Tag: Corruption

  • ڈائریکٹرایف آئی اے  نے کے ایم سی میں کرپشن کی داستان کھول دی

    ڈائریکٹرایف آئی اے نے کے ایم سی میں کرپشن کی داستان کھول دی

    کراچی : ایف آئی اے کے ڈائریکٹرشاہد حیات نے کے ایم سی میں غضب کرپشن کی داستان کھول کررکھ دی ۔ کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کراچی کے شہریوں کے اربوں روپے چوری ہوئے۔

    انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کے گھوسٹ ملازمین عوام کے اربوں روپے ہڑپ کر گئے۔ ایف آئی اے نے ڈائریکٹر سمیت نو ملازم گرفتار کر لئے۔ایک افسرکی چونسٹھ سالہ ساس بھی گھربیٹھے تنخواہ لےرہی تھی۔

    فنڈزمیں خرد برد،اربوں کی کرپشن،گھوسٹ ملازمین کی کھوج لگا لی، ڈائریکٹر ایف آئی اے نےکے ایم سی میں لوٹ مارکا کچاچٹھاکھول ڈالا۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کہتے ہیں کہ کے ایم سی کےبڑے کرپٹ افسران کے خلاف گھیرا تنگ کردیاہے ڈائریکٹر ایف آئی اے نےبد عنوانی کےالزام میں گرفتارملزم ڈپٹی ڈائریکٹرایڈمن ایجوکیشن سلیم خان کومیڈیا کےسامنے پیش کردیا۔

    گرفتار ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ کرپشن سے حاصل شدہ رقم بڑے افسران کو دی جاتی تھی، ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات نےپریس کانفرنس میں بتایا کہ کے ایم سی کےشعبہ تعلیم سے منسلک ساڑھے چارسوبینک اکاؤنٹ چیک کئےگئے ہیں۔

  • سیاسی جماعت کےفرنٹ مین محمد علی شیخ کے دوران تفتیش اہم انکشافات

    سیاسی جماعت کےفرنٹ مین محمد علی شیخ کے دوران تفتیش اہم انکشافات

    کراچی : جناح ایئرپورٹ کراچی سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار ہونے والے سیاسی جماعت کے فرنٹ مین محمد علی شیخ نے دوران تفتیش اہم انکشافات کئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق محمد علی شیخ نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ ہزاروں ایکڑ سرکاری زمین کوڑیوں کے دام خریدیں گئیں،جبکہ زمینوں پر قبضے کیلئے بھی سیاسی شخصیات اپنی طاقت استعمال کرتی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق محمد علی شیخ نے پورے گروپ سے متعلق تفصیلات بتادی ہیں جو سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہیں، اورسرکاری محکموں سے کروڑوں روپے ماہانہ فنڈز کون کون لیتا تھا۔

    تفتیش میں نام بتادیے ہیں، گریڈ 21 سے لے کر 16 تک کے افسران کرپشن میں ملوث ہیں، اور مختلف محکموں میں بھاری رشوت لے کر تعیناتی بھی کروائی جاتی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق محمد علی شیخ نے تفتیش کے دوران بتایا کہ سیاسی جماعت کی اہم شخصیت کے ساتھ مل کر انہوں نے محکمہ پولیس میں ڈی آئی جی سے لیکر ایس ایچ او رینک کے افسران کی تعیناتیاں کرائیں اور یہ افسران زمینوں پر قبضوں میں مدد کرتے تھے۔

    جبکہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ سمیت آرگنائیز کرائم بھی کروایا کرتے تھے جس سے بھاری رقم وصول ہوتی تھی اور پولیس افسران کو باقاعدہ حصہ دیتے تھے ۔ محمد علی شیخ سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

