Tag: Covid-19

  • بھارتی اداکار رندھیر کپور تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

    بھارتی اداکار رندھیر کپور تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

    ممبئی: دو روز قبل کرونا وبا سے متاثر ہونے والے رندھیر کپور کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کردیا گیا ہے، رندھیر کپور معروف بالی ووڈ ادکارہ کرینہ اور کرشمہ کپور کے والد ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق چوہتر سالہ بھارتی اداکار رندھیر کپور دو روز قبل کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، مبئی کے کوکیلابین امبانی اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سنتوش سیٹھی نے اداکار رندھیر کپور کے اسپتال میں داخل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکار کی طبیعت میں مسلسل بہتری آرہی ہے تاہم ان کے متعدد ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن کی رپورٹس آنے پر ان کی صحت سے متعلق کچھ کہا جاسکتا ہے۔Kareena Kapoor Khan talks about her parents Randhir Kapoor and Babita's  separation: They prefer to have their day-to-day lives separatelyاب اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ترین معلومات کے مطابق رندھیر کپور کو انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا ہے جہاں اُن کا علاج جاری ہے ڈاکٹرز نے اداکار کے تمام ٹیسٹ کے نتائج آنے کے بعد اُنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ رندھیر کپور کے دو بھائی کچھ عرصہ قبل ہی دنیا سے رخصت ہوئےتھے، رندھیر کے بھائی رشی کپور کا گزشتہ برس کینسر کی وجہ سے جبکہ راجیو کپور کا رواں سال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال ہوا تھا۔

  • کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت ،  سندھ حکومت نے ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا

    کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت ، سندھ حکومت نے ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا

    کراچی : سندھ حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا ، ایکسپو سینٹر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کے لئے آئی سی یو اور ایچ ڈی یو قائم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے سبب کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے یہ فیصلہ کورونا مثبت کیسز کی شرح مین اضافے کے باعث کیا ہے ، ٹاسک فورس کے اجلاس میں کراچی میں عارضی طور پر بند کیے گئے فیلڈ آئسولیشن سینٹر کو دوبارہ کھولنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

    کراچی ایکسپو سینٹر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کے لئے آئی سی یو اور ایچ ڈی یو قائم ہے جبکہ فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں 12 وینٹی لیٹرز، 140 آکسیجن والے ایچ ڈی یو اور 500 سے زائد آئسولیشن بستروں کی سہولت موجود ہیں۔

    خیال رہے مارچ کے ابتدائی دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے سبب کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔

  • جنوبی افریقی اور برازیلی قسم کے کرونا وائرسز پاکستان پہنچ گئے، حکومت کی تصدیق

    جنوبی افریقی اور برازیلی قسم کے کرونا وائرسز پاکستان پہنچ گئے، حکومت کی تصدیق

    اسلام آباد: ترجمان وزارت قومی صحت نے کہا ہے کہ جنوبی افریقی اور برازیلی قسم کے کرونا وائرسز پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کے افریقی، برازیلی ویریئنٹ کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے، وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ این آئی ایچ کو موصول نمونوں میں افریقی، برازیلی قسم کے کرونا وائرسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ ایک نمونے میں جنوبی افریقی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ دوسرے نمونے میں برازیلی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کی مختلف اقسام کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت صحت اور این سی او سی کی کرونا کی مختلف اقسام پر نظر ہے، کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد پہلی دفاعی لائن ہے، اس لیے شہری کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

    کرونا وائرس سے پاکستان میں مزید 146 افراد کا انتقال

    ترجمان وزارت صحت نے تاکید کی کہ شہری ماسک کا استعمال ضرور کریں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں، شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، جب کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین کے لیے رجسٹریشن کرائیں۔

  • کرونا وائرس سے پاکستان میں مزید 146 افراد کا انتقال

    کرونا وائرس سے پاکستان میں مزید 146 افراد کا انتقال

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر ہلاکت خیز ثابت ہو رہی ہے، اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 146 مریض انتقال کر گئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ایک سو چھیالیس مریض جاں بحق ہوئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 17 ہزار 957 ہوگئی ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 48 ہزار 740 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 4 ہزار 696 رہی، جب کہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.63 فی صد رہی۔

    پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 519 ہو گئی ہے، جن میں سے 7 لاکھ 17 ہزار 9 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق تشویش ناک مریضوں کی تعداد 5 ہزار 490 ہے، جب کہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 90 ہزار 553 تک پہنچ گئی، اب تک ملک میں 1 کروڑ، 18 لاکھ 36 ہزار 866 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں کیسز کی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 182 ہو چکی ہے، صوبہ سندھ میں کیسز کی تعداد 2 لاکھ 83 ہزار 560 ہے۔

