Tag: Covid

  • فرانس اور برطانیہ کورونا کے بعد اور وبا کا شکار

    لندن / برلن : فرانس اور برطانیہ جو ان دنوں مہنگائی کے حوالے سے پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں وہیں اسپتالوں میں فلو اور برونکائیلائٹس کے مریضوں کا رش بڑھتا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں مریضوں کو علاج کی بروقت سہولت فراہم نہ کئے جانے کے سبب ہر ہفتہ 300سے 500 افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

    فرانس اور برطانیہ میں نئی قسم کے کورونا وائرس (کوویڈ 19) کے بعد فلو اور برونکائیلائٹس کے پھیلنے کے باعث اسپتالوں میں مریض بھرے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے ہنگامی صورتِ حال درپیش ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے اسپتالوں میں سال کے پہلے ہفتے میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ مریض داخل ہوئے ہیں جس کی وجہ سے کچھ وارڈز میں ڈاکٹروں کو اپنی چھٹیاں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔

    ہیزبروک شہر میں ایک مریض کو 3 دن تک اسٹریچر پر انتظار کرنا پڑا، سیٹے شہر میں سانس میں دشواری کی وجہ سے ایک 62 سالہ مریض ایمرجنسی روم میں 19 گھنٹے تک بستر کے خالی ہونے کا انتظار کرتا رہا۔

    فرانس میں ہیلتھ ورکرز ان دنوں ہڑتال پر ہیں جبکہ پریکٹیشنرز جو اپنی فیس میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں، گزشتہ ماہ روکے گئے کام کو اس ماہ بھی روکنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    برطانیہ میں ہسپتالوں میں بستر مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے مریض گھنٹوں لائن میں انتظار کرتے ہیں۔ یہ مدت بعض اوقات 10 گھنٹے سے زیادہ بھی ہوجاتی ہے۔

    عام مریضوں کو معائنے کے بعد جلد گھر روانہ کردیا جاتا ہے جبکہ لیکن انتہائی نگہداشت کی ضرورت محسوس کرنے والے مریضوں کو ہوٹلوں میں رکھا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ اس تمام صورتحال کے باوجود نرسیں اور ایمبولینس ورکرزجنہوں نے پہلے ہڑتال کی تھی اس ماہ بھی اپنی ہڑتال جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب حکومت اہم شعبوں میں ہڑتالوں کو روکنے کے لیے قانون سازی کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

  • چین کا کورونا وائرس کے یومیہ کیسز اور اموات رپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ

    چین نے کورونا وائرس کے یومیہ کیسز اور اموات کی رپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے کہا کہ آج سے وبا کے بارے میں یومیہ معلومات شائع نہیں کریں گے۔

    چینی میڈیا رپورٹ کے مطابق اب چائنیز سینٹر فارڈیزیز کنٹرول عالمی وبا سے متعلق معلومات جاری کرےگا۔

    کمیشن کے مطابق سی ڈی سی کورونا معلومات تحقیقی مقاصد کے لیے شائع کرے گا۔

    خبر ایجنسی کے مطابق کورونا سے متعلق سی ڈی سی کی معلومات شائع ہونے کا وقت نہیں بتایا گیا۔ سی ڈی سی عمومی طور پر کورونا سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کرتا ہے۔

  • بھارت: ناک کے ذریعے دی جانے والی دنیا کی پہلی کرونا ویکسین استعمال کے لیے منظور

    نئی دہلی: بھارتی حکومت نے ناک کے ذریعے دی جانے والی دنیا کی پہلی کرونا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی محکمہ صحت نے جمعہ کو بھارت بائیوٹک کی تیار کردہ نیزل کووِڈ ویکسین کو بوسٹر ڈوز کے طور پر منظور کر لیا ہے، ابتدائی طور پر یہ نجی مراکز پر دستیاب ہوگی۔

    بھارتی حکومت نے گزشتہ روز 23 دسمبر کو دنیا کی پہلی منظور شدہ نیزل کووڈ ویکسین کی تقسیم شروع کر دی ہے۔ یہ ویکسین وسیع طور پر قوت مدافعت کے عمل کو متحرک کرنے میں مددگار ہوگی۔

