Tag: Covid-19

  • ایپی ویک ویکسین کرونا کی خطرناک ترین اقسام کے خلاف بھی مؤثر

    ایپی ویک ویکسین کرونا کی خطرناک ترین اقسام کے خلاف بھی مؤثر

    سوچی: ایپی ویک کرونا ویکسین نہایت متعدی اور بھارتی اقسام ڈیلٹا اور ڈیلٹا پلس کو وِڈ ویرینٹس کے خلاف بھی مؤثر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی ویکسین EpiVacCorona کے بارے میں جمعرات کو اسٹیٹ ریسرچ سینٹر آف وائرولوجی کے سربراہ رینات ماکسیٹوف نے بتایا کہ یہ ویکسین کرونا وائرس کی تمام خطرناک اقسام کے خلاف مؤثر ہے، بشمول ڈیلٹا اور ڈیلٹا پلس اسٹرینز۔

    رینات ماکسیٹوف نے روسی شہر سوچی میں منعقدہ تیسری بین الاقوامی کانفرنس ’گلوبل بائیو سیکیورٹی چیلنجز‘ کے موقع پر کہا الفا، بیٹا، گاما، ڈیلٹا اور ڈیلٹا پلس چُنے ہوئے پیپٹائڈ کی ساخت میں اندر داخل نہیں ہوتے۔

    انھوں نے کہا کہ یہی پیپٹائڈ ہی ایپی ویک کرونا ویکسین کی بنیاد کی تشکیل کرتا ہے، اس لیے یہ وائرس میں آنے والی تبدیلیوں کے آگے مؤثر رہتی ہے۔

    خیال رہے کہ ڈیلٹا کرونا وائرس اسٹرین سب سے پہلے اکتوبر 2020 میں بھارت میں سامنے آیا تھا، جب کہ حال ہی میں سامنے آنے والے ڈیلٹا پلس ویرینٹ سے بھی بھارت میں متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

    آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز نے کہا تھا کہ ڈیلٹا اسٹرین ان افراد کو بھی متاثر کر رہا ہے جنھیں کوویکسین اور کووی شیلڈ ویکسینز لگ چکی ہیں، اس کے بعد آنے والا ویرینٹ ڈیلٹا پلس اس سے بھی زیادہ متعدی ہے۔

  • روس: تارک وطن مزدوروں کے لیے ویکسینیشن مفت

    روس: تارک وطن مزدوروں کے لیے ویکسینیشن مفت

    ماسکو: روس میں تارک وطن مزدوروں سے کرونا ویکسین کی قیمت وصول نہیں کی جائے گی، ویکسینیشن کی قیمت مالک ادا کرے گا۔

    اس سلسلے میں ماسکو شہر کے میئر کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ماسکو میں کرونا وائرس کے خلاف تارک وطن مزدوروں کو لگائی جانے والی ویکسین کی قیمت 1300 روبل ہوگی اور آجر اس کی قیمت ادا کرے گا۔

    میئر کے دفتر سے جاری ہدایت کے مطابق آجر کی جانب سے درخواست کی جائے گی، جس پر غور ہونے کے بعد ملازم کو ویکسینیشن کی تاریخ دی جائے گی، اور ویکسین لگنے کے بعد ملازم سرٹیفکیٹ بھی وصول کرے گا۔

    خیال رہے کہ سخاروف گاؤں کے ہجرت مرکز میں 27 جون سے غیر ملکی مزدوروں کی ویکسینیشن جاری ہے، اس سہولت کے تحت اب مزدور سنگل ڈوز والی اسپوتنک لائٹ ویکسین بھی لگوا سکیں گے، اور اس وقت روزانہ 2 ہزار سے زیادہ افراد ویکسین لگوا رہے ہیں۔

    لائٹ ویکسین سے متعلق میئر ماسکو سرگئی سوبیانین کا کہنا ہے کہ اسپوتنک لائٹ ویکسین اسپوتنک V ویکسین کے مقابلے میں کم مؤثر ہو سکتی ہے، تاہم اس کے باوجود اس کا مثبت اثر پڑتا ہے۔

    واضح رہے کہ ماسکو نے دنیا کی ایک نہایت پُر عزم لازمی ویکسینیشن اسکیم نافذ کر دی ہے، جس کے تحت خدمت کے شعبے کے تمام کارکنوں میں سے 60 فی صد (جن کی تعداد 2 ملین سے زائد بتی ہے) کی مکمل ویکسینیشن اگلے 7 ہفتوں میں مکمل کی جائے گی۔

  • بھارت میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی اصل تعداد کتنی ہے؟

