Tag: court

  • کنگنا رناوت کو عدالت نے طلب کرلیا

    کنگنا رناوت کو عدالت نے طلب کرلیا

    نئی دہلی: بھارت کے معروف نغمہ نگار جاوید اختر کی درخواست پر ممبئی کی مقامی عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو طلب کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جاوید اختر کے وکیل نے ممبئی کے اندھیری میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک درخواست جمع کروائی تھی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کنگنکا رناوت نے نیشنل ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر ان کے مؤکل کی تضحیک کی ہے۔

    عدالت نے درخواست پر جوہو پولیس کو معاملے کی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی تھی، پولیس نے مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد مزید وقت مانگا۔

    ایک روز قبل پولیس نے عدالت میں اپنی رپورٹ جمع کروادی جس کے بعد عدالت نے کنگنا رناوت کو طلب کرلیا گیا ہے، کنگنا یکم مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گی۔

    یاد رہے کہ کنگنا رناوت سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹس اور مختلف انٹرویوز میں متنازعہ گفتگو کرتی رہتی ہیں، وہ اکثر ساتھی اداکاروں کو تضحیک اور تنقید کا نشانہ بنانے سے بھی باز نہیں آتیں۔

    علاوہ ازیں وہ مودی سرکار کے تمام شدت پسندانہ اقدامات کی کھل کر حمایت کرتی نظر آتی ہیں اور ان کے خلاف ہونے والے احتجاج اور مظاہروں کو پڑوسی ممالک کے فنڈڈ شدہ قرار دیتی ہیں۔

  • سعودی عرب : عدالت نے مجرموں کو مثالی سزا سنادی

    سعودی عرب : عدالت نے مجرموں کو مثالی سزا سنادی

    ریاض : سعودی عرب کی ایک عدالت نے الجزیرہ محلے کے اے ٹی ایم سے چوری کرنے والے گروہ افراد کو 64 برس قید کی سزا سنادی، سات لاکھ ریال اور واردات میں استعمال کی جانے والی گاڑیاں بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    عاجل ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے ایک عہدیدار نے اے ٹی ایم میں چوری کی واردات کرنے والے گروہ کے مقدمے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

    پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ پبلک پراسیکیوٹر کی ٹیم نے ریاض میں فوجداری عدالت کے سامنے الجزیرہ محلے کے اے ٹی ایم میں چوری کا مقدمہ پیش کیا تھا۔

    مقدمے کی کارروائی سے ملزمان کے خلاف چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت ہوگئے، فوجداری کی عدالت نے ملزمان کو مجموعی طور پر 64 برس قید کی سزا سنائی جبکہ منی لانڈرنگ سے ملنے والے 7 لاکھ ریال ضبط کرنے کا حکم دیا۔

    چوری کی واردات کرنے والوں کو مسروقہ چودہ لاکھ ریال واپس کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ الجزیرہ محلے کے اے ٹی ایم میں دھماکے کی واردات مختلف ملکوں کے گیارہ رکنی گروہ نے کی تھی۔

  • شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت، بیوی خلع کے لیے عدالت پہنچ گئی

    شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت، بیوی خلع کے لیے عدالت پہنچ گئی

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون اپنے شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت سے تنگ آ کر عدالت پہنچ گئیں، خاتون کا مطالبہ ہے کہ انہیں خلع دلوائی جائے تاکہ وہ اس اذیت ناک زندگی سے چھٹکارہ حاصل کرسکیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی خاتون نے شوہر کی بے اعتنائی پر علیحدگی کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کر لیں، خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر انتہائی بے پروا ہے، کمپیوٹر گیم میں اس قدر گم رہتا ہے کہ نہ اسے میرا خیال ہے اور نہ بچوں کا۔

    مقامی لا فرم میں درخواست دائر کرتے ہوئے خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کی بے اعتنائی اور بے پروائی سے تنگ آچکی ہے، شوہر گھر آتے ہی گھنٹوں اپنے موبائل پر مصروف رہتا ہے جس کی وجہ سے اس کا عائلی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

    خاتون کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس کا شوہر نہ تو اس کا خیال رکھتا ہے اور نہ ہی بچوں کا، اسے بس اپنے کھیل سے ہی فرصت نہیں ملتی جس کی وجہ سے اس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

    خاتون نے متعدد بار شوہر سے طلاق دینے کا مطالبہ بھی کیا لیکن وہ نہیں مانتا لہٰذا اب انہوں نے وکیل سے رجوع کیا ہے تاکہ عدالت کے ذریعے خلع حاصل کر کے اس زندگی سے چھٹکارہ حاصل کر سکیں۔

