Tag: Covid-19

  • کرونا وبا کے دوران ارب پتیوں کی دولت میں کتنا اضافہ ہوا؟

    کرونا وبا کے دوران ارب پتیوں کی دولت میں کتنا اضافہ ہوا؟

    نیروبی: دنیا سے غربت کے خاتمے پر مرتکز بین الاقوامی تنظیم آکسفیم نے کہا ہے کہ دسمبر 2021 تک امیر ترین افراد کی دولت 7 کھرب ڈالر سے بڑھ کر 15 کھرب ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آکسفیم کنفیڈریشن نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں‌کہا گیا ہے کہ وبا کے گزشتہ 2 سال کے دوران دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی دولت دُگنی ہو چکی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایلون مسک، جیف بیزوس سمیت دنیا کے دس امیر ترین آدمیوں کی دولت کرونا وبا سے قبل 700 ارب ڈالرز تھی جو اَب 1500 ارب ڈالرز ہوگئی ہے۔

    فوربز میگزین کے ارب پتیوں کی فہرست سے لیے گئے اعداد و شمار کے مطابق وبا سے قبل 20 مہینوں میں ٹیسلا موٹرز کے مالک ایلون مسک کی دولت میں 10 گنا اضافہ ہوا اور وہ 294 بلین ڈالرز تک پہنچ گئی۔

    اسی عرصے کے دوران جب وال سٹریٹ پر ٹیکنالوجی کے ذخائر بڑھ رہے تھے، ایمازون کے مالک جیف بیزوس کی دولت 67 فی صد بڑھ کر 203 بلین ڈالر ہو گئی، فیس بک کے مارک زکربرگ کی دولت دگنی ہو کر 118 بلین ڈالر ہو گئی، جب کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی دولت 31 فی صد بڑھ کر 137 بلین ڈالر ہو گئی۔

    آکسفیم کی رپورٹ کے مطابق وبا کے دوران ہی دوسری طرف دنیا بھر میں عدم مساوات کے باعث نہ صرف غربت بڑھی بلکہ ہر 4 سیکنڈز میں ایک موت بھی واقع ہوئی۔

  • امریکی ریاست میں اومیکرون ویکسین نہ لگوانے والے بچوں کو نشانہ بنانے لگا

    امریکی ریاست میں اومیکرون ویکسین نہ لگوانے والے بچوں کو نشانہ بنانے لگا

    جارجیا: امریکی ریاست جارجیا میں اومیکرون ویرینٹ ان بچوں کو متاثر کرنے لگا ہے جنھیں کرونا ویکسین نہیں لگائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں اومیکرون ویرینٹ سے بچے متاثر ہونے لگے ہیں، ریاست جارجیا میں اسپتال اومیکرون سے متاثرہ بچوں سے بھر چکے ہیں۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نیا ویرینٹ 5 سال سے کم عمر بچوں کے لیے خطرہ بن رہا ہے کیوں کہ اس عمر کے بچوں کو ویکسین نہیں لگائی جا رہی، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اسپتال آنے والے بچوں میں اومیکرون کی معمولی علامات دیکھی گئیں۔

    ماہرین کے مطابق اومیکرون کی وجہ سے بچوں میں کووِڈ کے کیسز میں تشویش ناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے کیوں کہ علامات والے بچوں کی مجموعی تعداد گزشتہ ڈیلٹا ویرینٹ کے مقابلے میں بڑھ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں اومیکرون سے 7 بچوں کی ہلاکت نے دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، مرنے والوں بچوں کی عمر 7 سے 12 سال تھی۔

    ماہرین نے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے گائیڈ لائنز بھی جاری کی ہیں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جتنا ہو سکے بچوں کو ہجوم والی جگہ سے دور رکھیں، انھیں باہر کسی بھی جگہ کو ہاتھ لگانے سے روکیں، ماسک اور سینیٹائزر کے بغیر بچوں کو باہر نہ نکالیں، اپنے بچوں کو صحت بخش خوراک دیں تاکہ جسم کا قدرتی مدافعتی نظام مضبوط رہے ، اور انھیں جسمانی ورزش میں شامل کرنا بھی ضروری ہے۔

