Tag: countrywide

  • گھر بنانا مشکل ہوگیا، تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر

    گھر بنانا مشکل ہوگیا، تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر

    ملک بھر میں تعمیراتی سامان کی لاگت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا جس کے بعد تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹیکسز میں بے تحاشہ اضافے کے بعد ہر شعبے کی طرح تعمیراتی شعبہ بھی ٹھپ ہوگیا۔

    عام شہری کا گھر بنانا خواب ہوگیا جبکہ بلڈرز نے بھی اپنے پروجیکٹس ادھورے چھوڑ دیے۔

    تعمیرات میں استعمال ہونے والے سریے، بجری اور سیمنٹ وغیرہ کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچی ہیں، صرف ایک ماہ قبل ڈیڑھ لاکھ روپے فی ٹن ملنے والا سریا 3 لاکھ روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

    تعمیراتی سامان فروخت کرنے والے دکاندار بھی پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ قیمتیں بڑھنے کے بعد سامان کی کھپت نصف ہوچکی ہے۔

    عام افراد اور بلڈرز کا کہنا ہے کہ ٹیکسز میں کمی کی جائے اور پائیدار معاشی حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ ملک بھر میں ٹھپ پڑا کاروبار کا پہیہ پھر سے چل سکے۔

  • آباد کا ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان

    آباد کا ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان

    کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) نے ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کردیا، آباد کا کہنا ہے کہ ملک میں تعمیراتی شعبے کا خام مال بہت مہنگا ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں آباد نے ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    آباد نے سریے کی خریداری بند کرنے اور ایک ہفتے سے جاری ہڑتال مزید جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایسوسی ایشن چیئرمین عارف جیوا کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسائل حل نہیں کیے تو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان اور تعمیراتی سرگرمیان بند کر دی ہیں۔

    چیئرمین کے مطابق پاکستان میں تعمیراتی شعبے کا خام مال بہت مہنگا ہوچکا ہے، سریے اور سیمنٹ کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، منی بجٹ کے اعلان کے بعد پاکستان میں فی ٹن سریے کی قیمت ساڑھے 3 لاکھ روپے 60 ہزار روپے اور سیمنٹ کی بوری 1 ہزار روپے سے زائد ہوگئی ہے۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ پہلے فی اسکوائر فٹ سریے کی لاگت 700 روپے تھی جو اب 22 سو روپے کی ریکارڈ پر پہنچ چکی ہے، حکومت سریے پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرے تاکہ اس کی قیمت میں کمی ہو۔

  • ملک بھر میں بجلی کی پیداوار کے ساتھ شارٹ فال میں بھی اضافہ

    ملک بھر میں بجلی کی پیداوار کے ساتھ شارٹ فال میں بھی اضافہ

    اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ ہوگیا، ملک بھر میں کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال مزید بڑھ گیا، بجلی کی طلب 29 ہزار میگا واٹ ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ شارٹ فال بڑھ کر 7 ہزار میگا واٹ ہوچکا ہے۔

    ملک بھر میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، لیسکو کا شارٹ فال 400 میگا واٹ ہوگیا ہے۔

  • بجلی کی طلب اور رسد میں فرق مزید بڑھ گیا

    بجلی کی طلب اور رسد میں فرق مزید بڑھ گیا

    لاہور: ملک بھر میں بجلی کا بحران جاری ہے، بجلی کے تقسیم کار اداروں کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے طے کردہ شیڈول کے علاوہ بھی بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 500 میگا واٹ ہوگیا، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب 29 ہزار اور پیداوار 21 ہزار 500 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کو تقریباً 800 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، لیسکو کی طرف سے ساڑھے 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

    تاہم سسٹم اوور لوڈ ہونے کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور ٹرپنگ بھی جاری ہے، لوڈ میں کمی بیشی کی وجہ سے ٹرانسفارمرز اور میٹر جلنے کی سینکڑوں شکایات موجود ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قصبوں، دیہات اور ہائی لاسز فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر چکا ہے۔

  • مرمت کی جانے والی سڑک پر ٹھیکیدار کا فون نمبر درج کیا جائے گا

    مرمت کی جانے والی سڑک پر ٹھیکیدار کا فون نمبر درج کیا جائے گا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے سڑک پر لگے بورڈز پر مرمت کرنے والے ٹھیکیدار کا نمبر درج کرنے کا اعلان کیا ہے، سڑک پر پڑے گڑھوں سے پریشان عوام خود ٹھیکیدار کو فون کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق نئی پالیسی کا اعلان کر دیا۔

