الزمان

    اسلام آباد: رکن خیبر پختونخواہ اسمبلی وجیہہ الزمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات سے مایوسی ہوئی،مجھ پر ایک پیسے کی کرپشن ثابت کردیں تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، رکن کے پی اسمبلی وجیہہ الزمان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بنیادی کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا، عمران خان نے اپنے بھائی اور بہنوئی کو بھی پارٹی سے نکالا، متاثرہ ایم پی ایز سے ملاقات میں مستقبل کی حکمت عملی تیار کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری ہر بات رد کر کے پارٹی سے نکالا گی، اگر یہ وژن ہے تو کوئی بھی شریف آدمی پی ٹی آئی میں نہیں رہ سکتا، ہم پر الزام ہے کہ ہم نے سینیٹ میں ووٹ کی خاطر 3 کروڑ روپے وصول کیے لیکن حقیقت اس کے برخلاف ہے، تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

    عمران خان کا بڑا فیصلہ: سینیٹ الیکشن میں بکنے والے20اراکین کے نام بتا دیئے

    پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی جانب سے لگائے گئے الزمات کے درعمل میں وجیہہ الزمان کا کہنا تھا کہ الزام لگانے والے رہنماؤں کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا جبکہ اعظم سواتی سے میرے خاندانی اختلافات ہیں، لیکن مایوسی ہوئی کہ خان صاحب نے ہم پر الزامات لگائے، چیف جسٹس سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں۔

    دوسری جانب ایم پی اے فیصل زمان نے بھی سینیٹ مں ووٹ بیچنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پر الزامات بے بنیاد ہیں، پی ٹی آئی میں سازشی ٹولےکوبےنقاب کروں گا، کمیٹی نے مجھے سنے بغیر فیصلہ دیا، اپنی بے گناہی ثابت کروں گا، پارٹی نے اگر ٹکٹ نہ بھی دیا تب بھی اکثریت سےجیت کر دکھاؤں گا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ بیچنے والے پی ٹی آئی کے بیس ارکان کے نام بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ان افراد کو شوکاز دے رہے ہیں،اگر انہوں نے وضاحت نہ دی توان کے نام نیب کو دیں گے۔

    جن اراکین کو شوکاز نوٹس دیا گیا ہے ان میں نرگس علی ،دینا ناز ،فوزیہ بی بی، نسیم حیات اورنگینہ حیات شامل ہیں جبکہ مردوں میں بابر سلیم ،سمیع اللہ زیب، یاسین خلیل، امجد آفریدی، قربان خان، زاہد درانی، سردار ادریس، عبید مایار، عبدالحق، جاوید نسیم، معراج ہمایوں، عارف یوسف، فیصل زمان، سیمی علی زئی اور وجیہہ الزمان شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔

  • نیب کا چھاپہ : محکمہ بلدیات کے دوملازمین گرفتار، کروڑوں کی رقم، دستاویز برآمد

    نیب کا چھاپہ : محکمہ بلدیات کے دوملازمین گرفتار، کروڑوں کی رقم، دستاویز برآمد

    کراچی : قومی احتساب بیورو (نیب) نے محکمہ بلدیات کے پرسنل سیکریٹری اور سابق ایڈمنسٹریٹر کے فرنٹ مین کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے کروڑوں کی رقم، سونا اور اہم دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیب نے غیر قانونی بھرتیوں اور میگا پراجیکٹس میں کرپشن کی شکایات پر محکمہ بلدیات کے سیکریٹری اور ڈی ایم سی ویسٹ کے دفاتر پر چھاپے مارے۔

    چھاپوں کے دوران نیب ٹیم نے سابق ایڈمنسٹریٹر قمرالدین شیخ کے فرنٹ مین جاوید قمر اور پرسنل سیکریٹری محکمہ بلدیات رمضان سولنگی کو حراست میں لے کر فائلیں تحویل میں لے لیں۔

    ترجمان نیب کے مطابق سابق ایڈمنسٹریٹر قمرالدین شیخ کے فرنٹ مین جاوید قمر کو کرپشن کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے، جاوید قمر ڈائریکٹراسٹیبلشمنٹ ڈی ایم سی ویسٹ کے عہدے پر تعینات تھا۔

     نیب حکام کا کہنا ہے کہ جاوید قمر کے گھر پر چھاپے میں دو کروڑ روپے اور اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں، ملزم کے قبضے سے جعلی فرمز کے نام پر بنائے گئے کاغذات بھی تحویل میں لے لئے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ  پرسنل سیکریٹری محکمہ بلدیات رمضان سولنگی کو اس کے دفتر سے گرفتار کیا گیا، ملزم رمضان سولنگی کے دفتر سے اس کا موبائل فون، بھاری رقم اور سونا برآمد کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب ٹیم چھاپہ مارنے جب سیکریٹری بلدیات کے دفتر پہنچی تو وہاں موجود عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی، نیب ٹیم مختلف تعمیراتی منصوبوں سے متعلق فائلیں بھی ہمراہ لے گئی، نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کو بھی طلب کر لیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • برازیل کے سابق صدر کا گرفتاری دینے سے انکار

