Tag: Covid-19

  • معروف ٹینس اسٹار کرونا وائرس میں مبتلا

    معروف ٹینس اسٹار کرونا وائرس میں مبتلا

    بخارسٹ: رومانیہ سے تعلق رکھنے والی ٹینس کی معروف خاتون کھلاڑی سیمونا ہیلپ کورونا وائر س کا شکار ہوگئیں ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سیمونا ہیلپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کورونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد خود کو آئیسولیٹ کر لیا ہے، کورونا وائرس کی علامات معمولی ہیں، خود کو پہلے سے بہتر محسوس کررہی ہوں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سیمونا ہیلپ نے اٹالین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، فائنل معرکے میں انہوں نے دفاعی چیمپئن کیرولینا پلیسکووا کو شکست دی تھی۔

    گذشتہ سال سیمونا ہیلپ نے سیرینا ولیمز کو ومبلڈن ٹینس کے فائنل میں حیران کن شکست دیتے ہوئے پہلی بار ومبلڈن ٹینس کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

  • کرونا وائرس: بیلجیئم کے وزیر اعظم کا اہم اعلان

    کرونا وائرس: بیلجیئم کے وزیر اعظم کا اہم اعلان

    برسلز: بیلجیئم کے وزیر اعظم نے کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بڑھتے کیسز کے پیش نظر اتوار سے ملک میں پھر لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کی دوسری لہر کے دوران مختلف یورپی ممالک میں کیسز کی تعداد پھر سے بڑھنے لگی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے متعدد ممالک نے ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا راستہ اپنا لیا ہے۔

    بیلجیئم کے وزیر اعظم الیگزینڈر ڈی کرو نے بھی ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاک ڈاؤن 13 دسمبر تک نافذ العمل رہےگا۔

    ان کا کہنا تھا لاک ڈاؤن اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صحت کی دیکھ بھال کا نظام تباہ نہ ہو، تاہم اس دوران میڈیکل اسٹورز اور فوڈ سیکٹر سے منسلک کاروبار کھلے رہیں گے، جب کہ اسکول 15 نومبر تک بند رہیں گے۔

    کرونا بے قابو، فرانس کا بڑا فیصلہ

    بیلجیئم میں اب تک کرونا وائرس سے 11,452 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد ہے۔

    ادھر فرانس میں کرونا وائرس سے ایک دن میں 545 اموات واقع ہو گئی ہیں، جب کہ 24 گھنٹوں میں 50 ہزار کے قریب نئے کیسز ریکارڈ کیےگئے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل کرونا وائرس وبا کی روک تھام کے لیے فرانس میں بھی ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا تھا، واضح رہے کہ یہ فرانس میں دوسرا ملک گیر لاک ڈاؤن ہے، جس میں سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

  • کرونا بے قابو، فرانس کا بڑا فیصلہ

    کرونا بے قابو، فرانس کا بڑا فیصلہ

    پیرس: فرانس میں کرونا وائرس کی صورت حال ایک بار پھر بے قابو ہو گئی ہے، جس کے باعث ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس وبا کی روک تھام کے لیے فرانس میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اس سلسلے میں فرانسیسی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کو رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔

    اعلان کے مطابق لاک ڈاؤن میں اسکول اور کالجز کھلے رہیں گے، واضح رہے کہ یہ فرانس میں دوسرا ملک گیر لاک ڈاؤن ہے، جس میں سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

    فرانسیسی صحت حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وبا کی دوسری لہر میں بھی وائرس بے قابو ہو چکا ہے، کیسز تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں اور اموات میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔

    صدر میکرون آج شب قوم سے ٹیلی ویژن خطاب کے دوران وائرس کی دوسری لہر سے لڑنے کے لیے حکومت کے اگلے اقدام کا اعلان بھی کریں گے۔ ادھر فرانس کے وزیر داخلہ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ COVID-19 سے متعلق کابینہ کے اجلاس سے قبل ’مشکل فیصلوں‘ کے لیے تیار رہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فرانس میں کرونا وائرس کے مزید 523 مریض ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ اس دوران 33 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔

    اب تک فرانس میں کرونا سے 35 ہزار 541 مریض ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 98 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

  • ملک میں 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق

    ملک میں 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے مزید 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 825 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار 200 ہو گئی ہے۔

    ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید چودہ افراد کے انتقال کے بعد پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 759 ہو گئی ہے، جب کہ 611 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کرونا کے 11 ہزار 627 مریض زیر علاج ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 374 کرونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کروناسے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 814 ہوگئی۔

    کرونا کی تشخیص کے لیے ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 477 ٹیسٹ کیےگئے، مجموعی طور پر اب تک پاکستان میں 43 لاکھ 47 ہزار 155 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ نہایت مہلک اور نئے کرونا وائرس کو وِڈ 19 کی پہلی لہر کو پاکستان میں بہترین حکمت عملی سے قابو کیا گیا تھا، اب دوسری لہر شروع ہو چکی ہے، جسے قابو کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • مشیر تجارت کی برآمد کنندگان کو اہم ہدایت

