Tag: Corruption

  • سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کرپشن کی تحقیقات کا آغاز، نیب نے سربراہ کو طلب کرلیا

    سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں کرپشن کی تحقیقات کا آغاز، نیب نے سربراہ کو طلب کرلیا

    کراچی : قومی احتساب بیورو نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ریکارڈ کرپشن سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا، نیب نے ڈی جی ایس بی ایس اے کو12ستمبر کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ہونے والی مبینہ کرپشن کے انکشاف پر معاملے کی چھان بین شروع کردی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے ڈی جی ایس بی سی اے کو7ٹاؤن اور حیدرآباد ریجن کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے12ستمبر کو طلب کرلیا۔

    نیب نے غیرقانونی شادی ہالز، رفاہی پلاٹوں پر تعمیرات کی اجازت دینے پر رپورٹ طلب کرلی، اس کے علاوہ سال2011اور2012میں دی جانے والی ایمنسٹی اسکیم کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نیب حکام نے سابق ڈی جی آغا مقصود عباس، عابد شاہ اور فاروق کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    اس کے علاوہ کراچی کے7ٹاؤن میں کن قوانین کی تحت تعمیرات کی اجازت دی گئی؟ اس کا بھی جواب دیا جائے، ذرائع کے مطابق 10ہزارغیرقانونی تعمیرات میں فلیٹس، دکانیں اور پورشنز شامل ہیں۔

    نیب نے جمشیدٹاؤن، گلبرگ، لیاقت آباد، صدرٹاؤن، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن اور اورنگی ٹاون کی بھی تفصیلات طلب کی ہیں، اور ان ٹاؤنز میں تعینات افسران کی فہرست بھی طلب کرلی گئی ہے، عمارتوں کی فہرست اور تعمیرات مکمل ہونے کاسرٹیفکیٹ اور لےآؤٹ پلان بھی مانگا گیا ہے۔

  • عالمی ادارہ صحت کا ‘صنعا’ کے دفتر میں کرپشن کا اعتراف

    عالمی ادارہ صحت کا ‘صنعا’ کے دفتر میں کرپشن کا اعتراف

    نیویارک /صنعاء:عالمی ادارہ صحت نے صنعاءکے دفتر میں کرپشن کا اعتراف کرلیا ، ادارے کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت یمن میں با صلاحیت، تجربہ کار اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھنے والا عملہ تعینات کرے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈبلیو ایج او کے یمن میں مقامی شراکت داروں کے ساتھ طے پائے بعض معاہدے ختم کیے جا رہے ہیں،یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب عالمی ادارہ حوثی باغیوں کے زیر تسلط صنعاءمیں موجود اپنے دفتر میں کرپشن کا اعتراف کر چکا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ عالمی ادارہ 2018ءکے پروگرام پر نظر ثانی کرے گا۔ یمن میں تنظیم کا نیا ڈائریکٹر اور ملازمین تعینات کیے جائیں گے اور موجودہ انتظامیہ کو ہٹا دیا جائے گا۔

    بیان میں یقین دلایا گیا کہ رواں سال کے آخر تک یمن میں عالمی ادارہ صحت کی سرگرمیوں کی رپورٹ آنے کے بعد مبینہ بدعنوانی کے واقعات کا حل نکال لیا جائےگا۔

    بیان میں اعتراف کیا گیا ہے کہ مالیاتی اور انتظامی ضابطہ کار کے حوالے سے یمن سے مایوس کن خبریں مل رہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ عالمی ادارہ صحت یمن میں با صلاحیت، تجربہ کار اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھنے والا عملہ تعینات کرے گا۔

  • وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی: چیئرمین نیب

    وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی: چیئرمین نیب

    اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے یتیم بچوں کی کفالت کے ادارے پاکستان سویٹ ہوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے ملک کا نام روشن کریں گے، بچے اگرنیب کا دورہ کرنا چاہیں، تو ہمارےدروازے کھلے ہے.

    چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ یہاں بچوں کو دیکھ کر خوشی ہے، وہ محفوظ ہاتھوں میں‌ ہیں، قوم کی امیدیں بچوں اور نوجوان نسل سے وابستہ ہیں.

    مزید پڑھیں: نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے ، چیئرمین نیب

    ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ لوگ محنت کریں گے، تو وہ وقت ضرور آئے گا، جب ملک کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگی.