  • کرونا وائرس سے دماغ کو شدید نقصان پہنچنے کا انکشاف

    کرونا وائرس سے دماغ کو شدید نقصان پہنچنے کا انکشاف

    اب تک کی مختلف تحقیقات سے علم ہوا ہے کہ کرونا وائرس جسم کے تقریباً ہر حصے کو نقصان پہنچاتا ہے، اب حال ہی میں دماغ کو پہنچنے والے ایک اور نقصان کی نشاندہی کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا کہ کووڈ 19 کے باعث اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں میں مختصر مدت تک خون میں ایسے پروٹین کی سطح بہت زیادہ ہوتی ہے جو دماغی نقصان کا باعث سمجھے جاتے ہیں۔

    نیویارک یونیورسٹی گروسمین اسکول آف میڈیسین کی تحقیق میں بتایا گیا کہ درحقیقت کووڈ کا مرض معمر افراد کے دماغ کو الزائمر امراض سے زیادہ نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتا ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ بیماری کے بعد مختصر وقت تک ان پروٹین کی سطح دیگر بیماریوں بشمول الزائمر سے متاثر افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ اس تحقیق میں مارچ سے مئی 2020 کے دوران بیمار ہونے والے مریضوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔

    مریضوں میں مسقبل میں الزائمر امراض کا خطرہ تو نہیں بڑھ جاتا یا وہ وقت کے ساتھ ٹھیک ہوجاتے ہیں، اس کا تعین کرنے کے لیے طویل المدتی تحقیقی رپورٹس کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔

    تحقیق میں کووڈ 19 کے مریضوں میں ایسے 7 پروٹینز کی زیادہ سطح کو دریافت کیا گیا جن کو بیماری کے دوران دماغی علامات کا سامنا تھا اور ان میں ہلاکتوں کی شرح بھی کووڈ سے متاثر دیگر افراد (جن کو دماغی علامات کا سامنا نہیں ہوا) سے زیادہ تھی۔

    مزید تجزیے میں دریافت کیا گیا کہ دماغ کو نقصان پہنچنانے والے یہ اشاریے مختصر مدت تک الزائمر کے شکار افراد سے بھی زیادہ ہوتے ہیں، بلکہ ایک کیس میں یہ شرح دگنے سے بھی زیادہ تھی۔

    ماہرین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں بالخصوص دماغی و اعصابی علامات کا سامنا کرنے والے افراد میں دماغی نقصان پہنچانے والے عناصر کی شرح زیادہ ہوتی ہے بلکہ الزائمر کے مریضوں سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔

    اس تحقیق میں 251 افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کی اوسط عمر 71 سال تھی مگر ان میں دماغی تنزلی یا ڈیمینشیا کی علامات کووڈ سے بیمار ہونے سے قبل نہیں تھیں۔

    ان مریضوں کو دماغی علامات ہونے یا نہ ہونے ، صحتیاب اور ڈسچارج ہونے یا ہلاکت جیسے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

    161 افراد کے کنٹرول گروپ (54 دماغی طور پر صحت مند، 54 میں معمولی دماغی مسائل اور 53 میں الزائمر کی تشخیص ہوئی تھی) میں کووڈ کی تشخیص ہوئی تھی۔

    ان میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دماغی انجری کی جانچ پڑتال کی گئی اور خون کے نمونوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    ماہرین نے دماغی علامات کا سامنا کرنے والے مریضوں کے خون میں 7 پروٹینز کی زیادہ مقدار کو دریافت کیا جن میں یہ شرح ان علامات کا سامنا نہ کرنے والے افراد کے مقابلے میں 60 فیصد زیادہ تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ نتائج کا مطلب یہ نہیں کہ کووڈ کے مریض میں الزائمر یا ڈیمینشیا سے متعلق کسی عارضے کا امکان مستقبل میں ہوسکتا ہے، مگر خطرہ ضرور بڑھ سکتا ہے۔

