Tag: Covid-19

  • وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ شیخ رشید سیلف آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے، ریلوے ترجمان نے بتایا کہ شیخ رشید کو بظاہر کرونا کی علامات نہیں ہیں تاہم ڈاکٹرز کی ہدایت پر وہ 2 ہفتے قرنطینہ میں رہیں گے۔

    شیخ رشید نے بھی ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ مجھے کرونا کی کوئی علامت نہیں ہے، پی ایس میں ٹیسٹ مثبت آنے پر ٹیسٹ کرایا تھا، اب میں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے، 7 دن بعد پھر ٹیسٹ کراؤں گا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلمان ہوں اور ایمان ہے کہ فیصلے اللہ کی طرف سے ہوتے ہیں، دعا کریں اور احتیاط کریں، احتیاط ضروری ہے، ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔

    شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، خود کو قرنطینہ کرلیا

    خیال رہے کہ وفاقی اور صوبائی وزار میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، اب تک متعدد وزرا اور صوبائی و قومی اسمبلی اراکین کو وِڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں، آج سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کرونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوئے، محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کرونا وائرس کے چوبیس گھنٹوں میں مزید 1813 نئے کیس سامنے آئے، اور اب تک کنفرم مریضوں کی تعداد 38903 ہو گئی ہے۔

  • کس بلڈ گروپ کے لوگ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں؟

    کس بلڈ گروپ کے لوگ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں؟

    ناروے : سائنسدانوں نے اس بات کی نشاندہی کی ہے وہ کون سے خون کے گروپ کے حامل افراد کو کوویڈ19 کے حملے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چینی ماہرین پہلے ہی اس بارے میں معلومات جمع کر چکے ہیں مگر اب ناروے اور جرمنی کے سائنسدانوں نے بھی ایک مطالعے کے ذریعے یہ معلوم کیا ہے کہ خون کے بعض گروپ کے حامل افراد کے لیے نیا کورنا وائرس یعنی کوویڈ19 زیادہ نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

    یہ خیال کافی عرصے سے ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جینیاتی عوامل کورونا وائرس سے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ناروے اور جرمن سائنسدانوں کی طرف سے کی جانے والی ایک اسٹڈی کے مطابق خون کے بعض گروپ رکھنے افراد والے افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں سانس کی تکلیف ان کے لیے زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

    اوسلو کے یونیورسٹی ہاسپٹل سے تعلق رکھنے والے محقق ٹام کارلسن اور جرمنی کی یونیورسٹی آف کیل کے محقق آندرے فرانکے کی سربراہی میں ہونے والی تحقیق کے دوران محققین نے 1,610 ایسے مریضوں کے بارے میں طبی معلومات جمع کیں جو کووڈ انیس کے مرض میں مبتلا ہوئے۔ ان مریضوں کا علاج اسپین اور اٹلی کے ہسپتالوں میں کیا گیا۔

    محققین کو طبی ڈیٹا کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ اے پوزیٹیو اے پلس بلڈ گروپ رکھنے والوں میں کووڈ انیس میں مبتلا ہونے کی صورت میں سانس کی تکلیف زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہے جبکہ او بلڈ گروپ کے حامل افراد اس وائرس کے خلاف بہتر قوت مدافعت رکھتے ہیں۔

    چینی محققین کی طرف سے کی جانے والی اسٹڈی کے مطابق کووڈ انیس میں مبتلا ہونے والے اوسط سے زیادہ افراد کی تعداد ایسی تھی جن کے خون کا گروپ اے تھا۔ اسی طرح انہوں نے او گروپ کے خون کے حامل افراد میں اس بیماری کے خلاف بہتر قوت مدافعت نوٹ کی تھی۔

    خیال رہے کہ یہ بات بھی تسلیم شدہ ہے کہ او گروپ رکھنے والے افراد میں شدید ملیریا ہونے کے امکانات انتہائی کم ہوتے ہیں جبکہ اے گروپ رکھنے والے افراد میں طاعون کے خلاف نسبتا زیادہ قوت مدافعت موجود ہوتی ہے۔

