Tag: COVIran

  • ایرانی ویکسین کا انتظار کرنے والے سپریم لیڈر نے ویکسین لگوالی

    ایرانی ویکسین کا انتظار کرنے والے سپریم لیڈر نے ویکسین لگوالی

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ایرانی ویکسین کوو ایران برکات لگوا لی۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی ویکسین کا انتظار کرنے والے سپریم لیڈر نے ویکسین لگوالی، آیت اللہ خامنہ ای نے ویکسین لگوانے کے بعد بیان میں کہا مجھے ڈاکٹرز مہینوں سے ویکسین لگوانے کا کہہ رہے تھے، لیکن میں نے کہا تھا کہ میں ایران کی اپنی ویکسین تیار ہونے تک انتظار کروں گا۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ خامنہ ای نے آج جمعہ کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگوائی ہے، سپریم لیڈر نے اس سلسلے میں دو شرائط رکھی تھیں، ایک یہ کہ وہ دوسروں سے پہلے ویکسین نہیں لگوائیں گے، اور دوم یہ کہ وہ صرف ایران کی تیار کردہ ویکسین لگوائیں گے۔

    یہی وجہ ہے کہ انھوں نے اُس وقت کرونا ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا تھا جب کہ ملک میں 70 سے 80 سالہ شہریوں کی غیر ملکی ویکسینز سے ویکسینیشن شروع ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم لیڈر کے نجی ڈاکٹر علی رضا مرندی نے اعلان کیا تھا کہ خامنہ ای ایرانی تیار کردہ ویکسین کی پہلی ڈوز لگوانے جا رہے ہیں۔

    8 جنوری کو خامنہ ای نے ایک تقریر میں امریکی اور برطانوی کرونا ویکسین کی خریداری پر پابندی لگا دی تھی، ان کا کہنا تھا کہ انھیں ان دونوں ممالک کے مقاصد پر اعتماد نہیں ہے۔

    ایران کے دیگر حکام مستقل طور پر یہ کہتے آ رہے تھے کہ امریکی پابندیاں ایران کو ویکسینز خریدنے سے روکے ہوئے ہیں، تاہم 24 دسمبر کو ایران کے مرکزی بینک کے گورنر نے تصدیق کی کہ فارن ایسٹس کنٹرول کا امریکی آفس عالمی ادارہ صحت کے ذریعے کو وِڈ 19 ویکسینز خریدنے کے لیے دوسرا لائسنس جاری کر چکا ہے، تاہم ایران نے اس خدشے کی وجہ سے یہ خریداری نہیں کی کہ امریکی عدالتیں رقم ضبط کر لیں گی۔

  • ایران میں مقامی تیار کردہ ویکسین کو استعمال کی اجازت مل گئی

    ایران میں مقامی تیار کردہ ویکسین کو استعمال کی اجازت مل گئی

    تہران: ایرانی محکمہ صحت نے مقامی طور پر تیار کردہ کرونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر صحت سعید نمکی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف مقامی طور پر تیار کر دہ ویکسین ’کوو ایران برکت‘ (COVIran) کے ملک میں ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ دیگر مقامی ویکسینز پاستور اور راضی پارس سمیت فخرہ نامی ویکسینز کو بھی جلد ہی استعمال کا اجازت نامہ مل جائے گا۔

    واضح رہے کہ ایران نے کوو ایران نامی ویکسین کا پہلی بار انسان پر ٹیسٹ 29 دسمبر کو کیا تھا، جس کے مثبت نتائے سامنے آئے تھے، اس ویکسین کی پہلی خوراک سائنسی ادارے کے سربراہ محمد مخبر کی بیٹی طیبہ مخبر کو رضا کارانہ طور پر لگائی گئی تھی۔

    کوو ایران پہلی کرونا ویکسین ہے جسے ایرانی محققین نے تیار کیا ہے، اس کی بڑے پیمانے پر تیاری کا آغاز 29 مارچ کو ہوا تھا، جب کہ 22 جون سے اس ویکسین کی نئی کھیپ کی تیاری کا آغاز ہوگا، اور ماہانہ ایک کروڑ دس لاکھ ڈوز تیار کی جائیں گی۔

    ویکسین کی کلینکل اسٹڈیز کے ڈائریکٹر سید رضا مظہری کا کہنا ہے کہ 22 مئی سے ویکسین کی جس کھیپ کی پروڈکشن شروع کی گئی تھی اس میں اب تک 30 لاکھ ڈوز تیار کی جا چکی ہیں۔

    تہران اور کرج میں ساڑھے دس ہزار رضاکاروں کو اس ویکسین کی پہلی ڈوز دی جا چکی ہے، اور اگلے ہفتے بوشہر، مشہد، شیراز اور اصفہان میں بھی ساڑھے نو ہزار رضاکاروں کو اس کی پہلی ڈوز دی جائے گی۔