  • محکمہ صحت سندھ کا اسکولوں میں کرونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ

    محکمہ صحت سندھ کا اسکولوں میں کرونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ صحت سندھ نے اسکولوں میں کرونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے محکمہ صحت نے اسکولوں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح معلوم کرنے کے لیے کرونا کے لیے نمونے اکھٹے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کی جانب سے اس سلسلے میں تمام ڈی ایچ اوز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہر ضلع کے اسکولوں سے 100 سیمپل اکٹھے کیے جائیں گے۔

    حاصل شدہ کرونا سیمپل ڈاؤ اسپتال کی کرونا لیب بھیجے جائیں گے، جہاں ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا اور پھر نتائج سے محکمہ صحت سندھ ٹاسک فورس کو آگاہ کیا جائے گا۔

    محکمہ صحت کے مطابق کرونا کیسز کی شرح کے پیش نظر اسکول بند یا کھلے رکھنے کا فیصلہ ہوگا، بتایا گیا ہے کہ اسکول کھلے یا بند رکھنے کا فیصلہ سندھ کرونا ٹاسک فورس کرے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ صوبے بھر میں اسکول فی الوقت کھلے رہیں گے اور تعلیمی سلسلہ جاری رہے گا۔

    سندھ ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو سرکاری افسران فیس ماسک کے استعمال کو یقینی نہیں بنائیں گے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ کاٹی جائے۔

  • ماہرامراض اطفال پروفیسر صلاح الدین شیخ کرونا سے انتقال کر گئے

    ماہرامراض اطفال پروفیسر صلاح الدین شیخ کرونا سے انتقال کر گئے

    کراچی: مشہور ماہرامراض اطفال پروفیسر صلاح الدین شیخ کرونا انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث ایک اور ڈاکٹر کی جان چلی گئی، معروف پیڈیاٹریشن پروفیسر صلاح الدین شیخ انتقال کر گئے۔

    پروفیسر صلاح الدین آغا خان اسپتال سے وابستہ تھے، مرحوم شعبہ پیڈیاٹرکس میں خدمات انجام دے رہے تھے، اور گزشتہ چند روز سے کووِڈ نائٹین کے باعث زیر علاج تھے، تاہم کرونا انفیکشن سے جاں بر نہ ہو سکے۔

    سربراہ سندھ انسٹی ٹیویٹ آف چائلڈ ہیلتھ ڈاکٹر جمال رضا کے مطابق پروفیسر صلاح الدین کا شمار پاکستان کے سینئر ماہر امراض اطفال میں ہوتا تھا۔

    کرونا کے وار، صورت حال خطرناک ہونے لگی

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا کیسز کی مثبت شرح ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے اور صورت حال ایک بار پھر خطرناک ہونے لگی ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 27 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 20 ہزار 120 ہو گئی۔

    کراچی شہر میں بھی ایک طرف کرونا مثبت شرح بلند ترین ہے، تاہم دوسری طرف ویکسینیشن کے حوالے سے شہریوں کی عدم دلچسپی برقرار نظر آتی ہے، میگا سینٹر سمیت متعدد مراکز میں گنتی کے شہریوں کی آمد دیکھی گئی، ایس او پیز پر بھی عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔

    ویکیسنیشن مراکز پر عملہ موجود ہے لیکن شہری نظر نہیں آتے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اپیل کے باوجود شہریوں کی عدم دل چسپی برقرار ہے، خالق دینا ہال، ایکسپو، جناح اسپتال، ڈاؤ یونیورسٹی سمیت متعدد مراکز پر شہریوں کا رش نہ ہونے کے برابر ہے، اور شہر کی بڑی آبادی تاحال ویکسینیشن سے نہیں کرا سکی ہے۔

