Tag: Covid-19

  • دو ایشیائی ممالک میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے

    دو ایشیائی ممالک میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے

    دنیا بھر میں پانچ سال قبل کہرام برپا کرنے والی کورونا وبا نے ایک بار پھر سے سر اُٹھانا شروع کردیا ہے، دو ایشیائی ممالک میں کورونا کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا کیسز سامنے آنے پر دونوں ممالک کی وزارت صحت الرٹ ہوگئی ہے، ہانگ کانگ اور سنگاپور میں اس وبا کے کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق وائرس کی شدت بڑھنے پر ہانگ کانگ اور سنگاپور میں مقامی حکام نے عوام کو چوکنا رہنے کا انتباہ دیا ہے۔ حالیہ نمونوں میں کئی کیسز مثبت آئے ہیں، 3 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں 31 اموات رپورٹ ہوئیں جو کہ رواں سال کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

    اگرچہ دو سال قبل کی لہر کے مقابلے میں کیسز کی تعداد کم ہے لیکن حکام کا کہنا ہے کہ نمونوں میں وائرل لوڈ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    سنگاپور بھی کووِڈ کیسز میں اضافے کی وجہ سے عوام کو محتاط رہنے کا کہا گیا ہے، تقریباً ایک سال بعد اس ماہ وزارت صحت نے کووِڈ کیسز پر رپورٹ جاری کی ہے۔

    3 مئی تک لگائے گئے اندازے کے مطابق مثبت کیسز کی تعداد 14,200 تک پہنچ چکی ہے، جو پچھلے اندازوں سے 28 فیصد زیادہ ہے۔ اسپتالوں میں آنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے، تھائی لینڈ اور چین میں بھی کووِڈ کے بڑے پیمانے پر کیسز سامنے آرہے ہیں۔

    حکام کے مطابق آبادی میں مدافعتی نظام کی کمزوری کے باعث کیسس کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، کیسس میں اضافے کے پیش نظر مختلف ممالک کے حکام الرٹ ہیں اور عوام سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی گئی ہے۔

    فاسٹ فوڈ دماغ کو کیسے نقصان پہنچاتا ہے؟ سائنس دانوں کی دل دہلا دینے والی تحقیق

    رپورٹس کے مطابق عوام کو رش کے مقامات سے دور رہنے، ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

  • اکشے کمار تیسری بار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

    اکشے کمار تیسری بار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

    بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار تیسرے بار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار اپنی نئی فلم سرفیرا کی تشہیر میں مصروف تھے اسی دوران ان کی طبعیت خراب ہوئی، جس پر انہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد اداکار نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے اور ڈاکٹرز کی ہدایات اور احتیاط پر سختی سے عمل کر رہے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)

    دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اکشے کمار بیماری کے باعث آج اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں شرکت بھی نہیں کریں گے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں شرکت نہ کرنے کے ساتھ ساتھ آج ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’سر پھرا‘ کی تشہیری مہم میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اداکار کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں بلکہ اس سے قبل عالمی وبا کے ابتدائی دنوں میں اور پھر 2022 میں بھی وہ اس مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

  • اوسط عمر میں کمی کی کیا وجہ ہے؟ عالمی ادارہ صحت کا انکشاف

    اوسط عمر میں کمی کی کیا وجہ ہے؟ عالمی ادارہ صحت کا انکشاف

    دنیا بھر میں لوگوں کی اوسط عمر میں دو سال کی کمی واقع ہوئی ہے، یہ بات عالمی ادارہ صحت نے اپنے حالیہ بیان میں بتائی۔

    عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار 2024″ کی رپورٹ کے مطابق براعظم امریکہ اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہیں۔

    صحت کی عالمی تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں دنیا بھر میں متوقع عمر میں تقریباً 2 سال کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں اوسط عمر میں بہتری اور پیش رفت کورونا وبا کے دوران منفی طریقے سے متاثر ہوئی ہے۔

    عمر

    رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ 2020 اور 2021 میں براعظم امریکہ میں اموات کی سب سے نمایاں وجہ کورونا وائرس کی وبا تھی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مغربی بحرالکاہل کے ممالک کوویڈ 19 کی وبا کے پہلے دو سالوں میں اس وائرس سے کم سے کم متاثر ہوئے۔

    بیان میں نوٹ کیا گیا کہ 2019-2021 میں کوویڈ 19 وبا کے باعث متوقع عمر میں 1.8 سال کی کمی آتے ہوئے اوسطاً 71.4 سال تک ہوگئی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادہانوم گیبریئسس نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کوویڈ 19 کی وبا نے صرف 2 سال میں متوقع عمر میں صورتحال کا رخ بدل دیا ہے۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے تمام ممالک کو عالمی وبا کے معاہدے پر متفق ہوجانا چاہیے۔