  • کرونا وائرس: ایک دن میں مزید 131 افراد جاں بحق

    کرونا وائرس: ایک دن میں مزید 131 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر بے قابو ہو گئی ہے، اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 131 مریض انتقال کر گئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق منگل کے روز کرونا انفیکشن کے باعث اموات ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئی تھیں، اور ایک ہی دن میں 201 افراد جاں بحق ہوئے، گزشتہ روز ایک سو اکتیس مریض جاں بحق ہوئے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 49 ہزار 99 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 112 رہی، جب کہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.41 فی صد رہی۔

    مجموعی اموات کی تعداد 17 ہزار 811 ہو گئی ہے، جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار 823 ہو گئی، جن میں سے 7 لاکھ 11 ہزار 465 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق تشویش ناک مریضوں کی تعداد 5 ہزار 360 ہے، جب کہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 91 ہزار 547 تک پہنچ گئی، اب تک ملک میں 1 کروڑ، 17 لاکھ 88 ہزار 126 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • کووڈ 19 سے لڑنے کے لیے دوا کی تیاری پر کام شروع

    کووڈ 19 سے لڑنے کے لیے دوا کی تیاری پر کام شروع

    امریکی فارما سیوٹیکل کمپنی فائزر کی کرونا ویکسین دنیا بھر میں استعمال کی جارہی ہے، فائزر نے اب کووڈ 19 سے لڑنے کے لیے دوا کی تیاری پر بھی کام شروع کردیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی فارما سیوٹیکل کمپنی فائزر کووڈ 19 کی بیماری کے علاج کے لیے دوا کی تیاری پر کام کر رہی ہے، فائزر کی گولی کی شکل میں اس دوا کے پہلے مرحلے کا کلینیکل ٹرائل بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں جاری ہے۔

    یہ دوا وائرس کے ایک مخصوص انزائمے کو ہدف بنائے گا جو انسانی خلیات میں وائرس کی نقول بنانے کا کام کرتا ہے۔ فائزر کو توقع ہے کہ یہ گولی بیماری ظاہر ہوتے ہی اس کے خلاف مقابلہ کرسکے گی۔

    فائزر کے چیف سائنٹیفک آفیسر اور ورلڈ وائیڈ ریسرچ، ڈویلپمنٹ اینڈ میڈیکل شعبے کے صدر مائیکل ڈولسٹن نے ایک بیان میں بتایا کہ کووڈ 19 کی وبا پر قابو پانے کے لیے ویکسین کے ذریععے اس کی روک تھام اور وائرس کے شکار افراد کے لیے علاج دونوں کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سارس کووڈ 2 جس طرح اپنی شکل بدل رہا ہے اور عالمی سطح پر کووڈ کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں، اس کو دیکھتے ہوئے اندازہ ہوتا ہے کہ ابھی اور وبا کے بعد علاج تک رسائی بہت اہم ہے۔

    مائیکل ڈولسٹن کے مطابق مذکورہ دوا منہ کے ذریعے کی جانے والی تھراپی ثابت ہوگی جو بیماری کی پہلی علامت کے ساتھ ہی تجویز کی جاسکے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس تھراپی کے باعث مریضوں کو اسپتال میں داخلے یا آئی سی یو میں زیرعلاج رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ فائزر کی جانب سے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کے لیے علاج کے لیے بھی نوول ٹریٹمنٹ انٹرا وینوس اینٹی وائرل پر بھی کام کیا جارہا ہے۔

    مائیکل ڈولسٹن کے مطابق ان دونوں سے ان مقامات پر مریضوں کا علاج ہوسکے گا جہاں کیسز موجود ہوں گے۔

    یہ دوا براہ راست وائرل ذرات بننے کی روک تھام کرنے والی گولی ہے، اگر وائرس اپنی نقول بنا نہیں سکے گا تو بیماری کو پھیلنے سے روکا جاسکے گا اور نقصان نہیں ہوگا۔

    اب تک تجربات میں کووڈ 19 اور دیگر کرونا وائرسز کے خلاف اس کے مؤثر ثابت ہونے پر بھی ابھی تک یہ ثابت نہیں ہوسکا کہ یہ انسانوں میں محفوظ اور مؤثر ہے۔

  • کرونا وائرس سے مزید 151 مریض انتقال کر گئے

    کرونا وائرس سے مزید 151 مریض انتقال کر گئے

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر بے قابو ہو گئی ہے، اموات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 151 مریض انتقال کر گئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق منگل کے روز کرونا انفیکشن کے باعث اموات ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئی تھیں، اور ایک ہی دن میں 201 افراد جاں بحق ہوئے، گزشتہ روز بھی ایک سو اکیاون مریض جاں بحق ہوئے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 57 ہزار 13 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 480 رہی، جب کہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.61 فی صد رہی۔

    مجموعی اموات کی تعداد 17 ہزار 680 ہو گئی ہے، جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 15 ہزار 711 ہو گئی، جن میں سے 7 لاکھ 8 ہزار 193 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق تشویش ناک مریضوں کی تعداد 5 ہزار 263 ہے، جب کہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 89 ہزار 838 تک پہنچ گئی، اب تک ملک میں 1 کروڑ، 17 لاکھ 39 ہزار 27 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • زیادہ مؤثر اور نہایت سستی کرونا ویکسین سے متعلق خوش خبری

