Tag: Covid-19

  • کراچی میں کرونا وائرس سے ایک اور پولیس اہل کار جاں بحق

    کراچی میں کرونا وائرس سے ایک اور پولیس اہل کار جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس انفیکشن سے محکمہ پولیس کا ایک اور اہل کار جان کی بازی ہار گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس سے ایک اور پولیس اہل کار جاں بحق ہو گیا، کرونا وائرس سے جاں بحق اہل کار و افسران کی تعداد 3 ہو گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک 150 افسران اور جوان کرونا وبا سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 118 اہل کار زیر علاج ہیں جب کہ 29 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    ترجمان کراچی پولیس کے مطابق اب تک ایک ہزار سے زائد پولیس اہل کاروں کے کرونا سمیت دیگر بیماریوں کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، اور یہ سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے۔

    سندھ پولیس کے مزید افسران اور اہلکار کرونا کے شکار

    اس سلسلے میں بوائز اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کے تعاون سے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کی جانب سے مجموعی طور پر 1000 اہل کاروں کے ٹیسٹ کیے گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق پولیس فورس صحت مند ہوگی تو فرائض بہترین طریقے سے ادا کر سکیں گے، دیگر اضلاع میں بھی آگاہی پروگرام اور بلڈ اسکریننگ و ٹیسٹنگ کیے جائیں گے۔

    گزشتہ ماہ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ پولیس، رینجرز، اور ٹریفک پولیس کے جوانوں کے ساتھ بہتر سلوک کریں، سڑکوں پر ڈیوٹی پر مامور اہل کاروں کا مقصد ہمیں کرونا وبا سے محفوظ رکھنا ہے۔

  • قومی اسمبلی اجلاس: اراکین کے لیے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار

    قومی اسمبلی اجلاس: اراکین کے لیے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اراکین کے لیے کرونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، اراکین اسمبلی کے لیے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا، اراکین سینی ٹائزر گیٹ سے گزر کر پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہوں گے۔

    پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر 5 پر تھرمامیٹر اور سینی ٹائزنگ گیٹ بھی نصب کر دیے گئے ہیں، اجلاس کور کرنے والے میڈیا نمائندوں کا بھی کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، میڈیا نمائندگان اور ملازمین کا داخلہ گیٹ نمبر 5 سے ہوگا۔

    میڈیا نمائندوں کا کرونا ٹیسٹ پارلیمنٹ ہاؤس کی ڈسپنسری میں ہوگا، ہر ادارے سے صرف ایک رپورٹر کو اجلاس کور کرنے کی اجازت ہوگی، جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی کیمروں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

    قومی اسمبلی کے 2 اراکین میں کروناوائرس کی تصدیق

    اراکین کا پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلہ گیٹ نمبر ایک سے ہوگا، قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی صرف 2 گھنٹے پر مشتمل ہوگی، آج پہلے دن صرف کرونا کی صورت حال اور حکومتی اقدامات پر بحث ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اراکین محمود شاہ اور گل ظفر خان کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا تھا، اراکین پارلیمنٹ سے ٹیسٹ کے لیے سیمپلز 8 مئی کو لیے گئے تھے۔ پارلیمنٹ لاجز کے ایک اور چیمبر اٹینڈنٹ میں کرونا کی تصدیق بھی ہو گئی ہے جس کے بعد پارلیمنٹ لاجز سے سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 3 ہو گئی۔ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔

    اب تک اراکین پارلیمان میں سے سینیٹر راجہ ظفر الحق، مشاہد حسین سید، غلام سرور خان، سید فخر امام، مصطفی نواز کھوکھر، شاہ زین بگٹی، نور عالم خان، سینیٹر سلیم ضیا، ستارہ ایاز، ملیکہ بخاری، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، طاہرہ اورنگ زیب، معاونین خصوصی علی نواز اعوان، ملک امین اسلم، مریم اورنگ زیب اور مائزہ حمید کے کرونا ٹیسٹ منفی آ چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس سے کن لوگوں کو زیادہ خطرہ ہے، سعودی وزارتِ صحت نے بتا دیا