    بھارت میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی اصل تعداد کتنی ہے؟

    واشنگٹن: بھارت میں کرونا وبا کے دوران کو وِڈ نائنٹین سے ہلاک ہونے والوں کی اصل تعداد سے متعلق ایک سنگین انکشاف سامنے آیا ہے۔

    یونیورسٹی آف واشنگٹن کے انسٹیٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلویشن کا کہنا ہے کہ بھارت میں مرنے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہو سکتی ہے، جو کہ رپورٹ کی گئی تعداد سے تقریباً 3 گنا زیادہ ہے۔

    رپورٹ تیار کرنے والے ماہر شماریات نے کہا ہے کہ بھارت میں کرونا سے ہلاک لاکھوں افراد کی گنتی ہی نہیں ہوئی، اموات سے متعلق 3 لاکھ 96 ہزار کا سرکاری ڈیٹا وبا سے ہوئی اموات کی حقیقی تعداد سے بہت کم ہے۔

    بھارت میں اپنے چاہنے والوں سے محروم ہونے والے لوگوں، ماہرین صحت اور ماہر شماریات کا کہنا ہے کہ یہ حقیقی نمبر سے بہت کم ہے، اس سلسلے میں وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اصل تعداد دس لاکھ سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔

    انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر کرسٹوفر مُرے نے بتایا کہ جیسے ہی اپریل میں پورے بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھنے لگے، اسی دوران مشرقی ریاست بہار میں ایک 70 سالہ خاتون شیلا سنگھ کی اس کے گھر پر موت ہو گئی۔

    جب کرونا وائرس کے لیے ایک ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کیا گیا تو یہ مثبت آیا، ساتھ میں ایک پھیپھڑے کے اسکین میں وائرل نمونیا اور کو وِڈ انفیکشن کے امکان کا اشارہ بھی ملا، تاہم شیلا سنگھ کی موت کو بھارت میں کو وِڈ سے ہونے والی اموات میں شمار ہی نہیں کیا گیا۔

  • بھارت: کرونا ویکسین سے خوفزدہ شخص درخت پر چڑھ گیا

    بھارت: کرونا ویکسین سے خوفزدہ شخص درخت پر چڑھ گیا

    بھارت سمیت دنیا بھر میں کرونا ویکسین کے حوالے سے لوگوں میں بے اعتمادی اور خوف پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ویکسی نیشن تاخیر کا شکار ہورہی ہے، بھارت میں بھی ایسے ہی ایک خوفزدہ شخص نے عجیب و غریب حرکت کر ڈالی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں میں کرونا ویکسی نیشن کا کیمپ لگایا گیا جہاں گاؤں والوں کی ویکسی نیشن کی جارہی تھی۔

    وہاں موجود ایک شخص پہلے تو کیمپ میں کھڑا ہو کر اپنی باری کا انتظار کرتا رہا پھر اچانک وہ وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا اور درخت پر چڑھ کر بیٹھ گیا۔

    مذکورہ شخص نے ویکسین لگوانے سے صاف انکار کردیا، یہی نہیں وہ اپنی بیوی کا راشن کارڈ بھی اپنے پاس رکھ کے بیٹھ گیا تاکہ اسے بھی ویکسین نہ لگائی جاسکے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص کی بیوی ویکسی نیشن کروانا چاہتی تھی لیکن تصدیقی دستاویز نہ ہونے کے سبب وہ ویکسی نیشن نہ کروا سکی۔ مذکورہ شخص شام تک درخت پر چڑھا رہا جب تک میڈیکل ٹیم اپنا سامان سمیٹ کر وہاں سے رخصت نہ ہوگئی۔

    یہ خبر جب میڈیا پر آئی تو مقامی میڈیکل افسر ڈاکٹر راجیو نے اس گاؤں کا دورہ کیا اور اس شخص سے ملاقات کی، انہوں نے اس شخص کو ویکسی نیشن کے لیے قائل کیا اور اس حوالے سے اس کے خدشات دور کیے۔

    ڈاکٹر راجیو کے مطابق مذکورہ شخص نے ویکسی نیشن کے لیے حامی بھر لی ہے اور چند دن بعد جب ایک قریبی گاؤں میں ویکسی نیشن کیمپ لگے گا تو اس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اہلیہ کے ساتھ وہاں جا کر ویکسین لگوائے گا۔