    کرونا وائرسز عام طور پر ناک میں موجود میوکوسا نامی ٹشو کے ذریعے جسم میں داخل ہوتے ہیں، اور میوکوسل جھلی میں موجود خلیات اور مالیکیولز کو متاثر کر دیتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق نیزل شاٹ کے ذریعے سے وائرس کو جسم میں داخل ہونے سے پہلے ہی ختم کیا جا سکتا ہے، بھارت بائیوٹک کے مطابق یہ نیزل ویکسین دیگر ویکسینوں سے کافی الگ اور زیادہ مؤثر ہے۔

    ناک کے ذریعے دی جانے کی وجہ سے انجیکشن کی تکلیف سے لوگ بچ جائیں گے، اسے استعمال میں لانا بھی آسان ہے اور گھر پر بھی رکھی جا سکتی ہے، اور استعمال کے لیے تربیت یافتہ طبی عملے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

    نیزل ویکسین کی ایک ڈوز کل 8 قطروں پر مشتمل ہے (0.5 ملی لیٹر فی خوراک)، 4 قطرے ہر نتھنے میں ڈالے جائیں گے، اور 4 ہفتوں کے وقفے سے اس کی 2 خوراکیں دی جائیں گی۔

  • دنیا کی بڑی آئی فون فیکٹری والے چینی شہر میں لاک ڈاؤن ختم

    دنیا کی بڑی آئی فون فیکٹری والے چینی شہر میں لاک ڈاؤن ختم

    بیجنگ: دنیا کی سب بڑی آئی فون فیکٹری والے چینی شہر زہنگزو میں کووِڈ لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بڑے چینی شہروں بشمول مالیاتی مرکز شنگھائی اور زہنگزو نے بدھ کو کرونا وبا کی روک تھام کے لیے لگایا گیا لاک ڈاؤن ختم کر دیا۔

    زہنگزو میں پابندیوں میں نرمی کے بعد جِم، سپر مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس کھل گئے، اس شہر میں تائیوان کے کنٹریکٹ مینوفیکچرر فوکسکون کی فیکٹری ’آئی فون سٹی‘ واقع ہے جس میں تقریباً 2 لاکھ کارکن کام کرتے ہیں اور ایپل کے لیے مصنوعات بناتے ہیں، بہ شمول آئی فون 14 پرو، اور پرو میکس 14۔

    زہنگزو نے گزشتہ پانچ دن تک اپنے شہری اضلاع کو لاک ڈاؤن کر دیا تھا کیوں کہ کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    چین اور روسی جنگی طیارے داخل ہوتے ہی جنوبی کورین طیاروں کی ہنگامی اڑانیں

    چین کے سب سے بڑے اور امیر ترین شہر شنگھائی میں بھی صحت کے حکام نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ جمعرات (آج) سے 11 اضلاع کے 24 ہائی رسک علاقوں پر نافذ لاک ڈاؤن اٹھا لیا جائے گا۔

    گوانگ ژو کے ہیلتھ کمیشن کے ترجمان نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ مقامی حکام نے گوانگ ژو کے چار اضلاع میں بھی لاک ڈاؤن ختم کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ مینوفیکچرنگ اور نقل و حمل کے مرکز میں اس ماہ کے شروع میں عائد پابندیوں میں نرمی منگل کو شہریوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپ کے بعد آئی ہے۔

    خیال رہے کہ چین میں کرونا پابندیوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، صوبہ گوانگ زو میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ چین میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 37 ہزار سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

  • 2 سال میں پاکستان کو کتنی کرونا ویکسین موصول ہوئی؟

    2 سال میں پاکستان کو کتنی کرونا ویکسین موصول ہوئی؟

    اسلام آباد: گزشتہ 2 سال میں پاکستان کو دنیا بھر سے موصول ہونے والی کرونا وائرس ویکسین کے اعداد و شمار سامنے آگئے، پاکستان کو دنیا بھر سے کرونا ویکسین کے عطیات ملے جبکہ پاکستان نے خریداری بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو کرونا ویکسین کی 30 کروڑ 50 لاکھ ڈوزز موصول ہوچکی ہیں، پاکستان نے 184.6 ملین ویکسین ڈوزز کی خریداری کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عالمی فورمز سے 120.5 ملین ڈوززکا عطیہ ملا ہے، کوویکس سے 111.6 ملین اور چین سے 8.9 ملین ڈوزز کا عطیہ ملا ہے۔

