Tag: court

  • جبرالٹر کی عدالت نے ایرانی آئل ٹینکر کو مزید 30 روز تک ساحل چھوڑنے سے روک دیا

    جبرالٹر کی عدالت نے ایرانی آئل ٹینکر کو مزید 30 روز تک ساحل چھوڑنے سے روک دیا

    لندن: جبرالٹر کی سپریم کورٹ نے روکے گئے ایرانی آئل ٹینکر کو مزید 30 دن تک ساحل چھوڑنے سے روک دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گریس ون نامی آئل ٹینکر اکیس ملین بیرل تیل لے کر جا رہا تھا کہ اسے برطانوی بحریہ نے روک لیا، یہ چار جولائی سے جبرالٹر کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہے، اس کے عملے کے چاروں افراد کو پولیس نے بغیر کوئی فرد جرم عائد کیے رہا کر دیا تھا۔

    جبرالٹر کے چیف منسٹر نے کہا ہے کہ اس معاملے میں ایرانی حکام کے ساتھ رابطہ استوار ہے اور ضروری قانونی پیچیدگیوں کو حل کرنے کے بعد ٹینکر کو آزاد کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی بحریہ نے شام جانے والے ایرانی آئل ٹینکر کوبرطانوی کالونی جبرالٹر کے علاقے میں قبضے میں لیا تھا۔

    مزید پڑھیں: برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    واضح رہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور آرمی چیف محمد باقری نے آئل ٹینکر کو رہا نہ کرنے کی صورت میں برطانوی ٹینکر کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی ٹینکر کے قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش کی تھی جو ناکام ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین نے شام کو تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کررکھی ہے جس پر ایرانی ٹینکر جبرالٹر سے شام خام تیل لے جاتے ہوئے گزشتہ ہفتے پکڑا گیا تھا۔

  • لوٹ مار کرنے والی ڈاکو حسینہ کی 30 ہزار روپے کی ضمانت منظور

    لوٹ مار کرنے والی ڈاکو حسینہ کی 30 ہزار روپے کی ضمانت منظور

    کراچی : مقامی عدالت نے جعلی پولیس گارڈ کے ہمراہ لوٹ مار کرنے والی ملزمہ ارم عرف زاہدہ کی 30 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی ہے، عدالت نے پولیس حکام کو آئندہ سماعت پر ملزمان کے خلاف چالان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

     پولیس کا الزام ہے کہ ملزمہ ارم عرف زاہدہ نے 25 جون کو خود کو ٹی وی رپورٹر ظاہر کرکے کامران اور مریم نامی جوڑے کو ساحل سمندر پر لوٹا تھا، ملزمان نے انجینئر کامران اور ڈاکٹر مریم سے نقد رقم موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لی تھی۔

    پولیس کے مطابق ملزمہ نے اپنی گاڑی پر ایڈوکیٹ ہائیکورٹ کی جعلی نمبر پلیٹ بھی لگا رکھی تھی، بعد ازاں جوڑے سے چھینی گئی موٹر سائیکل ملزمہ کے داماد فرحان سے برآمد ہوگئی۔

    گرفتار ملزم فرحان خود کو ایڈوکیٹ ہائیکورٹ ظاہر کرتا ہے، اس کے علاوہ بغیر رجسٹریشن کی چھینی گئی موٹر سائیکل پر ملزمہ کے بیٹے عمران نے پریس کی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔

    گرفتار ملزمہ ارم کا بیٹا عمران بھی خود کو میڈیا رپورٹر ظاہر کرتے ہوئے اپنی ماں کو چھڑانے کیلیے تھانے پہنچ گیا تھا، پولیس کے مطابق ملزمہ کا ایک داماد لطف اللہ سرکاری آفیسر ہے، اس کی سرکاری گاڑی ساس وارداتوں میں استعمال کرتی رہی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ ارم اس سے قبل بھی ساحل سمندر پر جوڑوں کو پکڑ کر لوٹنے کی کئی وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔

