کراچی : انٹربورڈ کراچی میں کرپشن کے انکشاف سے لاکھوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ۔ نتائج کا اعلان کب ہوگا اب تک کوئی حتمی تاریخ نہ دی جاسکی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی انٹر بورڈ میں اینٹی کرپشن کے چھاپے کے بعد لاکھوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ۔میڈیکل یونیورسٹی میں داخلے قریب ہیں اور امتحانی نتائج کا کچھ پتہ نہیں۔
انٹر بورڈ ذرائع کے مطابق نتائج اینٹی کرپشن کی کارروائی کے بعد مشکوک ہوچکے ہیں، پانچ دن تک امتحانی کاپیوں اور دیگر متعلقہ ریکارڈ بغیر اجازت اور مشیر نامہ کے بغیر بورڈز سے لے جایا گیا۔
امتحانی کاپیاں ایوارڈ لسٹ ،ٹیبولیشن رجسٹرڈ اور دیگر ریکارڈ لے جانے کے عمل نے نتائج کو تاخیر کا شکار بنادیا۔
نتائج کے مشکوک عمل نے میڈیکل انجینئرنگ یونیورسٹی کالجز اور دوسرے صوبوں میں داخلے کے خواہش مند امیدواروں کو بھی مایوسی کا شکار کردیا۔
پشاور : کرپشن سے خاتمے اور لٹیروں کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کردہ ’’تحریک احتساب‘‘ ریلی کا آغاز کردیا گیا، پارٹی رہنماؤں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے تحریکِ احتساب ریلی کا آغاز پشاور سے کردیا گیا جس کی سربراہی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کررہے ہیں، ریلی میں شرکت کے لیے کارکنوں سمیت عوام کی کثیر تعداد موجود ہے۔
تحریکِ احتساب کا کارواں جی ٹی روڈ پشاور پہنچ گیا جہاں چیئرمین تحریک انصاف سمیت شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سمیت دیگر رہنماء خصوصی کنٹرینر پر موجود ہیں، یار رہے یہ وہی کنٹینر ہے جو دو سال قبل استعمال کیا گیا۔ ریلی کے سیکورٹی کے فرائض مقامی پولیس کے ساتھ ٹائیگر فورس کے رضا کار سرانجام دے رہے ہیں۔
عمران خان کی آمد پر کارکنان کی جانب سے اُن کا شاندار استقبال کیا گیا، تحریک احتساب ریلی کے شرکاء سے عمران خان مختلف مقامات پر کارکنان سے خطاب کریں گے اس ضمن میں پہلا خطاب جی ٹی روڈ زکوٹی پل کے قریب کیا۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم آج کرپشن کے خلاف باقاعدہ آغاز کررہے ہیں اب ہم رکیں گے نہیں بلکہ آگے بڑھیں گے، میں آپ کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’تحریک احتسابِ ریلی میں عوامی کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کر اندازہ ہوگیا کہ اب نیا پاکستان جلد بنے گا جہاں قانون کی بالادستی ہوگی اور ہرشخص اس کے ماتحت ہوگا، عمران خان کا کہنا تھا ’’میں آپ تمام لوگوں کو تحریک احتساب میں خوش آمدید کہتا ہوں اور دیگر پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ کرپشن کے خلاف آواز بلند کریں یہ آپ کا پیسہ ہے اور آپ کو ہی ملنا چاہیے‘‘۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’’چھوٹا سا حکمراں طبقہ ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک لے جارہا ہے اور جب اُن سے عوام کے پیسے کا حساب مانگا جائے تو وہ جواب نہیں دیتے، کرپشن کے باعث ادارے تباہ ہورئے ہیں حکمرانوں کے خلاف نیب یا کوئی بھی ادارہ کارروائی نہیں کرتا بلکہ اسحاق ڈار سمیت دیگر معززین کو منی لانڈرنگ کرنے پر باعزت بری کردیا جاتا ہے‘‘۔
اُن کا مزید کہنا تھاکہ ’’کرپشن کے باعث غریب آدمی کے حالات مزید خراب ہوتے ہیں اور امیر آدمی کی دولت میں اضافہ ہوتا رہتاہے، اس ناسور کے خاتمے تک تحریک چلائیں گے اور اپنی جدوجہد کو اُس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وزیر اعظم اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش نہیں کردیتے، ہم اُس وقت تک سڑکوں پر رہیں گے جب تک ادارے ٹھیک اور حکمران قانون کے ماتحت نہیں ہوجاتے ۔
چیئرمین تحریک انصاف زکوٹی کے مقام پر خطاب کے بعد خیر آباد کے لیے روانہ ہوگئے جہاں مرکزی خطاب کیا جائے اور اگلے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
کارکنوں کا لہو گرمانے کے لیے معروف ڈی جے بٹ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں جبکہ ریلی میں موجود کارکنان کی جانب سے عمران خان کے حق اور کرپشن کے خلاف نعرے بازی کا سلسلہ جاری ہے۔
تحریک انصاف کے کارکنان ریلی میں شرکت کے لیے روانہ