    برازیل کے سابق صدر کا گرفتاری دینے سے انکار

    ساؤ پالو: سابق برازیلی صدر لیوزانوسیو لولا ڈی سلوا نے خود کو وفاقی پولیس کے حوالے کرنے سے انکارکردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لولا ڈی سلوا کو وفاقی عدالت نے کرپشن کے الزام میں بارہ سال قید کی سزا سنائی تھی‘ وہ برازیل کے میٹل ورکرز یونین بلڈنگ کے ہیڈکوارٹرز میں قیام پذیر ہیں۔

    اس موقع پرسابق صدر کی حمایت میں بڑی تعداد میں لوگ عمارت کے سامنے جمع ہوگئے ہیں جو ان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ بہتّر سالہ لولا ڈی سلوا کے خلاف گرفتاری وارنٹ کے مطابق انھیں جمعے کے روز خود کو پولیس کے حوالے کرنا تھا۔

    برازیل کی اعلیٰ عدالت کے جج نے سابق صدر کی گرفتاری کی ڈیڈ لائن سے کچھ دیر قبل قید میں ڈالنے کے وقت کو مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔ واضح رہے سابق صدر نے عدالت سے اکتوبر میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے آزاد رہنے کی درخواست کی تھی جسے منظور نہیں کیا گیا۔

    فی الحال آٹھ سال تک حکومت کرنے والے برازیل  کے سابق صدر آزادی سے اپنی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں ‘ انہوں نے ہفتے کے روزاپنی آنجہانی اہلیہ ماریسا لیاشیا کی اڑسٹھ ویں سالگرہ  بھی منائی تھی۔ ان کی عوام میں مقبولیت تاحال برقرار ہے اگرچہ عدالت میں ان پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت ہوچکے ہیں۔

    کرپشن کا الزام: برازیل کےسابق صدرکوساڑھےنوسال قید کی سزا

    لولا ڈی سلوا نے اپنے اوپر لگے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا جبکہ ان کے وکلا کا کہنا ہے کہ سابق صدر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    سابق صدر پر الزام ہے کہ انھوں نے ایک کنسٹرکشن کمپنی سے 1.1 ملین ڈالر رشوت لی اور اس کے بدلے مذکورہ کمپنی کو ریاست کے زیر انتظام چلنے والی تیل کمپنی سے کنٹریکٹس حاصل کرنے میں مدد دی۔

    واضح رہے برازیل کی سوشلسٹ سیاسی پارٹی کے بانی رکن لولا ڈی سلوا کی بیوی کو بھی کرپشن میں ملوث قرار دیا گیا تھا لیکن ان کا گزشتہ سال فروری میں انتقال ہوگیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کرپشن اب دیمک نہیں کینسر بن چکی ہے، اسے ختم کرنا ہوگا، جسٹس (ر ) جاوید اقبال

    کرپشن اب دیمک نہیں کینسر بن چکی ہے، اسے ختم کرنا ہوگا، جسٹس (ر ) جاوید اقبال

    لاہور : چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن اب دیمک نہیں کینسر بن چکی ہے، ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کسی سرزنش کی پروا نہیں کریں گے، نیب کے اقدامات ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب انسان دوست ادارہ ہے،اس کا مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے، صرف نیب نے نہیں بلکہ ہم سب کو مل کر برائیوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جو مجھ کرنا ہے کروں گا، مجھے کسی کی پرواہ نہیں، ہر عمل قانون کے مطابق ہوگا، یہ تاثرغلط ہے کہ نیب قومی ترقی میں حائل ہورہا ہے۔

    نیب کسی بھی قسم کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے، نیب اپنا کام قانون کے مطابق کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ہمیں چاہیے تمام ترجدوجہد پاکستان کیلئے کریں، ہمیں ملکی ترقی کی فکر ذاتی چیزوں سے بڑھ کر ہونی چاہیے۔


    مزید پڑھیں: نیب نے بدعنوان عناصر سے اب تک289ارب وصول کیے، جسٹس (ر) جاوید اقبال


    ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کوئی دباؤ یا سفارش قبول نہیں کریں گے، قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی، بد عنوان افسران کی نیب میں کوئی جگہ نہیں ہے، نیب افسران دیانت داری سے کام کریں تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • کراچی : کاروباری ترقی میں رکاوٹ کرپشن اورسیاسی عدم استحکام ہے، عالمی بینک

