Tag: court

  • ترکی: حکومت مخالف مظاہرے میں ملوث 16 افراد پر فرد جرم عائد

    ترکی: حکومت مخالف مظاہرے میں ملوث 16 افراد پر فرد جرم عائد

    انقرہ: ترکی میں حکومت مخالف مظاہرے میں ملوث 16 افراد پر فرد جرم عائد کردی گئی جن میں معروف تاجر اور سماجی کارکن بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2013 میں ترکی کے مختلف شہروں میں حکومت مخالف مظاہرے کیے گئے تھے، احتجاج میں ملوث سولہ افراد پر ترک استغاثہ نے فرد جرم عائد کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ترک استغاثہ نے حکومت کا تختہ الٹنے کے جرم میں عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ 16 مجرمان کو عمر قید کی سزا سنائے۔

    استغاثہ کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے والے افراد میں معروف تاجر عثمان کوالہ سمیت سرگرم سماجی کارکن اور صحافی بھی شامل ہیں۔

    سال 2013 میں ترک شہر استنبول سے حکومت مخالف مظاہروں کا آغاز ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے ملک میں پھیل گیا تھا، پولیس سے جھڑپوں کے باعث 8 مظاہرین بھی مارے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اپریل میں ترکی کی عدالت عالیہ نے دہشت گرد گروہوں سے رابط اور سنہ 2016 میں باغیوں کی حمایت کرنے کے الزام میں 13 صحافیوں کو سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

    ترکی:عدالت نے 13صحافیوں کو دہشت گردی کے الزام میں سزا سنادی

    واضح رہے کہ فتح اللہ گولن کو انقرہ میں بغاوت کرنے والے گروپ کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے، گولن خود ساختہ جلاوطنی کے بعد سے امریکا میں ہی مقیم ہیں۔

    ترک حکام نے امریکی حکومت کو درخواست دی تھی کہ فتح اللہ گولن کو ترکی کے حوالے کیا جائے لیکن امریکا نے گولن کو ترکی بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

    طیب اردوگان کی حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کی ناکامی کے بعد 50 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ باغیوں کی حمایت کرنے اور تحریک میں حصّہ لینے کے شبے میں ڈیڑھ لاکھ شہریوں کو نوکریوں سے برطرف اور معطل کردیا گیا تھا۔

  • غیرت کےنام پر قتل ہونے والی پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی  کے باپ اور بھائی باعزت بری

    غیرت کےنام پر قتل ہونے والی پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کے باپ اور بھائی باعزت بری

    گجرات : غیرت کےنام پر قتل ہونے والی پاکستانی نژاد اطالوی شہری ثناءچیمہ کے قتل کیس میں باپ اور بھائی باعزت بری کردیا گیا، پولیس نے دوران تفتیش بھائی اور والد کو مجرم قرار دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت گجرات نے پاکستانی نژاد اطالوی شہری ثناءچیمہ کے قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے باپ اور بھائی باعزت بری کردیا۔

    قتل کے الزام میں مقدمہ والد ، بھائی ، چچا کے خلاف درج کیا گیا تھا اور پولیس نے دوران تفتیش چچا کو بے گناہ جبکہ بھائی اور والد کو مجرم قرار دیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال اپریل میں گجرات میں پسند کی شادی کی خواہش پر اہلخانہ نے غیرت کےنام پر اپنی اطالوی بیٹی کو قتل کردیا تھا جبکہ اس کی موت کو اتفاقیہ قرار دے کر دفنا دیا گیا تھا۔

    ثناء چیمہ کے مبینہ قتل کی خبر جب انٹرنیشنل میڈیا اور سوشل میڈیا پر نشر ہوئی تو کنجاہ پولیس نے ثناء چیمہ کے باپ غلام مصطفےٰ چیمہ بھائی اور چچا کو حراست میں لے کر قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثنا چیمہ کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، فرانزک رپورٹ میں انکشاف

    جس کے بعد عدالت کے حکم پر ثناء چیمہ کی قبر کشائی کی گئی تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ کیا ثناء چیمہ کو قتل کیا گیا تھا یا اس کی موت اتفاقیہ ہوئی تھی، جس کے بعد فرانزک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اطالوی نژاد ثناء چیمہ کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا، اس کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ ثناء چیمہ نے انیس اپریل کو کامران نامی پاکستانی نژاد سے شادی کرنے کے لئے اٹلی جانا تھا اور اٹلی روانگی سے ایک روز قبل ہی اسے قتل کر دیا گیا تھا۔

