Tag: Covid-19

  • خوشخبری، اومیکرون کے خلاف نئی ویکسین تیار

    خوشخبری، اومیکرون کے خلاف نئی ویکسین تیار

    چینی کمپنی سائنو فارم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی تیار کردہ نئی پروٹین کووڈ 19 ویکسین کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے خلاف زیادہ مؤثر ہے۔

     متحدہ عرب امارات میں کی گئی تحقیق کے مطابق اس نئی ویکسین کو بوسٹر کے طور پر استعمال کرنے سے اومیکرون کے خلاف اینٹی باڈیز  سرگرمیوں میں 7 گنا اضافہ ہوتا ہے۔

    تحقیق کے دوران سائنوفارم کی پرانی ویکسین استعمال کرنے کے 6 ماہ بعد 192 صحت مند افراد کو نئی ویکسین بوسٹر ڈوز کے طورپر استعمال کرائی گئی تو اومیکرون کے خلاف لڑنے والی اینٹی باڈیز کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔

    تحقیق کے بعد کورونا وائرس کے اسپائیک پروٹین کے حصوں پر مشتمل اس نئی ویکسین کی متحدہ عرب امارات میں بوسٹر ڈوز کے طور پر استعمال کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    یو اے ای  میں اس ویکسین کو 18 سال سے زائد عمر کے ان افراد کو لگایا جائے گا جنھیں سائنوفارم ویکسین کی دو ڈوز لگے 6 ماہ یا اس سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہوگا۔

    یہ نتائج اس وقت سامنے آئے ہیں جب دنیا سائنو فارم ویکسین کی اومیکرون کے خلاف افادیت کے حوالے سے سوالات اٹھا رہی ہے۔

    اس ویکسین کی تیاری میں کورونا وائرس کے اسپائیک پروٹین کو استعمال کیا گیا تاکہ جسم وائرس کو شناخت کرکے اس کا زیادہ بہتر طریقے سے مقابلہ کرسکے۔

    ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے کورونا کی متعدد اقسام کے خلاف تحفظ مل سکے گا۔

    اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں تو شائع نہیں ہوئے تاہم آن لائن پری پرنٹ سرور پر جاری کردیے گئے ہیں۔

  • رواں سال موڈرنا کی ایک اور بوسٹر ڈوز کی ضرورت

    رواں سال موڈرنا کی ایک اور بوسٹر ڈوز کی ضرورت

    امریکی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی موڈرنا کے سی ای او اسٹیفن بینسل نے کہا ہے کہ لوگوں کو 2022 کے موسم خزاں میں ایک اور بوسٹر کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

    موڈرنا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جمعرات کو گولڈمین ساکس کے زیر اہتمام ہیلتھ کیئر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف بوسٹرز کی افادیت اگلے چند مہینوں میں کم ہونے کا امکان ہے، اور لوگوں کو رواں برس کے موسم خزاں میں ایک اور شاٹ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

    بینسل نے کہا کہ کمپنی ایک اور کرونا ویکسین پر کام کر رہی ہے جو وائرس کے اومیکرون ویرینٹ کے لیے ہے، لیکن اگلے 2 مہینوں میں اس کے دستیاب ہونے کا امکان نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا مجھے پورا یقین ہے کہ ہمیں رواں برس کے موسم خزاں اور آگے بھی بوسٹرز کی ضرورت پڑے گی۔

    موڈرنا کے سی ای او کا چوتھی ڈوز کی ضرورت کے بارے میں یہ بیان اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے بیان کے بعد آیا ہے جنھوں نے منگل کے روز ایک اسٹڈی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا ویکسین کی چوتھی ڈوز لگنے کے ایک ہفتے بعد اینٹی باڈیز کو 5 گنا بڑھا دیتی ہے۔