    کرونا وائرس سے کن لوگوں کو زیادہ خطرہ ہے، سعودی وزارتِ صحت نے بتا دیا

    ریاض: دنیا بھر میں نہایت مہلک ثابت ہونے والے کرونا وائرس سے کن لوگوں کو زیادہ خطرہ ہے، اس سلسلے میں سعودی وزارتِ صحت نے اہم معلومات جاری کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارتِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کو وِڈ نائنٹین سے ہونے والے انفیکشن سے سب سے زیادہ خطرہ ذیابیطس اور دل کے مریضوں کو ہے۔

    سعودی وزارتِ صحت کی جانب سے سرکاری ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ جن لوگوں کا امراض کے خلاف مزاحمتی نظام کم زور ہے، انھیں کرونا وائرس لگنے کا زیادہ خطرہ لاحق ہے۔

    بتایا گیا کہ دل کے مریض، بلڈ پریشر اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا، ذیابیطس، کینسر اور سگریٹ نوشی کے عادی افراد کا مزاحمتی نظام کم زور ہوتا ہے جس کے باعث وہ کرونا وائرس کے خطرے کی زد پر ہیں۔

    بڑی کمی، سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری

    وزارتِ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ کرونا وائرس سے اب تک ہونے والی اموات میں یہ بات دیکھی گئی ہے کہ زیادہ تر مریض مذکورہ بیماریوں میں مبتلا تھے۔ ان امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں پر رہیں اور انتہائی ضرورت کے بغیر گھر سے نہ نکلیں تاکہ وہ وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

    جاری ہدایات میں کہا گیا کہ جن لوگوں میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں، ان سے ملنے سے مکمل پرہیز کیا جائے، دونوں ہاتھ پابندی سے صابن سے دھوتے رہیں اور زیر استعمال چیزیں صاف رکھیں۔

    وزارت صحت کی ویب سائٹ پر سماجی فاصلہ قائم رکھنے، مصافحہ نہ کرنے، اجتماعات سے دور رہنے، سامان نہ چھونے، ماسک کے استعمال، دستانے پہننے اور ہاتھوں کو اچھی طرح سینیٹائز کرتے رہنے سے متعلق اہم ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 28 افراد جاں بحق، تعداد 667 ہو گئی

    پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 28 افراد جاں بحق، تعداد 667 ہو گئی

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 28 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 667 ہو گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 30,941 افراد متاثر ہو چکے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 22 ہزار 62 ہے، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 1,476 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ اب تک 8,212 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا کی عالمگیر وبا: 2 لاکھ 83 ہزار انسان جان کی بازی ہار گئے، 41 لاکھ 80 ہزار متاثر

    کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید اٹھائیس اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات اب تک خیبر پختون خوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 245 ہے، اس کے بعد پنجاب میں 197 اموات، سندھ میں 189 اموات، بلوچستان میں 26، اسلام آباد میں 6، جب کہ گلگت بلتستان میں 4 اموات ہوئیں۔

    پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 11,568 ہو گئی، سندھ میں 11,480 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 4,669، بلوچستان میں 2,017، اسلام آباد میں 679 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 442 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 86 ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 11 ہزار 367 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 2 لاکھ 94 ہزار 894 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • کرونا کی عالمگیر وبا: 2 لاکھ 83 ہزار انسان جان کی بازی ہار گئے، 41 لاکھ 80 ہزار متاثر

    کرونا کی عالمگیر وبا: 2 لاکھ 83 ہزار انسان جان کی بازی ہار گئے، 41 لاکھ 80 ہزار متاثر

    کراچی: کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے 212 ممالک کو لپیٹ میں لے کر 2 لاکھ 83 ہزار 868 افراد کو نگل لیا ہے، جب کہ وائرس سے 41 لاکھ 80 ہزار 923 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کرونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں ساڑھے 3 ہزار افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 80 ہزار نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 14 لاکھ 93 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 750 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 80,787 ہو گئی ہے، جب کہ 13 لاکھ 67 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 20 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 2 لاکھ سے 56 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 16 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 26,812 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 45 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

    برطانیہ ہلاکتوں میں دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 268 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 31,855 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 19 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

    یورپی ملک اٹلی تیسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 30,560 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 19 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 5 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 1 ہزار مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔ اٹلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 165 اموات ہوئیں.

    اسپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، اسپین میں ہلاکتیں 26,621 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 64 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فرانس میں 26,380 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 76 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ برازیل میں بھی بہت تیزی کے ساتھ کرونا ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اب تک وائرس سے 11,123 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 62 ہزار سے بڑھ چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں 467 اموات ہو چکی ہیں۔

    بیلجیئم میں 8,656 مریض، جرمنی میں وائرس سے 7,569 مریض، ایران میں 6,640 مریض، نیدرلینڈز میں 5,440 افراد، کینیڈا میں 4,870 مریض، چین میں 4,633 (گزشتہ 14 دنوں میں کوئی ہلاکت نہیں)، ترکی میں 3,786، میکسیکو میں 3,465، سوئیڈن میں 3,225، انڈیا میں 2,212، ایکواڈور میں 2,127، روس میں 1,915، پیرو میں 1,889، سوئٹزرلینڈ میں 1,833، آئرلینڈ میں 1,458، پرتگال میں 1,135، اور اسرائیل میں 252 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • میجر محمد اصغر طورخم بارڈر پر کرونا سے لڑتے ہوئے شہید

    میجر محمد اصغر طورخم بارڈر پر کرونا سے لڑتے ہوئے شہید

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ میجر محمد اصغر طورخم بارڈر پر کرونا سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق میجر محمد اصغر طورخم بارڈر پر لوگوں کی اسکریننگ کے فرائض انجام دے رہے تھے، وائرس لگنے کے بعد انھیں سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا، میجر محمد اصغر کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا.

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میجر محمد اصغر کی طبیعت بگڑنے پر انھیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے، قوم کی خدمت سے بڑا کوئی کاز نہیں ہے۔

    آرمی چیف کا اسپیکر قومی اسمبلی کو فون، خیریت دریافت

    واضح رہے کہ آرمی چیف کی جانب سے ہدایات تھیں کہ پاک فوج کے سپاہی لوگوں تک پہنچیں اور ان کی مشکلات میں آسانی پیدا کریں، میجر محمد اصغر نے لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے جان قربان کر دی، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم اپنے گھر میں کام کر رہے ہیں، پاکستان ہمارا گھر ہے۔

    شہید پر افغانستان میں پھنسے افراد کی واپسی کی اسکریننگ کی ذمہ داری تھی، میجر محمد اصغر ہدایات پر عمل کرانے کے لیے صبح سے شام تک ٹرمینل پر موجود رہتے، انھیں 10 مئی کو اچانک سینے میں تکلیف محسوس ہوئی تو ان کو میڈیکل فیسیلٹی میں منتقل کیا گیا جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔

  • اسلام آباد میں لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد میں لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں بھی لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ہونے والے لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کر دی تھی، آج اسلام آباد میں بھی توسیع سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں پہلے مرحلے میں تعمیراتی سیکٹر کو کھول دیا گیا ہے، اسٹیل، پلاسٹک پائپ، الیکٹرونک آلات، پینٹ انڈسٹری کھولی گئی، سینٹری ورکس اور ہارڈ ویئر کی دکانیں بھی کھلی رہیں گی۔

    چھوٹی مارکیٹوں میں ایس او پیز کے ساتھ دکانیں کھولی جا سکیں گی، دکانیں ہفتے کے 5 دن کھولنے کی اجازت ہوگی، پارکس، پولو کلب، ٹینس کورٹ کو بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے کھولنے کی اجازت مل گئی۔

