کراچی: پنجاب میں سندھ کے مقابلے میں کپاس کی پیداوار میں غیر معمولی کمی دیکھی گئی ہے، کاٹن ایئر 24۔2023 کے دوران پاکستان میں کپاس کی کل پیداوار 84 لاکھ بیلز تک محدود رہی۔
تفصیلات کے مطابق کاٹن کی پیداوار پچھلے سال کے مقابلے میں 72 فی صد زائد ہے تاہم ہدف کے مقابلے میں 32 فی صد کم ہے، سندھ میں کپاس کی پیداوار ہدف سے زائد جب کہ پنجاب میں غیر معمولی کم رہی۔
پنجاب میں منفی موسمی حالات کے باعث کپاس کی پیداوار میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے، سندھ کے ساحلی شہروں اور پنجاب کے بیش تر کاٹن زونز میں درجہ حرارت میں شدید کمی کے باعث کپاس کی بوائی تاخیر کا شکار ہے۔
چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کا کہنا ہے کہ توانائی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر ملکی تاریخ کے بد ترین معاشی بحران کا شکار ہوا ہے، اور مزید ٹیکسٹائل ملز غیر فعال ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