  • پشاور: سابق وزیرلیاقت شباب کرپشن کے الزام میں گرفتار

    پشاور: سابق وزیرلیاقت شباب کرپشن کے الزام میں گرفتار

    پشاور: احتساب کمیشن نے سابق صوبائی وزیربرائے ایکسائزاور ٹیکسیشن کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب کمیشن نےصوبائی وزیرلیاقت شباب کو آج بروزبدھ کرپشن کے الزامات میں گرفتار کیا گیا۔

    لیاقت شباب کے خلاف کافی عرصے سے تحقیقات جاری تھیں انہوں نے ہائی کورٹ سے اسٹے آرڈرلیا ہوا تھا کہ وہ تفتیش میں تعاون کریں گے انہوں گرفتارنہ کیا جائے۔

    صوبائی احتساب کمیشن نے اپنی تفتیش مکمل کرنے کے بعد سابق صوبائی وزیر کو گرفتار کیا۔

    احتساب کمیشن نے موقف اختیارکیا کہ سابقہ دورِ حکومت میں لیاقت شباب کے اثاثے کئی گنا بڑھ گئے جن کی وہ کوئی واضح وجہ پیش کرنے سے قاصررہے ہیں۔

    سابق صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔

  • سندھ پولیس کے کرپٹ افسران کی فہرست تیار

    سندھ پولیس کے کرپٹ افسران کی فہرست تیار

    کراچی: سندھ پولیس کے کرپٹ افسران کی فہرست تیار کرنا شروع کردی گئی، اعلیٰ عہدوں پر فائز پولیس افسران سب سے زیادہ اثاثوں کے مالک نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے پولیس کے اعلیٰ افسران کی کے اثاثہ جات کی فہرست مرتب کی گئی ہے جس میں کچھ ایسے افسران کے نام بھی شامل ہیں جو ایماندار ہیں لیکن زیادہ ترکرپٹ نکلے ہیں۔

    فہرست کے مطابق ڈی آئی جی، اے آئی جی سے لے ڈی ایس پی کی سطح کے افسران کے اثاثہ جات کی بھی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی اعلیٰ افسران کروڑوں روپے مالیت کے بنگلے، ہوٹلز، پترول پمپ اور بیرونِ ملک کاروبار کے مالک نکلے جبکہ کچھ کے بلڈرز کے ساتھ کاروباری تعلقات ہیں۔

    سی پی ایل سی کے سابق سربراہ جمیل یوسف نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کیبدقسمتی یہ ہے کہ یہاں کوئی ایسا ادارہ نہیں جو کہ کسی بھی برسراقتدار شخص کا احتساب کرسکے۔

    سابق سی پی ایل سی چیف جمیل یوسف

    ان کا کہنا تھا ان تمام حرکتوں سے نقصان ریاست کا ہوتا ہے احتساب صرف پولیس کا ہی نہیں بلکہ تمام بیوروکریسی کا ہونا چاہئیے۔

    اے آروائی نیوز کے اینکر پرسن اقرار الحسن کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ پولیس کا محمکہ اس قدر کرپٹ ہوچکا ہے کہ جب تک بڑے پیمانے پرکاروائی نہیں ہوگی معاملات سدھار کی جانب نہیں جائیں گے۔

  • ایف آئی اے خود کرپشن میں ملوث ہوگئی ، چوہدری نثارعلی خان

    ایف آئی اے خود کرپشن میں ملوث ہوگئی ، چوہدری نثارعلی خان

    اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان غیرملکی کو پاکستانی بنا کر پاکستان لانے کے انکشاف پر چوہدری نثار برہم ہوگئے۔انہوں نے ایف آئی اے کو کرپشن میں ملوث قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قدرت اللہ خان کی سرزنش کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیا۔

    اجلاس میں چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ برما کی شہریت کے حامل ابراہیم کوکو کا خوشاب سے جعلی ڈومیسائل بنایا گیا اور پاکستانی پاسپورٹ پر ایف آئی اے کے افسران کی ملی بھگت سے اسے تھائی لینڈ کی جیل سے پاکستان پہنچا یا گیا۔

    وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اس شخص کو ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیا تو سیکریٹری داخلہ سمیت دیگر افسران نے کہا کہ اس شخص کے پیچھے ڈرگ مافیا ہے۔ اس کو چھوڑ دیا جائے۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ ایف آئی اے کو کرپشن ختم کرنے کے لئے بنایا گیا تھا لیکن اب ایف آئی اے خود کرپشن میں ملوث ہوگئی ہے۔

  • کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا، ممنون حسین

    کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا، ممنون حسین

    اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کرپشن نے اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے۔ بڑے بڑے خاندان کرپشن میں ملوث پائے جاتے ہیں۔

    ایوان صدر میں نیب کے زیراہتمام واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیادت صدر مملکت اور چئیرمین نیب قمر الزمان چوہدری نے کی۔ واک میں سفارت کاروں کے علاوہ کاروباری کمیونٹی اور سرکاری اداروں کے افسروں نے بھی شرکت کی۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ دو ہزار آٹھ میں پاکستان پرسولہ ہزار سات سو ارب روپے کا قرضہ تھا ۔ مسلم لیگ ن نے جب حکومت سنبھالی تو ملکی قرضہ چوبیس ہزار آٹھ سو ارب روپے تک پہنچ چکا تھا۔

    پاکستان میں کرپشن کے خلاف جذبات موجود ہیں اور سب کو مل کر اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہئیے۔ انہوں نے واک میں موجود سفارت کاروں کو کہا کہ وہ اپنے ممالک کو بتائیں کہ پاکستانی قوم کرپشن کے خلاف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ملک میں کرپٹ لوگ سینہ تان کر چلتے ہیں۔اگر ایمانداری کو ترجیح دی جائے تو چہرے پر رونق کے ساتھ ساتھ خوشحالی بھی آئے گی۔

  • حکومتِ سندھ سیکریٹری داخلہ و بلدیات کی نوکری بچانے میں ناکام

    حکومتِ سندھ سیکریٹری داخلہ و بلدیات کی نوکری بچانے میں ناکام

    کراچی : کرپشن میں ملوث سیکریٹری داخلہ و بلدیات کی نوکری بچانے میں ناکامی پرحکومت سندھ نے کبیر قاضی کو دونوں عہدے چھوڑنےکی ہدایت کر دی۔

    سندھ کے سیکریٹری داخلہ اور بلدیات کبیر قاضی کو وفاقی حکومت نے ٹریڈ ڈولپمنٹ میں کرپشن کے الزام میں دس روز قبل ملازمت سے فارغ کیا تھا، جسکے بعد وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیرِاعظم کو ایک خط لکھ کر کبیر قاضی کو برخاست نہ کرنے اور ملازمت پر برقرار رکھنے کی درخواست کی تھ۔

    اس خط کے جواب میں وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو لکھا ہے کہ کبیر قاضی کو کرپشن کے الزام میں ملازمت سے فارغ کیا گیا لہذا قانون کے مطابق کبیر قاضی فیڈرل سروس ٹربیونل سے رجوع کریں۔

    وفاقی حکومت کے جواب کے بعد حکومت سندھ نے کبیر قاضی کو دونوں عہدے چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔

  • ایم کیوایم کا سندھ حکومت سے استعفے کا مطالبہ

    ایم کیوایم کا سندھ حکومت سے استعفے کا مطالبہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومتِ سندھ کے وزراء پر بدعنوانی کا عنوان عائد کرتے ہوئے حکومت سےمستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

    متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کاکہنا ہےکہ حکومتِ سندھ اوراس کے وزراء کرپشن، بدعنوانی اور اقرباء پروری کی دلدل میں دھنس چکے ہیں۔

    سپریم کورٹ اورانسدادِبدعنوانی کا ادارہ نیب بھی سندھ حکومت کی کرپشن کی نشاندہی کرچکے ہیں ان غیر معمولی حالات میں سندھ میں مارشل لاء کا مطالبہ سو فیصد درست ہے۔