  • ترکی: دہشت گردوں سے تعلق کا الزام، امریکی قونصل خانے کا ملازم رہا

    ترکی: دہشت گردوں سے تعلق کا الزام، امریکی قونصل خانے کا ملازم رہا

    انقرہ: ترکی میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتار امریکی قونصل خانے کے ملازم کو ترک عدالت نے رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی میں امریکی قونصل خانے کے ملازم حمزہ الوسی کو ترک عدالت نے رہا کردیا، اس پر دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کا بھی الزام تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ترکی کی پولیس نے ملازم کو فروری 2017 میں گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں ترک عدالت نے چار سال 6 ماہ عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    حمزہ الوسی ترکی کے جنوبی صوبے انانہ میں قائم امریکی قونصل خانے میں ملازم تھا، ترک عدالت نے اسے رہائی تو دے دی تاہم بیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اکتوبر میں ترکی کی عدالت نے دہشت گردوں سے تعلقات کے الزام میں گرفتار امریکی پادری اینڈریو براؤنس کو رہائی دی تھی، سنہ 2016 میں حکومت مخالف تنظیموں سے تعلقات کے شبے میں اینڈریو براؤنسن کو گرفتارکیا تھا، جس کے بعد ترکی اور امریکا کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    امریکی پادری کی رہائی کے بعد امریکا نے ترکی سے پابندیاں اٹھانے کا عندیہ دے دیا

    ترک عدالت نے اکتوبر 2016 میں امریکی پادری کو دہشت گردی کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنائی تھی اور اگست میں انہیں ایک گھر میں نظربند کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ 26 جولائی 2018 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر ترکی نے امریکی پادری کو رہا نہ کیا تو اسے سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • پی آئی اے میں کرپشن: ایف آئی اے نے دس سالہ رپورٹ پر تحقیقات شروع کردی

    پی آئی اے میں کرپشن: ایف آئی اے نے دس سالہ رپورٹ پر تحقیقات شروع کردی

    کراچی : پی آئی اے میں ہونے والی کرپشن کے معاملے پر ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی، سات رکنی تحقیقاتی ٹیم دو ارب سے زائد فنڈز میں خرد برد کی انکوائری کرے گی۔

     تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کے احکامات پر سرکاری آڈیٹرز کی مرتب کردہ پی آئی اے کی دس سالہ آڈٹ رپورٹ کے مختلف پیراز پر انکوائری شروع کر دی ہے، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، انسپکٹر اور سب انسپکٹرز پر مشتمل سات رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

    انکوائری افسران کو تحقیقات کے لئے پی آئی اے ہیڈ آفس میں دفتر بھی فراہم کردیا گیا ہے، دفتر کی فراہمی سے درکار ریکارڈ اور متعلقہ افسران کی فوری دستیابی ممکن ہوگی، ٹیم کے مختلف افسران ہفتے میں پانچ روز پی آئی اے ہیڈ آفس میں بیٹھیں گے۔

    کراچی پی آئی اے کے شعبہ مارکیٹنگ، برانڈ اور دیگر محکموں میں مبینہ کرپشن کی گئی، انکوائری افسران 34 مختلف معاملات کی انکوائری اور رپورٹ مرتب کریں گے۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لئے دو ارب سے زائد فنڈز میں خرد برد کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے موجودہ ڈائریکٹر انجنیئرنگ کو ریکارڈ کے ساتھ طلب کر لیا جبکہ سابق ڈائریکٹر کو بھی دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کا منی لانڈرنگ اوراسمگلنگ میں ملوث عملے کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

    ایف آئی اے کی جانب سے انکوائری میں کچھ روز قبل سابق ایم ڈی کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا، طیاروں کی اکانومی، بزنس کلاس اپ گریڈیشن کے لئے 2.4 ارب کے فنڈز 2017-18 میں جاری کئے گئے تھے۔

    فنڈز استعمال کے حوالے سے انکوائری سپریم کورٹ احکامات پر دس سالہ آڈٹ رپورٹ کے تناظر میں کی جارہی ہے، مذکورہ فنڈز بوئنگ 777 کی اکانومی اور بزنس کلاس نشستوں کی تبدیلی، ان فلائٹ سسٹم کی تنصیب کے لئے مختص تھے، وفاقی حکومت کے جاری کردہ فنڈز سے مبینہ طور پر ائر لائن کے قرضوں کی ادائیگی کی گئی۔

  • نوازشریف جیسے بڑے مگرمچھ کی منزل اڈیالہ جیل ہے: خرم شیرزمان

    نوازشریف جیسے بڑے مگرمچھ کی منزل اڈیالہ جیل ہے: خرم شیرزمان

    کراچی: پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ نوازشریف جیسے بڑے مگرمچھ کی منزل اڈیالہ جیل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا انجام تاریخ ساز ہوگا، کرپٹ عناصر کو بے نقاب کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں نواز شریف کرپشن کی علامت ہیں، ان سمیت دیگر بدعنوان عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا، نئے پاکستان میں چوروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