اس موقع پر ضلع ناظم پشاور نے اے آر وائی کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’احتساب کے بغیرملکی مسائل حل نہیں ہوں گے، کرپشن سے عاجز لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور کرپٹ عناصر کا احتساب چاہتے ہیں، عوام کا ماننا ہے کہ احتساب ملک کی ضرورت ہے اور یہ ایک اچھا موقع ہے کہ ملکی خزانہ لوٹنے والے عناصر کے خلاف آواز بلند کی جائے کیونکہ احتساب کے بغیر ملک کو ترقی دینا ممکن نہیں ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’عوام اپنی مدد آپ کے تحت ریلی میں شرکت کررہے ہیں، ریلی میں حکومتی فنڈ یا وسائل استعمال نہیں کیے جارہے ، ضلعی ناظم نے مزید کہا کہ ’’چیئرمین تحریک انصاف خصوصی کنٹرینر میں 10 سے 11 بجے کے درمیان پہنچیں گے جس کے بعد ریلی کا باقاعدہ آغاز کیاجائے گا اور یہ اٹک پُل کے مقام پر اختتام پذیر ہوگی‘‘۔
خصوصی کنٹرینر
چیئرمین تحریک انصاف نے کارکنوں کے نام جاری خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ’’جب کرپشن کے خلاف آوازاٹھائی جائے تو حکمران جواب دینے کے بجائے الزامات لگانا شروع کردیتے ہیں، مفتی اعظم جواب نہیں دینا چاہتے مگر وہ یہ بھول گئے کہ یہ پیسہ عوام کا ہے اور انہیں جواب دینا ہوگا‘‘۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ’’کرپشن ملک کا سب سے بڑا ناسور ہے اس کے خلاف عظیم تحریک کا آغاز کیا جارہاہے تاکہ کرپٹ حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے، اس تحریک کے ذریعے عوام کی خواہش کے مطابق حکمرانوں کو بھی قانون کے ماتحت لائیں گے‘‘۔
قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے اسمبلی اراکین کو ہدایت جاری کیں کہ وہ ’’وزیر اعلیٰ ہاؤس آنے کےبجائے اپنے حلقے میں موجود رہیں اور عوام کی بڑی تعداد کی گزرگاہ پر موجود رہیں جبکہ چیئرمین تحریک انصاف نے جہانگیر ترین اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات کی اور تحریک احتساب ریلی کو کامیاب بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی‘‘۔
تحریک احتساب ریلی کے موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کے لیے خصوصی کنٹرینر تشکیل دیا گیا ہے جس میں صوفہ سیٹ سمیت اے سی اور دیگر سہولیات کا انتظام بھی کیا گیا ہے، کنٹرینر میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سفر کرے گی۔
اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پانامہ لیکس کے ایشو پر بولنے کی وجہ سے مجھے بلیک میل کیا جارہا ہے اور دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ پیچھے ہٹ جاؤں مگر یہ ممکن نہیں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ’’نوازشریف خاندان ایک فیکڑی سے شروع ہوا تھا مگر سیاست میں آنے کے بعد انہوں نے 30 سے زائد فیکٹریاں بنا لی ہیں، پیسوں کے حوالے سے جب بھی حکمران خاندان سے سوال کیا جاتا ہے تو دوسری کہانی سُنا دیتے ہیں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’کرپشن کی وجہ سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے مگر اب عوام کو سارے مسائل کا اندازہ ہوگیا ہے۔ عوام حکمرانوں کی کرپشن سے تنگ ہیں اور اس کے خلاف آواز بلند کرنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’’7 اگست سے شروع ہونے والی تحریک کرپشن کے خلاف ہے ، ہم عوام کو سڑکوں پر نکالیں گے اور اُن کا لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس لائیں گے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’جو کرپشن کی نشاندہی کرتا ہے اُسے حصہ دے دیا جاتا ہے اور پھر وہ خاموشی اختیار کرلیتا ہے‘‘۔
سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ’’پانامہ لیکس پر آواز بلند کرنے کی وجہ سے میرے خلاف ریفرنس دائر کروائے گئے اور مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ میں اپنے مطالبے سے پیچھے ہٹ جاؤں مگر موٹو گینگ میرے خلاف جو بھی اقدامات کرے میں اپنے مطالبے سے کسی پیچھے نہیں ہوں گا‘‘۔
خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں اصلاحات کا قانون منظور کیا اور پولیس کو غیر سیاسی بھی کیا گیا، اب صرف آئی جی خیبرپختونخوا کے پاس اہلکاروں کے تبادلے و تقرریوں کا اختیار ہے‘‘۔