  • امریکی ویکسینز سے ایک اور خطرہ سامنے آگیا

    امریکی ویکسینز سے ایک اور خطرہ سامنے آگیا

    واشنگٹن: کرونا وائرس کی امریکی ویکسینز موڈرینا اور فائزر کے حوالے سے ایک اور خطرہ سامنے آگیا، ویکسی نیشن کی دوسری خوراک کے بعد چند افراد میں دل کے ورم کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے موڈرینا اور فائزر بائیو این ٹیک کووڈ 19 ویکسینز کے ممکنہ مضر اثرات میں دل کے ورم کے خطرے کی وارننگ کو بھی شامل کرلیا ہے۔

    یہ وارننگ 25 جون کو اس وقت جاری کی گئی جب ویکسی نیشن بالخصوص دوسری خوراک کے بعد چند افراد میں دل کے ورم کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

    مائیو کارڈائی ٹس (دل کے پٹھوں میں ورم) کی وارننگ اس حوالے سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے طویل تجزیے اور سی ڈی سی کی ایڈوائرری کمیٹی کی مشاورت سے جاری کی گئی۔

    جون کے دوسرے ہفتے تک امریکا کے ویکسین کے مضر اثرات کی رپورٹنگ کرنے والے سسٹم میں ویکسی نیشن کرانے والے 12 سو سے زیادہ کیسز میں دل کے ورم کو رپورٹ کیا گیا تھا۔

    یہ مضر اثرات مردوں میں زیادہ دیکھنے میں آیا اور عموماً دوسری خوراک کے استعمال کے ایک ہفتے بعد ایسا ہوا۔ فائزر اور موڈرنا کی جانب سے اس حوالے سے فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

    تاہم ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ اثر اوسطاً ہر 10 لاکھ خوراکوں میں سے محض 12 افراد میں دیکھنے میں آیا ہے، یعنی اس کا خطرہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

    ایف ڈی اے کی قائم مقام کمشنر جینیٹ ووڈ کوک نے کہا کہ ویکسین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ یہ خطرہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

    اس سے قبل مئی میں یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کے ایڈوائزری گروپ نے اس مضر اثر پر تحقیقات کا مشورہ دیا تھا۔

    اس موقع پر سی ڈی سی کے ایڈوائزری گروپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان رپورٹس کو دیکھا جا رہا ہے جن کے مطابق کووڈ ویکسین استعمال کرنے والے کچھ نوجوانوں کو مائیو کارڈائی ٹس (دل کے پٹھوں میں ورم) کا سامنا ہوا۔

    سی ڈی سی گروپ کے مطابق عام طور پر یہ عارضہ پیچیدگیوں کا باعث نہیں بنتا اور یہ متعدد وائرسز کی وجہ سے بھی ہوسکتا ہے۔

    اس سے قبل اپریل میں اسرائیل میں فائزر ویکسین استعمال کرنے والے کچھ افراد میں دل کے ورم کو دریافت کیا گیا تھا، جن کی عمریں 30 سال سے زائد تھیں۔

    اس وقت فائزر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس نے عارضے کی شرح کو عام آبادی میں اس بیماری کی شرح سے زیادہ نہیں دیکھا اور ویکسین سے اس کے تعلق کو بھی ثابت نہیں کیا جاسکا۔

  • بھارت میں کرونا ویکسین کے نام پر پانی لگا دیا گیا

    بھارت میں کرونا ویکسین کے نام پر پانی لگا دیا گیا

    ممبئی: بھارت میں کرونا ویکسین کے نام پر فراڈ کے واقعات بڑے پیمانے پر سامنے آ رہے ہیں، ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں ویکسین کیمپس پر اس حوالے سے کریک ڈاون کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ممبئی میں ایک کیمپ میں 2 ہزار افراد کو کرونا ویکسین کے نام پر پانی لگا دیا گیا، پولیس نے کیمپ پر چھاپا مار کر 10 افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

    بھارتی فلم پروڈیوسر نے بھی شکایت درج کرائی کہ ممبئی میں کیمپ میں 365 افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے، جس کے اب تک سرٹیفیکٹ نہیں ملے۔

    کولکتہ میں بھی ویکسین کیمپ پر چھاپا مارا گیا، جہاں جعلی ویکسین لگائی جا رہی تھی، پولیس کا کہنا تھا کیمپ میں کووی شیلڈ ویکسین کی جگہ پانی سے بھرے انجیکشن لگائے جا رہے تھے۔

