Tag: Coughing

  • کھانسنے سے ٹانگ کی ہڈی کیسے ٹوٹ گئی؟ انوکھا واقعہ

    کھانسنے سے ٹانگ کی ہڈی کیسے ٹوٹ گئی؟ انوکھا واقعہ

    انسانی جسم میں ران کی ہڈی کا شمار مضبوط ہڈیوں میں ہوتا ہے جو پورے انسان کا وزن برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

    ایسا ممکن نظر نہیں آتا کہ محض کھانسنے سے یہ ہڈی ٹوٹ جائے، لیکن چین میں ایک شخص کی ران کی ہڈی کھانسی کے دوران جھٹکے سے ٹوٹ گئی جسے دیکھ کر ڈاکٹرز بھی حیران رہ گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ چین میں پیش آیا جہاں فوجیان صوبے میں سیکنڈ پیپلز اسپتال کے ڈاکٹروں نے اس چونکا دینے والے کیس کی اطلاع دی۔

    چین کے 35 سالہ مسٹر یی نامی شہری کو کھانسی کے دوران ٹانگ میں فریکچر کا سامنا کرنا پڑا۔ ہسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈکس کے ڈائریکٹر ڈونگ ژونگ نے اس واقعے کو غیر معمولی اور حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ شخص کی عمر اتنی نہیں ہے جس میں ہڈی اس قدر کمزور ہوجائے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر یی نے بتایا کہ انہیں تیز کھانسی کے فوراً بعد شدید درد محسوس ہوا لیکن انہوں نے اسے عارضی درد سمجھ کر نظرانداز کردیا۔

    کچھ ہی دیربعد جب وہ پھر چلنے لگے تو انہیں ران میں شدید درد محسوس ہوا جس پر انہوں ڈاکٹر سے رابطہ کیااور متعدد ٹیسٹ کیے جانے کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا کہ ان کی ہڈی ٹوٹ چکی ہے۔

    ڈاکٹروں نے تصدیق کہ مسٹر یی ماضی میں ہڈیوں کی کسی بیماری میں مبتلا نہیں تھے تاہم ان کی زیادہ کولڈ ڈرنک پینے کی عادت، ناقص خوراک اور ورزش کی کمی کے نتیجے میں ان کی ہڈیاں کمزور ہوگئی ہیں۔

    مذکورہ چینی شہری نے اعتراف کیا کہ میں روزانہ پانی کی جگہ کولڈ ڈرنکس استعمال کرتا ہوں

    35 سالہ شہری نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ عام طور پر پانی کی جگہ سافٹ ڈرنکس استعمال کرتا تھا۔

    ڈاکٹرز کے مطابق سافٹ ڈرنکس جسم میں کیلشیم کو صحیح طریقے سے جذب ہونے سے روکتی ہیں اور اس طرح ہڈیوں کی صحت متاثر ہوتی ہے۔

  • طیارے میں کھانسنے والے شخص کے جراثیم کہاں تک پھیل سکتے ہیں؟

    طیارے میں کھانسنے والے شخص کے جراثیم کہاں تک پھیل سکتے ہیں؟

    کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر میں سماجی فاصلے کو کلیدی اہمیت حاصل ہے، حال ہی میں ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک بند طیارے میں جہاں لوگ ایک دوسرے کے قریب بیٹھے ہوتے ہیں، کس طرح وائرس ایک سے دوسرے شخص میں منتقل ہوسکتا ہے۔

    امریکی ریاست انڈیانا کی ایک یونیورسٹی کی جانب سے تیار کردہ اس جی آئی ایف میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کھانسی کے ذریعے جراثیم کس طرح توقعات سے زیادہ دور تک پھیل سکتے ہیں۔

    اس جی آئی ایف میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کھانسی میں نکلنے والے تھوک کے قطروں سے جراثیم ہوا کے ذریعے پورے طیارے میں پھیل سکتے ہیں۔

    کھانسنے والے شخص کے قریب بیٹھے کم از کم 10 افراد زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں تاہم یہ جراثیم طیارے کے کیبن کے آخری سرے تک پہنچ سکتے ہیں۔

    اس سے قبل جنوبی کوریا میں امریکی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ایک دفتر میں کھانسنے والا شخص اپنے 43 فیصد ساتھیوں کو جراثیم سے آلودہ کرسکتا ہے جس میں کرونا سمیت دیگر کئی وائرس ہوسکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اب تک 32 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 28 سے تجاوز کرچکی ہے۔