Tag: Covid Vaccination

  • پنجاب میں بچوں کی کرونا ویکسی نیشن جاری

    پنجاب میں بچوں کی کرونا ویکسی نیشن جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب میں بچوں کی کرونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن کی جارہی ہے، اب تک 5 لاکھ بچوں کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے صوبہ پنجاب کے 5 اضلاع میں بچوں کی کرونا ویکسی نیشن کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔

    محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ لاہور، ملتان، راولپنڈی، بہاولپور اور اوکاڑہ میں 5 لاکھ 59 بچوں کو ویکسین لگائی گئی۔

    سیکریٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد کے مطابق ان اضلاع میں روزانہ بچوں کی ویکسی نیشن کا ہدف 8 لاکھ 7 ہزار ہے، 6 روزہ مہم میں 48 لاکھ بچوں کی کرونا ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    ڈاکٹر ارشاد کا کہنا تھا کہ 5 سے 12 سال عمر کے بچوں کو کووڈ ویکسین لگائی جارہی ہے۔

  • کراچی میں کورونا کیسز میں اضافہ، اسکولوں کے طلبا کیلئے اہم خبر

    کراچی میں کورونا کیسز میں اضافہ، اسکولوں کے طلبا کیلئے اہم خبر

    کراچی : ڈی جی پرائیوٹ اسکولز نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر تمام نجی اسکولوں کے طلبا اور عملے کیلئے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی اسکولز نے کورونا کی پانچویں لہر کے پیش نظر نجی اسکولوں کو خط لکھا ، جس میں ڈی جی پرائیوٹ اسکولز نے نجی اسکولوں کو ہدایت جاری کردی ہے۔

    ڈی جی پرائیوٹ اسکولز کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ تمام نجی اسکول 12سے 18سال کے عمر کے طلبہ کو ویکسی نیشن لگائیں، تمام طلبہ کوویکسین لگانا لازمی ہے۔

    خط میں کہنا ہے کہ طلبہ کےعلاوہ اسکول کا تمام عملہ بھی ویکسینیٹڈہونا لازمی ہے، ٹیم اس عمل کو یقینی بنانےکےلئےاسکولوں کادورہ کرے گی ، اسکول نے ہدات پرعمل نہ کیا تو قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 9 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے ، جس کے پیش نظر سندھ حکومت نے اسکول بند کرنے اور کاروباری اوقات کار محدود کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

  • حاملہ خواتین کرونا ویکسین کب لگوا سکتی ہیں؟

    حاملہ خواتین کرونا ویکسین کب لگوا سکتی ہیں؟

    کراچی: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین کو حمل کے 3 ماہ گزرنے کے بعد کرونا وائرس ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔ کرونا ویکسین کا ماں اور بچے پر کوئی سائیڈ افیکٹ نہیں ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حاملہ خواتین کو حمل کے 3 ماہ گزرنے کے بعد کرونا وائرس ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔

    ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ حمل کے پہلے 3 ماہ میں کسی قسم کی میڈیکیشن حتیٰ کہ طاقت کی دوائیں اور وٹامن بھی نہیں دیے جاتے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا ویکسین کا ماں اور بچے پر کوئی سائیڈ افیکٹ نہیں ہوتا، پہلے 3 ماہ میں چونکہ ویکسین نہیں لگائی جارہی تو حاملہ خواتین گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

    ڈاکٹر قیصر کا کہنا تھا کہ دیگر افراد کے لیے جو بھی ویکسین دستیاب ہے اسے فوری لگوایا جائے، کسی مخصوس ویکسین کا انتظار نہ کریں۔

    یاد رہے کہ ملک میں اب تک 3 کروڑ 70 لاکھ 43 ہزار 561 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 1 کروڑ 34 لاکھ 34 ہزار 605 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔

  • کووڈ ویکسی نیشن: حاملہ خواتین کے لیے نئی ہدایت

    کووڈ ویکسی نیشن: حاملہ خواتین کے لیے نئی ہدایت

    امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن نے حاملہ خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن ضرور کروائیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن نے اپنی سفارشات اپ ڈیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاملہ خواتین کو کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن ضرور کروانی چاہیئے۔