    نواز شریف کے خلاف 2 ریفرنسز کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان چوروں اور لٹیروں سے نجات دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے خلاف 2 ریفرنسز کا فیصلہ آج سنایا جائے گا، پورے ملک کی نگاہیں احتساب عدالت پر مرکوز ہو گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ 19 دسمبر کو احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے خلاف کرپشن ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    احتساب عدالت نمبر 1 اور 2 میں سابق وزیرِ اعظم کے خلاف نیب ریفرنسز کی مجموعی طور پر 183 سماعتیں ہوئیں، نواز شریف مجموعی طور پر 130 بار احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

  • مضر صحت کھانے سے جاں بحق بچوں کا کیس، عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

    مضر صحت کھانے سے جاں بحق بچوں کا کیس، عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

    کراچی : کلفٹن میں مضر صحت کھانے سے بچوں کی اموات کے کیس میں عدالت نے ملزمان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں گزشتہ ماہ 10 نومبر کو ایریزونا گرل نامی ریسٹورنٹ میں مضر صحت کھانا کھانے کرنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے جس کے الزام میں گرفتار مینجر عدنان اور عامر شیخ کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ریسٹورنٹ کا مالک ندیم ممتاز راجہ ضمانت قبل از گرفتاری پر ہے، ملزمان سے تفتیش کرکے دیگر ملزمان کو گرفتار کرنا ہے۔

    تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتار ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے تاہم عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایریزونا ریسٹورنٹ کے مینجر اور سسٹر کمپنی اسٹریم ٹریڈنگ کے جنرل مینجر ملزمان ہیں۔

    مضر صحت کھانا کھانے سے 4 سالہ محمد اور ڈیڑھ سالہ احمد کی موت ہوئی تھی۔

    عدالت نے تفتیشی افسر کا بیان قلم بند کرنے کے بعد آئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ بچوں کی موت گردے فیل ہونے سے ہوئی تھی، مضر صحت کھانے میں خطرناک بیکٹریا پائے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی: کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق، ریسٹورنٹ سیل. 4 افراد زیر حراست

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے کلفٹن کی زمزمہ اسٹریٹ پر واقع ریسٹورنٹ میں 2 بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہوگئے تھے، بچوں کی والدہ کو بھی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی ابرار شیخ نے کہا تھا کہ ریسٹورنٹ میں بچا ہوا کھانا فریزر میں رکھا ہوا تھا، ریسٹورنٹ کا کچن بدبو دار نکلا، سندھ فوڈ اتھارٹی نے 2 لیبارٹریز سے ٹیسٹنگ کنٹریکٹ کیا ہوا ہے۔

    ابرار شیخ کے مطابق ریسٹورنٹ اور پلے لینڈ کو سیل کرکے کھانے اور ٹافیوں کے نمونے ٹیسٹنگ کے لیے بھجوا دئیے تھے۔

  • نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آج پھر ہوگی

    نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آج پھر ہوگی

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آج پھر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز سے متعلق سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کریں گے۔

    نوازشریف آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے، العزیزیہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں فریقین کے حتمی دلائل مکمل ہوچکے ہیں۔

    احتساب عدالت میں آج سماعت کے دوران جواب الجواب دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جانے کا امکان ہے۔

    العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ آج محفوظ کیے جانے کا امکان

    خیال رہے کہ نواز شریف کے خلاف انہی ریفرنسز سے متعلق سماعت گذشتہ روز بھی ہوئی تھی، اس دوران کمرہ عدالت میں نواز شریف بھی موجود تھے۔

    واضح رہے کہ نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کا ٹرائل اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ العزیزیہ میں فریقین جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں وکیل صفائی کے حتمی دلائل مکمل ہوگئے ہیں۔

    گذشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہا تھا کہ فلیگ شپ سے نواز شریف کو 7 لاکھ 80 ہزار درہم کے فوائد پہنچے، یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے۔

    دوسری جانب فلیگ شپ ریفرنس میں جبل علی فری زون اتھارٹی سے متعلق نیب کی دستاویزات پر جواب دیتے ہوئے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا تھا کہ جافزا دستاویزات قانونی شہادت کے مطابق تصدیق شدہ نہیں، دیکھنا ہوگا کیا ان دستاویزات کو شواہد کے طور پر لیا جا سکتا ہے۔

  • اضافی فیسوں کی وصولی کا معاملہ، دو مزید نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل

    اضافی فیسوں کی وصولی کا معاملہ، دو مزید نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل

    کراچی: پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے اضافی فیسوں کی وصولی کے معاملے پر ڈائیریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے دو مزید نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائیریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے کراچی میں دو اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کی ہے جن میں فاؤنڈیشن اسکول اور ہیڈ اسٹار اسکول شامل ہیں۔

    زائد فیسوں کی واپسی تک رجسٹریشن معطل رہے گی، عدالتی احکامات کے بعد بیکن ہاؤس اورسٹی اسکولز کی رجسٹریشن پہلے ہی معطل کی جا چکی ہے۔

    ڈائیریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکی انسپکشن کی ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کر رہی ہیں، دی اسمارٹ اسکول نے فیس واپسی کے لیے ڈائیریکٹریٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

    عدالت نے پرائیویٹ اسکولوں کو پانچ فیصد سے زائد فیسوں میں اضافے سے روک دیا تھا۔

    کراچی کے 2 بڑے نجی اسکولز کی تمام برانچز کی رجسٹریشن معطل

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں محکمہ تعلیم نے کراچی کے دو پرائیویٹ اسکولزسسٹم کے 115 کے قریب اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کی تھی۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے اسکول فیس میں پانچ فیصد سے زائد اضافے کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی پرائیویٹ اسکولز سمیت 4 اسکولوں کوتوہین عدالت کے نوٹس جاری کئے تھے جبکہ عدالت نے تمام اسکولوں کو حکم نامے پر مکمل عمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت سےفیس اسٹرکچر کاریکارڈ بھی مانگ لیا تھا۔

    واضح رہے کہ 3 ستمبرکو سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زیادہ فیس بڑھانے کا اختیارنہیں ہے۔ عدالت نے نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد فیس وصولی سے روک دیا تھا۔

  • نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت آج پھر ہوگی

    نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت آج پھر ہوگی

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت آج پھر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد ارشد نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کیس کی سماعت کریں گے۔

    سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر آج دوسرے روز بھی بیان ریکارڈ کرائیں گے، نوازشریف آج بھی احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت جج محمد ارشد ملک نے کی تھی۔

    فلیگ شپ ریفرنس: نیب کے تفتیشی افسرکا بیان قلمبند کیا جا رہا ہے

    سابق وزیر اعظم احتساب عدالت میں پیش ہوئے جبکہ فلیگ شپ ریفرنس کے تفتیشی افسر کامران کا بیان قلمبند کیا گیا تھا۔

    دوارن سماعت جے آئی ٹی سربراہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 2001 سے 2008 کے دوران انکم ٹیکس نہیں دیا۔

    عدالت میں نواز شریف کے بیان کے لیے ان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے سوال نامہ فراہم کرنے کی استدعا کی تھی۔ خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ سوالنامہ فراہم کردیں تو اگلے دن جواب جمع کروا دیں گے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے 17 نومبر تک کی مہلت دے رکھی ہے۔

  • نوازشریف کیخلاف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس کی سماعت آج ہوگی

    نوازشریف کیخلاف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس کی سماعت آج ہوگی

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کےجج محمد ارشد ملک کریں گے۔

    عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو طلب کر رکھا ہے، آج ہونے والی سماعت میں نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث گواہ واجد ضیا پر جرح جاری رکھیں گے۔

    اس سے قبل 26 اکتوبر کو نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی تھی، سابق وزیراعظم نوازشریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

    سماعت سے قبل وکیل زبیرخالد نے اخبار کی خبرپرنوٹس لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ منسٹر ہے جو آپ اورنوازشریف کی گرفتاری سے متعلق بیان دے رہا ہے۔

    نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت پیر تک ملتوی

    معاون وکیل زبیرخالد نے یہ بھی کہا تھا کہ عدالت کو سوموٹو لینا چاہیے، جج ارشد ملک نے کہا کہ میں اس معاملے کو دیکھ لیتا ہوں، آپ پر302کا کیس ہو تو آپ بھی کہنا شروع کردیں بری ہوجائیں گے۔

    بعد ازاں احتساب عدالت نے نوازشریف کے وکلا کو باقاعدہ درخواست دائرکرنے کی ہدایت کی تھی۔

    یاد رہے کہ 12 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کے خلاف العزیز یہ اور فلیگ شپ ریفرنس نمٹانے کے لیےاحتساب عدالت کو سترہ نومبر تک کی مزید مہلت دی تھی۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے بعد کوئی توسیع نہیں دی جائے گی سترہ نومبر تک کیسوں کا فیصلہ نہ ہوا تو عدالت اتوار کو بھی لگے گی۔