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میری دعاہے، ریاست مدینہ کا تصور اپنانے کاعمل کامیاب ہو، حکمرانی میں ریاست مدینہ کا تصورخوش آئند ہے، دعاہے  کہ یہ نظام آئے، کامیاب ہو، ملک ترقی کرے.

    خیال رہے کہ  26 جولائی 2019 کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا تھا کہ کرپشن فری پاکستان بنانے کے لیے میگا وائٹ کالر کرائمز کو انجام تک پہنچائیں گے.

  • کرپشن کے خاتمے کیلئے کراچی کا ٹیکس کراچی پر خرچ ہونا چاہئے، میئر وسیم اختر

    کرپشن کے خاتمے کیلئے کراچی کا ٹیکس کراچی پر خرچ ہونا چاہئے، میئر وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کا ٹیکس کراچی پر خرچ ہونا چاہئے جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی معاملات حل نہیں ہوسکتے، ریونیو کے تمام محکمے سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سپریم کورٹ میں حاضری کے بعد میڈیا کے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی تین سو سے ساڑھے تین سو ارب روپے ریونیو کی مد میں سندھ حکومت کو دیتا ہے۔

    کراچی کا ٹیکس کراچی پر خرچ ہونا چاہئے جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی معاملات حل نہیں ہوسکتے، بظاہر سندھ حکومت کو سندھ یا کراچی کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں لگتی۔

    ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر کراچی کے تمام مسائل حل کرنا ہے مگر یہ لوگ کراچی کے مسائل حل کرنا ہی نہیں چاہتے، کے ایم سی میں تنخواہوں کا شارٹ فال 7 کروڑ سے بڑھ کر 12کروڑ ہوگیا ہے۔

    ریونیو کے تمام محکمے سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں اور ہمیں کہا جا رہاہے کہ ہم ریونیو جمع نہیں کرتے، ایڈوکیٹ جنرل ایس ایل جی اے2013 پڑھ لیں تو انہیں معلوم ہوگا کہ کے ایم سی کے پاس کتنے وسائل اور ریونیو کے محکمے ہیں پھر ہمیں بتائیں کہ ہم کہاں سے ریونیو جمع کریں بلکہ یہ زیادہ بہتر ہے کہ وہ حکومت سندھ کو مشورہ دیں کہ کرپشن ختم کریں۔

    اس حوالے سے عوام اور عدالتوں کو گمراہ کیا جارہا ہے، ہمارے حوالے سے غلط پروپیگنڈہ کیا جا رہا کہ ہم ریونیو میں اضافے کے لئے کوشش نہیں کرتے، جب ریونیو کے وسائل ہی نہ ہوں تو آمدنی کیسے ہوسکتی ہے۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کل ملاقات کے لئے آرہے ہیں انہیں کے الیکٹرک کے ساتھ واجبات کے تنازعے اور کے ایم سی کی مالی صورتحال کے حوالے سے تمام حقائق سے آگاہ کرنے کے بعد دیکھیں گے کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

  • بے نامی جائیداد ضبط کر کے غریبوں پرخرچ کریں گے: وزیر اعظم

    بے نامی جائیداد ضبط کر کے غریبوں پرخرچ کریں گے: وزیر اعظم

    میانوالی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ افراد کی بے نامی جائیداد ضبط کرکےغریبوں پرخرچ کریں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے میانوالی ایکسپریس کے افتتاح‌ کے موقع پر کیا. ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد یہی ہے کہ عام آدمی کے لئے آسانی پیدا کی جائے.

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ملی، تو ملک مقروض تھا، مگر اب آسانیاں ہوگئی ہیں، ہمیں قرضوں کی قسطیں دینے کے لئے مزید قرضے لینے پڑے، قرضوں پر سود دینے کے لئے قرضے لینے پڑے، مشکل وقت تھا.

    انھوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ریلوے کے ایم ایل ون کا ایم او یو سائن کیا ہے، ایم ایل ون سےکراچی سے لاہور کا سفر صرف 8 گھنٹے کا ہوجائے گا، ایم ایل ون پاکستان میں انقلاب لائے گا.

    مزید پڑھیں: ملک کی ترقی کے لئے چین کی طرح 450 وزراکو جیلوں میں ڈالنا ہوگا: وزیر اعظم

    انھوں نے کہا کہ میانوالی نے مجھے تب جتایا، جب کہیں سے بھی ووٹ نہیں ملے، پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو ہمیں اوپر اٹھانا ہے، اسپتال ٹھیک کرنے ہیں، پانی کا مسئلہ بھی حل کرنا ہے، حکومت کے 5 سال پورے ہونے پر آپ دیکھیں گے کہ میانوالی کیا تھا اور اب کیا بننے جا رہا ہے.