    اس سے قبل امریکی طبی ادارے نے اپنی سفارشات میں کہا تھا کہ اگر آپ حاملہ ہیں تو کووڈ ویکسین لگوا سکتے ہیں، مگر اب سی ڈی سی نے سفارشات میں حاملہ خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے ضرور ویکسین کا استعمال کریں۔

    یہ سفارشات نئے ڈیٹا کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کی گئی ہیں۔

    نئی سفارشات میں کہا گیا کہ کووڈ 19 ویکسی نیشن 12 سال یا اس سے زائد عمر کے تمام افراد بشمول حاملہ اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین، اولاد کے لیے کوشش کرنے والی یا مستقبل میں اولاد کے حصول کی خواہشمند خواتین کے لیے تجویز کی جاتی ہے۔

    سی ڈی سی کے مطابق شواہد سے حمل کے دوران کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے ویکسی نیشن کا محفوظ اور مؤثر ہونا ثابت ہوتا ہے، ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ کووڈ ویکسین کے فوائد ممکنہ نقصانات سے بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

    سی ڈی سی کے ڈویژن آف ری پروڈکٹو ہیلتھ کی سربراہ ساشا ایلنگٹن نے کہا کہ ہم نے حمل کے دوران ویکسین کے محفوظ ہونے سے متعلق کوئی ایک خدشہ بھی نہیں دیکھا۔

    انہوں نے کہا کہ کووڈ سے حاملہ خواتین کے سنگین حد تک بیمار ہونے اور دیگر پیچیدگیوں جیسے قبل از وقت پیدائش کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے، ویکسین سے کووڈ کی روک تھام کی جاسکتی ہے اور یہ اس کا بنیادی فائدہ ہے۔

    امریکی طبی ادارے نے کہا کہ اس کے وی سیف ڈیٹا سیف کے نئے تجزیے میں ویکسین کے مضر اثرات اور محفوظ ہونے کی جانچ پڑتال کی گئی۔

    اس تجزیے میں حمل کے 20 ہفتے سے قبل فائزر / بائیو این ٹیک یا موڈرنا ویکسینز استعمال کرنے والی خواتین میں اسقاط حمل کے خطرے میں کوئی اضافہ دریافت نہیں ہوا۔

    اسی طرح حمل کی آخری سہ ماہی میں بھی ویکسی نیشن سے خواتین یا ان کے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے کوئی خدشات دریافت نہیں ہوئے۔ ویکسی نیشن کروانے والی خواتین میں اسقاط حمل کی شرح 13 فیصد رہی جو کہ ویکسین استعمال نہ کرنے والی خواتین کے برابر تھی۔

    ساشا ایلنگٹن نے اس افواہ کو مسترد کردیا کہ ویکسین سے بچے پیدا کرنے کی صلاحیت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، اب تک ایسا کوئی ڈیٹا نہیں جس سے معلوم ہوتا ہو کہ ویکسین بانجھ پن کا باعث بن سکتی ہیں۔

    سی ڈی سی کی ویب سائٹ میں بھی بتایا گیا کہ کسی بھی ویکسین بشمول کووڈ 19 ویکسینز کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں، جو مردوں یا خواتین میں بانجھ پن کے مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوں۔

  • کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

    کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

    لاہور : این سی او سی کی جانب سے کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ، جس میں کہا صحت مند افراد کیلئے ویکسینیشن لازمی قرار دینا خلاف قانون ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کے اقدام کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔

    دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ این سی او سی کی جانب سے ہر شہری کیلئے کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے، ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو اجتماعی تقریباًت میں شرکت کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ صحت مند افراد کیلئے ویکسینیشن لازمی قرار دینا خلاف قانون ہے،کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو تقریباًت جانے سے روکنا بھی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کا اقدام کالعدم قرار دینے کے ساتھ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین نہ لگوانے پر تقریبات میں شرکت پر پابندی کو بھی کالعدم قرار دے۔