  • کرونا کے علاج کے لیے دو نئی ادویات کی منظوری

    کرونا کے علاج کے لیے دو نئی ادویات کی منظوری

    عالمی ادارۂ صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن) نے کرونا انفیکشن کے دو عدد نئے طریقہ علاج کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کرونا کے شدید انفیکشن میں مبتلا مریضوں کے لیے دو ادویات کے مرکب پر مبنی علاج کی منظوری دے دی۔

    برٹش میڈیکل جرنل کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ جوڑوں کے درد کی دوا باریسیٹینیب (baricitinib) کو ایک اور دوا کورٹیکوسٹیرائیڈز (corticosteroids) کے ساتھ کرونا کے شدید مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دوا کے استعمال سے انفیکشن میں مبتلا مریضوں کے زندہ رہنے کے امکانات میں اضافہ ہوتا ہے اور وینٹی لیٹرز کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔

    طبی ماہرین نے کم مدافعت رکھنے والے افراد کے لیے مصنوعی اینٹی باڈی ٹریٹمنٹ سوٹروویمیب Sotrovimab کی بھی سفارش کی ہے۔

    تاہم عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ اومیکرون ویرینٹ کے خلاف اس علاج کی تاثیر ابھی تک غیر یقینی ہے۔ بدھ کو ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے کہا تھا کہ اومیکرون ڈیلٹا کے مقابلے میں کم شدید بیماری کا سبب بنتا ہے، لیکن یہ ایک خطرناک وائرس ہے – خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو ویکسین نہیں لگا رہے ہیں۔

  • بھارت کے اہم ٹورنامنٹ پر کرونا کا حملہ

    بھارت کے اہم ٹورنامنٹ پر کرونا کا حملہ

    نئی دہلی: عالمی وبا کرونا کے بھارت میں وار جاری ہے، بیڈمنٹن کے ٹاپ سیڈ سمیت کئی کھلاڑی کرونا سے متاثر ہوگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی چیمپئن شپ میں بھارت کے لئے چاندی کا تمغہ جیتنے والے ٹاپ سیڈ کھلاڑی کدامبی سری کانت سمیت سات بیڈمنٹن کھلاڑی کرونا سے متاثر ہوئے اور انہیں ٹورنامنٹ سے علیحدہ کردیا گیا ہے۔India Open Badminton: Srikanth Among 7 to Test Covid Positive, Withdrawnمتاثر پائے گئے کھلاڑیوں میں سری کانت، اشونی پونپا، ریتیکا راہل ٹھکر، تریسا جالی، متھون منجوناتھ، سمرن امن سنگھی اور خوشی گپتا شامل ہیں، اس سے قبل 2019 عالمی چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے بی سی پرنیت نے کرونا سے متاثر ہونے کے بعد ٹورنامنٹ سے اپنا نام واپس لے لیا تھا۔

    بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف) نے کھلاڑیوں میں کرونا کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ کرونا مثبت آنے والے کھلاڑی کے حریفوں کو "واک اوور” مل گیا ہے۔

    بی ڈبلیو ایف کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ان کھلاڑیوں کے گذشتہ روز پی سی آر ٹیسٹ کئے گئے تھے، تمام کی رپورٹ مثبت آئیں، ان میں ڈبلز کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

    اس سے قبل انگلینڈ کی پوری بیڈ منٹن ٹیم اس وقت ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوئی جب ان کے دو کھلاڑیوں اور کوچ کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

  • حکومت نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی افواہوں کو مسترد کر دیا

    حکومت نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی افواہوں کو مسترد کر دیا

    اسلام آباد: حکومت نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی افواہوں کو مسترد کر دیا۔

    وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا تعلیمی اداروں یا باقی جگہوں کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا ملک میں کچھ بھی بند نہیں ہوگا، اس سلسلے میں غلط فہمی نہ پھیلائی جائے، پاکستانی معیشت اس کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