    زیادہ مؤثر اور نہایت سستی کرونا ویکسین سے متعلق خوش خبری

    واشنگٹن: امریکا میں زیادہ مؤثر اور انتہائی کم قیمت ویکسین تیار کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں نہایت کم قیمت ویکسین کی تیاری جاری ہے، یہ کرونا ویکسین تجرباتی مرحلے میں ہے، اس کی قیمت انتہائی کم ہوگی تاہم یہ کرونا کی زیادہ تر اقسام کے خلاف بھرپور مزاحمت فراہم کرے گی۔

    اس یونی ورسل کو وِڈ ویکسین پر امریکا کی ورجینیا یونی ورسٹی کے ماہرین کام کر رہے ہیں، یہ ویکسین کرونا کے اسپائیک پروٹین کو ہدف بنائے گی، جو کہ تمام اقسام کے کرونا وائرسز میں عام ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ اس کرونا ویکسین کی ایک خوراک کی قیمت ایک ڈالر سے بھی کم ہو سکتی ہے۔

    جانوروں پر اس یونی ورسل ویکسین کے تجربات کے نتائج بھی ایک طبی جریدے پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع کیے جا چکے ہیں، جس کے مطابق یہ ویکسین لینے والے جانوروں میں کو وِڈ اور ہیضے کا باعث بننے والے 2 قسم کے وائرسز سے تحفظ ملا۔

    چوں کہ یہ دونوں کرونا وائرس کسی حد تک ایک جیسے ہیں اس لیے محققین کا کہنا تھا کہ اس ویکسین سے کرونا کی مختلف اقسام سے تحفظ فراہم ہو سکے گا۔ کو وِڈ 19 کے علاوہ دیگر کرونا وائرسز دنیا بھر میں 25 فی صد نزلہ زکام کے کیسز کا باعث بنتے ہیں، محققین ان سب کی روک تھام کے لیے اس یونی ورسل ویکسین پر کام کر رہے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین ایک جینیاتی طور پر تدوین شدہ بیکٹیریا پر مبنی ہے جس کی بڑے پیمانے پر تیاری کی لاگت موجودہ کرونا ویکسینز کے مقابلے میں بہت کم ہوگی، اس لیے اس ویکسین کی قیمت بہت کم ہو سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ ایم آر این اے کو وِڈ ویکسینز کی موجودہ لاگت 10 ڈالرز فی خوراک ہے، جس کے باعث ترقی پذیر ممالک کے لیے ان کا استعمال آسان نہیں ہے، بیکٹیریا پر مبنی مختلف امراض کی روک تھام کے لیے بننے والی ویکسینز کی ایک خوراک کی قیمت ایک ڈالر سے بھی کم ہوتی ہے۔

  • کرونا وائرس: ایک دن میں 142 مریضوں کا انتقال

    کرونا وائرس: ایک دن میں 142 مریضوں کا انتقال

    اسلام آباد: پاکستان میں نئے کرونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کی تیسری لہر جاری ہے، ملک بھر میں کیسز کے ساتھ اموات کا سلسلہ بھی بڑھتا جا رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 142 مریضوں کا انتقال ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے گزشتہ روز کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹوں میں کرونا کے مزید ایک سو بیالیس مریض انتقال کر گئے ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا انفیکشن سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 329 ہو گئی ہے، جب کہ ملک میں 8 لاکھ 4 ہزار 939 پازیٹو کرونا کیس سامنے آ چکے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 43 ہزار 981 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں کرونا کے 4 ہزار 487 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی، این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.20 فی صد رہی۔ مجموعی طور پر 1 کروڑ 16 لاکھ 32 ہزار 913 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    اب تک مجموعی طور پر کرونا کے 6 لاکھ 99 ہزار 816 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 5 ہزار 75 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 87 ہزار 794 ہے۔

  • پاکستان میں کرونا کیسز 8 لاکھ کا ہندسہ پار کر گئے

    پاکستان میں کرونا کیسز 8 لاکھ کا ہندسہ پار کر گئے

    اسلام آباد: پاکستان میں نئے کرونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کی تیسری لہر جاری ہے، ملک بھر میں کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، کرونا کیسز 8 لاکھ کا ہندسہ بھی پار کر گئے، جب کہ ایک دن میں مزید ستر مریضوں کا انتقال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے گزشتہ روز کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹوں میں کرونا کے مزید 70 مریض انتقال کر گئے ہیں۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا انفیکشن سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 187 ہو گئی ہے، جب کہ ملک میں 8 لاکھ 452 پازیٹو کرونا کیس سامنے آ چکے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 50 ہزار 161 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں کرونا کے 4 ہزار 825 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی، این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.61 فی صد رہی۔ مجموعی طور پر 1 کروڑ 15 لاکھ 88 ہزار 932 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    اب تک مجموعی طور پر کرونا کے 6 لاکھ 94 ہزار 46 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جب کہ 4 ہزار 862 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 89 ہزار 219 ہے۔