    کراچی : کاروباری ترقی میں رکاوٹ کرپشن اورسیاسی عدم استحکام ہے، عالمی بینک

    واشنگٹن : شہر کراچی میں سیاسی عدم استحکام اور کرپشن کاروباری ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، یہ بات عالمی بینک کی جانب سے ایک جائزہ رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی درخواست پر عالمی بینک نے ایک جائزہ رپورٹ تیار کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی میں کاروبار کی راہ میں رکاوٹ یہاں ہونے والی کرپشن اورسیاسی عدم استحکام ہے۔

    جائزہ رپورٹ میں کرپشن کا دوسرے ممالک اور جنوبی ایشیا کے ساتھ تقابلی جائزہ لیا گیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بدعنوانی اور سیاسی عدم استحکام کی موجودہ صورتحال صوبہ پنجاب اور خیبر خیبر پختونخوا کے شہروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے تاہم کراچی میں دونوں صوبوں کے مقابلے میں بجلی فراہمی کی صورت حال قدرے بہتر ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے کیے گئے سروے میں35فیصد جواب دہندہ اداروں نے کرپشن کو کاروبار کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ قراردیا۔

    عالمی طور پر یہ شرح چھ فیصد جبکہ جنوبی ایشیا میں نو فیصد ہے،عالمی بینک کے مطابق کراچی میں سنہ 2005 کے مقابلے میں سنہ 2015 میں غربت میں کمی آئی ہے، غربت کی موجودہ شرح نو فیصد جبکہ سنہ 2004 میں یہ شرح 23 فیصد تھی۔

    واضح رہے کہ کراچی کو انتظامی طور پر چھ اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں شہریوں کا طرز رہائش اوران کو دی گئی سہولیات تک رسائی میں واضح فرق دیکھا جا سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • اسحاق ڈار کےخلاف ضمنی ریفرنس سماعت کے لیے منظور

    اسحاق ڈار کےخلاف ضمنی ریفرنس سماعت کے لیے منظور

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف دائر ضمنی ریفرنس کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 28 فروری کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنس کی سماعت کی۔

    نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جبکہ ضمنی ریفرنس اور اس سے متعلقہ دستاویزات احتساب عدالت پہنچائی گئیں۔

    قومی احتساب بیورو(نیب) کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق اور تفتیشی افسر نے ریفرنس رجسٹرار آفس میں جمع کراویا۔

    نیب کی جانب سے مزید شواہد اور گواہوں کو ضمنی ریفرنس کا حصہ بنایا گیا ہے، ضمنی ریفرنس تفتیشی افسرنادر عباس نے تیار کیا۔

    نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے عدالت کوبتایا کہ نیب نے 7 والیمز پرمشتمل ضمنی ریفرنس دائرکیا ہے جس میں 3 نئے ملزمان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    عمران شفیق نے احتساب عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے اکاؤنٹس میں 4.06 ملین ڈالرز کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔

    بعدازاں عدالت نے نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ضمنی ریفرنس سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 28 فروری کو طلب کرلیا۔

    خیال رہے کہ 23 فروری کو نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاناما فیصلے کی روشنی میں نیب نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے مزید انکشافات، کروڑوں کی رقم کہاں گئی؟

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے مزید انکشافات، کروڑوں کی رقم کہاں گئی؟

    لاہور: آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں کرپشن کے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، 61 ہزار افراد سے فی کس ایک ہزار روپے فارم فیس وصول کی گئی، کروڑوں کی اس رقم سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا کہ وہ کس مد میں اور کہاں خرچ ہوئی؟

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے پروجیکٹ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں مزید انکشافات منظرعام پرآئے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے 61 ہزارافراد کو ایک ایک ہزار روپے میں درخواست فارم فروخت کئے، جنہوں نے مذکورہ فارمز بھر کر پنجاب بینک میں جمع کرائے۔

    فارمز لینے والوں کو بتایا گیا تھا کہ ان کے موبائل فون پر قرعہ اندازی کی اطلاع دی جائے گی تاہم قرعہ اندازی سے متعلق آج تک کسی بھی درخواست گزار کو آگاہ نہیں کیا گیا۔

    اس کے علاوہ یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ ہاؤسنگ اسکیم کے درخواست فارموں کی مد میں عوام سے وصول کیے گئے 6 کروڑ10لاکھ روپے کس نے کھائے؟

    ذرائع کے مطابق فارموں کی مد میں وصول کی گئی رقم کی مبینہ بندر بانٹ کی گئی، اس کے علاوہ آشیانہ اقبال اسکیم سے پہلے ہی پیراگون سوسائٹی پرنوازشات کی گئیں۔