    طبی ماہرین کی وزیراعظم سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل

    جنرل اسٹورز، بیکریز، آٹا چکی، ڈیری شاپس پورا ہفتہ کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، گوشت، فروٹ شاپس، اور تندور بھی ہفتے کے سات دن کھلے رہیں گے، دکانیں صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، ٹائر پنکچر شاپس، ڈرائیور ہوٹل، پٹرول پمپ، ریسٹورنٹس 24 گھنٹے کھولے جا سکتے ہیں، پوسٹل کورئیرز، پک اینڈ ڈراپ سروس صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

    شہر کے تمام بڑے تجارتی مراکز بند رہیں گے، روات، بہارکہو اور ترنول میں بھی بڑی مارکیٹس بند رہیں گی، تعلیمی ادارے اور شاپنگ مال بند رہیں گے، بڑے ریسٹورنٹ اور ہوٹلز بھی بند ہوں گے، ہایئر سیلون اور باربر شاپس بھی بند رکھے جائیں گے، ٹائیگر فورس اور رضا کاروں کوایس او پیز کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

  • ایک اور ملک نے کرونا کی حیرت انگیز افریقی دوا منظور کر لی

    ایک اور ملک نے کرونا کی حیرت انگیز افریقی دوا منظور کر لی

    سینیگال: یورپ اور امریکا کے لیے نہایت مہلک ثابت ہونے والے کرونا وائرس کی حیرت انگیز افریقی دوا کی شہرت پھیلتی جا رہی ہے، ایک اور افریقی ملک نے مڈغاسکر کا تیار کردہ مشروب مریضوں پر استعمال کرنے کے لیے منظور کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مغربی افریقا کے ملک جمہوریہ سینیگال نے مڈغاسکر کی ہربل دوا ‘کو وِڈ آرگینکس’ (CVO) کے کرونا مریضوں پر کلینکل ٹرائلز کی منظوری دے دی ہے، یہ ایک مشروب ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کرونا وائرس کی شافی دوا ہے۔

    جمعرات کو سینیگالیز سائنٹفک کمیٹی کے سربراہ داؤدہ اینڈی نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے ارٹیمیسیا (مشروب کا بنیادی جز) استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ہم اسے سائنسی طور پر پرکھنے والے ہیں، ہمیں اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے گرین سگنل مل چکا ہے۔

    مڈغاسکر سے کرونا کی حیرت انگیز دوا سے بھرا جہاز تنزانیہ پہنچ گیا

    تاہم سینیگال کے بڑے سائنس دان نے لوگوں کو سیلف میڈیکیشن (خود علاجی کے عمل) سے منع کر دیا ہے، انھوں نے لوگوں کو مذکورہ مشروب اپنے طور پر استعمال کرنے سے بھی خبردار کیا، اور کہا کہ صرف طبی نگرانی میں اس کا استعمال کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی یہ ہربل دوا نہ صرف کرونا انفیکشن کے مریضوں بلکہ اس سے بچاؤ کے لیے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ سینیگال کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ ارٹمیسیا کے کلینکل ٹرائلز شروع کر دیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ سینیگال میں کرونا وائرس سے اب تک 17 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ملک میں وائرس کے 1,634 مریض سامنے آئے، جن میں سے 643 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا وائرس کا مذکورہ مشروب (Covid Organics) گزشتہ ماہ مڈغاسکر کے صدر آنڈری رجولینا نے لانچ کیا تھا، اسے مڈغاسکر کے سائنسی ادارے مالاگاسی انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ ریسرچ نے تیار کیا ہے۔ سینیگال کے صدر میکی سال نے مڈغاسکر کو کرونا کا ادویاتی علاج تلاش کرنے پر سلام بھی پیش کیا تھا۔

    ادھر عالمی ادارہ صحت (WHO) کے افریقا کے ریجنل ڈائریکٹر نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ انھوں نے مڈغاسکر حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اس مشروب کا کلینکل ٹرائل شروع کرے، ہم بھی ان کے ساتھ اشتراک کے لیے تیار ہیں۔ دوسری طرف جنوبی افریقا نے بھی کووِڈ آرگینکس کے سائنسی تجزیے کے لیے مڈغاسکر کو تعاون پیش کیا ہے۔ اب تک کئی افریقی ممالک کو یہ مشروب بھجوایا جا چکا ہے۔