    کوویکس سے پاکستان کو 59.6 ملین فائزر، 11.7 ملین سائنو فام اور 8.6 ملین ایسٹرا زنیکا کی ڈوزز ملی تھیں۔

    ریڈ کریسنٹ سے پاکستان کو 2 لاکھ سائنو فام کی ڈوزز ملی تھیں۔

    پاکستان نے چین، روس اور امریکا سے کرونا ویکسین کی خریداری کی، چین سے 104.5 ملین سائنو ویک، 26 ملین سائنو فام اور 3.1 ملین کین سائنو کی ڈوزز خریدی ہیں۔

    پاکستان نے روس سے 1 کروڑ ڈوزز سپٹنک 5 اور امریکا سے 21 ملین ڈوزز فائزر ویکسین خریدیں۔ 2 کروڑ ڈوزز پاک ویک ویکسین کی مقامی طور پر تیار کی گئیں۔

  • شہر بھر کے دورے کرنے کے بعد مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر

    شہر بھر کے دورے کرنے کے بعد مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر

    کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوگئیں، انہوں نے خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے قرنطینہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ کل سے کرونا وائرس کی کچھ علامات ظاہر ہوئی ہیں، خود کو قرنطینہ کرنے اور ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ دو روز سے بارش کے بعد نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے شہر بھر کا دورہ کیا ہے اور اس دوران بڑی تعداد میں لوگوں سے بھی ملے ہیں۔

  • پالتو بلی سے کرونا وائرس منتقلی کا پہلا کیس رپورٹ

    پالتو بلی سے کرونا وائرس منتقلی کا پہلا کیس رپورٹ

    بنکاک: تھائی لینڈ میں پالتو بلی سے انسان میں کرونا وائرس منتقلی کا پہلا مصدقہ کیس سامنے آگیا، بلی سے متاثر ہونے والی خاتون ایک ویٹرنری ڈاکٹر ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق تھائی لینڈ میں سائنسدانوں نے ایک پالتو بلی کے ذریعے ایک ویٹرنری سرجن میں کرونا وائرس کی منتقلی کے پہلے ٹھوس ثبوت کی اطلاع دی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بلی سے انسان میں وائرس کی منتقلی کے ایسے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں، سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ماہرین نے کہا کہ نتائج قابل یقین ہیں لیکن حیران ہیں کہ اس منتقلی کو سامنے آنے میں اتنا وقت لگا۔

    یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کے ابھرتے ہوئے متعدی امراض کے جریدے کے شریک مصنف سارونیو چسری کے مطابق 6 جون کو جریدے میں شائع ہونے والی یہ دریافت حادثاتی طور پر سامنے آئی۔

    اگست 2021 میں کرونا وائرس سے متاثر ایک باپ اور بیٹے کو یونیورسٹی کے اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا، ان کی 10 سالہ بلی کا بھی ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔

    ٹیسٹ کے دوران بلی نے خاتون ویٹرنری سرجن کے چہرے پر چھینک دیا تھا جس نے ماسک اور دستانے پہن رکھے تھے لیکن آنکھوں کی حفاظت کا انتظام نہیں کیا تھا۔

    تین روز بعد ویٹرنری ڈاکٹر نے بخار اور کھانسی محسوس کی اور بعد میں ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا، لیکن ان کے قریبی رابطوں میں آنے والوں میں سے کسی میں بھی یہ بیماری نہیں پھیلی، جس سے یہ ظاہر ہوا کہ وہ کرونا سے بلی کے ذریعے متاثر ہوئیں۔

    ہانگ کانگ یونیورسٹی کے ماہر وائرولوجسٹ لیو پون کا کہنا ہے کہ تجرباتی مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ کرونا سے متاثرہ بلیاں زیادہ وائرس نہیں پھیلاتیں اور یہ صرف چند روز کے لیے وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بنتی ہیں۔

    سارونیو چسری نے کہا کہ ایسے معاملات میں لوگوں کو اپنی بلیوں کو چھوڑ نہیں دینا چاہیئے بلکہ مزید خیال رکھنا چاہیئے۔