  • بھارت میں جنسی زیادتی میں ملوث رکن اسمبلی نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا

    بھارت میں جنسی زیادتی میں ملوث رکن اسمبلی نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا

    نئی دہلی : جنسی زیادتی میں ملوث سماج پارٹی کے رکن اسمبلی اٹل رائے نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست اترپردیش کے علاقے غوثی سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے اٹل رائے نے جنسی زیادتی کے الزام میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے رکن بہوجن سماج پارٹی کے رکن اسمبلی کو 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، پولیس نے سخت حفاظتی حصار میں رکن اسمبلی کو جیل منتقل کیا۔

    الیکشن سے قبل بالیا کی رہائشی لڑکی نے شکایت درج کرائی تھی کہ رکن اسمبلی نے اہلیہ سے ملانے کے بہانے اپنے فلیٹ میں بلا کر مارچ 2018 میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ درخواست میں کہا گیا کہ رکن اسمبلی نے زیادتی کی ویڈیو بھی بنائی اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دیکر باربار زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عدالت نے 20 مئی کو رکن اسمبلی کو مفرور قرار دیا اور گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے مفرور قرار دیئے جانے کے باوجود اٹل رائے نے بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے مضبوط امیدوار کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

  • حکومت سعودی عرب کو ہتھیاروں کے فروخت کے فیصلے پر نظرثانی کرے، برطانوی عدالت

    حکومت سعودی عرب کو ہتھیاروں کے فروخت کے فیصلے پر نظرثانی کرے، برطانوی عدالت

    لندن: برطانوی عدالت نے کہا ہے کہ حکومت سعودی عرب کو ہتھیاروں کے فروخت کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی عدالت نے موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت نے سعودی عرب کو ہتھیاروں کے فروخت میں غیر قانونی طریقہ کار اپنایا تاہم اس نے برآمدات کو روکنے کا حکم نہیں دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپیل کورٹ نے اسلحہ مخالف مہم جس کا کہنا ہے کہ اسلحے کی فروخت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اس سے بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کا خطرہ پیدا ہوتا ہے، کے حق میں فیصلہ سنایا۔

    اسلحے کی تجارت کے خلاف مہم میں موقف اپنایا گیا کہ برطانوی بموں اور لڑاکا طیاروں سے یمن میں تشدد پروان چڑھ رہا ہے، جہاں سعودی اتحاد حوثی باغیوں کے خلاف 2015 سے کارروائیاں کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا کے بعد برطانیہ، سعودی عرب کو اسلحہ فراہم کرنا والا سب سے بڑا ملک ہے۔ اپیل کورٹ کے 3 ججز کے مطابق برطانوی حکومت کا فیصلہ کرنے کا عمل ایک طریقے سے غلط تھا، اس نے یہ بات جاننے کی کوشش ہی نہیں کی کہ سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے یا نہیں۔

    ججز کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو اس معاملے کی تحقیقات کرنی چاہیے تاہم عدالتی احکامات میں اسلحہ کی فروخت کو روکا نہیں گیا اور کہا گیا کہ حکومت اس معاملے پر نظر ثانی کرے۔

    اسلحے کی تجارت کے خلاف مہم سے تعلق رکھنے والے انڈریو اسمتھ کا کہنا تھا کہ ہم اس فیصلے پر خوش ہیں تاہم یہ معاملہ عدالت میں نہیں جانا چاہیے تھا اور حکومت کو خود ہی اپنے قواعد کی پاسداری کرنی چاہیے دوسری جانب برطانوی حکومت اس فیصلے پر اپیل دائر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    برطانیہ کے تجارتی سیکریٹری لیام فوکس کا کہنا تھا کہ ہم اس فیصلے سے متفق نہیں اور اپیل کی اجازت طلب کریں گے اور اس دوران ہم سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو نئے لائسنسز جاری نہیں کریں گے جسے یمن تنازع میں استعمال کیے جانے کا خدشہ ہے۔