    یہ مشروب ایک بوٹی ارٹمیسیا (artemisia) اور دیگر دیسی جڑی بوٹیوں سے تیار کیا گیا ہے، ارٹیمیسیا ایک ایسی بوٹی ہے جسے ملیریا کی دوا میں استعمال کیا جاتا ہے اور اس کی افادیت تصدیق شدہ ہے، تاہم ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ اس بوٹی کے کچھ اجزا باقاعدہ طور پر کشید کر کے دوا میں استعمال کیے جاتے ہیں، بذات خود یہ بوٹی ملیریا کو ٹھیک نہیں کرتی۔

  • پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 29465، ہلاکتیں 639 ہو گئیں

    پاکستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 29465، ہلاکتیں 639 ہو گئیں

    اسلام آباد: پاکستان میں کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وائرس مزید 21 افراد کی جانیں نگل گیا، جس کے بعد اموات کی تعداد 639 ہو گئی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 29,465 افراد متاثر ہو چکے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 20 ہزار 803 ہے، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 1,991 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ اب تک 8,023 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا کی عالمگیر وبا سے دنیا بھر میں 2 لاکھ 80 ہزار انسان جان کی بازی ہار گئے

    کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید اکیس اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات اب تک خیبر پختون خوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 234 ہے، اس کے بعد پنجاب میں 192 اموات، سندھ میں 180 اموات، بلوچستان میں 24، اسلام آباد میں 5، جب کہ گلگت بلتستان میں 4 اموات ہوئیں۔

    پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 11,093 ہو گئی، سندھ میں 10,771 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 4,509، بلوچستان میں 1,935، اسلام آباد میں 641 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 430 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 86 ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 13 ہزار 341 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 2 لاکھ 83 ہزار 517 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • کرونا کی عالمگیر وبا سے دنیا بھر میں 2 لاکھ 80 ہزار انسان جان کی بازی ہار گئے

    کرونا کی عالمگیر وبا سے دنیا بھر میں 2 لاکھ 80 ہزار انسان جان کی بازی ہار گئے

    کراچی: کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا نے 212 ممالک کو لپیٹ میں لے کر 2 لاکھ 80 ہزار 435 افراد کو نگل لیا ہے، جب کہ وائرس سے 41 لاکھ 1 ہزار 536 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کرونا وبا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں ساڑھے 4 ہزار افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 89 ہزار نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 14 لاکھ 41 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

    کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1,422 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 80,037 ہو گئی ہے، جب کہ 13 لاکھ 47 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 25 ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 2 لاکھ سے 38 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 16 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 26,771 ہلاکتیں ہوئیں اور3 لاکھ 43 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

    برطانیہ ہلاکتوں میں دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 346 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 31,587 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 15 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

    یورپی ملک اٹلی تیسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ ہلاکتیں ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 30,395 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 18 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 3 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 1 ہزار مریضوں کی حالت اب بھی تشویش ناک ہے۔ اٹلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو سو اموات ہوئیں.

    اسپین اور فرانس بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، اسپین میں ہلاکتیں 26,478 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 62 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فرانس میں 26,310 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 76 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ برازیل میں بھی بہت تیزی کے ساتھ کرونا ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اب تک وائرس سے 10,656 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ 56 ہزار سے بڑھ چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں 650 اموات ہو چکی ہیں۔

    بیلجیئم میں 8,581 مریض، جرمنی میں وائرس سے 7,549 مریض، ایران میں 6,589 مریض، نیدرلینڈز میں 5,422 افراد، کینیڈا میں 4,693 مریض، چین میں 4,633 (گزشتہ 13 دنوں میں کوئی ہلاکت نہیں)، ترکی میں 3,739، میکسیکو میں 3,353، سوئیڈن میں 3,220، انڈیا میں 2,101، سوئٹزرلینڈ میں 1,830، روس میں 1,827، پیرو میں 1,814، ایکواڈور میں 1,717، آئرلینڈ میں 1,446، پرتگال میں 1,126، اور اسرائیل میں 247 کرونا مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