  • ‘میرا نام کووِڈ کپور ہے’ بھارتی شہری کی زندگی مشکل میں پڑ گئی

    ‘میرا نام کووِڈ کپور ہے’ بھارتی شہری کی زندگی مشکل میں پڑ گئی

    کرونا وائرس نے دنیا بھر میں ہلاکت خیز ہنگامہ تو مچا ہی رکھا ہے، تاہم بھارت میں اس وائرس کے نام کی وجہ سے ایک شہری کی زندگی بھی مشکل میں پڑ گئی ہے، کیوں کہ ان کے نام میں بھی کووڈ آتا ہے، ایک ایسا نام جس کا ذکر سن کر سبھی گھبرا جاتے ہیں۔

    اس بھارتی شہری کا نام کووِڈ کپور ہے’ تاہم نئے کرونا وائرس کے سائنسی نام کا ابتدائی حرف ’ C ‘ ہے جب کہ شہری کا نام ’K ‘ سے شروع ہوتا ہے۔

    2019 کے اواخر میں چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے وائرس نے ہر جانب تباہی مچا رکھی ہے، تب سے 30 سالہ ’کووِڈ کپور‘ کی زندگی بھی اجیرن ہو گئی ہے، ان کے نام کے سلسلے میں لوگوں نے انھیں بھی ‘انسان سے وائرس’ بنا دیا ہے۔

    اس سلسلے میں کووِڈ کپور نے ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ کرونا وائرس نے اُن کی زندگی کافی مشکل بنا دی ہے، اُن کا نام بھی کووِڈ ہے جسے وہ ’کے ‘ سے لکھتے ہیں، لیکن کرونا وائرس آنے کے بعد اُن کا نام بھی لوگ Covid والے ’ C ‘ سے لکھنے لگے ہیں۔

    ٹوئٹ میں کپور نے کہا کہ وہ کافی عرصے کے لاک ڈاؤن کے بعد جب گھر سے باہر نکلے تو ہر کوئی اُن کا نام سُن کر حیران نظر آ رہا تھا، لیکن ابھی تو اُس وقت صحیح مزہ آئے گا جب میں بین الاقوامی سفر پر جاؤں گا۔

    کووِڈ کپور نے ٹوئٹ میں جنم دن کے کیک کی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس پر اس کے دوست نے ان کا نام ’C‘ سے Covid لکھوایا۔

  • کورونا ویکسین کی  گیارہ خوراکیں: بھارتی شہری پکڑا گیا

    کورونا ویکسین کی گیارہ خوراکیں: بھارتی شہری پکڑا گیا

    بہار : بھارت میں ہیلتھ ورکرز نے ایک ایسے شخص کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جب وہ کورونا ویکیسن کا بارہواں ٹیکہ لگوانے ہیلتھ کیئر سنٹر پہنچا۔

    بھارتی ریاست بہار کا رہائشی 84سالہ برہم دیو منڈل مختلف شناختی کارڈز اور اپنے رشتہ داروں کے موبائل فون نمبرز کا استعمال کرتے ہوئے گیارہ خوراکیں حاصل کرچکا ہے۔

    انڈین میڈیا کے مطابق محکمہ ڈاک سے ریٹائرڈ عمر رسیدہ منڈل نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی ویکسین کی خوراک گذشتہ سال 13 فروری کو لگوائی تھی۔ جس کے بعد انہوں نے مارچ، مئی، جون، جولائی اور اگست میں بھی ایک ایک خوراک لگوائی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق برہم دیو منڈل نے ضرورت سے زیادہ ویکسین لگوانے کی اپنی اس انوکھی خواہش کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کا شاندار اقدام ہے۔

    ہر ماہ مسلسل سات خوراکیں حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے ہی تین مختلف شناختی کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے صرف ستمبر میں ہی تین شاٹس لگوائیں اور اب تک مجموعی طور پر انہیں ویکسین کی 11 شاٹس لگ چکی ہیں اور وہ ہر خوراک کے بعد بہتر محسوس کرتے ہیں۔