  • امریکا میں‌ قید فلسطینی پروفیسر 11 برس بعد رہا

    امریکا میں‌ قید فلسطینی پروفیسر 11 برس بعد رہا

    واشنگٹن : امریکہ میں 11 سال سے پابند سلاسل فلسطینی پروفیسر اور دانشور ڈاکٹر عبدالحلیم الاشقر کو رہا کرنے کے بعد ملک چھوڑنے حکم دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ میں 11 سال سے پابند سلاسل فلسطینی پروفیسر اور دانشور ڈاکٹر عبدالحلیم الاشقر کو رہا کرنے کے بعد ملک چھوڑنے حکم دیدیا گیا ہے، رہائی کے بعد 61 سالہ فلسطینی پروفیسر نے بتایاکہ امریکی خفیہ اداروں نے جاسوسی کےلئے اس کے پاﺅں کے ساتھ GPS سسٹم نصب کررکھا ہے۔

    پروفیسر الاشقر کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ رہائی کے بعد عبدالحکیم الاشقر کو فوری طور پرملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حال ہی میں اس وقت عالمی سطح پر ایک نئی تشویش کی لہر اس وقت دوڑ گئی تھی جب یہ خبریں آئیں کہ امریکہ فلسطینی سائنسدان کو اسرائیل کے حوالے کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پر فلسطینی اور عالمی انسانی حقوق کے حلقوں کی طرف سے سخت غم وغصے کا اظہار کیا گیا تھا۔

    پروفیسر الاشقر کے خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکا میں قید کی سزا پوری کرنے کے بعد ایک خصوصی طیارہ پروفیسر الاشقر کو اسرائیل لے جائے گا۔

  • جسٹس فائز عیسیٰ ودیگر کیخلاف ریفرنس پر سماعت 14جون کو ہوگی

    جسٹس فائز عیسیٰ ودیگر کیخلاف ریفرنس پر سماعت 14جون کو ہوگی

    اسلام آباد: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت دیگر ججز کے خلاف صدارتی ریفرنس پر سماعت چودہ جون کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت دیگر ججز کے خلاف صدارتی ریفرنس پر سماعت سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیئے۔

    اٹارنی جنرل ریفرنس سماعت میں بطور پراسیکیوٹر پیش ہوں گے، اثاثے چھپانے کے الزام پر دائر ریفرنس میں ججز کے خلاف آرٹیکل دو سو نو کے تحت کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عدلیہ ہو یا کوئی اور ادارہ احتساب سب کے لیے ہے، کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر احتساب کا شکنجہ کسا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے صدر مملکت کو ایک خط ارسال کیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ میرے خلاف جو ریفرنس دائر کیا گیا ہے اس ریفرنس کی کاپی فراہم کی جائے۔

    صدارتی ریفرنس : جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا ڈاکٹرعارف علوی کے نام خط ارسال

    انہوں نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا تھا کہ انہیں سرکاری ذرائع سے یہ معلوم ہوا ہے کہ ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت کوئی ریفرنس دائر ہوا ہے، صدر مملکت کے دستخط سے میرے خلاف میں ریفرنس دائر کیا گیا ہے اگر خبریں درست ہیں تو ریفرنس کی کاپی فراہم کی جائے۔

    جسٹس فائز عیسیٰ کو سپریم کورٹ کے جج کے عہدے سے برطرف کیا جائے، پنجاب بار کونسل

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ پنجاب بار کونسل نے بھی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف پیش کی گئی چھ نکاتی قرارداد منظور کی گئ تھی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ انہیں سپریم کورٹ کے جج کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔

  • قتل کے مجرم کو سزائے موت : احمد عمر شیخ کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت ملتوی

    قتل کے مجرم کو سزائے موت : احمد عمر شیخ کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت ملتوی