    بھارت: کرونا مریضوں کو ریمڈیسیور کی جگہ پانی والے انجیکشنز دیے جانے لگے

    یاد رہے کہ اپریل میں بھارت میں ریمڈیسیور انجیکشن کی جگہ بھی پانی والے انجیکشن لگانے کا واقعہ سامنے آیا تھا، ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں پانی کے انجیکشن لگانے والے اسپتال کے 2 ملازمین کو گرفتار بھی کیا گیا تھا، پانی کے انجیکشن کی وجہ سے کو وِڈ 19 کے 2 مریضوں کی موت بھی واقع ہوئی۔

  • کویت میں غیر ملکیوں کے حوالے سے تشویش ناک خبر

    کویت میں غیر ملکیوں کے حوالے سے تشویش ناک خبر

    کویت سٹی: سپریم ایڈوائزری کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں 60 فی صد غیر ملکی کرونا وائرس کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی سپریم ایڈوائزری کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر خالد الجاراللہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی تبدیل شدہ قسم کے پھیلنے سے ملک میں نئے کیسز اور اسپتالوں میں داخلوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

    کمیٹی سربراہ نے بتایا کہ ملک میں کرونا وائرس کی شرح میں اضافہ ہو اہے، جن میں 60 فی صد غیر ملکی کرونا انفیکشن کا شکار ہیں، جب کہ کویتی شہریوں کی تعداد 40 فی صد ہے۔

    روزنامہ الرای کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر خالد نے انکشاف کیا کہ ملک میں کرونا انفیکشن کی شرح غیر ملکیوں میں زیادہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کرونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے تاہم ویکسینیشن کی شرح میں اضافے سے صحت کے نظام پر اس کے اثرات کم ہو جائیں گے، ڈاکٹر خالد نے عوام سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی بھی اپیل کی۔

    گزشتہ روز وزارت صحت نے کرونا وائرس کے نئے کیسز سے متعلق رپورٹ جاری کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ کویت میں ریکارڈ کیے گئے نئے کیسز کی تعداد 1962 تک پہنچ چکی ہے۔

    مذکورہ تعداد کویت میں ریکارڈ کی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے، کمیٹی کا کہنا ہے کہ یومیہ ریکارڈ کیے جانے والے کرونا کیسز کی مجموعی تعداد میں سے آدھے سے زیادہ غیر ملکی ہیں۔

  • امریکی ادارے کی جانب سے فائزر اور موڈرنا ویکسینز سے متعلق وارننگ

    امریکی ادارے کی جانب سے فائزر اور موڈرنا ویکسینز سے متعلق وارننگ

    واشنگٹن: فائزر اور موڈرنا کی کرونا ویکسینز نوجوانوں میں دل کے کمیاب امراض کا سبب بن سکتی ہیں۔

    امریکی ادارے ایف ڈی اے نے بدھ کو کہا ہے کہ وہ فائزر/بائیو این ٹیک (PFE.N) اور موڈرنا (MRNA.O) ویکسینز کی فیکٹ شیٹ میں ایک تنبیہہ فوری طور پر شامل کر رہا ہے، جو نو عمروں اور نوجوانوں میں دل کی سوزش سے متعلق ہے۔

    امریکی ادارے سی ڈی سی کے مشاورتی گروپس نے ایک اجلاس میں ویکسینیشن کے بعد رپورٹ ہونے والے دل کے مسائل کے کیسز پر تبادہ خیال کیا، مشیروں کا کہنا تھا کہ نو عمروں اور نوجوانوں میں دل کی سوزش کا تعلق ممکنہ طور پر ویکسینز سے ہے، تاہم ان ویکسینز کے فوائد واضح طور پر اس خطرے سے کہیں بہت زیادہ ہیں۔

    متعدد ممالک میں ہیلتھ ریگولیٹرز اس امر کی تحقیق میں لگے ہوئے ہیں، کہ آیا فائزر اور موڈرنا ویکسینز، جن میں نئی mRNA ٹیکنالوجی کا استعمال ہوا ہے، کسی خطرے کی وجہ ہیں؟ اگر ہاں تو یہ خطرہ کتنا سنگین ہے؟

    سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن کے بعد دل کی سوزش والے مریضوں کی علامات عام طور سے ٹھیک ہو جاتی ہیں اور وہ صحت یاب ہو جاتے ہیں۔

    امریکا کے اہم ترین محکمے ہیلتھ اور ہیومن سروسز نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ یہ ویکسینز محفوظ اور مؤثر ہیں، اور دل کو لاحق ہونے والے مضر اثرات بہت زیادہ کمیاب (extremely rare) ہیں۔