    بزرگ شہری نے اپنے بیان میں یہ دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس کے لیے اپنا آدھار کارڈ اور موبائل فون نمبر کم از کم آٹھ بار استعمال کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنا ووٹر کارڈ اور اپنی بیوی کا موبائل نمبر بھی تین بار استعمال کیا۔

    یاد رہے کہ بھارتی حکومت تمام شہریوں کے لیے کورونا کی دو خوراک ہی تجویز کرتی ہے تاہم 10 جنوری سے صحت کے شعبے، فرنٹ لائن ورکرز اور 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے بوسٹر شاٹس کی اجازت دی گئی ہے۔

    یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد علاقے کے ضلعی حکام نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جس سے معلوم ہوگا کہ منڈل اتنی زیادہ شاٹس کیسے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

  • کویت کے وزیر صحت کرونا وائرس کا شکار

    کویت کے وزیر صحت کرونا وائرس کا شکار

    کویت سٹی: کویت کے وزیر صحت خالد السعید کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، کویت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویتی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ وزیر صحت خالد السعید کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح معمول کے مطابق وزیر صحت کا ٹیسٹ ہوا تھا، رپورٹ آنے پر پتہ چلا کہ وہ وائرس کی زد میں آگئے ہیں، وزیر صحت نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے اور آن لائن فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ 4 ہفتوں کے دوران کویت میں کرونا وائرس کے کیسز غیر معمولی حد تک بڑھ گئے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں 2 ہزار 413 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ 9 دسمبر سے اب تک صرف 20 کیسز رپورٹ ہوئے تھے تھے۔

  • کرونا انسانوں سے جانوروں میں منتقل ہونے لگا

    کرونا انسانوں سے جانوروں میں منتقل ہونے لگا

    اوہائیو: کرونا وائرس اب انسانوں سے جانوروں میں بھی منتقل ہونے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں کووِڈ 19 کی اب وبا جنگلی حیوانات میں بھی پھیلنا شروع ہو گئی ہے، انسان سے حیوانات میں پھیلنے والی یہ وبا خاص طور پر ہِرنوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔

    سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ہرنوں میں کرونا وائرس کا پھیلنا انسانوں کے لیے پریشانی کا سبب بن سکتا ہے، امریکا میں کی گئی تحقیق کے مطابق کم از کم 6 کیسز میں انسانوں سے ہرنوں میں کووِڈ 19 کی منتقلی کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اس سلسلے میں اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے محققین نے شمال مشرقی اوہائیو کے 9 مختلف علاقوں میں 360 جنگلی سفید دم والے ہرنوں کی ناک سے نمونے لیے تھے، 6 مقامات پر 35 فی صد سے زیادہ ہرنوں میں وائرس کی کم از کم تین مختلف قسموں کا جینیاتی مواد پایا گیا۔

    سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہرنوں سے انسانوں کو وائرس کی منتقلی کا فی الوقت کوئی ثبوت موجود نہیں ہے لیکن ایسا ہونا ناممکن بھی نہیں ہے۔

    اگرچہ کرونا وائرس کے ہرن سے انسانوں میں پھیلنے کے کوئی کیسز رپورٹ نہیں ہوئے ہیں، تاہم محققین نے خبردار کیا ہے کہ اگر جانور وائرس کا ذریعہ بن جاتے ہیں تو ہرن میں وائرس کی گردش ممکنہ طور پر انسانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

    پینسلوانیا یونیورسٹی سے ماہرِ سمیات سریش کُچیپودی نے کہا ہے کہ وائرس کا جنگلی حیوانات میں موجود ہونا اور انسانوں کا اس سے بے خبر ہونا پریشان کن بات ہے، ایسے حالات میں ہم اچانک کسی نئے وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اوہائیو اور پینسلوانیا یونیورسٹیز کی تحقیقات نے ثابت کیا تھا کہ کووِڈ 19 وائرس انسانوں سے حیوانات کو منتقل ہو سکتا ہے۔