  • سو سے زائد کرونا ویکسینز میں ایک نے بل گیٹس کی توجہ حاصل کرلی

    سو سے زائد کرونا ویکسینز میں ایک نے بل گیٹس کی توجہ حاصل کرلی

    لندن: کرونا وائرس کے حملے سے بچاؤ کے لیے تیار کی جانے والی 100 سے زائد ویکسینز میں سے ایک ویکسین نے مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بل گیٹس کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرونا ویکسین کی تیاری کے لیے اربوں ڈالر خرچ کرنے کا اعلان کرنے والے بل گیٹس نے آکسفورڈ یونی ورسٹی کے تحت بنائی جانے والی کرونا ویکسین کی تیاری اور تقسیم کے لیے 75 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

    یہ اعلان فلاحی ادارے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے کیا، جو برطانوی سوئیڈش فارما سیوٹیکل کمپنی آسترا زینیکا کے ساتھ ڈیل کا حصہ ہے، جو چند دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کو وِڈ 19 کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے جن میں سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایس آئی آئی)، ناروے میں قائم بل گیٹس کے ادارے سی ای پی آئی، اور گاوی ویکسین الائنس شامل ہیں۔

    بل گیٹس کی جانب سے کروڑوں ڈالرز کا یہ تعاون دراصل ویکسین کے 30 کروڑ ڈوز کی ترسیل سے متعلق ہے، جس کی پہلی کھیپ متوقع طور پر 2020 کے آخر تک روانہ کی جائے گی۔

    بل گیٹس کا کرونا ویکیسن کی تیاری کے لیے اربوں ڈالرز خرچ کرنے کا اعلان

    اس سلسلے میں سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے ساتھ لائسنس کے لیے ایک الگ معاہد بھی کیا گیا ہے جس کے تحت متوسط اور اس سے نیچے آمدن والے ممالک کو ایک ارب ڈوز بھیجے جائیں گے، جب کہ 40 کروڑ ڈوز 2021 سے قبل سپلائی کیے جائیں گے۔

    یہ ویکسین جسے AZD1222 کا نام دیا گیا ہے، آسٹرا زینیکا کا کہنا ہے کہ وہ عالمگیر وبا کے دوران بغیر منافع اس ویکسین کے 2 ارب ڈوز تیار کر سکتی ہے، جب کہ امریکا اور برطانیہ کے لیے اس کے بالترتیب 30 کروڑ اور 10 کروڑ ڈوز پہلے ہی سے شیڈول ہو چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ 3 اپریل کو بل گیٹس نے کرونا وائرس کے خلاف ویکسین کی تیاری کے لیے اربوں ڈالرز خرچ کرنے کا اعلان کیا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی 7 بہترین ویکسینز کے لیے فیکٹریوں کی تعمیر پر اربوں ڈالرز خرچ کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم آخر میں ان میں سے 2 کا ہی انتخاب کریں گے، مگر ہم تمام ویکسینز کے لیے الگ الگ فیکٹریوں کی تعمیر پر سرمایہ لگائیں گے، ہو سکتا ہے کہ اربوں ڈالرز ضائع ہو جائیں مگر آخر میں مؤثر ترین ویکسین کی فیکٹری کے لیے وقت ضرور بچ جائے گا۔

  • پہلا ملک جس نے کرونا کو مکمل شکست دے دی، لاک ڈاؤن ختم

    پہلا ملک جس نے کرونا کو مکمل شکست دے دی، لاک ڈاؤن ختم

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے کرونا وائرس کو مکمل شکست دے دی ہے، وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں اب کرونا کا کوئی فعال کیس نہیں رہا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ 28 فروری کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ملک میں کررونا کا کوئی کیس متاثر فرد نہیں، نگرانی میں موجود آخری شخص بھی قرنطینہ سے باہر آ گیا۔