  • آسٹریلوی کرکٹر جوش انگلس کورونا کی زد میں آگئے

    آسٹریلوی کرکٹر جوش انگلس کورونا کی زد میں آگئے

    ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ سے قبل آسٹریلوی کرکٹر جوش انگلس کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

    آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر جوش انگلس کا ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ سے قبل کوویڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ جوش انگلس پروٹوکول کے مطابق میچ میں حصہ لیں گے لیکن وہ الگ ڈریسنگ روم کا استعمال کریں گے۔

    آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے مطابق جوش انگلس فیلڈ کے دوران کھلاڑیوں سے فاصلے پر رہیں گے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج میلبرن میں کھیلا جارہا ہے۔

    دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا ہے کہ انھوں نے کبھی بھی ایک لیڈر بننے کی خواہش نہیں کی تھی۔

    حیدرآباد ٹیسٹ سے پہلے انھوں نے ایک خصوصی انٹرویو دیا تھا جس میں انگلش قائد نے باز بال، قیادت اور ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ ساتھ برینڈن میک کولم، اسٹیفن فلیمنگ اور ایم ایس دھونی کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی۔

    بالی ووڈ اسٹار سنجے دت بھی وسیم اکرم کے مداح نکلے

    بین اسٹوکس نے کہا کہ کپتانی وہ چیز ہے جس کے بارے میں میں نے کبھی کوئی خواہش نہیں کی تھی اور نہ ہی زیادہ سوچا تھا۔ چھوٹے لیول یا کسی اور سطح پر میرے پاس کبھی بھی کپتانی کا زیادہ تجربہ نہیں رہا۔

  • کرونا وائرس نے بھارت میں پھر 3 افراد کو نگل لیا

    کرونا وائرس نے بھارت میں پھر 3 افراد کو نگل لیا

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس پھر سر اُٹھانے لگا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 614 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس ایک بار پھر پھیلنے لگا ہے، اس مہلک وائرس کی وجہ سے ریاست کیرالہ میں تین لوگوں کی جان چلی گئی۔

    مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق کووِڈ نائنٹین کے چھ سو چودہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر کرونا کیسز کی تعداد 2311 ہو گئی ہے، اور یہ یہ رواں سال 21 مئی کے بعد سے ہندوستان میں 24 گھنٹوں‌ کے دوران کرونا کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

    بھارتی وزارت صحت نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک بھر میں ماسک ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس کے مطابق تمام بزرگ شہریوں اور ایک سے زائد بیماریوں کے شکار افراد کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے ایک نئے ویریئنٹ JN.1 کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، جس نے نئے خدشات کو جنم دیا ہے۔ بھارت بھر میں اب تک اس ذیلی قسم کے 21 کیسز کا پتا چلا ہے۔ دوسری طرف ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 9 دنوں میں بھارت میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے۔

  • کرونا وائرس کس جانور سے پھیلا تھا؟ نئی تحقیق

    کرونا وائرس کس جانور سے پھیلا تھا؟ نئی تحقیق

    کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب اب تک مختلف جانوروں کو قرار دیا جاتا رہا تھا، اب اس سلسلے میں ماہرین نے ایک اور تحقیق کی ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے سائنسدان کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے اہم معلومات سامنے لے آئے ہیں۔

    سائنسدانوں نے کورونا وائرس پھیلانے والے جانور کی شناخت کر لی ہے، سائنسدانوں کے مطابق ریکون ڈوگ نامی ایک ممالیہ جانور کوویڈ 19 پھیلانے کا سبب بنا۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق سائنسدانوں نے چین کے شہر ووہان کی ہوانان سی فوڈ مارکیٹ میں موجود جانوروں کے جینیاتی نمونوں کا ڈیٹا جمع کر کے تجزیہ کیا۔

    سائنسدانوں نے ریکون ڈوگ نامی ممالیہ جانور کے ڈی این اے کا بھی تجزیہ کیا، اس جانور کے ڈی این اے کے تجزیے سے یہ بات سامنے آئی کہ یہی جانور کرونا وائرس پھیلانے کا سبب بنا۔

    سائنسدانوں کا شروع سے خیال تھا کہ کرونا وائرس چین کے شہر ووہان کی وائلڈ لائف مارکیٹ سے کسی جانور کے ذریعے انسانوں میں پھیلنا شروع ہوا مگر اب تک اس کا ثبوت نہیں مل سکا تھا۔