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عوام میں کرپشن کے خلاف شعور بیدار کرنے کے حوالے سے 7 اگست سے تحریک کا باقاعدہ آغاز پشاور سے کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’’آج کی مٹینگ میں 7 اگست سے شروع ہونے والی تحریک کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے، یومِ احتساب کا آغاز پشاور سے لے کر اٹک پُل تک ہوگا‘‘۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ’’اگلے مرحلے میں پنجاب کے علاقوں میں عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ آخری مرحلے میں تحریک انصاف کے کارکنان لاہور پہنچیں گے‘‘۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’’مقبوضہ کشمیر میں مظالم پاک بھارت معاملہ نہیں بلکہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے، بھارتی افواج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال کیا جارہا ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، تحریک انصاف کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتی ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ پاکستانی حکمران اور بھارت میں کاروبار کرتے ہیں انہیں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا کوئی احساس نہیں ہے‘‘۔
پانامہ لیکس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’نوازشریف سے پیسوں کی منتقلی کے حوالے سے سوال کیا مگر وہ جواب دینے کے بجائے کوئی اور کہانی سامنے لے آتے ہیں، وزیر اعظم نے ایوان میں جھوٹ بولا اور اس کے تقدس کو بھی پامال کیا، نوازشریف کو جھوٹ بولنے پر ویسے ہی فارغ کردینا چاہیے‘‘۔
عمران خان نے کہا کہ ’’میاں محمد نوازشریف نے جو فلیٹ خریدے ہیں اُن کی رجسڑیاں ہمارے پاس آگئی ہیں، حکمرانوں نے ادارے بھی خریدے ہوئے ہیں ایف بی آر طاقت ور افراد کے خلاف کارروائی سے پہلے اُن سے این او سی لیتا ہے تاکہ طاقت ور طبقہ افسران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے، نیب پر تبصر ہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’نیب جب تک بڑے ڈاکو نہیں پکڑے گا ملک سے کرپشن ختم نہیں ہوسکتی‘‘۔
حکمراں جماعت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’احتساب کی بات کررہے ہیں تو کہا جارہا ہے کہ ہم فوج کو دعوت دے رہے ہیں، جمہور کے پاس جانا جمہوریت کا حسن ہے، اسٹریٹ موومنٹ کو جمہوریت کے خلاف کہنے والوں کو حقیقی جمہوریت کا علم ہی نہیں ہے‘‘۔
عمران خان نے کہا کہ ’’آمر کی گود میں پلنے والے اور اعلیٰ ادارے سے پیسے لے کر سیاست کرنے والے افراد عوامی آگاہی کو مارشل لاء کی دعوت سمجھتے ہیں کیونکہ یہ اُن کی سیاسی تربیت ہے۔ جب تک حکمرانوں کا احتساب نہیں ہوجاتا ہم عوام میں شعور بیدار کرتے رہیں گے‘‘۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ’’حکومت کو ٹی او آرز کے معاملے پر ایک اور موقع دے رہے ہیں ، آئندہ اجلاس میں شرکت کریں گے تاکہ حکمراں کسی قسم کا الزام عائد نہ کریں۔ 2013 میں ہونے والے الیکشن کو فراڈ قرار دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’میں نے چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا آج خواجہ سعد رفیق کے حلقے کے نتائج نے ثابت کردیا کہ ہمارا مطالبہ بالکل درست تھا‘‘۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’’نیب اور الیکشن کمیشن کو اپنا کام کرنا چاہیے ، وزیر اعظم کے خلاف الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں نے درخواست دائر کردی ہے مگر حکمرانوں کے اثرورسوخ کے باعث کوئی کارروائی ہوتی نہیں دکھ رہی‘‘۔
Imran Khan leaves abruptly after woman…by arynews
عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران ایک خاتون نے مداخلت کی اور اپنے مسائل بیان کیے ، جس پر چیئرمین تحریک انصاف نے اُن کو یقین دہانی کروائی کہ وہ بعد از پریس کانفرنس مسائل سنیں گے تاہم خاتون نے انتہائی جذباتی انداز اختیار کرتے ہوئے میڈیا کے سامنے اپنی روداد سنائی جس پر تحریک انصاف کے چیئرمین اپنی پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔
خاتون ٹیچر عذرا آفریدی نے بتایا کہ ’’ خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم میں کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی تو تبادلہ کردیا گیا اور بچیوں پر ایف آئی آر درج کر دی گئی، انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ نان فنکشنل اسکولوں کو فنکشنل کرنے اور گھوسٹ ملازمین کے خلاف آواز اٹھانے کی سزاء دی جارہی ہے اور محکمے کے کلرکوں کی جانب سے دھمکیاں موصول ہورہی ہیں‘‘۔
Imran Khan leaves abruptly after woman…by arynews
بعد ازاں چیئرمین تحریک انصاف نے خاتون ٹیچر کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم خیبرپختونخوا عاطف خان کو معاملے کی چھان بین کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو مذکورہ خاتون سے ملاقات کر کے شکایات دور کرنے کے احکامات جاری کئے۔
گوجرانوالہ : ق لیگ کے سربراہ اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کرپشن میں پانچ سو فیصد اضافہ کردیا، یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی.
پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی مضبوطی کی باتیں کرنے والوں کی ٹانگیں آرمی چیف سے متعلق بینرز دیکھ کر کانپ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران کسی خوش فہمی نہ رہیں عمران خان ٹھیک ہی کہتے ہیں کہ اگر فوج آئی تو کوئی پہلے کی طرح سڑکوں پر نہیں آئے گا اور لوگ خوشی میں مٹھائیاں بانٹیں گے۔ ق لیگ کے رہنما نے کہا کہ ملک میں سارے کام فوج کررہی ہے۔
پرویز الہیٰ نے حکومت پنجاب کی تمام پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا انہوں نے کہا کہ جنگلہ بس سروس پنجاب حکومت نے اپنی کمائی کیلئے شروع کی۔
انہوں نے سوال کیا کہ سستی روٹی اسکیم اور ٹیکسی اسکیم کا کیا بنا؟ ہم نے میٹرک تک غریبوں کے بچوں کے لیے تعلیم مفت کی، شہباز شریف نے آتے ہی اسکولوں کو بند کرنا شروع کر دیا۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ شہباز شریف نے 10 ہزار اسکولوں کو بند کر دیا اگر اسکول بند نہ ہوتے تو چھوٹو گینگ کیوں پیدا ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سیلابی صورت حال سے نمٹنے اور تعلیم کیلئے مختص فنڈ بھی اورنج ٹرین منصوبے پر لگارہے ہیں۔
کراچی: کرپشن کیس میں مشتاق رئیسانی کی کراچی میں ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی جائیداد کا انکشاف ہوا ہے، نیب نے رئیسانی کے 12بنگلوں پر چھاپے مار کر قیمتی گاڑیاں اور دستاویزات قبضے میں کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق مشتاق رئیسانی کرپشن کیس میں نیب کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں جس میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،نیب بلوچستان کی ٹیم نے خفیہ اطلاعات پر کراچی کے علاقے ڈیفنس میں متعدد بنگلوں پر چھاپے مارے اور وہاں سے کئی قیمتی گاڑیاں اور متعدد دستاویزات اپنے قبضے میں کرلیں۔
انکشاف ہوا ہے کہ بارہ سے زائد یہ بنگلے مشتائی رئیسانی اور سلیم شاہ کی خریدی گئی زمینوں پر تعمیر کیے گئے ہیں ان بنگلوں کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے بیورو چیف شاہد رند کے مطابق 12 بنگلے کرپشن کے پیسوں سے بنائے گئے، کرپشن کی رقم سے خالی زمین خرید کر بنگلے بنا کر انہیں فروخت کیا جاتا تھا۔
کراچی : سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ کرپشن کی باقیات نے سندھ سمیت کراچی کو بھی اجاڑ دیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اور وزراء ٹھنڈی مشینوں سے باہر نہیں آتے، نہ جانے سندھ حکومت کیسے چل رہی ہے؟
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر ہاؤس کراچی میں ایم کیو ایم اراکین اسمبلی کے ہمراہ کمشنر کراچی، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور تمام ڈپٹی کمشنرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ مافیا کی کھلے عام سرپرستی کی جارہی ہے،شہر میں اسی فیصد سنگنلز خراب جبکہ روڈ سے زیبرا کراسنگ بھی ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں اقتدار میں آئے تو سب سے پہلے قانون سازی کرکے سندھ بلڈنگ کنٹرول اٹھارٹی کو کراچی بلڈنگ کنٹرول اٹھارٹی کی شکل میں واپس لائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک ہزار افسران کے خلاف کرپشن کی تحقیقات ہو رہی ہیں، پولیس اور ڈی ایم سیز کی مدد سے پتھارے اور بل بورڈز لگائے جا رہے ہیں۔ بجٹ میں سندھ حکومت کو جتنا بھی فنڈز ملے گا وہ کرپشن کی نذر ہی ہوگا۔
