Tag: counter terrorism

  • آج صبح پاکستان نے افغانستان کے اندر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کیں، دفتر خارجہ

    آج صبح پاکستان نے افغانستان کے اندر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کیں، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ آج صبح پاکستان نے افغانستان کے اندر انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کیں، جن میں ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق آج صبح پاکستان نے افغانستان کے اندر سرحدی علاقوں میں انٹیلیجنس بنیاد پر کارروائیاں کیں، جن کا ہدف تحریک طالبان پاکستان حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد تھے۔

    ترجمان نے کہا یہ دہشت گرد پاکستان کی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہیں، دہشت گرد حملوں میں سینکڑوں شہری اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی شہادتیں ہو چکی ہیں، تازہ ترین حملہ 16 مارچ 2024 کو میر علی میں ایک سیکورٹی پوسٹ پر ہوا جس میں 7 پاکستانی فوجیوں کی جانیں گئیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا دہشت گرد پاکستانی حدود میں حملوں کے لیے مسلسل افغان سرزمین کا استعمال کرتے رہے ہیں، پاکستان افغانستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیز پاکستان نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ بات چیت اور تعاون کو ترجیح دی ہے۔

    ترجمان نے کہا افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے پر بار ہا زور دیا گیا، اور مطالبہ کیا گیا کہ ٹھوس اور مؤثر کارروائی کریں،ٹی ٹی پی کو محفوظ پناہ گاہیں دینے سے انکار اور قیادت پاکستان کے حوالے کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا، لیکن افغانستان میں اقتدار میں رہنے والے کچھ عناصر ٹی ٹی پی کی سرپرستی کر رہے ہیں، اور ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف پراکسی کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک برادر ملک کے خلاف اس طرح کا رویہ کم نظری کو ظاہر کرتا ہے، دہائیوں تک افغان عوام کے لیے پاکستانی حمایت کو نظر انداز کیا گیا، پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ افغانستان میں اقتدار میں موجود عناصر دہشت گردوں کا ساتھ دینے کی پالیسی پر نظر ثانی کریں، ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد گروہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے اجتماعی خطرہ ہیں، اور اس خطرے سے نمٹنے میں افغان حکام کو درپیش چیلنج کا ہم بخوبی ادراک رکھتے ہیں، اس لیے پاکستان دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حل تلاش کرنے کا کام جاری رکھے گا، اور دہشت گرد تنظیم کو افغانستان سے تعلقات سبوتاژ کرنے سے روکنے پر کام جاری رہے گا۔

  • پاکستان نے انسداد دہشت گردی کیلئے مؤثر کارروائیاں کیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ

    پاکستان نے انسداد دہشت گردی کیلئے مؤثر کارروائیاں کیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ

    اسلام آباد : اقوام متحدہ نے انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے مؤثر کارروائیاں کرکے داعش کو پنجے گاڑنے نہیں دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو بڑی کامیابی مل گئی، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی22ویں رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے، رپورٹ کا اجراء اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم کی جانب سے کیا گیا جس میں اقوام متحدہ کی جانب سے انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستانی کاوشوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے جارہ کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کیلیے انتہائی مؤثر کارروائیاں کی ہیں، پاکستانی فورسز کی جانب سے کیے گئے مؤثرآپریشنز کے باعث داخلی سطح پر دہشت گردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ مانیٹرنگ کمیٹی1267کی رپورٹ پاکستانی کاوشوں کا ثبوت ہے، مانیٹرنگ ٹیم نے پاکستان کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی کاوشوں کا برملا اعتراف کیا ہے۔

    اقوام متحدہ رپورٹ میں پاکستان کے کامیاب فوجی آپریشنز کا ذکر کیا گیا ہے، ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر داعش کو پنجے گاڑنے نہیں دیئے۔

    رپورٹ کے مطابق دہشت گرد حملے مقامی تنظیموں اور سرحد پار عناصر کے تعاون سے ہوئے، گلوبل ٹیررازم انڈیکس نے بھی پاکستان میں قیام امن کو تسلیم کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔

  • یورپی ممالک ایرانی دہشت گردی کی سازشوں کا مقابلہ کریں: مائیک پومپیو

    یورپی ممالک ایرانی دہشت گردی کی سازشوں کا مقابلہ کریں: مائیک پومپیو

    واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ یورپی ممالک ایرانی دہشت گردوں کی سازشوں کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کریں۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات ایسے وقت سامنے آئی ہے کہ جب وزارت خارجہ کی ویب سائٹ نے گزشتہ چار دہائیوں 1979 سے 2018 تک یورپ میں ایرانی دہشت گردی کے واقعات کی ایک فہرست جاری کی گئی ہے۔

    امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے یورپ میں ایرانی دہشت گردی کی فہرست ایک ایسے وقت میں شائع کی گئی جب 30 جون کو فرانس کے صدر مقام پیرس میں شامی اپوزیشن کی سالانہ کانفرنس پر بم حملے کی مبینہ سازش اور جرمنی میں ایرانی سفارت کار کی گرفتاری نے ایران کو سخت مشکل میں ڈال دیا ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ کی ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ فہرست میں یورپی ممالک میں ایرانی اپوزیشن کی شخصیات کو قاتلانہ حملوں میں ہلاک کرنے، بم دھماکے کرنے اور دہشت گردوں کی پشت پناہی کے واقعات کا ذکر ہے۔

    مزید پڑھیں: ایران کی وجہ سے یمنی عوام کی مشکلات طول پکڑ گئیں، امریکی وزیر خارجہ

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی خفیہ اداروں ان کے زرخرید ایجنٹوں اور حزب اللہ ملیشیا کے دہشت گردوں نے یورپی ممالک میں بھی مخالف شخصیات کو ہلاک اور اغواء کرنے کی کارروائیاں جاری رکھیں۔

    مزید براں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یورپی ممالک میں ایرانی دہشت گردی کے واقعات مسلمہ حقیقت ہیں، ایرانی دہشت گردی کے تدارک کے لیے یورپی ممالک کو تہران کے خلاف سخت پالیسی اختیار کرنی چاہئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دہشت گردی کے شبہے میں لندن ائیرپورٹ پرمسافرگرفتار

    دہشت گردی کے شبہے میں لندن ائیرپورٹ پرمسافرگرفتار

    لندن: دہشت گرد حملوں کے شبے میں لندن پولیس نے گیٹ وک ائیرپورٹ پرایک شخص کو گرفتارکرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن کے میٹروپولیٹن کاؤنٹر ٹیررازم افسران کے ہاتھوں گرفتار 55 سالہ شخص مراکش سے ایک پرواز کے ذریعے برطانیہ پہنچا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو دہشت گردی کی حمایت کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ مراکش سے آنے والا مسافر دہشت گردی پر مبنی مواد چھاپنے اور اس کی تشہیر میں ملوث ہے۔

    مشتبہ شخص کو جنوبی لندن کے پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا ہے جہاں اس کے سلسلے میں مزید تحقیقات کی جائیں گی۔ دہشت گردی کے شبہے میں گرفتار ہونے والے شخص کے بارے میں یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ وہ کس ملک کا باشندہ ہے۔

    لندن دہشت گردی: رواں سال چار بڑے واقعات، 13 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ ’میٹ‘ ڈیپارٹمنٹ کو ممکنہ دہشت گردانہ سرگرمیاں روکنے کے لیے قائم کیا گیا ہے تاکہ برطانیہ کو ہر قسم کے دہشت گردی کے واقعات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

    اس ڈیپارٹمنٹ نے اب تک دہشت گردی کے متعدد منصوبے ناکام بنائے ہیں اور کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