  • کرونا ویکسین: نیلم منیر کا مداحوں کو اہم پیغام

    کرونا ویکسین: نیلم منیر کا مداحوں کو اہم پیغام

    کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ نیلم منیر نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا لی، انہوں نے اس حوالے سے اپنے مداحوں کو اہم پیغام بھی دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نیلم منیر نے لکھا کہ انہوں نے اور ان کی والدہ نے کرونا وائرس ویکسی نیشن کی پہلی خوراک لے لی ہے۔

    نیلم نے لکھا کہ میں نے یہ ویڈیو صرف اس لیے بنائی ہے تاکہ دوسرے لوگوں کو ویکسین لگوانے کی ہمت اور حوصلہ مل سکے، کرونا وائرس سے خود کو بچائیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ براہ کرم اپنے آپ کو اور اپنے پیاروں کو لازمی کرونا ویکسین لگوائیں۔

    نیلم منیر کے علاوہ بھی متعدد پاکستانی فنکار کرونا وائرس ویکسین لگوا چکے ہیں جن میں عدنان صدیقی، بشریٰ انصاری، ارمینا خان، عفت عمر، حنا خواجہ، سیمی راحیل، ندا یاسر، یاسر نواز اور ثمینہ پیرزادہ وغیرہ شامل ہیں۔

  • کورونا ویکسینیشن: پاکستان میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز

    کورونا ویکسینیشن: پاکستان میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کے لیے 50 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا، 1166سے کوڈ حاصل کرنے کے بعد ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 50 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کاعمل شروع ہوگیا ہے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈبل ون ڈبل سکس پر رجسٹریشن لازمی ہوگی، ڈبل ون ڈبل سکس سے کوڈ حاصل کرنے کے بعد کسی سینٹر پر ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔

    محکمہ صحت کے مطابق ڈبل ون ڈبل سکس پر کوڈ موصول ہونے کے بعد متعلقہ فرد کو مطلوبہ سینٹر کی آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے۔

    دوسری جانب وفاقی حکومت نے صوبوں کوکورونا ویکسین کی چارلاکھ باون ہزار ڈوز کی نئی کھیپ فراہم کردی،ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں کو سائینو فارم اور کین سائینو ویکسین فراہم کی گئی ہے۔

    یاد رہے وفاقی وزیر اسدعمر نے کورونا ویکسینیشن کے اگلے مرحلے میں 30 مارچ سے 50 سال سے زائد عمر افراد کی رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے  ہوئے کہا تھا کہ 60سال اورزائد عمر کےافراد کیلئے رجسٹریشن پہلے سے جاری ہے ، رجسٹریشن کرانے والے 50سال سے زائد افراد کی حوصلہ افزائی کریں۔

    یال رہے ملک بھر میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے شہریوں کو کورونا ویکسینیشن لگانے کا سلسلہ جاری ہے، اس ساتھ ہی کوروناکی تیسری لہرخطرناک ہونے لگی ہے کیونکہ مثبت کیسزکی یومیہ شرح  بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

  • کوروناویکسی نیشن : این  سی او سی کی تمام ہیلتھ ورکرز کو رجسٹریشن کروانے کی ہدایت

    کوروناویکسی نیشن : این سی او سی کی تمام ہیلتھ ورکرز کو رجسٹریشن کروانے کی ہدایت

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تمام ہیلتھ ورکرز ویکسین لگوانے کے لیے خود کو اپنےعلاقوں میں رجسٹرڈ کروانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام ہیلتھ ورکرزویکسین لگوانے کے لیے خود کو اپنےعلاقوں میں رجسٹرڈ کرائیں، فرنٹ لائن ہیلتھ وکرزکی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

    این سی اوسی کا کہنا ہے کہ اب تک سندھ میں 32ہزار807 ، پنجاب میں15ہزار494ہیلتھ ورکرز اور کےپی میں ایک ہزار39ورکرز کی کوروناویکسی نیشن کی جا چکی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گلگت میں ایک ہزار13ہیلتھ ورکرز ، آزادکشمیرمیں میں 651ہیلتھ ورکرز ، اسلام آباد میں 859ہیلتھ ورکرز اور بلوچستان میں 252 ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