    گزشتہ سال چینی سائنسدانوں نے اس مارکیٹ میں موجود جانوروں کا جینیاتی ڈیٹا عالمی ڈیٹا بیس کے لیے جاری کیا تھا۔

    ریکون ڈوگ نامی ممالیہ جانور کے علاوہ دیگر ممالیہ جانداروں کے نمونوں میں بھی کرونا وائرس ملا ہے لیکن سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ ریکون ڈوگ نامی ممالیہ جانور سے ہی کرونا وائرس انسانوں میں منتقل ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ 2019 میں چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے پوری دنیا کو بری طرح متاثر کیا جس سے انسانی جانوں کے ضیاع سمیت عالمی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فی صد رہی

    پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فی صد رہی

    اسلام آباد: وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے دوران پاکستان میں کووِڈ نائنٹین سے صحت یابی کی شرح 98 فی صد رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد ایک ہزار 60 ہے، جب کہ ملک میں 15 لاکھ 46 ہزار 553 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے ایک ہزار 35 مریض قرنطینہ ہیں، سندھ میں قرنطینہ مریضوں کی تعداد 563 ہے، خیبر پختون خوا میں 45، پنجاب میں 202، بلوچستان میں 3، وفاقی دارالحکومت میں 191، آزاد کشمیر میں 6، جب کہ گلگت بلتستان میں 25 مریض قرنطینہ میں ہیں۔

    ملک بھر میں کرونا کے 25 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، خیبر پختون خوا میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 6 ہے، پنجاب میں 5، سندھ میں 14 مریض زیر علاج ہیں، جب کہ اسلام آباد، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کرونا کا کوئی مریض زیر علاج نہیں ہے۔

    کرونا کی یومیہ بلند ترین 100 فی صد شرح حیدر آباد میں ریکارڈ، ایک ٹیسٹ وہ بھی پازیٹو

    وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے 3 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، جن میں سے پنجاب میں 2 اور سندھ میں ایک مریض شامل ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 4 مریض ہائی فلو اور 9 لو فلو آکسیجن پر زیر علاج ہیں۔

  • کرونا کی یومیہ بلند ترین 100 فی صد شرح حیدر آباد میں ریکارڈ، ایک ٹیسٹ وہ بھی پازیٹو

    کرونا کی یومیہ بلند ترین 100 فی صد شرح حیدر آباد میں ریکارڈ، ایک ٹیسٹ وہ بھی پازیٹو

    اسلام آباد: کرونا وائرس کی یومیہ بلند ترین 100 فی صد شرح حیدر آباد میں ریکارڈ کی گئی ہے، چوبیس گھنٹوں میں ایک ٹیسٹ کیا گیا، وہ بھی پازیٹو نکلا۔

    ملک کے بڑے شہروں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی مانیٹرنگ جاری ہے، قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، سندھ کے شہر حیدرآباد میں صرف ایک ٹیسٹ کیا گیا جو پازیٹو نکلا۔

    ذرائع کے مطابق 24 گھنٹوں میں کراچی میں کرونا کی شرح 35.38 فی صد ریکارڈ کی گئی، پشاور میں کیسز کی شرح 11.63 فی صد رہی، اسلام آباد میں 5.62 فی صد اور لاہور میں یومیہ کرونا شرح 3.64 رہی۔

    راولپنڈی میں 2.78 فی صد، مظفر آباد، میرپور، کوئٹہ میں کرونا شرح صفر ریکارڈ، اسکردو 2.22، گلگت، دیامر، ایبٹ آباد، بنوں، مردان، صوابی، نوشہرہ، سوات میں یومیہ کرونا شرح صفر ریکارڈ ہوئی۔

    24 گھنٹے کے دوران بہاولپور میں کرونا شرح 3.23، گجرات میں 1.88 فی صد، گوجرانوالہ، جہلم، فیصل آباد، ملتان، اور سرگودھا میں بھی شرح صفر ریکارڈ کی گئی۔

  • کن ممالک کی جانب سے چین سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں

    بیجنگ: چین میں کرونا وائرس کیسز میں ایک بار پھر زبردست اضافے کی وجہ سے کئی اہم ممالک کی جانب سے چین سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا بھر کے حکام چین سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کر رہے ہیں، یا پابندیوں پر غور کیا جا رہا ہے، کیوں کہ چین میں کووِڈ 19 کے کیسز میں ’’صفر-کووِڈ‘‘ قانون میں نرمی کے بعد بے حد اضافہ ہو گیا ہے۔

    ممالک کی طرف سے یہ کہا جا رہا ہے کہ چین کی جانب سے کرونا کیسز کے ڈیٹا کے حوالے سے درست معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے انھیں انفیکشن کی بڑھتی لہر سے متعلق تشویش ہے۔

    گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور چینی حکام میں ملاقات ہوئی تھی، جس میں چین پر کرونا کے نئے کیسز کا ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے زور دیا گیا، تاکہ دیگر ملک اس حوالے سے مؤثر حکمت عملی ترتیب دے سکیں۔

    ادھر چین نے اپنے کووِڈ ڈیٹا پر تنقید کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وائرس میں تغیر کے باعث توقع ہے کہ مستقبل میں اس کی منتقلی تو تیز ہو لیکن انفیکشن کی شدت کم ہوگی۔

    جن ممالک کی جانب سے چین سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کی جا رہی ہے ان میں امریکا، برطانیہ اور فرانس سمیت کئی ممالک شامل ہیں۔ امریکا چین سے آنے والے مسافروں پر 5 جنوری سے لازمی ٹیسٹ کی پابندی لگائے گا، دو سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام فضائی مسافروں کو چین، ہانگ کانگ یا مکاؤ سے روانگی سے دو دن قبل ٹیسٹ کے منفی نتائج کی ضرورت ہوگی۔

    برطانوی محکمہ صحت نے جمعہ کو کہا کہ 5 جنوری سے چین سے آنے والے مسافروں سے قبل از روانگی منفی کووِڈ 19 ٹیسٹ رپورٹ طلب کی جائے گی۔ فرانسیسی وزارت صحت اور ٹرانسپورٹ نے جمعہ کو کہا کہ فرانس بھی چین سے آنے والے مسافروں کو روانگی سے 48 گھنٹے قبل کی منفی رپورٹ طلب کرے گا۔

    آسٹریلیا کے وزیر صحت مارک بٹلر نے اتوار کے روز کہا کہ آسٹریلیا بھی چین سے آنے والے مسافروں پر 5 جنوری سے منفی کرونا ٹیسٹ رپورٹ کی پابندی لگائے گا۔ بھارتی وزیر صحت کے مطابق ان کے ملک نے چین، ہانگ کانگ، جاپان، جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ سے آنے والے مسافروں کے لیے کووِڈ 19 کی منفی ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار دی ہے۔

    کینیڈا، جاپان، اٹلی، جنوبی کوریا اور اسپین نے بھی چین سے آنے والے مسافروں کے لیے منفی ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار دیا ہے۔

  • چین : ایک دن میں کورونا کیسز میں ہوشربا اضافہ، ہزاروں لوگ مبتلا

    چین : ایک دن میں کورونا کیسز میں ہوشربا اضافہ، ہزاروں لوگ مبتلا

     بیجنگ : چینی حکومت کی جانب سے کورونا لاک ڈاؤن کی سخت ترین پابندیوں کے باجود ہزاروں کی تعداد میں چینی شہری وائرس کا شکار ہورہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں کورونا وائرس کے یومیہ ریکارڈ نے حکومت کو مشکل میں ڈال دیا، گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 31 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک کی سب سے بڑی شرح ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین میں سخت زیرو کووڈ پالیسی کے باوجود کرونا زور پکڑنے لگا، ایک دن میں ریکارڈ 31 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    شنگھائی لاک ڈاؤن: چین میں بےروزگاری انتہائی بلند سطح پر - BBC News اردو

    چین میں کوویڈ19 کے آغاز کے بعد سے اب تک آج کی تاریخ میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں، 24 گھنٹوں میں 31ہزار 527 افراد کرونا میں مبتلا ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق کورونا کے سب سے زیادہ مریض دارالحکومت بیجنگ اور تجارتی حب گوانگ ژو میں سامنے آئے جبکہ دیگر شہروں میں بھی سینکڑوں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

    کورونا بحران: چین میں وبا کے آغاز سے اب تک کے سب سے زیادہ کیسز، ڈبلیو ایچ او کا چوتھی لہر کا انتباہ

    چین کے شہر زینگژو میں لاک ڈاؤن نافذ کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چین نے کوویڈ کی پابندیوں میں کچھ نرمی کی تھی جس کے بعد کورونا کیسز میں تیزی آئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جاری کردہ ہدایت میں شہریوں کو عوامی مقامات، اجتماعات اور ریسٹورنٹس جانے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔

    چین: لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا کیسز کی 6 ماہ میں بلند ترین سطح

    خبرایجنسی کے مطابق زہینگزہو میں موبائل فون فیکٹری کے 20 ہزار سے زائد ملازمین ملازمت چھوڑ کرچلے گئے۔ ملازمین نے دو روز قبل تنخواہوں کی عدم فراہمی، کورونا پابندیوں کیخلاف احتجاج کیا تھا۔