Tag: cougar

  • 9 سالہ لڑکی پر تیندوے کا دل دہلا دینے والا حملہ، کمزور دل حضرات تصاویر نہ دیکھیں

    9 سالہ لڑکی پر تیندوے کا دل دہلا دینے والا حملہ، کمزور دل حضرات تصاویر نہ دیکھیں

    واشنگٹن: امریکا میں کیمپنگ کے دوران ایک نو سالہ بچی پر خوں خوار تیندوے نے اچانک حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو واشنگٹن کے ایک چرچ کیمپ میں آنکھ مچولی کھیلنے والی 9 سالہ لڑکی پر ایک تیندوے نے حملہ کر دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی، جب کہ اس کے دوست چیختے چلاتے بھاگ کھڑے ہوئے۔

    سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیندوے نے کس بری طرح للی نامی لڑکی کو زخمی کیا ہے، للی کے چہرے پر بھی گہری خراشیں آئی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے سارا چہرہ سوجھ چکا ہے۔

    للی بری طرح زخمی تھی اور اس کو ایک ہیلی کاپٹر میں اسپتال لے جایا گیا تھا، تصاویر میں وہ اسپتال کے بستر پر بے ہوش پڑی دکھائی دیتی ہے، لڑکی کے چچا مینٹسوِچ نے بتایا کہ لِلی کئی گھنٹوں تک انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیرِ علاج رہی جہاں اس کا آپریشن بھی کیا گیا۔

    لڑکی کے چچا کا کہنا ہے کہ لِلی کے طبی اخراجات برداشت کرنے کے لیے فنڈ جمع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    دوسری طرف ماحولیات کے تحفظ کی ریاستی ایجنسی کا کہنا ہے کہ 1924 کے بعد سے ریاست واشنگٹن کے جنگلوں میں تیندووں نے صرف 20 افراد پر حملہ کیا جن میں سے 2 ہلاک ہوئے، ہم اس مخصوص حملے کے حالات کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔

    واضح رہے کہ لڑکی پر حملہ کرنے والے تیندوے کو موقع پر موجود کسی شخص نے مار دیا تھا، ماحولیاتی اہل کار کا کہنا تھا کہ تیندوے کی لاش جائے وقوعہ سے مل گئی ہے، ممکنہ بیماریوں کا جائزہ لینے کے لیے تیندوے کی لاش کا تجزیہ کیا جائے گا۔

  • پہاڑی شیر 2 دن مزے سے شہر کی سڑکوں پر گھومتا رہا

    پہاڑی شیر 2 دن مزے سے شہر کی سڑکوں پر گھومتا رہا

    سان فرانسسکو: امریکی ریاست شمالی کیلی فورنیا کے شہر میں ایک پہاڑی شیر 2 دن تک سڑکوں پر مزے سے آزادانہ گھومتا رہا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سان فرانسسکو میں اوریکل پارک کے قریب ایک پولیس افسر نے پہاڑی شیر کو ایک عمارت کے باہر پودوں کے ایک بڑے باکس میں مزے سے لیٹے دیکھا تو حیران رہ گیا۔

    معلوم ہوا کہ اپنا راستہ کھونے والا پہاڑی شیر دو دن سے سڑکوں پر گھوم رہا تھا، جب پولیس افسر آدم لوبسنگر نے اسے دیکھا تو فوری طور پر محکمہ جنگلی حیات کو مطلع کر دیا، جنھوں نے آ کر اسے بہ آسانی پکڑ لیا۔

    انیمل کنٹرول کیئر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پچاس پونڈ وزن کا یہ شیر ایک اپارٹمنٹ کے سامنے گرین ایریا میں لیٹا ہوا تھا، اسے پکڑنے کے لیے بے ہوشی کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔ ترجمان ڈیب کیمبل کا کہنا تھا کہ شیر نے چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف چند ہی بلاکس کا سفر کیا، اسے شاید سچ میں مدد کی ضرورت تھی۔

    ترجمان نے بتایا کہ سال میں ایک بار جنگلی حیات کے حکام کو پہاڑی شیر کی آمد کی اطلاع ملتی ہے، یہ شیر سان فرانسسکو کے جنوب میں واقع پہاڑیوں سے اتر کر آتے ہیں لیکن پھر اپنے راستے پر واپس بھی چلے جاتے ہیں، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ پہاڑی شیر سان فرانسسکو شہر کے بیچ میں نکل آیا ہو۔

    رپورٹس کے مطابق حکام اس شیر کی نقل و حرکت منگل سے نوٹ کر رہے تھے جب ایک موٹرسٹ نے اسے رشین ہلز کے پاس دیکھا تھا، پھر اسے ایک ٹی وی اسٹیشن کے پارکنگ لاٹ میں سی سی ٹی وی کے ذریعے دیکھا گیا، اور آخر میں اسے اوریکل پارک کے قریب دیکھا گیا، جسے جمعرات کو آخرکار پکڑ لیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس علاقے میں جب کوئی پہاڑی شیر نکل آتا ہے تو حکام اسے فوری پکڑنے کی بجائے اس کی نقل و حرکت نوٹ کرتے رہتے ہیں اور انتظار کرتے ہیں کہ وہ خود اپنے راستے پر لوٹ جائے، مذکورہ شیر سے متعلق بھی حکام نے انتظار کیا اور لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے شیر کی نقل و حرکت نوٹ کر کے حکام کو مطلع کرتے رہیں۔

    علاقے کی پولیس نے ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ ایک پہاڑی شیر علاقے میں نکل آیا ہے اس لیے اپنی حفاظت کریں، ایسا لگتا ہے کہ شیر راستہ بھول گیا ہے، تاہم وہ جلد جنوب میں اپنا راستہ ڈھونڈ لے گا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ یہ پہاڑی شیر (cougar) دو سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد خاندان چھوڑ دیتے ہیں، تاہم مذکورہ شیر ابھی چھوٹا تھا اور معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس نے اپنا خاندان کیوں چھوڑا۔ بعد ازاں، آکلینڈ زو میں شیر کا معائنہ کیے جانے کے بعد وائلڈ لائف نے اسے پہاڑیوں میں چھوڑ دیا۔