    کراچی : ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی ماڈل کورٹ نے دودھ کی دوکان پر فائرنگ کرکے شہری جاوید قریشی کے قتل کیس کا فیصلہ سنادیا ۔

    عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم دانش عباس عرف دانیال کو سزائے موت سنادی ،مجرم پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

    کیس میں محمد فخر، منصور بلوچ اور ناصر بلوچ کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، ملزمان کے خلاف2012میں سولجر بازار تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اغوا اور قتل مجرم احمد عمر شیخ اور دیگر کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت مجرموں کے وکیل خواجہ نوید احمد کی عدم حاضری کے باعث25جون تک ملتوی کردی ہے۔

    پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں دوران سماعت مجرم کے بھائی کا کہنا تھا کہ ہر بار تاریخ مل جاتی ہے، مہربانی کرکے کیس چلایا جائے،جسٹس افتاب گورڑ کا کہنا تھا کہ یہ بات اپنے وکیل سے کہیں یا جیل سپرنٹنڈنٹ سے بولیں،ہم تو بیٹھے ہی کیس چلانے کے لیے ہیں، وکیل تو پیش ہوں۔

    ڈینیئل پرل کو 2002 میں کراچی سے اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، انسداد دہشت گردی عدالت نے احمد عمر شیخ کو سزائے موت سنائی تھی، عدالت نے فہد نسیم، شیخ عادل اور سلمان ثاقب کو عمر قید کی سزا کا حکم دیا تھا۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ، دہشت گرد پر فرد جرم عائد

    سانحہ کرائسٹ چرچ، دہشت گرد پر فرد جرم عائد

    کرائسٹ چرچ: سانحہ نیوزی لینڈ کے دہشت گرد کو عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں اس پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ کے دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ عدالت میں پیش ہوا، عدالت نے 50افراد کے قتل پر فرد جرم عائد کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دہشت گرد پر اقدام قتل کے 39مقدمات میں بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے، 14جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    دہشتگرد کی دوسری پیشی پر عدالت میں شہدا کے ورثا بھی موجود تھے، چودہ جون کی پیشی پر عدالت کی جانب سے مزید اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    عدالتی حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حملہ آور کا دماغی ٹیسٹ کرایا جائے اور ماہرین کی حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

    نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں گزشتہ ماہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نسل پرست دہشت گرد نے نماز جمعہ کے دوران دو مساجد میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 50 افراد کو قتل جبکہ درجنوں افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    سفید فام دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ کو حملے کے کچھ دیر بعد ہی گرفتار کرکے اگلے روز عدالت میں پیش کردیا گیا تھا جہاں اس پر ایک قتل کی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

    کرائسٹ چرچ حملہ، سفید فام دہشت گرد کے خلاف 50 افراد کے قتل کی چارج شیٹ تیار

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایردن نے 25 مارچ کو سانحہ کرائسٹ چرچ کی تحقیقات کے لیے رائل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس : پہلا نیب ریفرنس باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر

    جعلی اکاؤنٹس کیس : پہلا نیب ریفرنس باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر

    راولپنڈی : جعلی اکاؤنٹس کیس کا پہلانیب ریفرنس باقاعدہ سماعت کےلیےمقرر کردیا گیا اور سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سمیت تمام ملزمان انیس اپریل کوطلب کرلیا ہے۔

    تفصیلات احتساب احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس کیس کا پہلا ٹرائل شروع کر دیا عدالت نے پہلے نیب ریفرنس کو باقاعدہ سماعت کےلیےمقرر کردیا اور سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سمیت تمام ملزمان انیس اپریل کو طلب کرتے ہوئے سمن جاری کردیے۔

    طلب کیےجانےوالوں میں آصف زرداری کےقریبی ساتھی یونس قدوائی کےایم سی کےچار سابق اور چار موجودہ افسران بھی شامل ہیں، ملزمان پرلائبریری اور مندر کےپلاٹ کی غیرقانونی الاٹمنٹ کاالزام ہے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں، عدالت سزا دے۔