    مذکورہ لا فرم خاتون کے کیس کا مطالعہ کررہی ہے تاکہ اس کی جانب سے عدالت میں خلع کا مقدمہ دائر کیا جائے۔

    اس ضمن میں ماہرین نفسیات کا کہنا تھا کہ بعض اوقات معمولی سی باتیں وجہ نزاع بن جاتی ہیں، ایسے میں فریقین کو چاہیئے کہ وہ حوصلے اور تدبر سے کام لیں کیونکہ شوہر اور بیوی کا علیحدہ ہو جانا مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس عمل کے منفی اثرات بچوں پر مرتب ہوتے ہیں اور ان کا مستقبل تباہ ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

  • میرے مستعفی ہونے سے کیا کراچی کے مسائل حل ہوجائیں گے؟ میئر کراچی

    میرے مستعفی ہونے سے کیا کراچی کے مسائل حل ہوجائیں گے؟ میئر کراچی

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کراچی کے حالات تب تک نہیں سدھر سکتے جب تک آرٹیکل 140 اے پر عملدر آمد نہیں ہوگا، میرے استعفیٰ دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ میں نہیں سمجھتا کہ الیکشن ہوں گے، کراچی کا 70 فیصد اتھارٹی لینڈ کنٹرول وفاق کے پاس ہے، 20 فیصد سندھ حکومت اور 10 فیصد کے ایم سی کے پاس ہے۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے خود میری اس بات کو تسلیم کیا ہے، اتھارٹی کا بہانہ بنا کر کراچی کو ستیاناس کر دیا ہے، جو پیسہ ملتا ہے وہ کہاں جاتا ہے۔ کراچی کے عوام ٹیکس دیتے ہیں اور کام نہیں ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے نالوں کی صفائی کے لیے پورا پاکستان آگیا ہے، آج تجاوزات کے حوالے سے مجھے عدالت میں بلایا گیا تھا، جو جو کام ہوئے ان کی رپورٹس جمع کروائی گئی ہیں۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ عوام نے تو ووٹ ڈال کر منتخب کر دیا مگر اختیارات نہیں، جب تک آرٹیکل 140 اے کی پٹیشن پر فیصلہ نہیں ہوگا کراچی کا بھلا نہیں ہوگا، کراچی کے حالات نہیں سدھر سکتے جب تک آرٹیکل 140 اے پر عملدر آمد نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک اور پانی کے اختیارات بھی میرے پاس نہیں۔ کوئی بھی میئر آجائے، وسائل اور اختیارات کے بغیر کام نہیں کر سکتا۔ چیف جسٹس کی ناراضگی کو مانتا ہوں۔

    میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ سوال کیا جاتا ہے کہ آپ استعفیٰ کیوں نہیں دے دیتے، اگر میں استعفیٰ دے دوں تو کیا مسائل حل ہوجائیں گے، میں مسائل کی جنگ لڑ رہا ہوں۔ جس طرح کراچی کے مسائل حل ہونے چاہیئے تھے اس طرح نہیں ہوئے، اس طرح عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

  • سعودی عرب: شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے والی خاتون کو قانونی کارروائی کا خطرہ

    سعودی عرب: شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے والی خاتون کو قانونی کارروائی کا خطرہ

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون نے 9 ماہ تک اپنے شوہر کے واٹس ایپ پیغامات کی نگرانی کرنے کے بعد اس سے طلاق کا مطالبہ کردیا، قانونی مشیروں کے مطابق بیوی کی حرکت قابل گرفت ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ایک خاتون نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے کے لیے انوکھا طریقہ اختیار کیا۔

    خاتون خاوند کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کی کاپی کر کے 9 ماہ تک اس کی نگرانی کرتی رہیں اور پھر شوہر سے علیحدگی کی درخواست دائر کردی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق بیوی کو شبہ ہوگیا تھا کہ شوہر اسے دھوکہ دے رہا ہے، شبہ دور کرنے کے لیے وہ مسلسل 9 ماہ تک ان کے تمام واٹس ایپ پیغامات کا جائزہ لیتی رہی اور پھر علیحدگی اور طلاق کی درخواست کردی۔

    شوہر نے تنازعہ سے بچنے کے لیے مصالحت کی پیشکش کی ہے۔

    قانونی مشیر خالد ابو راشد نے واٹس ایپ کی کاپی کر کے اس کی نگرانی کی قانونی حیثیت پر قانونی رائے دیتے ہوئے کہا کہ خاتون نے جو کچھ کیا وہ قانون کی نظر میں جرم ہے، یہ انفارمیشن کرائم کے دائرے میں آتا ہے جس کی سزا ایک برس قید اور 5 لاکھ ریال تک جرمانہ ہے۔