    مشیر تجارت کی برآمد کنندگان کو اہم ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ کرونا کی وبا کے عالمی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے، عالمی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات کی طلب میں کمی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرونا وائرس کی وبا انسانی تاریخ کا ایسا بحران ہے جس کی مثال نہیں ملتی، وبا کے عالمی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

    عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ دنیا بھر کی معیشتیں سکڑ گئیں، جاپان اور جنوبی کوریا سمیت بڑی مغربی معیشتوں کی گروتھ منفی رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی شدت بڑھنے سے بیشتر ممالک پھر لاک ڈاؤن کی طرف جا رہے ہیں۔

    مشیر تجارت کا مزید کہنا تھا کہ عالمی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات کی طلب میں کمی آئے گی، برآمد کنندگان عالمی مارکیٹس میں اپنا وجود برقرار رکھنے کے لیے کوششیں تیز کریں۔

  • پنجاب میں کرونا سے اموات کنٹرول میں آ گئیں

    پنجاب میں کرونا سے اموات کنٹرول میں آ گئیں

    لاہور: پنجاب میں کرونا سے اموات کنٹرول میں آ گئیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں ایک مریض کرونا وائرس سے جاں بحق ہوا۔

    ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق کرونا وائرس سے مزید 1 ہلاکت کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 2,336 ہو گئی ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کرونا وائرس کے 207 نئے کیسز سامنے آئے، جس سے صوبے میں وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 103,082 ہو گئی۔

    ترجمان کے مطابق لاہور میں 75، راولپنڈی میں 37، وہاڑی میں 3، ساہیوال میں 2، گجرات میں 9، بہاولپور میں 8، رحیم یار خان میں 13 اور ملتان میں بھی13 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    سرگودھا میں 5، سیالکوٹ میں 2، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 8، میانوالی میں 2، لودھراں میں 2، ڈیرہ غازی خان میں 4، اوکاڑہ میں 2 اور فیصل آباد میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    چنیوٹ میں 6، چکوال میں 2، حافظ آباد میں 2،گوجرانوالہ میں 2، منڈی بہاؤالدین میں 2 جب کہ جہلم،ْ قصور، خانیوال اور نارووال میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔

    پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق اب تک صوبے میں 1,544,067 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ جب کہ کرونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 97,361 ہے۔

    ترجمان نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کر کے خود کو محفوظ بنائیں، اور کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوراََ 1033 پر رابطہ کریں۔

  • آکسفورڈ کی کرونا ویکسین سے متعلق خوشگوار انکشاف

    آکسفورڈ کی کرونا ویکسین سے متعلق خوشگوار انکشاف

    لندن: آکسفورڈ یونی ورسٹی کی تیار کردہ کرونا ویکسین سے متعلق خوش گوار انکشاف ہوا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق آکسفورڈ یونی ورسٹی اور دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینیکا کی تیارہ کردہ کرونا وائرس ویکسین کے اثرات کے حوالے سے یہ اہم خبر سامنے آئی ہے کہ یہ بزرگوں اور نوجوانوں دونوں کے لیے مؤثر ثابت ہو گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق آکسفورڈ کی کرونا ویکسین دینے کے بعد بڑی عمر کے افراد میں اینٹی باڈیز اور ٹی سیل بنے، جو متاثرہ شخص کو کرونا وائرس کو مات دینے کا اہل بناتے ہیں۔

    بتایا گیا ہے کہ اس ویکسین کا بزرگوں اور نوجوانوں دونوں پر اچھا اثر نظر آ رہا ہے۔

    کرونا وائرس میں ہلاکت خیز تغیر کا انکشاف

    ٹرائلز میں شامل بڑی عمر کے رضاکاروں کے خون کی رپورٹ گزشتہ جولائی میں جاری کی گئی تھی، جس کے تجزیے سے یہ معلوم ہوا کہ ویکسین دینے کے بعد ان میں اچھی خاصی مقدار میں بیماری سے لڑنے کی مدافعتی قوت پیدا ہوئی ہے۔

    اس تحقیق میں یہ معلوم ہوا کہ 18 سے 55 سال کی عمر کے رضاکاروں میں اس کا اچھا اثر نظر آیا۔

    دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینیکا نے ایک بیان میں کہا کہ یہ بزرگوں اور نوجوانوں دونوں میں کرونا وائرس کے خلاف اچھی قوت مدافعت تیار ہونا حوصلہ افزا بات ہے۔

    کمپنی کا کہنا تھا کہ بزرگوں پر اس ویکسین کا منفی اثر کم دیکھا گیا، ان اعداد و شمار سے ہماری کمپنی کے کرونا ویکسین کے محفوظ اور مؤثر ہونے کا پتا چلتا ہے۔