    میرا وعدہ تھا حکومت میں آکر بدعنوانی ختم کروں گا، پیسہ چوری کرکے ناجائز جائیدادیں بنائی گئیں، وہ ضبط کریں گے، ناجائز جائیدادوں کا پیسہ احساس پروگرام میں لگایاجائے گا.

    انھوں نے کہا کہ جتنی دھمکیاں دینی ہے دیں، احتساب پرسمجھوتا نہیں ہوگا، جو پیسہ منی لانڈرنگ پر بیرون ملک گیا وہ بھی واپس لائیں گے، کرپشن کےپیسوں سےبیرون ملک بنائی گئی جائیدادوں کا سراغ لگا لیا، جنھیں ضبط کیا جائے گا.

  • ملک کی ترقی کے لئے چین کی طرح 450 وزراکو جیلوں میں ڈالنا ہوگا: وزیر اعظم

    ملک کی ترقی کے لئے چین کی طرح 450 وزراکو جیلوں میں ڈالنا ہوگا: وزیر اعظم

    میانوالی: وزیر  اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے چین کی طرح 450 وزراکو جیلوں میں ڈالنا ہوگا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے نمل انسٹی ٹیوٹ میں اسپتال کی تعمیرکا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ سب کو مبارک باد دیتا ہوں، ایسےکاموں سے روح کو خوشی ملتی ہے.

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایسے لوگ تھے، جنھوں نے بڑا پیسہ بنایا، محلات بنائے اور چلے گئے، ایسے افراد کو آج عوام یاد نہیں کرتے، جنھوں نے اللہ کے لئے کام کیا اور لوگوں کی مدد کی، انھیں عوام یاد کرتے ہیں.

    انھوں نے کہا کہ اسپتال  کی تعمیر نمل یونیورسٹی کا خواب تھا، ایک زمانے میں لوگوں نے کہا کہ آپ کے پاس فیکلٹی ہی نہیں، آج سب جانتے ہیں، نمل یونیورسٹی کی کیا اہمیت ہے، میانوالی سمیت جنوبی پنجاب کے علاقے پیچھے رہ گئے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ جنوبی پنجاب پر خصوصی توجہ دیں، نمل انسٹیٹیوٹ میں اسپتال انیل مسرت بنوا رہے ہیں.

    انھوں نے کہا کہ وہ کہتے ہیں، احتساب تو ہو رہا ہے، لیکن اس کا عوام کو کیا فائدہ ہے، چین کی مثال سامنے ہے۔ چینی صدر نے گزشتہ 5 سال میں 450 سے  زائد وزیروں کو جیلوں ڈالا، پھر بھی ریکارڈ ترقی کی.

    بیرون ملک اور بھی پاکستانی ہیں جن کے بڑے بڑے کاروبار ہیں،  پاکستان میں کرپشن زیادہ تھی اس وجہ سےسرمایہ کار آنا نہیں چاہتے تھے. یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ 60 سال میں ملک کا قرضہ 6 ہزار ارب ہوا  اور گزشتہ 10 سال میں قرضہ 6 ہزار ارب سے 30 ہزارارب ہوجاتا ہے، آخرہم نےاس ملک میں کیاکام ہے؟ کچھ منصوبے ضرور بنائے، مگر  وہ بھی نقصان میں گئے. میٹرو منصوبہ بنایاگیا،عثمان بزدارسے پوچھیں 12 ارب ہرسال نقصان ہوگا.

    مزید پڑھیں: ایسی اصلاحات لائے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی: وزیر اعظم

    انھوں نے کہا کہ اس موقعے کا 22 سال سے انتظارکررہا تھا، اللہ سے دعا کرتا تھا کہ ایک موقع دے،جو لوگ ذمہ دار ہیں ان کا احتساب کروں.جب تک ملک لوٹنے والوں کااحتساب نہیں ہوگاپاکستان ترقی نہیں کرے گا، ملک کی ترقی کے لئے چین کی طرح 450 وزراکو جیلوں میں ڈالنا ہوگا.

