Tag: Costom

  • کراچی ایئر پورٹ سے انتہائی قیمتی پتھروں کی اسمگلنگ ناکام

    کراچی ایئر پورٹ سے انتہائی قیمتی پتھروں کی اسمگلنگ ناکام

    پاکستان کسٹمز کے عملے نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے قیمتی پتھروں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    کسٹمز کے کراچی ایئرپورٹ کلیکٹریٹ نے انٹرنیشنل میل آفس پر کارروائی کی اس حوالے سے ترجمان کسٹمز کا کہنا ہے کہ بروقت اقدام کرکے قیمتی اور نایاب پتھروں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادیا گیا ہے۔

    ترجمان کسٹمز کے مطابق کسٹمزعملے نے متحدہ عرب امارات سے آنے والا مشکوک امپورٹ پارسل پکڑا، قیمتی پتھروں کی مالیت ایک کروڑ11لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان کا کہنا ہے کہ قیمتی پتھروں میں زمرد، مرجان، یاقوت، اوپل سمیت7 نایاب اقسام شامل ہیں، مذکورہ پارسل شہزادی نامی خاتون کے نام پر ٹیکسٹائل مٹیریل کے طور پر بک کیا گیا تھا۔

    متعلقہ افسران کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، بہت جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

  • کسٹمز حکام نے واجبات کی عدم ادائیگی پرشاہین ایئر کے اثاثے منجمند کردئیے

    کسٹمز حکام نے واجبات کی عدم ادائیگی پرشاہین ایئر کے اثاثے منجمند کردئیے

    کراچی : کسٹمزحکام نے واجبات کی عدم ادائیگی پرشاہین ایئر کے اثاثے منجمند کردئیے، مذکورہ ادارے پر سوا چار ارب روپے سے زائد ٹیکسز واجب الادا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شاہین ایئر لائن سے اربوں روپے کے واجبات کی وصولی کے معاملہ پر کسٹمز حکام نے ایکشن لے لیا۔

     اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمزحکام نے سوا چار ارب روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر شاہین ایئر کے اثاثے منجمند کردئیے۔

    منجمند اثاثوں میں اولڈ ٹرمینل روڈ پر موجود شاہین ائرہیڈ آفس بھی شامل ہے، اس کے علاوہ کراچی ایئرپورٹ بلڈنگ میں قائم 6 دفاتر اوربکنگ آفس بھی منجمند کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کراچی ایئر پورٹ کے رن وے پر طیاروں کی مرمت کے لئے قائم ہینگر کو بھی منجمند کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ کسٹم کے شاہین ایئرلائن پر ساڑھے چار ارب روپے سے زائد رقم واجب الادا ہے، منجمد اثاثوں میں اور رن وے سے متصل میں موجود 22 طیارے بھی شامل ہیں، طیارے منجمند کئے جانے کی وجہ ٹیکسز کی عدم ادائیگی ہے۔