    ڈی جی ہیلتھ نیوزی لینڈ نے میڈیا کو بتایا کہ قرنطینہ میں موجود آخری شخص میں کرونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

    کرونا وبا کو شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے ملک میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، 75 روز کے لاک ڈاؤن کے بعد نیوزی لینڈ میں معاشی اور سماجی فاصلوں کی پابندیاں ختم کر دی گئیں۔

    چوبیس گھنٹوں میں کرونا کی عالمگیر وبا نے مزید ساڑھے 3 ہزار جانیں نگل لیں

    جیسنڈا آرڈن نے اس موقع پر کہا کہ بلاشبہ یہ ہمارے لیے اہم سنگ میل ہے، انھوں نے ملک بھر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں کرونا کا اب کوئی مریض زیر علاج نہیں، آخری مریض کو بھی ڈسچارج کر دیا گیا ہے، نیوزی لینڈ میں 1504 افراد وائرس سے متاثر ہوئے تھے، جب کہ 22 افراد جان سے گئے، 1504 مریضوں میں سے 1482 افراد صحت یاب ہوئے۔

  • کرونا مریضوں کو لگنے والے انجکشن غائب، حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    کرونا مریضوں کو لگنے والے انجکشن غائب، حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    کراچی: فارما ہول سیلرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے مریضوں کو لگنے والے انجیکشنز غائب ہونے کا نوٹس لے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فارما ہول سیل آرگنائزیشن کے صدر زبیر میمن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کرونا مریضوں کو لگنے والے انجکشن کی عدم سپلائی کا نوٹس لے، انجکشن کی سپلائی اسپتالوں میں رکنے سے بحران پیدا ہو گیا ہے۔

    فارما ہول سیلرز کا کہنا ہے کہ میڈیسن کمپنیوں نے ایکٹمرا (ACTEMRA) انجکشن کی سپلائی اسپتالوں میں روکی جس کے سبب بحران پیدا ہوا ہے، انجکشن بلیک کرنے والے عناصر کو پکڑا جائے، اور میڈیسن مارکیٹوں کو اس کی سپلائی بحال کی جائے۔

    پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی، 7 لاکھ ٹیسٹ مکمل

    واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی تیزی اور کرونا مریضوں میں تشویش ناک اضافے کو میڈیسن کمپنیوں نے نظرانداز کر کے کرونا کے مریضوں کو لگایا جانے والا انجکشن ایکٹمرا ACTEMRA 200mg/10ml کی سپلائی اسپتالوں کو بند کر دی ہے جس کے نتیجے میں مذکورہ انجکشن اسپتالوں اور میڈیسن مارکیٹوں سے غائب ہو گئے۔

    صورت حال کی سنگینی کے پیشِ نظر ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کے صدر زبیر میمن اور جنرل سیکریٹری اسلم پولانی نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور بالخصوص وفاقی و صوبائی وزارتِ صحت سے اپیل کی ہے کہ ایکٹمرا انجکشن بنانے والی دوا ساز کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے تاکہ کرونا مریضوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے ڈاکٹرز اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔

    فارما ہول سیلرز نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ بعض عناصر انجکشن کا خفیہ اسٹاک کر کے بلیک میں فروخت کر رہے ہیں جن کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔

  • پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی، 7 لاکھ ٹیسٹ مکمل

    پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی، 7 لاکھ ٹیسٹ مکمل

    اسلام آباد: پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں دنیا کا 15 واں ملک بن گیا ہے، اموات اور نئے کیسز کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے، اب مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 65 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جب کہ 4,728 نئے کیسز سامنے آئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 103,589 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 2,067 ہو گئی ہے۔

    پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کرونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 8 سے بڑھ کر 9 فی صد ہو گئی ہے، جب کہ 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 470 ہو گئی۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی شرح 10 لاکھ آبادی میں 3,200 ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 67 ہزار 249 ہے، جب کہ اب تک 34,355 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    چوبیس گھنٹوں میں کرونا کی عالمگیر وبا نے مزید ساڑھے 3 ہزار جانیں نگل لیں

    کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید پینسٹھ اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 715 ہے، اس کے بعد سندھ میں 650 اموات، خیبر پختون خوا میں 575 اموات، بلوچستان میں 54، اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 13 اموات جب کہ آزاد کشمیر میں 8 موت ریکارڈ ہوئی ہے۔

    پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 38,903 ہو گئی، سندھ میں 38,108 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 13,487، بلوچستان میں 6,516، اسلام آباد میں 5,329 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 932 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 396 ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 22 ہزار 650 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 7 لاکھ 5 ہزار 833 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ سندھ میں 18,776 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، پنجاب میں 8,109 مریض، خیبر پختون خوا میں 3,542 مریض، بلوچستان میں 2,313 مریض، اسلام آباد میں 843، گلگلت بلتستان میں 577 مریض، جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں 195 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • چوبیس گھنٹوں میں کرونا کی عالمگیر وبا نے مزید ساڑھے 3 ہزار جانیں نگل لیں

    چوبیس گھنٹوں میں کرونا کی عالمگیر وبا نے مزید ساڑھے 3 ہزار جانیں نگل لیں

    کراچی: نئے وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے 213 ممالک 4 لاکھ 6 ہزار 195 انسانی جانیں نگل لیں، وائرس سے اب تک 70 لاکھ 91 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کرونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں 3 ہزار 382 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 1 لاکھ 13 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 34 لاکھ 61 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 373 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 112,469 ہو گئی ہے، جب کہ 20 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 18 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 7 لاکھ 61 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 17 ہزار کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 30,442 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 98 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

    برطانیہ ہلاکتوں میں دوسرا سر فہرست ملک ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 77 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 40,542 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 86 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

    برازیل وہ ملک ہے جہاں کرونا سے ہلاکتوں میں اضافہ یورپ میں ہلاکتیں کم ہونے کے بعد ہوا، اور اب اس نے ہلاکتوں میں فرانس اور اسپین کے بعد اٹلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ برازیل ہلاکتوں کی تعداد میں تیسرا ملک بن چکا ہے، جہاں ہلاکتیں بڑھ کر 37,312 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 6 لاکھ 91 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں 542 ہلاکتیں ہوئیں۔

    یورپی ملک اٹلی چوتھا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 33,899 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 34 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 65 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 300 کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ اٹلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 53 اموات ہوئیں۔

    فرانس اور اسپین بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، فرانس میں ہلاکتیں 29,155 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 53 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسپین میں 27,136 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 88 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

    میکسیکو میں 13,699 مریض، بیلجیئم میں 9,595، جرمنی میں وائرس سے 8,776 مریض، ایران میں 8,281 مریض، کینیڈا میں 7,800 مریض، انڈیا میں 7,207، نیدرلینڈز میں 6,013 افراد، روس میں 5,859، پیرو میں 5,465، ترکی میں 4,692، سوئیڈن میں 4,659، چین میں 4,634 (گزشتہ 42 دنوں میں ایک ہلاکت)، ایکواڈور میں 3,621، چلی میں 2,190، پاکستان میں 2,067، سوئٹزرلینڈ میں 1,921، انڈونیشیا میں 1,851، آئرلینڈ میں 1,679، پرتگال میں 1,479، رومانیا میں 1,333، کولمبیا میں 1,259، مصر میں 1,237، پولینڈ میں 1,157، جب کہ فلپائن میں 1,003 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران روس اور پیرو میں 100 سے زائد اموات، انڈیا میں 200 سے زائد اموات، امریکا اور میکسیکو میں 300 سے زائد، برازیل میں 500 سے زائد، اور چلی میں 600 سے زائد مریض ہلاک ہوئے۔