    ہم نے کسی ادارےمیں مداخلت نہیں کی، اداروں کو خود مختارکیا، احتساب کاعمل جاری رہے گا، تنی دھمکیاں دینی ہیں دےلیں، ان لوگوں نے بیرون ملک سے بھی مجھے پیغامات بھجوائے، کچھ بھی کرلیں، احتساب کا عمل نہیں رکے گا. طاقت وراور کمزورکے لئے الگ الگ قانون نہیں ہوگا، احتساب یکساں ہوگا. ان لوگوں نےملک کا دیوالیہ نکال دیا اور کہتے ہیں کہ جواب نہیں دیں گے.

    انھوں نے کہا، صنعت کاروں، تاجروں سے درخواست ہے، پاکستان کےایک ایک اسپتال کو زیر نگرانی لے لیں، یوں‌ان کے مسائل ختم ہوجائیں گے.

  • کرپشن کی رقم مرکر بھی ادا کرنا ہوگی ، چیف جسٹس  نے واضح کردیا

    کرپشن کی رقم مرکر بھی ادا کرنا ہوگی ، چیف جسٹس نے واضح کردیا

    اسلام آباد : چیف جسٹس آصف کھوسہ نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کرپشن کی رقم موت کے بعد بھی جمع کرانی ہوگی اور مرحوم ڈی ایس پی جمیل اختر اور اہلیہ کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے خورد برد کیےگئے تین کروڑ روپےادا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس نے مرحوم ڈی ایس پی جمیل اختر اور اہلیہ کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے خورد برد کیےگئے تین کروڑ روپےادا کرنے کا حکم دیا۔

    کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس میں کہا کرپشن کہ رقم تو واپس کرنا ہوگی جرمانہ کی رقم کی گئی کرپشن سے بہت کم ہے، ڈھائی کروڑ کا پلاٹ لیا گیا اب اس پلاٹ کی موجودہ مالیت ڈھائی ارب سے زیادہ ہوگی۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ دو ہزار تین میں کہا گیا کہ 3 کروڑ جرمانہ آج کے حساب سے انتہائی کم ہے۔

    وکیل نیب نے عدالت کو بتایا کہ جمیل اختر کیانی 1959 بھرتی اور 1995 میں ڈی ایس پی پولیس ریٹائرڈ ہوئے، وکیل مسمات ریاض بی بی نے عدالت کے روبرو بتایا کہ جرمانہ کی تین کروڑ رقم ادا نہیں کر سکتے۔

    مزید پڑھیں : کرپشن کیس میں چیف جسٹس آصف کھوسہ کا بڑا فیصلہ

    وکیل مجرمان کا کہنا تھا کہ نیب نے ہمارے 1995 کے بعد کے اکاونٹ بھی ضبط کر لیے تھے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جرمانہ کم نہیں زیادہ ہو سکتا ہے کرپشن کا ساری عمر لوگ استعمال کرتے ہیں، ایشو یہ نہیں کہ اثاثوں پر مزے کئے، ایشو یہ ہے نو کروڑ کے اثاثے کب اور کیسے بنے؟۔

    خیال رہے جمیل اختر کیانی پر کرپشن اور اختیار کے ناجائز استعمال کا الزام تھا، ٹرائل کورٹ نے جمیل اختر اور اسکی اہلیہ کو دس اور پانچ سال سزا کیساتھ 30 ملین جرمانہ کیا تھا اور ہائی کورٹ نے بھی فیصلہ برقرار رکھا

    یاد رہے چند روز قبل کرپشن کیس میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف کھسہ نے کا بڑا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم کے ورثاء کوجرمانہ اداکرنے کاحکم دیا تھا اور ریمارکس دیئے تھے کہ بے شک سب کیا دھرا والد کا ہو، مجرم کے بعد اس کی اولادوں سے رقم وصولی کا قانون ہے۔

  • کرپشن کے سدباب کے لیے قومی ایمرجنسی نافذ ہونی چاہیئے: پاکستان اکانومی واچ

    کرپشن کے سدباب کے لیے قومی ایمرجنسی نافذ ہونی چاہیئے: پاکستان اکانومی واچ

    لاہور: پاکستان اکانومی واچ کا کہنا ہے کہ کرپشن کے سدباب کے لیے قومی ایمرجنسی نافذ ہونی چاہیئے، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈئیر (ر) محمد اسلم خان کا کہنا ہے کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں کی جانب سے حکومت اور نیب پر الزامات کی بوچھاڑ قابل مذمت ہے۔ کرپشن کے خلاف قومی ایمرجنسی نافذ ہونی چاہیئے تاکہ چوروں کا سدباب کیا جا سکے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ حریف سیاسی جماعتیں جنہوں نے کبھی ملک و قوم کے لیے اختلافات نہیں بھلائے اب کرپشن بچانے کے لیے متحد ہوگئی ہیں اس لیے عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نیب کا بجٹ اور اختیارات بڑھا کر اسے وسعت دے تاکہ اس کی کارروائیوں میں تیزی لائی جا سکے اور کرپشن کا جن بوتل میں بند کرنا ممکن ہو جائے۔ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