    یاد رہے 2 روز قبل پاکستان میں کرونا وائرس ویکسی نیشن کے لیے 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز کیا گیا تھا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ اپنا شناختی کارڈ نمبر ٹائپ کر کے 1166 پر ایس ایم ایس کردیں، اس گروپ کے لیے ویکسی نیشن کا آغاز مارچ سے ہو جائے گا۔

  • پاکستان میں بزرگ شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن، آئندہ ہفتے سے رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان

    پاکستان میں بزرگ شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن، آئندہ ہفتے سے رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : حکومتِ پاکستان نے کورونا ویکسی نیشن کے اگلے مرحلے میں آئندہ ہفتے سے 65 سال اور اس سے زائد عمر والے بزرگ شہریوں کی رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ‌ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انشا اللہ آئندہ ہفتے سے 65 سال اور زائد والوں کی رجسٹریشن شروع کریں گے، رجسٹرافراد کی کوروناویکسی نیشن مارچ میں شروع کردی جائے گی۔

    خیال رہے ملک بھر میں ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسی نیشن جاری ہے، این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک میں 27228 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرزکی ویکسی نیشن ہو چکی ہے ، سب سےزیادہ ہیلتھ ورکرزکی ویکسی نیشن سندھ میں ہوئی۔

    این سی او سی کے مطابق سندھ میں21121،پنجاب 4458 ، کے پی میں 691، اسلام آبادمیں274 ہیلتھ ورکرزکی ویکسی نیشن ہوچکی ہے جبکہ آزاد کشمیر 239، گلگت بلتستان 312 ہیلتھ ورکرز، بلوچستان میں 133 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرزکی ویکسی نیشن ہوئی۔

  • کرونا وائرس ویکسین: پہلی خوراک کی خالی بوتل میوزیم میں رکھی جائے گی

    کرونا وائرس ویکسین: پہلی خوراک کی خالی بوتل میوزیم میں رکھی جائے گی

    لندن: دنیا بھر کو تبدیل کر کے دیکھ دینے والے کرونا وائرس کے خلاف ویکسین کی پہلی خوراک کی خالی بوتل اور سرنج سائنس میوزیم میں رکھی جائے گی۔

    کرونا وائرس کی سب سے پہلی ویکسین کی پہلی خوراک 90 سالہ برطانوی خاتون مارگریٹ کینن کو دی گئی تھی، وہ اس وبا کی ویکسین لینے والی دنیا کی پہلی فرد بن گئی ہیں۔

    ان کو لگائی جانے والی ویکسین کی خالی بوتل اور سرنج کو لندن کے سائنس میوزیم میں رکھا جارہا ہے۔ اس بوتل کو اب اگلے برس سنہ 2021 میں عوامی نمائش کے لیے ڈسپلے پر رکھ دیا جائے گا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا انسانی تاریخ کے لیے اہم ترین چیلنجز میں سے ایک ہے، اور اس کے خلاف ویکسین میڈیکل سائنس کی ایک اہم کامیابی، چانچہ آنے والی نسل کو اس خالی بوتل کی اہمیت کا اندازہ ہونا چاہیئے جو اس وبا کو شکست دینے کے خلاف اہم ترین قدم تھا۔

    دوسری جانب مارگریٹ کینن اسی ہفتے اپنی 91 ویں سالگرہ منانے جارہی ہیں، ویکسین لگوانے کے بعد انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ آگے بڑھیں اور ویکسین لگوائیں تاکہ ہم اس تباہ کن بیماری کو شکست دے سکیں۔

    یہ ویکسین فائزر اور بائیو این ٹیک کی مشترکہ کوششوں سے تیار کی گئی ہے جسے سب سے پہلے برطانیہ نے منظور کیا اور فوری طور پر اس کا استعمال شروع کردیا۔

    امریکا نے بھی فائزر کی ویکسین کو عوامی استعمال کے لیے منظور کرلیا ہے۔