Tag: Covid restrictions

  • کس ملک میں 2 سال بعد کورونا پابندیاں ختم کردی گئیں؟

    کس ملک میں 2 سال بعد کورونا پابندیاں ختم کردی گئیں؟

    یورپی ملک آئرلینڈ میں کورونا سے بچاؤ کی اضافی ویکسینیشن کی کامیاب مہم کے بعد 2 سال سے جاری کورونا پابندیاں ختم کردی گئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئرلینڈ میں اضافی ویکسینیشن کی کامیاب مہم سے ملک میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں اندازوں سے کئی گنا زیادہ کمی ہوئی ہے جس کے بعد وہاں کی حکومت نے2سال سے جاری تقریبا تمام پابندیاں اٹھالی ہیں۔

    آئرلینڈ کے وزیراعظم مائیکل مارٹن نے پابندیاں اٹھانے کا اعلان ٹی وی پر اپنے قوم سے خطاب میں کیا۔

     آئرش وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اومیکرون کے طوفان کا مقابلہ کیا ہے، کورونا وبا کے دوران اپنے عوام سے بہت برے وقت میں بات کی ہے لیکن اب اچھا وقت آگیا ہے۔

    مائیکل مارٹن کے مطابق اب ملک بھر میں ہوٹل اور بارز رات 8 بجے کے بعد بھی کھلے رہیں گے اور عوامی مقامات پر جانے والوں سے کورونا ویکسینیشن کا ثبوت نہیں مانگا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فروری میں ہونے والی قومی رگبی چیمپیئن شپ میں بھی شائقین پر کوئی پابندی نہیں ہوگی جب کہ تمام انڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات بھی ہوسکیں گی، تاہم لوگوں کو فروری تک پبلک ٹرانسپورٹ اور دکانوں میں ماسک کا استعمال کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ کورونا وبا کے دوران آئرلینڈ یورپ کے ان چند محتاط ممالک میں شامل رہا جس نے اندرون اور بیرون ملک طویل ترین سفری پابندیاں عائد کیے رکھیں، 19 ماہ تک نائٹ کلبز بند رہے، تاہم اس دوران آئرلینڈ حکومت نے اپنے عوام کی سہولت کے لیے کئی موثر اقدامات بھی کیے تھے جنمیں ایک تہائی ٹیکس دہندگان کی ٹیکس ادائیگی کو موخر کرنا اور رواں برس اپریل تک خصوصی سبسڈی پروگرام کے تحت مالی مدد کی فراہمی شامل ہے۔

  • کورونا ایس اوپیز پر نیا حکم نامہ : ‌کراچی والوں کو بڑا ریلیف مل گیا

    کورونا ایس اوپیز پر نیا حکم نامہ : ‌کراچی والوں کو بڑا ریلیف مل گیا

    کراچی : محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس اوپیز پر نیا حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کراچی میں ایک ہزار افراد کی شادی بیاہ اوردیگرتقاریب کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ‌ حکومت نے کورونا کیسزکی شرح میں کمی کے پیش نظر پابندیوں میں مزید نرمی کردی ہے۔

    اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس اوپیز پر نیا حکمنامہ جاری کردیا، جس میں کہا ہے کہ کراچی میں ایک ہزار افراد کی شادی بیاہ اوردیگرتقاریب کی اجازت ہوگی۔

    حکمنامے میں ٹرینوں میں 80 فیصد مسافروں کی گنجائش کے ساتھ سفر کی اجازت سمیت ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں رات 12 بجے تک ڈائننگ کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ ہفتے کے 7 روز رات 10بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کیسزکی شرح کم ترین سطح پر آگئی ہے ، صرف 6 اموات اور216 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    این سی اوسی کا کہنا تھا کہ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 33ہزار435 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس میں سے 216 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی، اس دوران کورونا ٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح 0.64 فیصد رہی۔