  • پاکستان میں 2 دن کے بعد کورونا سے 3 اموات ریکارڈ

    پاکستان میں 2 دن کے بعد کورونا سے 3 اموات ریکارڈ

    اسلام آباد : پاکستان میں دو دن کے کورونا سے 3 اموات ریکارڈ کی گئی اور 329 کیسز سامنے آئے، اس دوران کیسز مثبت آنے کی شرح 1.10 فیصد رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وبا کے تازہ ترین اعدادو شمار جاری کردیئے ، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا سے مزید 3 مریض جاں بحق ہوئے ، جس کے بعد کورونا سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 30 ہزار 336 ہوگئی ہے۔

    این سی اوسی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 29 ہزار790 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں مزید 329 افراد میں کورونا مثبت نکلا ، اس دوران ملک میں کورونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 1.10 فیصد رہی۔

    نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ ملک میں کورونا کے 446 مریض انتہائی نگہداشت میں زیرعلاج ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 23 ہزار 401 تک پہنچ گئی ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 74 ہزار 467، پنجاب میں 5 لاکھ 04 ہزار 697، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 18 ہزار 838 اور بلوچستان میں 35 ہزار467 ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک لاکھ 35 ہزار 006، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 688 اور آزاد کشمیر میں 43 ہزار238 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کے پیش نظر تمام پابندیاں ختم کردی گئیں ہیں ، تاہم ویکسین لگوانے کی پابندی جاری رہے گی۔

  • ایک دن میں 22 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کا ریکارڈ قائم

    ایک دن میں 22 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کا ریکارڈ قائم

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ایک دن میں 22 لاکھ 40 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا ریکارڈ قائم کرلیا گیا، ملک میں ویکسین لگانے کی اہل آبادی کے 58 فیصد افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک دن میں 22 لاکھ 40 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا ریکارڈ قائم کرلیا گیا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ مسلسل پچھلے 4 دن میں ہم نے ہر روز 20 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کے اہل ہر 4 میں سے 3 پاکستانیوں کو کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے، 58 فیصد افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگ چکی ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں اب تک 11 کروڑ 52 لاکھ 38 ہزار 268 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 8 کروڑ 98 لاکھ 53 ہزار 639 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

  • 14 ماہ سے کرونا میں مبتلا شخص، 78 واں ٹیسٹ بھی مثبت

    14 ماہ سے کرونا میں مبتلا شخص، 78 واں ٹیسٹ بھی مثبت

    ترکی میں ایک شخص گزشتہ 14 ماہ سے کرونا وائرس میں مبتلا اور قرنطینہ میں ہے، حال ہی میں اس کا 78 واں ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

    56 سالہ شخص مظفر کیاسان کرونا وائرس سے صحت یاب ہی نہیں ہو پا رہا، مظفر کیاسان نے 2020 سے کرونا وائرس میں مبتلا ہے، وہ کل 14 ماہ سے اپنے گھر اور اسپتالوں تک محدود ہے۔

    خون کے کینسر میں مبتلا مظفر کیاسان کو پہلی بار نومبر 2020 میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور اسے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم 2 ہفتوں کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا لیکن گھر پہنچ کر بھی ان میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔

    وہ 14 ماہ کے دوران 9 ماہ اسپتال اور 5 ماہ گھر میں قرنطینہ میں رہے جب کہ ان کے 78 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس کا نتیجہ ہر بار مثبت آیا۔

    کیاسان نے حکام سے اپنی صورت حال کا حل تلاش کرنے کی اپیل کی ہے جس کی وجہ سے وہ گھر میں اکیلے دن گزارنے پر مجبور ہوئے جہاں وہ صرف کھڑکی سے اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کو دیکھ سکتے تھے۔

    کیاسان کے ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ لیوکیمیا کی وجہ سے ان کے کمزور مدافعتی نظام کے باعث ان کے ٹیسٹ مثبت آتے رہتے ہیں، اور وہ ان دوائیوں پر زندہ ہیں جو انہیں اپنے مدافعتی نظام کو مضبوط رکھنے کے لیے تجویز کی گئی تھیں۔

    مظفر کیاسان کی اہلیہ کچھ دیر ان کے ساتھ رہیں اور انہوں نے 2 بار کرونا ٹیسٹ کروایا جو حیرت انگیز طور پر منفی آیا، ان کے بیٹے نے بھی ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور اس کا بھی ٹیسٹ منفی آیا۔