  • کرونا وائرس میں ہلاکت خیز تغیر کا انکشاف

    کرونا وائرس میں ہلاکت خیز تغیر کا انکشاف

    لندن: برطانوی ماہرین نے نئے کرونا وائرس Covid 19 میں تباہ کن تغیر کا انکشاف کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ماہرین نے ایک سروے میں پتا لگایا ہے کہ کرونا وائرس میوٹیشن اختیار کر گیا ہے، جس کے سبب اس کے اثرات میں پہلے کی نسبت دُگنی تیزی آ گئی ہے۔

    سروے کے نتائج کے مطابق مہلک وائرس سے متاثر بعض مرد اوسطاً ساڑھے 7 دن میں جب کہ خواتین 6 دنوں میں موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

    سائنسی کمیٹی سیج نے تحقیقات کے بعد کہا ہے کہ کرونا وائرس سے جانی نقصان کی مدت میں کمی واقع ہوئی ہے، جو کرونا وائرس کی میوٹیشن (تغیر) کی وجہ سے ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے گزرنے والا کرونا وائرس کہیں زیادہ وبائی صلاحیت کا حامل ہے۔

    ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ یکم اگست سے قبل کو وِڈ نائٹین کی زد میں آنے والے مریضوں میں تقریباً 13 روز بعد جانی نقصان کا مشاہدہ ہو رہا تھا لیکن اب یہ دورانیہ تقریباً نصف ہو چکا ہے۔

    سروے میں معلوم ہوا کہ مردوں میں کرونا وائرس سے موت واقع ہونے کا دورانیہ خواتین سے کم ہے، جو اوسطاً ساڑھے سات دن ہے جب کہ خواتین میں یہ دورانیہ 6 دنوں پر مشتمل دیکھا گیا ہے۔

  • اطالوی وزیر اعظم کا کرونا کے حوالے سے اہم اعلان

    اطالوی وزیر اعظم کا کرونا کے حوالے سے اہم اعلان

    اٹلی: کرونا وائرس کی دوسری لہر میں اٹلی میں نئے کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اطالوی وزیر اعظم نے آج سے ملک بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی میں کو وِڈ 19 کے نئے کیسز کی تعداد 20 ہزار تک جا پہنچی ہے، وبا کی روک تھام کے لیے اطالوی وزیر اعظم کو ملک میں آج سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کرنا پڑا۔

    اٹلی میں صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک دکانیں اور کاروبار کھلے رہیں گے، شہری صرف ایمرجنسی میں فارم پُر کر کے اسے اپنے ساتھ رکھ کر باہر جا سکیں گے۔

    شام 6 بجے کے بعد ریسٹورنٹ، بارز، اور فاسٹ فوڈز کھانا ٹیک اوے کر سکیں گے، کھیلوں کے میدان، پارک، جم، کلچرل سینٹر، تھیٹر 26 اکتوبر تا 24 نومبر بند رہیں گے۔

    اٹلی میں پبلک ٹرانسپورٹ، بسیں، ریل گاڑیوں اور میٹرو کی تعداد بھی کم کر دی گئی، اطالوی حکومت نے اکتوبر، نومبر میں کام کے کرائسز کے باعث عوام کی امداد کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔

    واضح رہے کہ اٹلی کرونا کیسز کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کے 215 ممالک میں 14 ویں نمبر پر ہے، جہاں کیسز 5 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں، جب کہ کرونا سے اب تک اموات کی تعداد 37 ہزار 300 ہے۔

  • آکسفورڈ یونیورسٹی کی کرونا وائرس ویکسین کا ٹرائل دوبارہ شروع

    آکسفورڈ یونیورسٹی کی کرونا وائرس ویکسین کا ٹرائل دوبارہ شروع

    واشنگٹن: آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کرونا وائرس ویکسین کا ٹرائل امریکا میں دوبارہ شروع کردیا گیا، ویکسین کے ٹرائل کو برطانیہ میں ایک رضا کار میں منفی اثرات سامنے آنے کے بعد روک دیا گیا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانوی دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے کرونا وائرس کی ویکسین کا ٹرائل امریکا میں دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔

    ایسٹرا زینکا نے بتایا کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے کرونا وائرس کے خلاف بنائی گئی ویکسین کے ٹرائل کی دوبارہ اجازت دے دی ہے، اس سے قبل حالیہ ہفتوں میں دیگر کئی ممالک بھی مذکورہ ویکسین کے ٹرائل کی دوبارہ اجازت دے چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس ویکسین کے ٹرائل کو برطانیہ میں ایک رضا کار میں منفی اثرات سامنے آنے کے بعد روک دیا گیا تھا۔

    ماہرین کے مطابق یہ ویکسین مکمل طور پر کام کرتی ہے اور وائرس کا مقابلہ مؤثر انداز میں کرتی ہے، محققین نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ انفیکشن کی شدت کو کافی حد تک کم کر سکتی ہے۔

    اس ویکسین کی آزمائش پر پوری دنیا کی نظریں مرکوز ہیں اور خیال کیا جارہا ہے کہ مغربی ممالک میں آکسفورڈ اور آسٹرازینیکا کے اشتراک سے ہونے والی آزمائش عالمی طور پر استعمال ہونے والی ویکسین کے لیے ایک مضبوط امید ہے۔