  • مارکیٹیں، بازار اور ٹرانسپورٹ کے اڈے کرونا پھیلانے لگے: حکومتی رپورٹ

    مارکیٹیں، بازار اور ٹرانسپورٹ کے اڈے کرونا پھیلانے لگے: حکومتی رپورٹ

    لاہور: پنجاب میں مارکیٹوں اور ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹیں، بازار اور ٹرانسپورٹ کے اڈے کرونا پھیلانے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فیصل آباد ڈویژن میں سب سے زیادہ 2519 شکایات درج کی گئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق لاہور ڈویژن 1010 خلاف ورزیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، گوجرانولہ ڈویژن 456 خلاف ورزیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر، راولپنڈی ڈویژن 407 خلاف ورزیوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

    حکومتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرگودھا ڈویژن 282 خلاف ورزیوں کے ساتھ پانچویں نمبر اور ساہیوال ڈویژن 210 خلاف ورزیوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہر کی سطح پر لاہور 640 خلاف ورزیوں کے ساتھ سب سے زیادہ غیر محفوظ ہے، 4 خلاف ورزیوں کے ساتھ خوشاب سب سے محفوظ رہا، لاہور میں 536 مارکیٹیں، فیصل آباد میں 291، راولپنڈی میں 233 مارکیٹیں سیل کی گئیں۔ سرگودھا میں 83، گوجرانولہ میں 54، ڈی جی خان میں 44، بہاولپور میں 41، ملتان میں 34 اور ساہیوال میں 16 مارکیٹوں کو سیل کیا گیا۔

    پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے اڈے بھی کرونا کے پھیلاؤ کے بڑے مرکز بن گئے ہیں۔ فیصل آباد ڈویژن میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 524 ٹرانسپورٹ اڈے سیل کیے گئے، لاہور میں 302، سرگودھا میں 31، گوجرانوالہ میں 21، راولپنڈی میں 16، ملتان میں 46، ڈی جی خان میں 34، ساہیوال میں 6 اور بہاولپور میں 8 ٹرانسپورٹ اڈوں اور ٹرانسپورٹ کو سیل کیا گیا۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کا وار بہت تیزی سے جاری ہے، صوبے میں آج کرونا وائرس کے مزید 1782 نئے کیس رپورٹ ہوئے، محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 90 ہو گئی ہے، جب کہ مزید 24 اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد 683 ہو گئی۔

  • کرونا کے خلاف ویکسین کی جنگ، چین بازی لینے کے لیے تیار

    کرونا کے خلاف ویکسین کی جنگ، چین بازی لینے کے لیے تیار

    لندن: نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کے خلاف جنگ کے لیے دنیا بھر میں ویکسینز کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، چین نے اس سلسلے میں بازی لے جانے کے لیے بھرپور تیاری کر لی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے طبی حکام نے کرونا ویکسینز کے حوالے سے گائیڈ لائنز پر مبنی مسودہ تیار کر لیا ہے، اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چین ستمبر ہی میں ویکسین متعارف کرا دے گا اور اس طرح دنیا کا پہلا ملک بن جائے گا۔

    ڈیلی ٹیلی گراف نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ چین میں 5 قسم کی ویکسینز پر جاری کام اب انسانی آزمائش کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، امریکا کے مقابلے میں اگر چین یہ بازی لے گیا تو چینی معیشت کی بحالی کے لیے یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی، صدر ٹرمپ کی ویکسین کی تیاری کے تیز رفتار منصوبوں کو بھی اس سے دھچکا لگے گا۔

    رپورٹ میں اس امکان کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ چین تیار کردہ ویکسینز ایسی صورت میں بھی متعارف کرا سکتا ہے جب کہ یہ ابھی کلینیکل ٹرائلز کے مرحلے میں ہوں۔ چین کو وِڈ 19 کی ویکسینز اور علاج کے لیے اب تک 4 ارب یوآن خرچ کر چکا ہے، رواں ہفتے چینی وزیر اعظم لی چیانگ نے مزید خرچ کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

