Tag: court reserve

  • نور مقدم قتل کیس:  ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کل سنایا جائے گا

    نور مقدم قتل کیس: ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کل سنایا جائے گا

    اسلام آباد : سیشن عدالت نے نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو کل سنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت میں نور مقدم کے قتل کیس میں ملز م ظاہر جعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، دوران سماعت ملزمان کے وکلا اور پراسیکیوشن نے درخواست ضمانت پر دلائل دئیے۔

    عدالت میں ملزمان کے وکلا کی جانب سے مختلف کیسوں اور فیصلوں کا حوالے دیا گیا ، عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    ایڈیشنل سیشن جج محمد سہیل نے کہا کہ درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ کل سنایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ملزم ظاہر جعفر کے والدین اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں جبکہ عدالت نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملز م ظاہر جعفر کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

    واضح رہے کہ عید کی رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ایف سیون سے ایک سربریدہ لاش ملی تھی، جسے سابق سفیر شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی نور مقدم کے نام سے شناخت کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم ظاہر جعفر نے نور کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا بعد ازاں اس کا سر دھڑ سے الگ کردیا تھا۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مقتولہ کی موت دماغ کو آکسیجن سپلائی بند ہونے سے ہوئی، مقتولہ کے جسم پر تشدد کے متعدد نشانات بھی پائے گئے، ملزم ظاہر جعفر کو گرفتار کیا، جس کے بعد پولیس نے تصدیق کی تھی کہ جرم کے وقت ملزم نشے میں نہیں تھا جبکہ دماغی طور پر بھی وہ بالکل صحت مند ہے

  • صبا قمر اور بلال سعید کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست منظور، عبوری ضمانت میں توسیع

    صبا قمر اور بلال سعید کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست منظور، عبوری ضمانت میں توسیع

    لاہور : سیشن کورٹ نے اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے سیشن کورٹ میں اداکار ہ صباقمر اور گلوکار بلال سعید کی عبوری درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی، دوران سماعت دونوں کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرائی گئی۔

    وکیل نے کہا کہ دونوں کی جان کو خطرہ ہے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، عدالت ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرے۔

    وکیل مدعی کا کہنا تھا کہ عبوری درخواست ضمانت میں ملزم کاموجود ہونا ضروری ہوتا ہے ، عدالت صباقمر اور بلال سعید کی درخواست ضمانت مسترد کرے۔

    سیشن کورٹ نے صبا قمر اوربلال سعید کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی درخواست منظورکرلی اور عبوری ضمانت میں 3 ستمبرتک توسیع کرتے ہوئے دونوں کو 3 ستمبر کو طلب کرلیا ۔

    یاد رہے 15 اگست کو سیشن کورٹ نے اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو صبا قمر اور بلال سعید کی گرفتاری سے روک دیا تھا اور ملزمان کو تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دیتے ہوئے 25اگست کو تھانہ اکبری گیٹ پولیس سے رپورٹ طلب کر لی تھی۔

    خیال رہے مسجد وزیرخان میں گانے کی عکس بندی کے معاملے پر گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر کے خلاف تھانہ اکبری گیٹ میں وکیل فرخ منظور کی مدعیت مقدمہ درج کیا گیا تھا، بعد ازاں صبا قمر اور بلال سعید نے ضمانت کے لیے لاہور کی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستانی گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے اپنے آنے والے گانے ‘قبول ہے’ کی شوٹنگ کے دوران چند تصاویر اور ویڈیو شیئر کیں تھی جو کہ مسجد وزیر خان کے اندر شوٹ کیا گیا تھا، جس کے بعد مسجد کا تقدس پامال کرنے پر طوفان برپا ہے، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