    ابو راشد نے کہا کہ شوہر، بیوی، باپ یا بھائی کوئی بھی کسی کے بھی موبائل کو ہیک کرنے کا مجاز نہیں۔ ایسا کرنا قانوناً جرم ہے۔

    ان کے مطابق اس سلسلے میں خاندانی تعلقات کو بھی مدنظر نہیں رکھا جاتا، خاندان کا کوئی بھی فرد کسی بھی فرد کے موبائل کو ہیک کرنے یا اس میں مذکور معلومات حاصل کرنے کا مجاز نہیں ہے۔

  • سپریم کورٹ نے کرونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں

    سپریم کورٹ نے کرونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں

    اسلام آباد: کروناوائرس کے پیش نظر سپریم کورٹ نے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرلیں، سپریم کورٹ میں صرف اہم مقدات کی سماعت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں معمول کے تمام مقدمات کو ڈی لسٹ کردیا گیا ہے، پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں 3بنچز مقدمات کی سماعت کریں گے۔

    ترجمان نے بتایا کہ 50 سال سے زائدعمر کے ملازمین اور خواتین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کراچی اور لاہور رجسٹریوں میں صرف ارجنٹ مقدمات کی سماعت ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 666 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 13 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    بلاول کا کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ

    دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک میں مہلک وائرس سے لڑنے کے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

  • عدالت نے سوتن لانے پر طلاق کا مطالبہ غیرقانونی قرار دے دیا

    عدالت نے سوتن لانے پر طلاق کا مطالبہ غیرقانونی قرار دے دیا

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ وفاقی عدالت نے سوتن لانے پر بیوی کے طلاق کے مطالبے کو غیرقانون قرار دے کر مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں سوتن لانے پر خاتون نے عدالت سے رجوع کیا جس پر اپیل کورٹ نے میاں بیوی کے درمیان علیحدگی کا فیصلہ سنا دیا تاہم شوہر نے اعلیٰ وفاقی عدالت سے رجوع کیا تو مذکورہ فیصلہ غیرقانونی قرار پایا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اعلیٰ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ اپیل کورٹ نے سوتن لانے پر میاں بیوی کے درمیان علیحدگی کا فیصلہ خلاف شریعت اور خلاف قانون ہے۔ کیوں کہ شوہر نے سوتن لانے کے بعد اس سے نہ کوئی بدسلوکی کی اور نہ ہی ایزا پہنچایا۔

    اعلی عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ اپیل کورٹ اس بات کی مجاز نہیں تھی کہ محض سوتن لانے پر میاں بیوی کے درمیان علیحدگی کا فیصلہ جاری کرے۔ یہ شریعت کے بھی خلاف ہے۔

    خیال رہے کہ مدعی خاتون پہلے ہی اپنا بیان ریکارڈ کرواچکی ہیں کہ اس کا شوہر سوتن لانے کے باوجود اچھا برتاؤ کررہا ہے۔ ایسی صورت حال میں طلاق، علیحدگی یا پھر کسی سزا کا جواز نہیں بنتا۔

    واضح رہے کہ فریقین کے درمیان پہلے معاملہ متحدہ عرب امارات کے پرائمری کورٹ میں گیا تھا۔ کورٹ نے میاں بیوی میں علیحدگی کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے مہر کی باقیماندہ رقم ادا کرنے اور چاروں بچوں کی پرورش کے اخراجات دینے کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں شوہر اپیل کورٹ گیا جہاں اس کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور فیصلہ برقرار رکھا گیا۔

    البتہ اعلیٰ عدالت نے فیصلہ شوہر کے حق میں سنا دیا۔

  • الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی: حکومت اور اپوزیشن مل کر فیصلہ کرے، عدالت

    الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی: حکومت اور اپوزیشن مل کر فیصلہ کرے، عدالت

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے 2ارکان کی تعیناتی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر فیصلہ کرے۔

    تفصلات کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ہائی کورٹ میں الیکشن کمیش کے دو ارکان کی تعیناتی سے متعلق سماعت ہوئی، گزشتہ سماعت میں سیکرٹری قومی اسمبلی نے ارکان کی تعیناتی سے متعلق جواب کے لیے 10 دن کا وقت مانگا تھا۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ہر کمیٹی کا اپنا رولز بنانے کا اختیار ہے۔ سماعت کے دوران وکیل اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں غلطی کی ہے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کوئی غلطی نہیں کر سکتی، پارلیمنٹ 22 کروڑ عوام کا نمائندہ ہے۔