    محمد اسلم خان نے مزید کہا کہ کرپٹ عناصر کو اس وقت تک خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا جب تک ان پر اسلامی سزائیں لاگو نہ کی جائیں یا چین کے ماڈل کی نقل کی جائے، پاکستان میں بھی سخت سزائیں اور جرمانے نافذ کیے جائیں اور کالے دھن کے خلاف ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

  • کرپشن کے خلاف قومی ایمرجنسی نافذ کی جائے: پاکستان اکانومی واچ

    کرپشن کے خلاف قومی ایمرجنسی نافذ کی جائے: پاکستان اکانومی واچ

    اسلام آباد: پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین برگیڈئیر ریٹائرڈ محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں کی جانب سے حکومت اور نیب پر الزامات کی بوچھاڑ قابل مذمت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں محمد اسلم خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف قومی ایمرجنسی نافذ ہونی جاہیئے تاکہ چوروں کا سدباب کیا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ حریف سیاسی جماعتیں جنھوں نے کبھی ملک و قوم کے لیے اختلافات نہیں بھلائے اب کرپشن بچانے کے لئے متحد ہوگئی ہیں، اس لئے عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔

    پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حکومت نیب کا بجٹ اختیارات اور اہلکاروں کی تنخواہیں بڑھا کر اسے وسعت دے تاکہ اسکی کارروائیوں میں تیزی لائی جاسکے اور کرپشن کا جن بوتل میں بند کرنا ممکن ہو جائے۔

    نامساعد حالات میں بجٹ مناسب ہے جبکہ اعتراضات بےجا ہیں، پاکستان اکانومی واچ

    برگیڈئیر ریٹائرڈ محمد اسلم خان نے مزید کہا کہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، کرپٹ عناصر کو اس وقت تک خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا جب تک ان پر اسلامی سزائیں لاگو نہ کی جائیں یا چین کے ماڈل کی نقل کی جائے، پاکستان میں بھی سخت سزائیں اور جرمانے رائج کئے جائیں اور کالے دھن کے خلاف ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

  • کرپشن کے ذریعے معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، چوہدری محمد سرور

    کرپشن کے ذریعے معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، چوہدری محمد سرور

    لاہور : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، وفاقی اور پنجاب حکومت بجٹ میں غریب آدمی پر فوکس کریں گی اور زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمودالرشید اور تحریک انصاف کے ایم این اے فہیم خان نے ملاقات کی جس میں سیاسی، پارٹی سمیت دیگر امور کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کرپشن کے ذریعے معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، بعض عناصر ملک میں اقتصادی غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ان کو ہر صورت ناکام بنائیں گے اور ملک میں اقتصادی استحکام قائم کر یں گے۔

    وفاقی اور پنجاب حکومت بجٹ میں غر یب آدمی پر فوکس کریں گی ان کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت تجارتی اور صنعتی شعبوں سے متعلق مسائل سے آگاہ ہے،کاروباری برادری کو سازگار کاروباری ماحول مہیا کرنے کے لیے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کٹھن اقتصادی حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں لیکن حکومت معیشت کو بہتر کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی درآمد کو روکنا حکومتی پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں مشکل معاشی حالات ضرور ہیں مگر اس کے ذمہ دار70سالوں سے اقتدار کے مزے لوٹنے والے ہیں جنہوں نے ملک کو مسائل کے سواکچھ نہیں دیا۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت کو درپیش مسائل حکومت اور تاجر برادری دونوں کی مربوط کوششوں سے حل کئے جا سکتے ہیں جس کے لیے تاجر برداری کو چاہیے وہ اپنا کردار ادا کریں حکومت بھی ملک میں تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت کا مشن صرف عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی ہے جس کے لیے ملک کو معاشی طور پر مضبوط کر رہے ہیں۔