    پیراگون سوسائٹی سے ملحقہ سڑکیں بنا کر سوسائٹی کو فائدہ پہنچایا گیا، پروجیکٹ کیلئے سی فور درجہ کی کمپنی پیراگون ڈویلپرز کو ٹھیکہ دیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔

    پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی، مذکورہ اسکیم سے روابط کے الزام پرپی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کو عہدے سے برطرف کرنے کیلئے قرار داد بھی جمع کرائی تھی۔

    خیال رہے کہ 2012 میں میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز ہوا، منصوبے کے مطابق پانچ سال میں پچاس ہزار گھر تعمیر کئے جانے تھے لیکن دعوے حقیقت میں تبدیل نہ ہو سکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • احد چیمہ کے خلاف نیب کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں، ترجمان نیب

    احد چیمہ کے خلاف نیب کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں، ترجمان نیب

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے ترجمان نے کہا ہے کہ احد چیمہ کو قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف نیب کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں بدعنوانی میں ملوث سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد وہ کرپشن ریفرنس میں 11 دن کے ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔

    نیب کی ٹیم نے احد چیمہ کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا ریکارڈ حاصل کر لیا، اہم انکشافات متوقع

    ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے گی، نیب کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کرے گا، تمام اقدامات قانون کے مطابق ہوں گے، دھمکی، سرزنش، احتجاج کو قانون کی راہ میں رکارٹ نہیں بننے دیں گے۔

    ترجمان کے مطابق کوئی کچھ بھی کہے جواب احتساب عدالت میں دیں گے، ہم کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کریں گے، انتہائی نامساعد حالات کے باوجود آئین اور قانون کے دائرے میں کام کرتے رہیں گے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کی حفاظت اور متعلقہ ریکارڈ کے تحفظ کے لیے نیب لاہور میں رینجرز کی تعیناتی ضروری ہے، نیب کا کسی سیاسی جماعت یا گروپ سے کوئی تعلق نہیں۔

    سابق ڈی جی ایل ڈی اے کی گرفتاری: نیب اورپنجاب حکومت آمنے سامنے

    واضح رہے کہ احد چیمہ پنجاب حکومت کے طاقتور افسر شمار کیے جاتے ہیں، یہ اس وقت ڈی جی ایل ڈی اے تھے جب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں پڑے پییمانے پر اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، جس کی نیب تحقیقات کر رہا ہے۔

    احد چیمہ کے انکشاف پر قریبی عزیز شاہد شفیق گرفتار

    احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد ایک جانب پنجاب بیورو کریسی احتجاج کر رہی ہے تو دوسری جانب چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیب اہلکاروں نے احد کے قریبی عزیز شاہد شفیق کو گرفتار کر لیا ہے۔

    گرفتار ملزم شاہد شفیق پیرا گون سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو کا قریبی ساتھی ہے، جسے نیب نے احد چیمہ کے انکشاف پر گرفتار کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انتخابات میں فتح کو دلیل مان لیں تو مجرموں کو کبھی سزائیں نہیں ملیں گی، فواد چوہدری

    انتخابات میں فتح کو دلیل مان لیں تو مجرموں کو کبھی سزائیں نہیں ملیں گی، فواد چوہدری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف نا اہل ہوئے تو ایم کیو ایم سے زیادہ ٹکڑے (ن) لیگ کے ہوں گے، وہ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ کرپشن سوسائٹی میں حلال ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے ہیں ان کے بچے عدالتوں کو نہیں مانتے، حسن اور حسین نواز دونوں ہی کیس میں مفرور ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مریم نواز کہتی تھیں پاکستان تو کیا بیرون ملک میں ہمارے کوئی جائیداد نہیں، دوسری طرف نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ وہ لندن میں جائیداد رکھتے ہیں۔

    عاصمہ رانی قتل کیس، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری آئندہ سماعت پر طلب

    رہنماء پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سنہ 1993 سے نواز شریف ایوان فیلڈ اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، 300 ارب روپے کا کاروبار کیاہے مگر عوام کو جواب دہ نہیں۔

    گزشتہ روز پی ٹی آئی کی لودھراں میں قومی اسمبلی کی نشست 154 میں شکست کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ انتخاب میں ہونے والی غلطیوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے، نواز شریف سمجھتے ہیں لودھراں سے جیت گئے تو عوام کو جوابدہ نہیں۔

    عمران خان کے خلاف جب کچھ نہیں ملتا، تو کردارکشی شروع کردی جاتی ہے: فواد چوہدری

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات میں فتح کو دلیل مان لیں تو مجرموں کو کبھی سزائیں نہیں ملیں گی، کچھ لوگوں کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ سمجھتے ہیں لودھراں انتخاب جیت جانے سے قوم کو کرپشن کا جواب نہیں دینا پڑے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