    گذشتہ روز نیب نے آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی یونس کوڈواوی اور کے ایم سی کے سابق ایڈمنسٹریٹر و کمشنر سمیت 9 ملزمان کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق پہلا عبوری ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے پہلا ریفرنس دائر کردیا

    نیب ریفرنس میں ملزمان پراختیارات کے ناجائز استعمال اور فلاحی مقاصد کے لئے مخصوص پلاٹس غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کے باعث قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔

    ملزمان کی فہرست میں سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید ، کے ایم سی کے سابق میٹروپولیٹن کمشنر متانت علی خان، سمیع الدین صدیقی ، نجم الزمان ، سید خالد ظفر ہاشمی ، سید جمیل احمد،عبدالرشید ، عبدالغنی اور یونس کوڈواوی شامل ہیں۔

    بعد ازاں ریفرنس دائرہوتے ہی آصف زرداری کےفرنٹ مین نے 60کروڑمالیت کے2پلاٹ نیب کےحوالےکردیئے تھے ، یونس قدوائی پارک لین اسٹیٹس میں آصف زرداری کا بزنس پارٹنر ہے ، سرکاری پلاٹ مندراورلائبریری کیلئےمختص تھا۔

    واضح رہے ریفرنس دائرکرنےکی منظوری چیئرمین نیب کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈکےاجلا س میں دی گئی تھی۔

  • سعودیہ میں‌ قید خواتین رضاکاروں کی پہلی مرتبہ عدالت میں پیشی

    سعودیہ میں‌ قید خواتین رضاکاروں کی پہلی مرتبہ عدالت میں پیشی

    ریاض : سعودی حکام نے انسانی حقوق کےلیے سماجی خدمات انجام دینے والے دس خواتین کو ایک سال قید میں رکھنے کے بعد عدالت میں پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے انسانی حقوق کی علمبردار متعدد خواتین کو ایک برس قبل سعودی حکومت کے خلاف اور خواتین کی آزادی کےلیے آواز اٹھانے پر گرفتار کیا تھا جن میں سے دس رضاکار خواتین کو گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گرفتار خواتین کو سعودی عرب کی کرمنل کورٹ میں پیش کیا گیا، حکام نے عدالت میں غیر ملکی سفیروں اور صحافیوں کے داخلے پر پابندی لگائی ہوئی تھی تاہم مذکورہ خواتین کے اہلخانہ کو عدالت میں آنے کی اجازت تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرمنل کورٹ میں پیش کی گئیں خواتین رضاکاروں میں لجین الھذلول اور عزیزہ الیوسف سمیت دس خواتین شامل تھیں۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ کا کہنا ہے کہ مذکورہ خواتین کو طویل عرصے سے قید میں رکھا ہوا تھا لیکن ان پر کوئی مقدمہ چلایا جارہا ہے اور نہ ہی نہیں کسی وکیل تک رسائی کا حق حاصل ہے۔

    خیال رہے کہ کچھ ماہ قبل برطانیہ کی انسانی حقوق کی غیر سرکاری تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب سے متعلق اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا تھا کہ سعودی عرب کے صوبے جدہ کی دھابن جیل میں قید انسانی حقوق کی عملبردار خواتین کو دوران تفتیش جنسی زیادتی، تشدد اور دیگر ہولناک زیادتیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    سعودیہ میں قید خواتین رضاکاروں کو جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

    ایمنسٹی انٹرنینشل نے اپنی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گرفتار خواتین رضاکاروں کو دوران تفتیش بجلی کے جھٹکے لگائے گئے اور اس قدر کوڑے مارے گئے ہیں کہ متاثرہ خواتین کھڑی ہونے کے بھی قابل نہیں رہیں۔

    جاری رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ تفتیش کاروں نے کم از کم 10 خواتین کو ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور تفتیش کاروں نے جبراً ایک دوسرے کو بوسہ دینے پر مجبور کیا گیا۔