Tag: covid positivity

  • تشویشناک صورتحال ، کراچی میں  کورونا کی شرح 28 فیصد سے تجاوز کرگئی

    تشویشناک صورتحال ، کراچی میں کورونا کی شرح 28 فیصد سے تجاوز کرگئی

    کراچی : شہر قائد میں کورونا کی شرح 28 فیصد سے تجاوز کرگئی تاہم صوبائی حکام نے شہر میں لاک ڈاؤن کے امکانات کو مسترد کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا کی صورتحال خطرناک ہوتی جارہی ہے، تین کروڑ سے زائد آبادی والے شہر میں چوبیس گھنٹے میں 7 ہزار 226 ٹیسٹ کیے گئے۔ جس میں 2 ہزار 81 مثبت نکلے ، جس کے بعد کورونا کی شرح 28.80 فیصد تک پہنچ گئی۔

    سندھ حکومت کراچی میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال اسپتالوں میں مریض کی تعداد ابھی کم ہے اس لیے پابندیاں نہیں لگائی جارہیں ۔ اور ملکی معیشت بھی اس قابل نہیں ہے کہ پابندیاں لگائی جائیں۔

    یاد رہے وفاقی کابینہ نے کورونا کیسز میں اچانک اضافے کے باوجود ملک میں لاک ڈاؤن نافذ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ حال ہی میں کورونا کیسز میں دو گنا اضافہ دیکھا گیا ہے تاہم کابینہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے خلاف ہے۔

  • کراچی میں کورونا کی بگڑتی صورتحال  ، مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد تک جا پہنچی

    کراچی میں کورونا کی بگڑتی صورتحال ، مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد تک جا پہنچی

    کراچی : شہر قائد میں کورونا کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی اور مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد تک جا پہنچی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث صورتحال بگڑنے لگی ، شہر میں 1223 مزید کیسز کے ساتھ کورونا کی شرح 20.22 فیصد ہوگئی۔

    محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ روز 6048 ٹیسٹ کیے گئے اور ایک دن کے دوران ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت نے بتایا کہ کراچی میں اومیکرون ویرینٹ کی شرح 95 فی صد سے زائد ہو چکی ہے۔

    دوسری جانب پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا کی شرح سات فیصد سے زائد ، اسلام آباد میں شرح ساڑھے 4فیصد سے زائد اور راولپنڈی میں بھی شرح 4 فیصد سے زائد ہوگئی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز کراچی میں اومی کرون کا تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر وزیرصحت سندھ عذرا پیچوہوکی زیرصدارت اجلاس میں کراچی میں تمام شہریوں کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے غیرویکسین شدہ افراد کی موجودگی پر شاپنگ مالز اور اسکول سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • کورونا کی نئی لہر زیادہ مہلک، اسد عمر نے سخت پابندیاں لگانے کا عندیہ دے دیا

    کورونا کی نئی لہر زیادہ مہلک، اسد عمر نے سخت پابندیاں لگانے کا عندیہ دے دیا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اسد عمر نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر سخت پابندیاں لگانے کا عندیہ دیتے ہوئے عوام کو خبردار کیا ہے کہ محتاط رہیں کورونا کی نئی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور زیادہ مہلک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے اور ساتھ ہی اسپتال میں داخلے اورانتہائی نگہداشت والے مریضوں کی تعدادبڑھ رہی ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایس اوپیزپرعمل بہترنہ ہواتوسرگرمیوں پر سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوں گے، محتاط رہیں کورونا کی نئی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور زیادہ مہلک ہے۔

    خیال رہے پاکستان میں کوروناوائرس کی تیسری لہر تیزی سے شہریوں کواپنی لپیٹ میں لینے لگی ہے اورکوروناکیسز مثبت آنے کی شرح سات اعشاریہ آٹھ سات تک پہنچ گئی ہے۔

    گزشتہ روزایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ 3 ہزار 495 کیسز رپورٹ ہوئےاور کورونا سے 61 افراد چل بسے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد تیرہ ہزارسات سوسترہ ہوگئی۔

    پنجاب میں سب سے زیادہ کیس لاہورسے رپورٹ ہوئے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کےدوران کورونا کے ایک ہزار آٹھ سوچوبیس نئے کیسزسامنے آئے، جس میں سے چھ سو اکہتر صرف لاہور میں رپورٹ ہوئے جبکہ میو اسپتال میں کورونامریضوں کیلئےمختص تمام بیڈز بھر گئے ہیں۔