  • 12 سے 15 سال کے بچوں کو فائزر کی بوسٹر ڈوز

    12 سے 15 سال کے بچوں کو فائزر کی بوسٹر ڈوز

    واشنگٹن: امریکا میں 12 سے 15 سال کے بچوں کو فائزر کے بوسٹر شاٹس لگانے کی منظوری دے دی گئی۔

    امریکا کے متعدی امراض کی روک تھام اور بچاؤ کے ادارے سی ڈی سی نے فائزر ویکسین کے بوسٹر شاٹس بارہ سے پندرہ سال کی عمر کے بچوں کو لگوانے کی منظوری دے دی۔

    روئٹرز کے مطابق سی ڈی سی نے یہ فیصلہ ماہرین کی تجویز پر کیا ہے جن کے خیال میں کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز بارہ سے پندرہ سال کی عمر کے بچوں کو لگوائی جا سکتی ہے۔

    سی ڈی سی کی مشاورتی کمیٹی کے 13 اراکین نے اس کی حمایت کی، جب کہ کمیٹی کے ایک رکن نے اس فیصلے کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔ کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ سی ڈی سی کو 16 سے 17 سال کے نوجوانوں میں بوسٹر ڈوز لگوانے کی تجویز کو بھی تقویت دینی چاہیے۔

    سی ڈی سی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ بارہ سے سترہ سال کی عمر کے افراد کو فائزر کی دوسری ڈوز لگوانے کے پانچ ماہ بعد بوسٹر شاٹ لگوانا چاہیے۔

    کمیٹی میں اسرائیل کی وزارت صحت کی جانب سے بھی ڈیٹا پیش کیا گیا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ 12 سے 15 سال کے جن بچوں کو دوسری ڈوز لگوائے ہوئے 5 سے 6 ماہ گزر گئے تھے، ان میں بھی اومیکرون سے متاثر ہونے کی شرح اتنی ہی زیادہ تھی جتنی کے غیر ویکسین شدہ بچوں میں۔

    ڈیٹا کے مطابق بوسٹر شاٹ لگوانے کے بعد اومیکرون سے متاثر ہونے کی شرح میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔

    امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے بھی پیر کو 12 سے 17 سال کے بچوں کو بوسٹر شاٹ لگوانے کی اجازت دے دی تھی، تاہم فائزر اور موڈرنا ویکسین لگوانے سے بالخصوص جوان مردوں میں دل کی سوزش ‘مائیو کارڈائٹس’ کے کیسز سامنے آنے کے پیش نظر چند سائنس دانوں نے بوسٹر شاٹ لگوانے پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔

  • فرانس میں 46 جینیاتی تبدیلیوں والا کرونا وائرس کا نیاویرینٹ دریافت

    فرانس میں 46 جینیاتی تبدیلیوں والا کرونا وائرس کا نیاویرینٹ دریافت

    پیرس: فرانس میں سائنس دانوں نے کرونا وائرس کا نیا ویرینٹ دریافت کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس میں 46 جینیاتی تبدیلیوں والا کرونا وائرس کا نیا ویرینٹ دریافت ہوا ہے، آئی ایچ یو (IHU) نامی اس نئے بی وَن سِکس فور زیرو ٹو (B16402) ویرینٹ سے 12 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    نئے ویرینٹ نے جنوب مشرقی فرانس کے شہر مارسیلی میں شہریوں کو متاثر کیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس کا پہلا کیس افریقی ملک کیمرون کی سفری ہسٹری والے شخص سے منسلک تھا۔

    عالمی میڈیا کے مطابق آئی ایچ یو ویرینٹ پہلی بار پچھلے مہینے جنوبی فرانس میں پایا گیا تھا لیکن اب اس نے عالمی ماہرین کی توجہ حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔

    اس ویرینٹ کی دریافت کا سہرا مارسیلی میں مقیم میڈیٹرینی انفیکشن یونیورسٹی ہاسپٹل انسٹیٹیوٹ کے محققین کے سر ہے، جن کا کہنا ہے کہ اس ویرینٹ میں 46 میوٹیشنز ہوئی ہیں، جو اومیکرون سے بھی زیادہ ہیں۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نئے قسم کی نگرانی جاری ہے تاکہ پتا لگایا جا سکے کہ یہ کتنا خطرناک ہے۔

    ڈاکٹرز نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ زیادہ میوٹیشنز کی وجہ سے آئی ایچ یو موجودہ ویکسینز کے خلاف زیادہ مزاحمت کر سکتا ہے، تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ اس کے اثرات کے بارے میں یقین کے ساتھ کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

  • بوسٹر ڈوز لگوانے پر 100 ڈالر

    بوسٹر ڈوز لگوانے پر 100 ڈالر

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں اب بوسٹر ڈوز لگوانے پر شہریوں کو 100 ڈالر بھی ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک سٹی کے میئر بل ڈی بلاسیو نے اومیکرون سے محفوظ رہنے کے لیے کرونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوانے والے شہریوں کے لیے 100 ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔

    نیویارک کے سٹی میئر نے یہ اعلان شہریوں کی جانب سے عدم دل چسپی دیکھتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے۔

    کرونا کے خلاف جنگ میں نیویارک شہر کی جانب سے یہ تازہ ترین مالی ترغیب کا اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب شہر کرونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ کے زبردست پھیلاؤ کی وجہ سے کیسز میں بہت زیادہ اضافے سے نمٹ رہا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا میں کرونا کی نئی تبدیل شدہ شکل اومیکرون بجلی کی رفتار سے پھیل رہا ہے جس کی زد میں آ کر ایک غیر ویکسین شدہ شخص کا انتقال بھی ہو گیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اومیکرون سے بچنے کا واحد حل ویکسینیشن ہے، جن شہریوں نے ویکسین کے ٹیکوں کا کورس مکمل کر لیا ہے اب انھیں بوسٹر ڈوز لگوانے کی ترغیب دی جا رہی ہے اور کہیں کہیں سختی سے عمل درآمد بھی کرایا جا رہا ہے۔

    نیویارک میں کرونا کے نئے کیسز کے باعث دوبارہ پابندیاں بھی نافذ کی جا رہی ہیں۔

  • بوسٹر شاٹ لگوانے والے امریکی سیکریٹری دفاع کرونا سے متاثر

    بوسٹر شاٹ لگوانے والے امریکی سیکریٹری دفاع کرونا سے متاثر

    واشنگٹن: امریکا کے سیکریٹری دفاع لائیڈ آسٹن کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، انھوں‌ نے نہ صرف کرونا ویکسین کے 2 ڈوز لگوائے تھے بلکہ بوسٹر شاٹ بھی لیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سیکریٹری دفاع لائیڈ آسٹن کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا، جس کے بعد انھوں نے خود کو 5 دن کے لیے قرنطینہ کر لیا ہے۔

    عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سیکریٹری دفاع کرونا ویکسین کی دونوں ڈوز اور بوسٹر شاٹ بھی لگوا چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان میں کووِڈ 19 کی علامات ظاہر ہوئیں، تاہم یہ علامات معمولی نوعیت کی ہیں۔

    پینٹاگون کے چیف نے ایک بیان میں کہا کہ لائیڈ آسٹن اپنے گھر پر پانچ دن تک آئسولیٹ رہیں گے۔ لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ان کی مکمل ویکسینشین ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے انفیکشن بہت ہلکا ہے ورنہ دوسری صورت میں بہت شدید ہو سکتا تھا۔

    لائیڈ آسٹن قرنطینہ کے دوران اپنی تمام ذمہ داریاں بذریعہ ویڈیو لنک جاری رکھیں گے، واضح رہے کہ امریکا میں اومیکرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کے بعد کرونا کیسز میں نئے سرے سے بے انتہا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا میں کرونا کے 4 لاکھ 26 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 767 اموات بھی ریکارڈ کی گئی ہیں۔