    مشیروں کے مطابق 13 سال سے 19 سال اور جوان بالغ افراد میں دل کے مسائل کا ممکنہ تعلق دریافت کیا گیا ہے، ان مسائل میں مائیو کارڈائیٹِس (myocarditis) دل کے پٹھے کی سوزش ہے، اور پیری کارڈائیٹِس (pericarditis) دل کے ارد گرد پائی جانے والی جھلی کی سوزش ہے۔

    سی ڈی سی نے اس امراض کے سلسلے میں ڈاکٹرز اور اسپتالوں کو تنبیہہ جاری کر دی ہے، کہ ان علامات پر گہری نگاہ رکھی جائے، جب کہ ایف ڈی اے اس سلسلے میں عمومی سطح پر آگاہی پھیلائے گی، دوسری طرف امریکی محکمے نے ہر 12 سالہ بچے اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کی ترغیب بھی جاری کی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مردوں میں دل کی سوزش کے کیسز ویکسین کے دوسرے ڈوز کے ایک ہفتے بعد بڑھے، سی ڈی سی کے مطابق دل کی سوزش والے 30 سال کی عمر کے درمیان 309 مریض اسپتال داخل ہوئے، جن میں سے 295 اسپتال سے گھر جا چکے ہیں۔

  • سعودی عرب: مختلف کرونا ویکسینز کی ڈوز سے متعلق اہم فیصلہ

    سعودی عرب: مختلف کرونا ویکسینز کی ڈوز سے متعلق اہم فیصلہ

    ریاض: سعودی وزارت صحت کی ایک کمیٹی نے عالمی جائزوں کے بعد مختلف کرونا ویکسینز کی ڈوز سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت نے بدھ کو ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 2 مختلف ویکسینز کی ڈوز لی جا سکتی ہیں، تمام ویکسینز مؤثر، فعال اور وائرس سے بچاؤ کے لیے ناگزیر ہیں۔

    سعودی وزارت صحت کے مطابق بین الاقوامی جائزوں کے بعد سعودی سائنسی کمیٹی کی جانب سے اس بات کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہری دو مختلف کرونا ویکسینز کی ڈوز لے سکتے ہیں۔

    وزارت صحت نے بتایا کہ سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کو اب تک ایک کروڑ 68 لاکھ 77 ہزار ڈوز دی جا چکی ہیں۔

    افواہوں سے متعلق وزارت نے واضح کیا کہ ویکسین کے بارے میں افواہیں من گھڑت ہیں، ویکسین نہ لینے والے نقصان اٹھا سکتے ہیں اس لیے افواہوں پر کان نہ دھریں، نیز ویکسین لگوانے کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

    سعودی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ کرونا وبا ختم نہ ہونے کے باعث متاثرین کا گراف اوپر نیچے ہو رہا ہے۔

  • ایک اور ملک نے سائنوفارم سے ضعیف افراد کی ویکسینیشن شروع کر دی

    ایک اور ملک نے سائنوفارم سے ضعیف افراد کی ویکسینیشن شروع کر دی

    وینتیان: جنوب مشرقی ایشیائی ملک لاؤس نے سائنوفارم ویکسین سے ضعیف افراد کی ویکسینیشن شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاؤس نے 60 سال سے زائد عمر والے افراد کے لیے چین کی سائنوفارم ویکسین سے ویکسینیشن مہم شروع کر دی، اس سلسلے میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور لاؤ وزارت صحت نے اجازت دے دی ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق سائنوفارم ویکسین نہ صرف 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو لگائی جا رہی ہے بلکہ ہیلتھ ورکرز بھی اس مہم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    اس ویکسینیشن مہم کے لیے چین کی جانب سے لاؤس کو سائنوفارم ویکسین کی تیسری کھیپ بہ طور عطیہ فراہم کی گئی ہے، ویکسین کی حوالگی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاؤ کے نائب وزیر اعظم اور کرونا ٹاسک فورس کے چیئرمین کیکیو خیخمپھیٹون نے کہا کہ چینی ویکسینز محفوظ، قابل اعتماد اور مؤثر ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے ہی زیادہ خطرے کا سامنا کرنے والے سرحدی اہل کاروں، طبی کارکنوں اور کچھ شہریوں کی سائنوفارم ویکسین سے ویکسی نیشن کر دی گئی ہے۔

    سرکاری رپورٹ کے مطابق لاؤس میں اب تک 7 لاکھ افراد کو کرونا وائرس کی پہلی ڈوز، جب کہ 4 لاکھ سے زائد شہریوں کو دوسری ڈوز لگائی جا چکی ہے، لاؤ کی وزارت صحت رواں سال کے آخر تک ملک کی 72 لاکھ آبادی کے 50 فی صد کو ویکسین لگانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