کراچی : سندھ کے سرکاری محکموں میں ہونے والی کرپشن سے پردہ اٹھ گیا۔ کئی محکموں کے افسران نے بہتی گنگامیں ہاتھ دھوئے. جن میں سے 110 افسران کو حراست میں لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں محکمہ ریونیو کرپشن میں بازی لے گیا۔ چیئرمین اینٹی کرپشن نے سرکاری محکموں کاکچاچٹھا کھول کررکھ دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن کا اعلیٰ سطح کا منعقد اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین اینٹی کرپشن ممتاز علی شاہ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔
بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین اینٹی کرپشن نے بتایاکہ کرپشن کیسز میں گزشتہ چار ماہ کے دوران ستانوے مقدمات میں سے اٹھارہ محکمہ ریونیو کے خلاف، سترہ محکمہ خوراک، سولہ محکمہ تعلیم، پندرہ محکمہ داخلہ اور دس محکمہ بلدیات کے خلاف درج ہیں۔
انہوں نےبتایا کہ ایک سودس افسران کو سرکاری خزانے میں خورد برد اور کرپشن کے الزام تحت گرفتارکیاگیا ہے جن میں محکمہ ریونیو کے تیس افسران، محکمہ داخلہ کےگیارہ ،محکمہ بلدیات کے نو، محکمہ تعلیم کے بائیس، محکمہ آبپاشی کےدو، محکمہ خوراک کےپانچ، محکمہ ایکسائیز کے چار، محکمہ صحت کےپانچ، محکمہ فشریز کے دو، اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کےچارافسران شامل ہیں۔
حیدرآباد : جماعت اسلامی کی جانب سے حیدرآباد میں کرپشن کے خلاف احتجاجی کیمپ لگایا اور شہریوں میں کرپشن کے خلاف پمفلٹ تقسیم کئے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے حیدرآباد کے علاقے حیدر چوک پر کرپشن کے خلاف قائم کئے گئے کیمپ میں موجود جماعت اسلامی کے کارکنان کرپشن کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماء ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کارکنان کے ہمراہ شہریوں میں پمفلٹ بھی تقسیم کئے، اس موقع پرمعراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پانامہ لیکس میں وزیراعظم کے خلاف تحقیقات دو ماہ میں مکمل کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جتنے لوگوں نے بھی ملک کے خزانے کو لوٹا ہے ان کے بارے میں فیصلہ کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ کرپشن اب جاری نہیں رہ سکتی ،کرپٹ حکمران اپنا بوریا بستر سمیٹ لیں کیوں کہ پاکستان اب صرف پاکستان کی عوام کا ہے۔
کراچی : تحریک انصاف نے آج سے سندھ میں کرپشن کے خلاف مہم کا آغاز کردیا، اس مہم کے دوران تحریک انصاف سندھ بھر میں کرپشن کے خلاف ریلیاں نکالیں گی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے کرپشن مٹاؤ ملک پچاؤ مہم چلانے کا اعلان کردیا،تحریک انصاف سندھ میں شاہ محمود قریشی کی قیادت میں مہم کا آغاز کردیا۔
تحریک انصاف کرپشن کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالے گی، پی ٹی آئی کے شیڈول کے مطابق ستائیس اپریل کوسانگھڑ،اٹھائیس اپریل خیرپوراورانتیس اپریل کو شکارپورمیں کرپشن کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ تیس اپریل کو تحریک انصاف کے چئیرمیں عمران خان سکھر میں کرپشن کے خلاف ریلی کی قیادت کریں گے۔
کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کو دعوت فکر دینے آئے ہیں ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی کو کرپشن مٹاؤ ملک بچاؤ مہم میں کردار ادا کرنا ہوگا۔
تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گے،کرپشن کے خلاف ریلی کا سفر جاری ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے اسلام آباد میں یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کرپشن کے خلاف مہم کا اعلان کیا تھا۔