    عوام کی منتخب اسمبلی کو وزیرِبلدیا ت شرجیل میمن نے اپنی جاگیرسمجھ رکھا ہے اوران کے ایک اشارے پراسمبلی اجلاس ملتوی کردیا جا تا ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جس صوبے کی منتخب اسمبلی میں عوام کے منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل اجاگرکرنے پر خاموش کرایاجائے اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کئے جائیں تو ایسی اسمبلی کے بجائے پھر مارشل لاء کی بات کرنا حق بجانب ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال میں سندھ حکومت کے پاس صرف ایک ہی راستہ باقی رہ جاتا ہے کہ وہ باعزت طریقے سے مستعفی ہونے کااعلان کردے۔

  • اسلام آبادائیرپورٹ اور ملتان ائیرپورٹ کی تعمیر، گھپلوں کا انکشاف

    اسلام آبادائیرپورٹ اور ملتان ائیرپورٹ کی تعمیر، گھپلوں کا انکشاف

    اسلام آباد: اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ملتان ائیرپورٹ کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے، ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملتان ائیرپورٹ کی تعمیر میں شجاعت عظیم نے مداخلت کی تھی۔

    کرپشن پر نگاہ رکھنے والے عالمی ادارے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملتان ائیرپورٹ کی تعمیر کے دوران وسیع پیمانے پر گھپلے کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن حکام نے اعتراف کیا ہے کہ ملتان ائیرپورٹ کی تعمیر میں تاخیرکی وجہ ڈیزائن کی تبدیلی بنی، جس کے لیے وزیرِاعظم کے مشیر برائے ہوا بازی شجاعت عظیم نے غیر قانونی طور پر دباؤ ڈالا تھا۔

    ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ میں بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد پر کی گئی مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہیں، رپورٹ میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن نے تمام قوانین کو پس پُشت ڈال کرائیرپورٹ کے وی آئی پی لاؤنج پر سو ارب روپے خرچ کرنے کے بعد مزید بیس کروڑ روپے لگائے۔

    ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن حکام کو اضافی رقم خرچ کرنے کا اختیار نہیں تھا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن حکام نے تصدیق کی ہے کہ پی آئی اے نے ایک عشاریہ پانچ ارب ڈالر سے بوئنگ ٹرپل سیون طیارے غیر قانونی طور پر خریدے گئے۔

  • معاشرے میں سب ایک دوسرےسےمنافقت کررہے ہیں، عبدالمالک بلوچ

    معاشرے میں سب ایک دوسرےسےمنافقت کررہے ہیں، عبدالمالک بلوچ

    کوئٹہ :انسدادِ بدعنوانی کا عالمی دن ملک بھرکی طرح کوئٹہ میں بھی کرپشن کے خاتمے کے عزم کے ساتھ منایا گیا،وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ احتسابی عمل کے بغیر بدعنوانی نہیں روکی جاسکتی۔

    انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے کوئٹہ میں نیب بلوچستان کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے علاوہ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ ڈی جی نیب بلوچستان سید خالد اقبال سمیت اعلیٰ افسران اور ماہرین نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے نیب کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں بگاڑ کے باعث بدامنی اور دیگر مسائل جنم لے رہے ہیں ۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں سب ایک دوسرے کے ساتھ منافقت کررہے ہیں، اور صرف بدکردار لوگ ہی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب بلوچستان سید خالد اقبال اور دیگر ماہرین نے کہا کہ بدعنوانی کو ختم نہیں کنٹرول کیا جاسکتا ہے جس کے لئے قانون ،تفتیشی اداروں اور عدلیہ کو مل کر کام کرنا ہوگا،جبکہ طلباءنے تقاریر کرکے بدعنوانی سے نفرت کا اظہار کیا۔