    دریں اثنا، ملک میں ویکسینیشن کا ایک اور سنگ میل عبور ہو گیا ہے، 10 کروڑ افراد کو کرونا ویکسین کی کم ازکم ایک ڈوز اور ساڑھے 7 کروڑ افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی۔

    کورونا ویکسینیشن ، پاکستان نے ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ابھی کام مکمل نہیں ہوا ہے، ہمیں ویکسین لگانے کی رفتار برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وبا کے پھیلاؤ میں ایک بار پھر شدت آنے لگی ہے، اور گزشتہ ایک دن میں 1400 سے زائد کیسز اور 2 اموات ریکارڈ کی گئیں، جب کہ کئی شہروں میں اومیکرون ویرینٹ بھی پھیلنے لگا ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا صورت حال کی تازہ اعدادو شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے مزید 2 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں، جس کے بعد کرونا سے اموات کی تعداد 28 ہزار 974 ہوگئی۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 43 ہزار 540 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے ایک ہزار 467 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، اس دوران کرونا کے ٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح 3.33 فی صد ہوگئی۔

  • بھارتی وزیر دفاع کرونا کا شکار

    بھارتی وزیر دفاع کرونا کا شکار

    نئی دہلی: بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پڑوسی ملک بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ بھارتی وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ جو لوگ حال ہی میں میرے رابطے میں آئے ہیں، وہ اپنا ٹیسٹ کروائیں۔

    واضح رہے کہ دہلی میں اتوار کو 24 گھنٹوں میں 22,751 نئے کرونا کیسز کے ساتھ مثبت کیسز کی شرح (23 فی صد) میں اضافہ ہوا ہے۔

    بی جے پی کے سینیئر لیڈر نے آج دوپہر کو ایک ٹوئٹ میں اپنے کرونا ٹیسٹ کے مثبت نتیجے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انھیں معمولی نوعیت والی علامات ہیں۔

    راج ناتھ سنگھ نے کہا میں ان تمام لوگوں سے درخواست کرتا ہوں جو حال ہی میں میرے رابطے میں آئے ہیں، کہ وہ خود کو الگ تھلگ کریں اور کرونا ٹیسٹ کروائیں۔

    بھارت میں اتوار کو 1 لاکھ 79 ہزار تازہ کیسز کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، یومیہ مثبت کیسز کی شرح ملک میں 13.29 فی صد ہو گئی ہے، جب کہ تقریباً 10 دن پہلے ملک میں روزانہ اوسطاً دس یا پندرہ ہزار کیسز رجسٹر ہو رہے تھے۔

  • پاکستان میں کرونا کیسز 3 ماہ بعد بلند ترین سطح پر جا پہنچے

    پاکستان میں کرونا کیسز 3 ماہ بعد بلند ترین سطح پر جا پہنچے

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس نے ایک بار پھر پنجے گاڑھنا شروع کردئیے ہیں، مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے49 ہزار 658 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1572 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    این سی او سی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان مثبت کیسز کی شرح 3.16 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے جو کہ 3 ماہ میں بلند ترین سطح ہے۔

    این سی او سی کے مطابق ملک میں کرونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 16432 ہے، ملک کے 640 اسپتالوں میں کرونا کے 750 مریض زیر علاج ہے جن میں سے 67 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق کرونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 13 ہزار 79افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 7 ہزار 681، خیبرپختونخوا 5 ہزار 942، اسلام آباد 967، گلگت بلتستان 186، بلوچستان میں 367 اور آزاد کشمیر میں 747 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 86 ہزار740، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 715، پنجاب میں 4 لاکھ 47 ہزار 530، اسلام آباد میں ایک لاکھ 9ہزار 283، بلوچستان میں 33 ہزار 658، آزاد کشمیر میں 34 ہزار 702 اور گلگت بلتستان میں 10 ہزار 430 ہو گئی ہے۔