    مراد سعید کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر کنٹرول قومی شاہراہوں کی مرمت کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ تعمیر یا مرمت پر ٹھیکیدار اور پروجیکٹ مینیجر کی تفصیل درج ہوگی۔

    وفاقی وزیر کے مطابق پروجیکٹ کب شروع اور کب مکمل ہونا تھا، سب درج ہوگا۔ ہر پروجیکٹ بورڈ پر ٹھیکیدار، جی ایم اور پروجیکٹ مینیجرز کے نمبرز درج ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو سڑکوں پر گڑھوں نے پریشان کیا تو افسران اور ٹھکیداروں کو کال ہوگی، ہر سیکشن پر پروجیکٹ ڈائریکٹر کا نمبر درج کریں گے۔ کوئی اچھا کام کرے گا تو عوام تعریف کرے گی، برا کام ہوا تو کوئی بچ نہیں سکے گا۔

    مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ نئی پالیسی پر فوری عملدر آمد کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

  • بڑے شہروں میں کرونا وائرس کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ

    بڑے شہروں میں کرونا وائرس کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ

    اسلام آباد: ملک کے بڑے شہروں میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، کرونا وائرس کیسز کی یومیہ بلند ترین شرح راولپنڈی میں 23.93 فیصد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بڑے شہروں میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، 2 اضلاع میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح 20 فیصد سے تجاوز کر گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 اضلاع میں کرونا وائرس کی یومیہ شرح 5 فیصد جبکہ مزید 7 اضلاع میں 10 فیصد سے زائد ہے۔ کرونا وائرس کیسز کی یومیہ بلند ترین 23.93 فیصد شرح راولپنڈی میں ریکارڈ کی گئی ہے۔

    گلگت میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح 9.26 فیصد، اسکردو میں 19.42 فیصد، دیامر میں 6.42 فیصد، مظفرآباد میں 15.85 فیصد اور میرپور میں 14.29 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    کراچی میں کرونا وائرس کیسز کی یومیہ شرح 20.59 فیصد، حیدر آباد میں 16.67 فیصد، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10.55 فیصد، پشاور میں 16.59 فیصد، صوابی میں 5.88 فیصد، مردان میں 8.86 فیصد اور ایبٹ آباد میں 7.65 فیصد رپورٹ کی گئی۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں لاہور میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کی شرح 7.51 فیصد، گجرات میں 1.82 فیصد، فیصل آباد میں 4.27 فیصد، گوجرانوالہ میں 2.60 فیصد اور بہاولپور میں 11.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    اسی طرح صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کیسز کی شرح 4.37 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے نئے یومیہ کیسز کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، مثبت کیسز کی شرح بھی 9 فیصد ہوگئی۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 60 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 635 ہوگئی۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 661 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 53 ہزار 660 ہوگئی۔

  • ملک کے کن شہروں میں کرونا وائرس کی شرح سب سے زیادہ؟

    ملک کے کن شہروں میں کرونا وائرس کی شرح سب سے زیادہ؟

    اسلام آباد: ذرائع وزارت صحت نے ملک کے مختلف اضلاع میں کرونا کیسز کی شرح کی تفصیلات جاری کردیں، گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی بلند ترین شرح گلگت میں 14.29 فیصد رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف اضلاع میں کرونا کیسز کی شرح کی تفصیل جاری کردی گئی، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے 16 اضلاع کرونا وائرس کے حوالے سے اہم ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کے 8 اضلاع، پختونخواہ کے 7، سندھ اور آزاد کشمیر کے 2، 2 اور بلوچستان، گلگت بلتستان میں 1، 1 اضلاع جبکہ دارالحکومت اسلام آباد کرونا وائرس سے متعلق اہم ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے 6 اضلاع میں کرونا کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ جبکہ 3 اضلاع میں کرونا کیسز کی شرح 8 فیصد سے زیادہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا کیسز کی بلند ترین شرح گلگت میں 14.29 فیصد رہی۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں چارسدہ، گجرات اور جہلم میں کرونا کیسز کی شرح صفر، بہاولپور میں 0.78، صوابی میں 0.91، لاہور میں 1.36، اسلام آباد میں 1.49، مردان میں 1.60 اور نوشہرہ میں 1.96 فیصد رہی۔

    اسی طرح ملتان میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2.42 فیصد، حیدر آباد میں 2.96، ایبٹ آباد میں 3.28، فیصل آباد میں 3.44، میر پور میں 3.68، راولپنڈی میں 3.70، کراچی میں 7.30، کوئٹہ میں 7.78 اور مظفر آباد میں 9.55 فیصد رہی۔

  • ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری

    ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، اب تک ساڑھے 3 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 29 مارچ سے شروع ہونے والی ملک گیر انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، انسداد پولیومہم کا ہدف 4 کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہے۔

    پہلے 4 دن میں ساڑھے 3 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

    گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلانے والے پولیو ورکرز کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار ہے جو بطور فرنٹ لائن ورکرز اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

    انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج احسن طریقے سے نبھا رہی ہے، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیو ٹیموں کی حفاظت یقینی بنا رہے ہیں۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران اب تک کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا، عوام میں پولیو کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں میڈیا بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    مہم کے دوران کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات اور حفاظتی تدابیر کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔

  • فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز

    فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز

    اے آر وائی فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز کردی گئی، لوگوں کی بڑی تعداد فلم کو دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز کردی گئی۔ اپنے ٹریلرز اور گانوں سے مداحوں کے دلوں میں تجسس جگانے والی فلم نے ملک بھر سے مداحوں کو سینما گھروں کا رخ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

    اے آر وائی فلمز اور این کے پکچرز کی مشترکہ پیشکش ’شیر دل‘ کی کہانی 1965 کی جنگ پر بنائی گئی ہے۔

    فلم کی کاسٹ میں میکال ذوالفقار، ارمینا رانا خان اور سبیکا امام شامل ہیں جبکہ ’شیر دل‘ کی کہانی اور اس کی پروڈکشن کے فرائض نعمان خان نے انجام دیے۔ فلم کی ہدایت کاری اظفر علی نے کی۔

    شیر دل میں مرکزی کردار ادا کرنے والے میکال ذوالفقار اور حسن نیازی کو اس بات کا یقین ہے کہ فلم شائقین کو متاثر کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ بھی رقم کرے گی۔ اس سے قبل فلم کے ٹیزر اور پہلے گانے نے ریلیز ہوتے ہی بے تحاشہ مقبولیت حاصل کرلی تھی۔

    گزشتہ کئی دن سے فلم کے پریمیئر مختلف شہروں میں پیش کیے گئے تھے جن میں فنکاروں سمیت ملک کی نامور شخصیات نے شرکت کی اور فلم کو بے حد سراہا۔

  • آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی غیر معینہ مدت کیلئے ملک گیر ہڑتال

    آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی غیر معینہ مدت کیلئے ملک گیر ہڑتال

    کراچی : آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال  کا اعلان کردیا جبکہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آل ٹینکرز کی ایک تنظیم نے آج سے ہڑتال جبکہ دوسرے گروپ نے باہتر گھنٹے کا الٹی میٹم دیدیا ہے،  ٹینکرز ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ یہ احتجاج اوگرا اور موٹرے وے پولیس کے رویہ کیخلاف اور حفاظتی اقدام کے آڑ میں سخت قوانین کے اطلاق کے خلاف ہے۔

    آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے دوسرے گروپ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اسٹیک ہولڈرز نے اتفاق کیا کہ ہڑتال مسائل کاحل نہیں،ایسےعمل سےاجتناب کیا جائے، جس سے تیل کی ترسیل متاثرہو۔

    اجلاس میں احمد پورشرقیہ واقعے کے بعد ملک میں تیل کی ترسیل کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مشکل وقت میں اداروں کے ساتھ رابطہ رکھا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں ایک آئل ٹینکر کے حادثے میں 200 افراد کی ہلاکت کے بعد اوگرا نے ٹینکرز کی جانچ پڑتال کے قوانین وضع کرتے ہوئے ان کی نگرانی سخت کر دی تھی۔

    سیکڑوں آئل ٹینکرز کراچی میں پورٹ قاسم اور کیماڑی میں کھڑے ہیں اور انھوں نے پیٹرول پمپوں کو تیل کی فراہمی معطل کر دی ہے۔

    دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس کے پاس وافر ذخیرہ موجود ہے، عوام پریشان نہ ہوا۔

    پی ایس او ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ایس او کے تمام پیٹرول پمپس پر فیول کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہےاور پیٹرولیم مصنوعات کا تسلی بخش ذخیرہ موجود ہے۔

    دوسری جانب فیصل آباد میں بھی آئل ٹینکرز نے ہڑتال کی، احمد پور شرقیہ کے واقعے کے بعد فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر کاغذات کی آڑ میں ناجائز چالان پر ٹینکرز سراپا احتجاج ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