    خیال رہے کہ وائرولوجسٹ چن وائی کی سربراہی میں تیار ہونے والی کرونا ویکسین کے لیے چین کے ایک فوجی طبی ادارے اور نجی بائیوٹیک کمپنی کین سینو کے درمیان اشتراک ہوا ہے۔ اس ویکسین کے لیے ایک زندہ وائرس کو استعمال کیا جا رہا ہے جو ایسے جینیاتی مواد کو انسانی خلیات میں پہنچائے گا، جو وائرس کے خاتمے میں مدد دے گا، اس میں روایتی ویکسین کے برعکس زیادہ طاقت ور مدافعتی رد عمل متحرک کرنے کی صلاحیت ہے، اس ٹیکنالوجی پر ایڈز کے حوالے سے کئی عشروں سے کام ہو رہا ہے۔

    دوسری طرف ماہرین نے اس خطرے کا بھی اظہار کیا ہے کہ چوں کہ وائرس کے اندر تبدیلیاں آتی رہتی ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ تیاری کے بعد ویکسین مؤثر ہی نہ ہو، اسی طرح طویل دورانیے کی وبا میں وائرس کی اقسام بڑھنے کا خدشہ بھی رہتا ہے، جس کی انسانوں کے لیے خطرناکی کا انحصار جینیاتی تبدیلیوں پر ہوتا ہے۔

    یہ معاملہ بھی سامنے آیا ہے کہ چین میں کرونا کے مریضوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، اس لیے اس کی افادیت دیگر ممالک کے مریضوں پر دیکھنی پڑے گی۔ یاد رہے کہ چینی طبی حکام نے ستمبر تک ویکسین کی ایمرجنسی استعمال کے لیے دستیابی کی امید ظاہر کی تھی۔ چین کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کے سربراہ گاؤ فو کا کہنا تھا کہ ویکسین ابتدائی طور پر طبی ورکرز کے لیے استعمال کی جائیں گی۔

  • پاکستان میں کرونا کیسز کا گراف مزید بلند، دنیا کا 15 واں ملک بن گیا، 2 ہزار جاں بحق

    پاکستان میں کرونا کیسز کا گراف مزید بلند، دنیا کا 15 واں ملک بن گیا، 2 ہزار جاں بحق

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات کے ساتھ ساتھ نئے کیسز کی شرح میں بھی خوف ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 67 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جب کہ 4,960 نئے کیسز سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی عالمگیر وبا میں پاکستان کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 مملک میں دنیا کا 15 واں ملک بن گیا ہے، گزشتہ دو دن میں کیسز کا گراف تیزی سے بلند ہوا جس کے بعد پاکستان 17 ویں نمبر سے 15 ویں نمبر پر آ گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 98,943 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 2,002 ہو گئی ہے۔

    پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کرونا وائرس سے متعلق اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 8 سے بڑھ کر 9 فی صد ہو گئی ہے، جب کہ 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 449 ہو گئی۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی شرح 10 لاکھ آبادی میں 3,099 ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 63 ہزار 476 ہے، جب کہ اب تک 33,465 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا کی عالمگیر وبا نے 4 لاکھ انسانی جانیں نگل لیں، 70 لاکھ متاثر

    کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید سڑسٹھ اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 683 ہے، اس کے بعد سندھ میں 634 اموات، خیبر پختون خوا میں 561 اموات، بلوچستان میں 54، اسلام آباد میں 49، گلگت بلتستان میں 13 اموات جب کہ آزاد کشمیر میں 8 موت ریکارڈ ہوئی ہے۔

    پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 37,090 ہو گئی، سندھ میں 36,364 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 13,001، بلوچستان میں 6,221، اسلام آباد میں 4,979 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 927 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 361 ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 23 ہزار 100 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 6 لاکھ 83 ہزار 608 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ سندھ میں 18,265 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، پنجاب میں 8,109 مریض، خیبر پختون خوا میں 3,450 مریض، بلوچستان میں 2,175 مریض، گلگلت بلتستان میں 573 مریض، اسلام آباد میں 703 جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں 190 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