    الیکشن کمیشن کے 2ممبران کی تعیناتی کا معاملہ، حکومت کو مزید مہلت مل گئی

    وکیل اسپیکر نے استدعا کی کہ پارلیمانی کمیٹی کو رولز بنانے کے لیے وقت دیں۔جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر فیصلہ کرے۔ عدالت نے سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ 17 دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے 2 ممبران کی تعیناتی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔ تاہم درخواست گزاروں کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا تھا۔

    مذکورہ سماعت کے دوران سیکریٹری قومی اسمبلی عدالت میں پیش ہوئے تھے اور عدالت سے دس دن کی مزید مہلت مانگی تھی، انہوں نے عدالت میں استدعا کی تھی کہ الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تعیناتی سے متعلق جواب دینے کے لیے 10دن کا وقت چاہیے۔

  • نیب کو وارنٹ گرفتاری سے قبل جاوید لطیف کو آگاہ کرنے کا حکم

    نیب کو وارنٹ گرفتاری سے قبل جاوید لطیف کو آگاہ کرنے کا حکم

    لاہور: عدالت نے نیب کو وارنٹ گرفتاری سے قبل ن لیگی ایم این اے جاوید لطیف کو آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثوں پر انکوائری سے متعلق ن لیگی رہنما جاوید لطیف کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست نمٹا دی، اور نیب کو وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے قبل آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے جائیداد کی تفصیلات مانگی ہیں، جبکہ ان الزامات میں محکمہ اینٹی کرپشن اپنی تحقیقات بند کرچکا ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ نیب انکوائری میں شامل ہو رہا ہوں گرفتاری کا خدشہ ہے۔ جس پر عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ جاوید لطیف کی گرفتاری سے قبل انہیں آگاہ کیا جائے۔

    جاوید لطیف نے اپنے خلاف نیب انکوائری کو چیلنج کردیا

    خیال رہے کہ لیگی رہنما نے اپنے خلاف انکوائری کو بھی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ نیب کی جانب سے لیگی ایم این اے جاوید لطیف کو یکم جنوری کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، انہیں آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق انکوائری کا سامنا ہے، جاوید لطیف کو نامکمل ریکارڈ فراہم کرنے پر دوبارہ طلب کیا گیا۔ انور لطیف، منور لطیف اور امجد لطیف بھی نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔

  • خورشیدشاہ کیس، عدالت کا 7 جنوری تک تمام ثبوت پیش کرنے کا حکم

    خورشیدشاہ کیس، عدالت کا 7 جنوری تک تمام ثبوت پیش کرنے کا حکم

    سکھر: احتساب عدالت میں خورشیدشاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی، خوشیدشاہ کی بیگمات اور بیٹوں سمیت 18افراد احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس سے متعلق سماعت کرتے ہوئے احتساب عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ ریفرنس کے دستاویزات پیش کی جائیں جس پر نیب نے دستاویزات سے متعلق اپنا مؤقف پیش کیا۔

    عدالت نے نیب کو 7جنوری 2020 تک تمام ثبوت پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 7جنوری کے لیے مقرر کردی، سماعت ختم ہونے کے بعد خور شید شاہ کو این آئی سی وی ڈی منتقل کردیا گیا۔ انہوں نے عدالت کے باہر غیررسمی گفتگو بھی کی۔

    خورشیدشاہ کا کہنا تھا کہ جب پارلیمنٹ کمزور ہو جائے تو دشمن طاقتور ہوجاتا ہے، پارلیمنٹ سے عوام کی نمائندگی نہ ہونا بہت فکر انگیز بات ہے، ایسے حالات میں مفاہمت کی ضرورت ہوتی ہے، سیاستدانوں کو مل کر بیٹھ کر سوچنا چاہیے، اب تک ہماری بات کوئی ملک نہیں سن رہا یہ بہت خطرناک ہے۔

    خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے سامنے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی تھی، سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے خورشید شاہ کی رہائی کا حکم معطل کردیا تھا۔ احتساب عدالت نے 17 دسمبر کو خورشید شاہ کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

    بعد ازاں نیب نے ان کی رہائی کے حکم کو چیلنج کر دیا تھا، گزشتہ روز نیب کی جانب سے نیب پراسیکیوٹر اور خورشید شاہ کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے، پی پی رہنما کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت نے خورشید شاہ کی رہائی کا حکم دیا تھا، میرے مؤکل کو نوٹس کی تعمیل نہیں ہوئی۔